Tag: بلوچستان

  • سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثر 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب متاثرین کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے 11 اور بلوچستان کے 2 اضلاع میں تاحال سیلابی پانی کھڑا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو اضلاع تاحال سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ان میں سندھ کے دادو، قمبر شہداد کوٹ، خیرپور، میرپور خاص، جامشورو، سانگھڑ، عمر کوٹ، بدین، شہید بے نظیر آباد اور نوشہرو فیروز، اور بلوچستان کے صحبت پور اور جعفر آباد شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 80 لاکھ افراد سیلابی پانی سے متاثر ہیں، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ ڈھائی لاکھ افراد تاحال بے گھر ہیں، 90 فیصد سیلاب متاثرین عارضی رہائش گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں، 35 لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 816 ملین ڈالرز درکار تھے، اب تک صرف 30 فیصد رقم مل سکی ہے۔

  • بلوچستان مالی مشکلات کا شکار، زیادہ بجٹ امن و امان پر خرچ ہوتا ہے: وزیر اعلیٰ

    بلوچستان مالی مشکلات کا شکار، زیادہ بجٹ امن و امان پر خرچ ہوتا ہے: وزیر اعلیٰ

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بلوچستان کا زیادہ تر بجٹ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے پر خرچ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ڈیم ٹوٹنے سے بہت نقصانات ہوئے، ذمہ داروں کا تعین کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے پیسے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا ہر مشکل گھڑی میں تعاون حاصل رہا، نیا این ایف سی ایوارڈ وقت اور حالات کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کا زیادہ تر بجٹ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے پر خرچ ہوتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ صوبہ مالی مشکلات سے دو چار ہے، جلد پارلیمانی لیڈروں کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ مالی بحران ہو یا ریکوڈک منصوبہ پوری اسمبلی کو اعتماد میں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے وفد کو ٹائم نہ دینے کی خبریں غلط ہیں، یورپی یونین وفد سے ملاقات مس کوآرڈینیشن کے باعث نہ ہوسکی، امریکی سفیر سمیت دیگر غیر ملکی وفود کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

  • بلوچستان : کوئلے کی کان سے 6 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

    بلوچستان : کوئلے کی کان سے 6 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 6 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں، آپریشن تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہا۔

    حادثہ ہفتے کی صبح ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ترخ تنگی کی ایک کوئلے کی کان میں پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے کی وجہ کان میں میتھین گیس کی موجودگی کو قرار دیا گیا ہے۔

    گیس دھماکے کے باعث کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور سینکڑوں فٹ گہرائی میں6 کان کن پھنس گئے تھے جو باوجود کوشش کے زندہ نہ بچ سکے۔

    ریسکیو کی ٹیم آکسیجن کے لیے استعمال ہونے والے متبادل راستے سے کان کے متاثرہ حصے تک پہنچی ہے اور دو لاشیں نکال لی گئیں جبکہ اب مزید دو مزید کان کنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئیں ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریکسیو آپریشن تقریباٗ 8 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پی ڈی ایم اور محکمہ معدنیات کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا، لاشیں متعلقہ اسپتال منتقل کردی گئیں ہیں جہاں ان کی شناخت نصیب گل، سرفراز، نجیب اللہ ، رحمان اللہ ، غنی رحمان اور باچا کے نام سے کی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے، دوسری جانب محکمہ معدنیات کے حکام کا کہنا ہے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، تحقیقات جاری ہیں تمام ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 7 مزدور جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے ضلع اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔ ڈی پی او کے مطابق دھماکے کے وقت کان میں 13 مزدور کام کر رہے تھے۔

  • بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیارت میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قلات منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوادر میں درجہ حرارت 13 جبکہ جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • ملک میں تیل کے ذخائر کی تلاش ، وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

    ملک میں تیل کے ذخائر کی تلاش ، وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

    اسلام آباد : حکومت نے بلوچستان میں تیل کی تلاش کیلئے چارنئے بلاکس میں کھدائی کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان میں تیل کی تلاش کیلئے چارنئے بلاکس میں کھدائی کی اجازت دے دی۔

    اوجی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا کہ لوگائی، تانیشپا، شائی گالو اور جنوبی پشین میں کھدائی کی جائے گی۔

    اعلامیے میں کہنا تھا کہ اوجی ڈی سی ایل لوگائی اور تانیشپا بلاکس کی کھدائی کی نگرانی کرے گی جبکہ پی پی ایل شائی گالو اور مری پٹرولیم جنوبی پشین میں نگرانی کرے گی۔

    خیال رہے اکتوبر 2022 میں تیل کی تلاش کیلئے بلاکس میں کھدائی کیلئے بولی دی گئی تھی۔

    یاد رہے بنوں ویسٹ بلاک میں تیل و گیس کے دریافت شدہ ذخائر میں مزید اضافہ ہوا تھا ، گیس کےذخائر 25 ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھ کر50 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئے تھے۔

    اس حوالے سے ترجمان ماڑی پٹرولیم نے بتایا کہ کنویں سے 300 بیرل یومیہ تیل بھی دریافت ہوا۔

    ملک میں تیل کے ذخائر کی تلاش ، وفاقی حکومت کا بڑا اقدام

  • بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بعض علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی ہورہی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں آج رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہوگئی۔

    مینگورہ، کالام، مالم جبہ اور مرغزار میں بھی بارشیں جاری ہیں جس سے موسم مزید سرد ہوگیا، مالم جبہ اور کالام میں برفباری کا بھی امکان ہے جس کے بعد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    بابو سر ٹاپ کو شدید برف باری کے باعث گزشتہ مہینے ہی بند کیا جاچکا ہے، بابو سر ٹاپ اب اگلے برس مارچ میں کھلے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں درجہ حرارت 21 سینٹی گریڈ ہے۔

