Tag: بلوچستان

  • آرمی چیف کا بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ناکام بنانے کا عزم

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ناکام بنانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا غیرملکی حمایت یافتہ وطن دشمن عناصرکی ہرکوشش ناکام بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے خضداراور بسیمہ کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کی آمد پر کورکمانڈرکوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا، اس موقع پر سیکیورٹی صورتحال ، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور پرامن ماحول کیلئےاقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کوغیرمستحکم کرنے کی سازش ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا غیرملکی حمایت یافتہ وطن دشمن عناصرکی ہرکوشش ناکام بنائیں گے۔

    جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان اپنی آپریشنل تیاریاں برقرار رکھیں، پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں۔

    آرمی چیف نے مزید کہا کہ بلوچستان میں فوج کے آپریشنز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، لوگوں کو سماجی واقتصادی ترقی کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی پر توجہ مرکوز ہے۔

  • شدید سردی سے 2 بچے اسکول میں بے ہوش، محکمہ تعلیم کا ہنگامی اعلان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر تعلیمی ادارے آج سے 16 جنوری تک بند رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے۔

    صوبہ بھر میں سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، سرحدی علاقے براپ چاہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • بلوچستان میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، پارہ مزید گر گیا

    بلوچستان میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، پارہ مزید گر گیا

    کراچی: بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث پارہ مزید گر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ، قلات اور چمن سمیت بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، پوٹھوہار اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید دھند کاراج ہے، اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز پر ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

    لاہور، ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ، ایم فور عبدالحکیم سے فیصل آباد، ایم فائیو شیر شاہ سے ظاہر پیر، اور موٹر وے باہو انٹرچینج، ٹوبہ ٹیک سنگھ تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    گہری دھند نے لاہور، میاں چنوں، بھکر، تلمبہ، اوکاڑہ، کبیروالا، پتوکی میں بھی ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا۔

  • بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان، کراچی میں سرد ہوائیں

    بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان، کراچی میں سرد ہوائیں

    کوئٹہ، کراچی: ملک بھر میں شدید سردی اور پہاڑوں پر برف ہی برف جمی نظر آنے لگی ہے، محکمہ موسمیات نے آج شمالی بلوچستان، خیبر پخون خوا، اور گلگت بلتستان خطہ پوٹوہار میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ کراچی میں سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں موسم مزید سرد ہو گیا ہے، شمالی علاقوں میں آج اور کل بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارش سے دھند کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے۔

    پنجاب میں آج بھی راستے دھند میں گم، حد نگا ہ کم ہونے کے باعث موٹر وے کئی مقامات پر بند ہے، موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ سرور، لاہور ملتان موٹر وے فیض پور تا رجانہ، ایم فور فیصل آباد سے عبد الحکیم، ایم فائیو شیرشاہ سے ظاہر پیر تک ٹریفک پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور ابرآلود رہے گا، کوئٹہ، ژوب، زیارت، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، پشین میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

    کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیارت میں درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تربت میں کم سے کم 11، پنجگور میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا، جب کہ خضدار اور لسبیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادھر کراچی میں صبح سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، اور دن میں ہوا 20 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

  • ملک میں مہنگائی عروج پر ہے: وزیر اعظم کا اعتراف

    کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج پیدا کر دیا، اب بھی کئی سو ارب درکار ہیں، جنیوا میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ ڈونرز کانفرنس کی صدارت کروں گا۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے شہر صحبت پور میں قبائلی عمائدین سے خطاب کیا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں جب پہلے آیا تو پورا ضلع پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سڑک کے ذریعے خوراک اور پانی پہنچانا کوئی آسان کام نہیں تھا، حکومتی مشینری دن رات کام کر رہی تھی، سوچ کر خوف آتا تھا کہ کس طرح یہ لوگ
    بحال ہو کر دوبارہ گھروں کو جائیں گے، حکومت کے پاس بہت محدود وسائل تھے۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں، سیلاب نے ہمارے لیے اور بھی بڑا چیلنج پیدا کر دیا، بی آئی ایس پی کے ذریعے این ڈی ایم اے نے جو رقوم دیں وہ 100 ارب سے تجاوز کر گئی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اب بھی کئی سو ارب چاہئیں، جنیوا میں کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل تشریف لا رہے ہیں، ان کے ساتھ ڈونرز کانفرنس چیئر کروں گا، برادر ممالک سے بھی درخواست ہے جنیوا کانفرنس میں تشریف لائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کل ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم نور ابراہیم سے بات ہوئی، انہوں نے کہا شہباز شریف صاحب پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، انہوں نے اردو میں بات کی مجھے شرم آئی کہ مجھے ملائیشین زبان کا ادراک نہیں، انہوں نے کہا کہ زوم کے ذریعے جنیوا کانفرنس میں شرکت کروں گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صحبت پور میں 12 دانش اسکولوں کا اعلان کر رہا ہوں، چیف سیکریٹری سے درخواست کروں گا اسکولز کے لیے زمین ڈھونڈیں۔ پنجاب میں سنہ 2008 میں دانش اسکول کا پودا لگایا تھا وہاں سے پڑھنے والے سینکڑوں بچے بچیاں اب ڈاکٹرز اور نجینیئرز بن چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کے لیے تمغہ خدمت کا اعلان کر رہا ہوں، 23 مارچ کو چیف سیکریٹری کو تمغہ خدمت دیا جائے گا۔

