Tag: بلوچستان

  • بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، ذرائع

    بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، ذرائع

    کوئٹہ : بلوچستان کابینہ میں رد و بدل کا امکان ہے، متعدد وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ 

    اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی ظہور بلیدی، وزیر آبپاشی صادق عمرانی،علی حسن زہری اور بخت محمد کاکڑ کے محکمے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی ایم پی اے زرک مندوخیل کو کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے جبکہ علی حسن زہری کو صوبائی وزیر ریونیو کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف صوبائی وزراء پر نیب، اینٹی کرپشن اور دیگر ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کابینہ میں ردوبدل کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ میں ردوبدل یا توسیع کا اختیار وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے پاس ہے، فی الحال ایسا کوئی فیصلہ زیر غور نہیں۔

     

  • صوبہ بھر میں 15 دن کے لئے دفعہ 144 نافذ، ماسک پہننے پر بھی پابندی

    صوبہ بھر میں 15 دن کے لئے دفعہ 144 نافذ، ماسک پہننے پر بھی پابندی

    کوئٹہ(2 اگست 2025): بلوچستان حکومت نے صوبہ بھر میں پندرہ یوم کے لئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی، ماسک پہننے پر بھی پابندی ہوگی۔

     محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں دفعہ ایک سوچوالیس کے تحت اسلحہ لیکر چلنے، پانچ سے زائد افراد کے اجتماع اور ماسک پہننے پر 15 دن کے لئے پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پندرہ یوم کے دوران کہیں بھی جلسے، جلوس یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، عوامی مقامات پر ماسک اور مفلر کے ذریعے چہرہ ڈھانپنا بھی ممنوع ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے تحت صوبے میں پہلے ہی گاڑیوں کے کالے شیشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ 26 جولائی کو کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا تھا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرت ناک موت ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے، ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • بلوچستان میں مرد اور خاتون کے قتل کے ہولناک واقعے میں بڑی پیش رفت

    بلوچستان میں مرد اور خاتون کے قتل کے ہولناک واقعے میں بڑی پیش رفت

    کوئٹہ: ڈیگاری میں مرد اور خاتون کے قتل کے واقعے میں مقتولہ بانو کی والدہ نے ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں مرد اور خاتون کے قتل کے ہولناک واقعے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل بی بی نے ضمانت کی درخواست دائر کردی، جس پر انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔

    ذرائعنے بتایا کہ گل بی بی کو پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب اس کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، گرفتاری کے بعد خاتون کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

    اس کیس میں گرفتار ایک اور اہم ملزم، سردار شیرباز ساتکزئی، کو کل عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ شیرباز کو پہلے ہی انسداد دہشت گردی عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایس سی آئی (اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن) کے حوالے کر رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار

    ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ملزمان، جن میں مقتولہ کا بھائی جلال بھی شامل ہے، تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

    یہ قتل کیس صوبے میں غیرت کے نام پر ہونے والے جرائم کی سنگینی کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • بچوں کی موج مستیاں ختم، اسکول اور کالجز کھل گئے

    بچوں کی موج مستیاں ختم، اسکول اور کالجز کھل گئے

    کراچی(1 اگست 2025): اگست شروع ہوتے ہی بچوں کی موج مستیاں ختم ہوگئیں، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے اسکول کھل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ اور بلوچستان میں  گرمیوں کی چھٹیاں ختم  ہونے کے بعد تعلیمی ادارے آج سے کھول دیے گئے ہیں اور تدریسی عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔

    2 ماہ کی تعطیلات کے بعد آج سے کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے تاہم سرکاری اسکولز میں طلبہ کی حاضری کا تناسب کم ہے، اس کے علاوہ بیشتر پرائیویٹ اسکولز میں کلاسز کا آغاز 4 اگست سےکیا جائے گا۔

    کراچی میں سرکاری کالجز میں انٹر سال دوئم کی کلاسز کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے جبکہ انٹر سال اول کی کلاسز کا آغاز 4 اگست سے ہوگا اس کے علاوہ سرکاری کالجز میں بھی حاضری کا تناسب کم ہے۔

    دوسری جانب حیدرآباد میں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکول تو کھل گئے لیکن حاضری بالکل نہیں، اساتذہ تو ہیں مگر بچے نہ ہونے کے برابر ہیں۔

  • تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں میں توسیع!  طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں میں توسیع! طلبا کے لئے اہم خبر آگئی

    کوئٹہ : تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں میں توسیع کے حوالے سے طلبا کے لئے اہم خبر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر نے تعلیمی نظام کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صوبے میں اسکول 1 اگست سے دوبارہ کھلنے کے بجائے مزید چند دن بند رہیں گے۔

