Tag: بلوچستان

  • بلوچستان میں بھی پاک فوج  طلب کرنے کا فیصلہ ،سمری وزیراعلیٰ کو ارسال

    بلوچستان میں بھی پاک فوج طلب کرنے کا فیصلہ ،سمری وزیراعلیٰ کو ارسال

    کوئٹہ: بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کےپیش نظر پاک فوج کے دستے تعینات کرنے کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے محکمہ داخلہ نے پاک فوج طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے دستے تعینات کرنے کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے سمری وزیراعلیٰ بلوچستان کوارسال کی۔

    سمری میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال کےپیش نظرپاک فوج کے دستوں کی ضرورت ہے، آرٹیکل 245 کےتحت انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک فوج کی طلبی کی منظوری دی جائے۔

    گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پرآرٹیکل 245 کے تحت پنجاب،خیبرپختونخوا،اسلام آبادمیں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوردی تھی۔

  • پاک فوج کی کاوشیں، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد حوصلہ افزا سرگرمیوں کا انعقاد

    پاک فوج کی کاوشیں، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں متعدد حوصلہ افزا سرگرمیوں کا انعقاد

    اسلام آباد: پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی کاوشوں سے بلوچستان ترقی و خوش حالی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کرکٹ، فٹبال اور یوتھ فیسٹیول سمیت متعدد حوصلہ افزا سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، کھیل اور ثقافت کی بے شمار سرگرمیوں سے امن و خوش حالی کا یہ سفر مضبوط و مستحکم پاکستان کی دلیل بن گیا ہے۔

    اس سلسلے میں ضلع حَب اور نوشکی میں تقریری مقابلوں میں مختلف اسکولز اور کالجز کے 160 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، لسبیلہ کے فری میڈیکل کیمپس کے دوران مریضوں کی کثیر تعداد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ضلع کیچ، پنجگور، نوشکی اور ہرنائی میں فٹبال کے مختلف ٹورنامنٹ کھیلے گئے، جس میں ہزاروں تماشائی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

    ضلع چاغی بھی کھیلوں میں پیچھے نہ رہا، وہاں منعقد کیے گئے کرکٹ میچز میں سینکڑوں شائقین نے شرکت کی، جب کہ سبی میں یوتھ فیسٹیول کے انعقاد سے علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد محظوظ ہوئی۔

    ضلع خاران اور ہرنائی میں ”میرا آئین میری آزادی کی ضمانت“ پر سیمینار منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف طبقاتِ فکر نے شرکت کی، ان کاوشوں کی وجہ سے صوبے کی عوام بھی پاک فوج اور فرنٹئیر کور کی کاوشوں کی معترف ہے۔

  • بلوچستان میں انتہائی مطلوب دہشت گرد ساتھیوں کے ہاتھوں ہلاک

    بلوچستان میں انتہائی مطلوب دہشت گرد ساتھیوں کے ہاتھوں ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں لوٹی گئی رقم کے تنازع پر ‘بلوچ لبریشن فرنٹ’ کے دو گروپوں میں ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم دہشت گرد مارا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں انتہائی اہم مطلوب دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت کا واقعہ رونما ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد کی شناخت محمد آسا عرف مُلا ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت بھتے اور تاوان کی مد میں حاصل کی گئی رقم کے تنازع پر ہوئی جہاں ‘بلوچ لبریشن فرنٹ’ کے دو گروپوں میں مسلح تصادم ہواتھا۔

    رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہلاک دہشت گرد کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی، ہلاک دہشت گرد ایرانی کنٹینر پرحملے، سیکیورٹی فورسز پر بارودی سرنگ حملے، بلوچستان میں مزدوروں کے قتل سمیت خاران اور شور کے علاقے میں دہشت گرد کارروائیوں میں شامل رہا۔

    دہشت گرد محمد آسا دو ہزار دس میں بلوچ لبریشن فرنٹ میں شامل ہوا وہ آئی ای ڈی بنانے کا ماہر تھا،دہشت گرد محمد آسا پر بلوچستان کے مختلف حصوں میں 5 سے زائدمقدمات درج تھے۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے ایک بار پھر تباہی اور ہلاکتیں

    بلوچستان میں بارشوں سے ایک بار پھر تباہی اور ہلاکتیں

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں اور مختلف حادثات میں اب تک کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد پنجگور میں دیوار گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، بارشوں سے خضدار میں 2، لسبیلہ اور کیچ میں 1،1 ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، خصدار، زیارت اور بارکھان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے بارشوں سے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

  • بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع

    بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع

    کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ڈھاڈر کے قریب پنجرہ پل کا عارضی راستہ بہہ گیا، پل بہہ جانے کے بعد دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر کے قریب گزشتہ روز پنجرہ پل کا عارضی راستہ سیلابی پانی میں بہہ گیا جس کے بعد سندھ کا بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کچھی بولان کا کہنا ہے کہ پنجرہ پل کے عارضی راستے کی بحالی کا کام جاری ہے، مشینری پنجرہ پل پر پہنچا دی گئی ہے 2 گھنٹے بعد ٹریفک بحال ہوجائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق بحالی کا کام جلد مکمل کر کے پہلے چھوٹی گاڑیوں کو گزارا جائے گا۔

  • مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان

    مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان

    کراچی: مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان میں مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم داخل ہوگا، اس سسٹم کے تحت کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے بارشیں متوقع ہیں، جب کہ آج شہر کا موسم گرم رہے گا، اور دن میں مطلع ابر آلود اور جزوی ابر آلود رہے گا۔

    شہر کا موجودہ درجہ حررات 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 10 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں ہوا 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔

  • بلوچستان کی سیاسی شخصیت کلفٹن سی ویو برگر چَین پر فائرنگ میں ملوث نکلی

    بلوچستان کی سیاسی شخصیت کلفٹن سی ویو برگر چَین پر فائرنگ میں ملوث نکلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں سی ویو پر واقع ایک برگر چَین پر فائرنگ میں بلوچستان کی ایک سیاسی شخصیت ملوث نکلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن ڈویژن پولیس نے آج کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک سیاسی شخص کے گھر پر چھاپا مارا، پولیس نے چھاپے کے دوران شاہ زین مری کے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کوہلو سے تعلق رکھنے والے شاہ زین مری نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں برگر کا آرڈر کیا تھا لیکن آرڈر میں تاخیر پر اس نے نشے کی حالت میں منیجر پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس حکام کے مطابق چھاپا مارنے والی پولیس کی ٹیم شاہ زین مری کی رہائش گاہ کے دروازے پر چڑھ کر اندر داخل ہوئی، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

    سی ویو : ریسٹورنٹ میں نامعلوم شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے منیجر زخمی

    پولیس اہل کاروں نے شاہ زین کے ایک سیکیورٹی گارڈ غلام قادر کو حراست میں لے لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

  • بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے

    بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ تعینات کرنے سمیت بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرریاں و تعیناتیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ تعینات کردیا گیا۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تعیناتی کے منتظر وقاص علی محمود کو سیکریٹری صحت تعینات کردیا گیا، سیکریٹری ایکسائز محمد اکبر کو سیکریٹری انڈسٹریز تعینات کیا گیا ہے جبکہ سی ایم آئی ٹی ممبر ظفر علی بخاری کو سیکریٹری ایکسائز تعینات کیا گیا ہے۔

    سیکریٹری انڈسٹریز عابد سلیم قریشی کو بھی ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سیلاب کے 8 ماہ بعد بھی متاثرین دربدر

    سیلاب کے 8 ماہ بعد بھی متاثرین دربدر

    کراچی / کوئٹہ: صوبہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے 8 ماہ گزر جانے کے بعد بھی ہزاروں متاثرین تاحال بے گھر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ماہ گزرنے کے باوجود سندھ میں ہزاروں سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، سندھ بھر میں بے گھر سیلاب متاثرین کی تعداد 26 ہزار 203 ہے۔

    سندھ کے شہروں شکار پور، میرپور خاص، جیکب آباد اور ٹھٹھہ میں سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، ملیر فلڈ ٹینٹ سٹی میں 5 ہزار 132 متاثرین تاحال رہائش پذیر ہیں۔

    بلوچستان کی یو سیز گڑھی صحبت پور اور ڈوڈیکہ میں سیلابی پانی کھڑا ہے، دونوں یو سیز میں سیلاب متاثرین عارضی رہائش اختیار کیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب زدہ اضلاع میں ملیریا وبائی شکل اختیار کر رہا ہے، صوبے میں اہم ادویات اور مچھر دانی تقسیم کرنے اور انسداد لاروا مہم جاری ہے۔

  • بلوچستان میں بارش اور سیلاب: ہلاکتوں پر بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

    بلوچستان میں بارش اور سیلاب: ہلاکتوں پر بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارش اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی اطلاعات باعث صدمہ ہیں، متعلقہ حکام بارش و سیلاب کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بلوچستان میں بارش اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آواران، ژوب سمیت مختلف علاقوں میں جانوں کے زیاں کی اطلاعات باعث صدمہ ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متعلقہ حکام بارش و سیلاب کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