  • ایک سال کے دوران کتنے مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا؟

    کوئٹہ: سال 2022 کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ نے 6 ہزار 624 کیسز کا فیصلہ سنایا، سال بھر کے دوران ہائیکورٹ میں 6 ہزار 988 نئے کیسز دائر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ نے سنہ 2022 کے دوران کیسز سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیے، سال 2022 کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ نے 6 ہزار 624 کیسز کا فیصلہ سنایا۔

    سال 2022 کے شروع میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد 4 ہزار 108 تھی، سال بھر کے دوران 6 ہزار 988 نئے کیسز دائر ہوئے۔ اس وقت مجموعی طور پر 4 ہزار 472 کیسز زیر التوا ہیں۔

    بلوچستان ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ سال کے شروع میں بلوچستان کی ماتحت عدالتوں میں 15 ہزار 675 کیسز زیر التوا تھے، سال بھر کے دوران ماتحت عدالتوں میں 56 ہزار 47 نئے مقدمات دائر ہوئے۔

    سال بھر کے دوران ماتحت عدالتوں نے 55 ہزار 702 مقدمات کا فیصلہ سنایا جس کے بعد اب زیر التوا کیسز کی تعداد 16 ہزار 20 ہے۔

  • لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم

    کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم کردیا، کمیشن لاپتہ ہونے والے ایک ایک شخص کے معاملے کی تحقیقات کرے گا اور لاپتہ افراد کی ملک مخالف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے لاپتہ افراد سے متعلق پارلیمانی کمیشن قائم کردیا، پارلیمانی کمیشن بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر قائم کیا گیا۔

    وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو پارلیمانی کمیشن کے چیئرمین ہوں گے، رکن اسمبلی اسد اللہ بلوچ، زابد ریکی، ملک نصیر شاہوانی اور زمرک اچکزئی رکن کمیشن مقرر کردیے گئے۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کمیشن کے سیکریٹری ہوں گے۔

    پارلیمانی کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق کمیشن ہر ایک لاپتہ شخص کے معاملے کی تحقیقات کرے گا، کمیشن لاپتہ افراد کی ملک مخالف سرگرمیوں کا بھی جائزہ لے گا۔

  • کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ، برف باری کا امکان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے برف باری کا امکان ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں مطلع ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج موسم سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ، چمن، زیارت، سبی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور نصیر آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    گوادر میں درجہ حرارت 11، تربت میں 12 اور جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • بلوچستان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا

    بلوچستان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا

    کوئٹہ: بلوچستان میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آٹا فی کلو 125 سے 130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جب کہ 50 کلو آٹے کا تھیلا 6 ہزار سے ساڑھے چھ ہزار روپے تک میں فروخت ہونے لگا ہے۔

    کوئٹہ میں آٹا مزید مہنگا ہونے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں فوری طور پر نمایاں کمی کی جائے۔

    مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کوئٹہ میں ایک سو تیس روپے تک کلو فروخت ہو رہا ہے، جب کہ بیس کلو آٹے کا تھیلا ڈھائی ہزار روپے تک پہنچ گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمت پر آٹا کہیں دستیاب نہیں، اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں۔

    ادھر پنجاب کے شہر فیصل آباد میں گندم کا بحران سر اٹھانے لگا ہے، گندم فی من قیمت 4 ہزار پانچ سو روپے تک پہنچ گئی، جب کہ آٹے کے 20 کلو کا تھیلا ڈھائی ہزار روپے کا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے نان اور روٹی بھی مہنگی ہو گئی۔

    واضح رہے کہ ملک میں سال 2022 میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گوشت تو پہلے ہی مہنگا تھا، لیکن صورت حال اتنی بدتر ہوئی کہ پھل اور سبزیاں بھی غریب عوام کی قوت خرید سے باہر نظر آئیں۔

    رواں سال مہنگائی کا جن بوتل سے نکل کر لوگوں کی زندگیوں کے گرد چکر لگاتا رہا، مہنگائی میں اہل و عیال کو دو وقت کا کھانا کھلانا بھی مشکل سے مشکل تر ہوگیا، جس کے باعث بچوں کو مناسب خوراک کی فراہمی یقینی بنانا بھی بڑا محاذ ثابت ہوا۔

  • بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں رواں سال بارشوں اور سیلاب سے 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے، سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا سروے مکمل کر لیا، رواں سال بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے صوبے میں 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے، نصیر آباد میں سب سے زیادہ 94 ہزار 578 مکانات کو نقصان پہنچا۔

    سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، 2 لاکھ 92 ہزار 526 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

    بارشوں اور سیلاب سے 103 ڈیمز شدید متاثر ہوئے، 2 ہزار 221 کلو میٹر قومی، بین الصوبائی اور لنک شاہراہیں بہہ گئیں، قومی شاہراہوں پر قائم 25 پل بھی ٹوٹ گئے۔ سیلاب کی زد میں آ کر ہرک کے مقام پر ایک ریلوے پل بھی بہہ گیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 10 لاکھ سے زائد لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے جاں بحق 336 افراد کے لواحقین میں چیک تقسیم کیے گئے۔