  • ملک میں کورونا بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل سست روی کا شکار

    ملک میں کورونا بوسٹر ڈوز لگوانے کا عمل سست روی کا شکار

    اسلام آباد: وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق ملک میں 4 کروڑ 39 لاکھ 20 ہزار کورونا بوسٹر ڈوز لگائی جاچکی ہیں، اس حوالے سے پنجاب اور آزاد کشمیر پہلے جبکہ بلوچستان آخری نمبر پر ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی 35 فیصد اہل آبادی کو کورونا بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے، پنجاب اور آزاد کشمیر کی 43، گلگت بلتستان کی 40، سندھ کی 27، بلوچستان کی 13 اور کے پی کی 18 فیصد آبادی کو بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے جبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کی 26 فیصد اہل آبادی نے بھی کورونا بوسٹر ڈوز لگوا لی ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 2 کروڑ 95 لاکھ 54 ہزار، سندھ میں 96 لاکھ 74587، خیبرپختونخوا میں 29 لاکھ 90 ہزار 356، آزاد کشمیر میں 10 لاکھ 20 ہزار 607، بلوچستان میں 6 لاکھ 30982 اور اسلام آباد میں 3 لاکھ 17623 بوسٹر ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 470 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 51 ہزار 251 ہو چکی ہے۔

  • تحریک انصاف کے ٹائیگرز لانگ مارچ میں شرکت کیلئے تیار

    تحریک انصاف کے ٹائیگرز لانگ مارچ میں شرکت کیلئے تیار

    کوئٹہ : تحریک انصاف بلوچستان کے ٹائیگرز لانگ مارچ میں شرکت کیلئے تیار ہیں، قافلہ صوبائی صدرقاسم سوری کی قیادت میں روانہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان سے آزادی لانگ مارچ کیلئے قافلے کوئٹہ سے براستہ ژوب اسلام آباد روانہ ہونے کیلئے تیارہیں۔

    قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ٹائیگرزاسلام آباد میں لانگ مارچ میں شریک ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جنگ صرف عمران خان یا پاکستان تحریک انصاف کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے۔

    پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف لانگ مارچ کا مقصد حقیقی آزادی اور غلامی سے نجات ہے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کوئٹہ کے صدر عالم کاکڑ نے بتایا کہ تحریک انصاف بلوچستان کے ٹائیگرز لانگ مارچ کو اسلام آباد میں جوائن کریں گے۔

    عالم کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے قافلہ صوبائی صدرقاسم سوری کی قیادت میں روانہ ہوگا، مرکزی لانگ مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو بلوچستان کے ٹائیگر ساتھ ہوں گے۔

  • بلوچستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ، پولیس اہلکار جاں بحق

    بلوچستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ، پولیس اہلکار جاں بحق

    پشین : بلوچستان کےعلاقے پشین میں نامعلوم افراد کی جانب سے انسداد پولیوٹیم پر حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کےعلاقے پشین میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیوٹیم پر حملہ کردیا، اس دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    ڈی سی پشین کا کہنا ہے جاں بحق اہلکار کی شناخت حوالدار محمد ہاشم کے نام سے ہوئی تاہم فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کے رضاکار محفوظ رہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پشین میں انسدادپولیو ٹیم کی ڈیوٹی پر تعینات اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے میں ملوث عناصر کوقانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو رضا کاروں کی فول پروف سیکیورٹی کوہر قیمت پر یقینی بنایاجائے۔.

    میر عبدالقدوس بزنجو نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پشین میں انسدادپولیو ٹیم پر حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہمارے مستقبل کے معماروں کے دشمن ہیں، دہشت گرد چاہتے ہیں ہماری نئی نسلیں معذور ہوں، ہمیں اس قسم کے لوگوں اور انکی سوچ کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

  • بلوچستان پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے

    بلوچستان پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے

    کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے اپنے حقوق کے لیے دھرنے پر بیٹھے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں پولیس نے 25 فزیوتھراپسٹ گرفتار کر لیے، فزیوتھراپسٹس 5 روز سے گورنر ہاؤس سے ملحقہ ریڈ زون میں دھرنے پر بیٹھے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فزیوتھراپسٹس پر کار سرکار میں مداخلت سمیت 10 دفعات پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا ہے، اور انھیں عدالت میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ میں بلوچستان فزیوتھراپی ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور ممبر فزیوتھراپسٹس نے اپنے حقوق کے لیے دھرنا دے دیا ہے، بلوچستان پولیس کی جانب سے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا۔

    تین دن قبل وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو سے دھرنے پر بیٹھے بلوچستان فزیوتھراپسٹس کے چیئرمین راشد رحمت نے ملاقات بھی کی تھی، وزیر اعلیٰ نے انھیں مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    بلوچستان کے ینگ فزیوتھراپسٹس حکومت بلوچستان سے پیڈ ہاؤس جاب کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر پختون خوا حکومت فزیوتھراپسٹس کو پیڈ ہاؤس جاب دے سکتی ہے تو بلوچستان حکومت کیوں نہیں؟

    ان کا مطالبہ ہے کہ تمام اضلاع میں فزیوتھراپسٹس کے لیے اسامیاں پیدا کی جائیں، اور بلوچستان کے تمام ٹرشی کیئر اور اسپتالوں میں فزیوتھراپی اور ری ہیبلیٹیشن سینٹرز قائم کیے جائیں۔