    محکمہ تعلیم بلوچستان نے موجودہ موسمِ گرما کی شدید لہر کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیوں میں 12 اگست تک توسیع کی سفارش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو ہنگامی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    اسکولوں کے اوقات کار کا اعلان

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ بلوچستان میں اگست کے پہلے دو ہفتے انتہائی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    ماہرین صحت نے بھی شدید موسم میں بچوں کے اسکول جانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ یہ قدم جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اس سنگین صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق حتمی اعلان متوقع ہے۔

    دوسری جانب پنجاب میں اسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیاں 15 اگست 2025 تک مقرر ہیں، مئی میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 15 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ تاہم، والدین کو اب بھی اس بات کا انتظار ہے کہ آیا صوبائی حکومت اس تاریخ میں کوئی تبدیلی کرے گی یا نہیں۔

    ذرائع کے مطابق 15 اگست کو اسکول کھلنے کے باوجود طلبہ کی حاضری کم رہنے کا امکان ہے، اور تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر 18 اگست (پیر) سے بحال ہونے کا امکان ہے۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

  • بلوچستان کے انگوروں نے امریکی انگوروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

    بلوچستان کے انگوروں نے امریکی انگوروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

    بلوچستان میں انگوروں کے سب سے بڑے باغ میں 27 اقسام پیدا ہوتی ہیں، یہاں پیدا ہونے والے امریکی انگور رائل کا ذائقہ امریکی انگوروں سے بھی بہتر ہیں۔

    اے آر وائی نیوز گلستان کے نمائندے اختر گلفام کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کی تجارتی نمائش میں یہاں کے انگوروں کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔

    ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں انگوروں کے پیداوار کے حوالے سے صوبے کا سب سے بڑا باغ قاسم خان میں روایت سے ہٹ کر جدید طرز کے باغ میں عالمی معیار کے انگور پیدا ہوتے ہیں جس میں امریکن ایٹم رائل ،ریڈ گلوب ،کرمسن سیڈ لیس سمیت 27 اقسام کے انگور پیدا ہوتے ہیں۔

    باغ کے مالک حاجی محمد ہاشم خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ امریکن اور ہمارے انگوروں میں فرق صرف ملک کا ہے بلکہ ہمارے انگور زیادہ ذائقہ دار ہیں۔

    قاسم خان باغ کے انگور اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک بھی بھیجے جاتے ہیں، مختلف قسم کے انگور کے اقسام کی ورائٹی سے کاشت کار بھی خوش ہیں۔

    انگور کی مقامی پیداوار نے جہاں اس نعمت کو عام آدمی کی قوت خرید میں پہنچا دیا ہے وہی انگور بھی کاشت کاروں کے لئے منافع بخش کاروبار ثابت ہوا ہے۔

    ساٹھ سال پرانے باغ سے سالانہ ایک لاکھ کریٹ انگور کی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ صوبے کے سب سے بڑے باغ قاسم خان میں رائل ایٹم ،ریڈ گلوب کے انگور امریکہ اور یورپین کے انگور سے بھی زیادہ مٹھاس اور لذت رکھتے ہیں۔

  • بلوچستان میں خاتون اور مرد کا قتل :  بانو کی والدہ  کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے

    بلوچستان میں خاتون اور مرد کا قتل : بانو کی والدہ کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے

    کوئٹہ : بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کیس میں مقتولہ بانو کی والدہ کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے، جس سے بی بی بانو اور ان کی والدہ کے درمیان تعلق کی تصدیق کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتولہ بی بی بانو کی والدہ کے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے

    پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے بتایا کہ سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کی استدعا پر گل جان بی بی کے سیمپل لئے گئے ہیں ، ڈی این اے کیلئے بالوں، خون اور حلق کا لعاب کے سیمپل لیے ہیں۔

    پولیس سرجن کا کہنا تھا کہ نمونے سیل کرکے سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیے گئے ہیں ، ڈی این اے کے لئے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوائے جائیں گے ، تاکہ مقتولہ بی بی بانو اور ان کی والدہ کے درمیان تعلق کی تصدیق کی جا سکے۔

    یاد رہے مقتولہ کی قبر کشائی کے وقت بھی بی بی بانو کے ڈی این اے سیمپل لیے گئے تھے، اور گل جان بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں خود اپنا ڈی این اے کرانے کی درخواست کی تھی۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار

    گذشتہ روز بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ کو گرفتار کیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ بدھ کو ڈیگاری میں دوہرے قتل میں مارے جانے والی بانو بی بی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام وائرل کیا، جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے ہوئے بول رہی تھی کہ یہ قتل بلوچی روایات کے مطابق ہوا اور یہ قتل جائز ہے۔

  • بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

    بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

    کوئٹہ: پاکستان کے صوبے بلوچستان میں پولیو وائرس کے خلاف کامیاب پیش رفت ہوئی ہے، وائرس کی ماحولیات میں موجودگی کم ترین سطح پر آ گئی۔

    بلوچستان کے کل 23 میں سے 19 علاقوں کے ماحولیات سے وائرس ختم ہو گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ ٹیسٹ میں صرف 4 علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

    ایمر جنسی آ پریشن سینٹر کے مطابق سال بعد صوبے کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی شرح 98 فی صد سے کم ہو کر 17 فی صد رہ گئی، کوآرڈینیٹر انعام الحق کا کہنا ہے کہ رواں سال بلو چستان میں تاحال پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔


    حکومت کا پولیو وائرس پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ


    انھوں نے بتایا کہ 2024 میں صوبے کے تمام 23 ماحولیاتی نگرانی مراکز میں وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی تھی، پہلی ششماہی میں ماحولیاتی نمونوں میں 72 فی صد جب کہ دوسری ششماہی میں 98 فی صد پولیو وائرس موجود تھی، ستمبر 2024 میں وائرس کی شدت نقطہ عروج پر تھی جب 95 فی صد نمونے مثبت آئے۔

    انعام الحق نے بتایا کہ ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی کمی امید کی علامت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔

  • بڑی پیش رفت : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار

    بڑی پیش رفت : بلوچستان میں قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ گرفتار

    کوئٹہ : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی خاتون بانو کی والدہ کو گرفتار کرلیا، والدہ نے ویڈیو بیان میں دوہرے قتل کو درست قرار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دوہرے قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقتولہ بانو بی بی کی والدہ گل جان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔

    پولیس نے کہا کہ بدھ کو ڈیگاری میں دوہرے قتل میں مارے جانے والی بانو بی بی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام وائرل کیا، جس میں وہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے ہوئے بول رہی تھی کہ یہ قتل بلوچی روایات کے مطابق ہوا اور یہ قتل جائز ہے۔

    اس اعتراف جرم کے بعد مقتولہ بانو کی والدہ گل جان کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ دینے کی استدعا کی ، جس پر عدالت نے مقتولہ کی والدہ کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    گذشتہ روز بلوچستان میں قتل ہونےوالی لڑکی کی ماں سامنے آئی اور ویڈیو بیان میں بیٹی کا قتل جائزقرار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر

    بانو کی ماں کا کہنا تھا کہ بیٹی کو بلوچی رسم و رواج کے مطابق سزا دی، سردار یا کسی اور کا کوئی قصورنہیں، انہیں رہا کردیاجائے۔

    بعد ازاں مقتولہ کی والدہ کے بیان کو قانونی،سماجی صحافی حلقوں نےمسترد کردیا تھا اور تمام ملزموں کوکڑی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • بلوچستان  میں خاتون اور مرد کے قتل کا حکم دینے والا سردار مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کا حکم دینے والا سردار مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    کوئٹہ : بلوچستان میں خاتون اور مرد کے قتل کا حکم دینے والا سردار شیر باز ساتکزئی کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈیگاری میں خاتون اور مرد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد مبین نے کیس کی سماعت کی ، واقعےمیں نامزد ملزم سردار شیر باز ساتکزئی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    ایس سی آئی ڈبلیو کی جانب سے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے ملزم کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایس سی آئی ڈبلیو کے حوالے کردیا۔

    یاد رہے بلوچستان کے دارلحکومت کے نواحی علاقے ڈگاری میں انیس جولائی کو بانو نامی خاتون اور احسان اللہ نامی شخص کے قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی گئی بانو کی والدہ کا بیان منظر عام پر

    بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

    جس کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے پرپولیس حرکت میں آئی تھی۔

    واقعے کا مقدمہ ہنہ اوڑک تھانے میں ایچ ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے مرکزی ملزم بشیر احمد اور ستکزئی قبیلے کے سربراہ سردار شیر باز ستکزئی، ان کے 4 بھائی اور 2 محافظوں سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق بانو ستکزئی اور احسان اللہ سمالانی کو کاروکاری کے الزام میں قتل کیا گیا، واقعے میں مبینہ طور پر شاہ وزیر، جلال، ٹکری منیر، بختیار، ملک امیر، عجب خان، جان محمد، بشیر احمد اور دیگر 15 نامعلوم افراد شامل تھے۔