Tag: بلوچستان

  • ڈی آئی خان، کار کھائی میں جا گری، چھ افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان، کار کھائی میں جا گری، چھ افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان: ڈی آئی خان بلوچستان روڈ پر نیم قبائلی علاقہ سے ملحقہ دانا سر کے مقام پر کار گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث دو خواتین اور ایک بچے سمیت 6افراد جاں بحق جب کہ ایک بچہ زخمی ہو گیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان سے اے ۤآر وائی نیوز کے رپورٹر محمد عرفان مغل کے مطابق بدقسمت خاندان صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب سے ڈیرہ اسماعیل خان آرہا تھا کہ گاڑی دانا سر کے علاقے میں واقع ایک کھائی میں جا گری جس کے باعث گاڑی میں سوار سراج الدین خروٹی’خدائے داد خروٹی’خیر محمد اور انکے خاندان کی دو خواتین سمیت ایک بچہ جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرامدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی بچے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، زخمی بچے کو طبی امداد دے دی گئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔

  • بارشوں سے بلوچستان میں تباہی، مکانات منہدم، 7 افراد جاں بحق

    بارشوں سے بلوچستان میں تباہی، مکانات منہدم، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری نے کئی علاقوں میں تباہی مچادی، حادثات میں کم ازکم 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، کئی گاڑیاں برساتی نالوں میں بہہ گئیں،متعدد علاقوں میں مکانات گرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اوربرف باری معمولی وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی، پہاڑ برف میں ڈھک گئے، برساتی نالے بپھر گئے، چمن میں سید حمید ندی میں بارش کے بعد شدید طغیانی کے باعث ایک خانہ بدوش خاندان پھنس گیا۔

    rain-post-1

    بارش کے باعث توبہ اچکزئی میں درجنوں گھر گرگئے، پشین سمیت مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں،فائبر آپٹک کیبل کٹ جانے سے مواصلاتی نظام شدید متاثرہوا۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں میں 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔

    متاثرہ اضلاع میں ساڑھے 9 ہزار خیمے، ساڑھے 6 ہزار کمبل، ساڑھے 4 ہزار پلاسٹک شیٹس تقسیم کی گئیں۔ تقریباً ساڑھے5 ہزار سلیپنگ بیگ، ساڑھے 8 ہزار ترپالیں اور ساڑھے 7 ہزار کھانے پینے کے سامان کے پیکٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

    rain-post-2

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی ہے کہ دور درازعلاقوں تک امدادی سامان پہنچایا جائے،سامان صرف مستحق افراد کو دیا جائے، سامان کی تقسیم میں کسی قسم کا دباﺅ قبول نہ کیا جائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

    اسکردوکا زمینی رابطہ تاحال منقطع

    علاوہ ازیں اسکردو شہراور گردونواح میں برف باری کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا، اسکردو کا مضافاتی علاقوں  سے 2 روز بعد بھی زمینی رابطہ بحال نہ ہوسکا، سنگھوس کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    برف باری اور بارش رکنے تک  صوبائی حکومت نے شہریوں کو سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہری علاقوں میں درجہ حرارت  منفی8  جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

  • دوسروں کا دل دکھا کر صوبہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، مصطفیٰ کمال

    دوسروں کا دل دکھا کر صوبہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، مصطفیٰ کمال

    کوئٹہ: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جس دن قوم ایک ہوگئی جعلی مینڈیٹ رکھنے والی جماعتیں خود بہ خود ختم ہوجائیں گی، دوسروں کا دل دکھا کر صوبہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں پارٹی کے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہنا تھا کہ 10 ماہ قبل شروع ہونے والا قافلہ ملک کے کونے کونے میں پھیل چکا ہے، عوام نے ہم سے تواقعات وابستہ کرلی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ محبت دینے والے لوگ ہیں جس کا انہوں نے ہمیشہ ہی ثبوت دیا، اگر ہم اپنے بچوں کی خوشیاں چاہتے ہیں تو دوسروں کی خوش کے لیے ہی کام کرنا پڑے گا اور ہماری جماعت کا منشور بھی یہی ہے۔

    mk-4

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دوسروں کا دل دکھا کر صوبہ حاصل نہیں کیا جاسکتا، ماضی میں سیاستدانوں نے قوم کو صرف لاشیں ہی تحفے میں دیں جبکہ ہم نے حیدرآباد کے پکا قلعہ میں تمام قومیتوں کو جمع کر کے گلے شکوے دور کروائے اور گلے لگوایا۔

    mk-2

    پی ایس پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اب قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ مزید لڑائی یا تفرقہ سے گریز کیا جائے اور آپس میں اتحاد رکھا جائے، جس دن پوری قوم ایک ہوگئی جعلی مینڈیٹ رکھنے والی جماعتیں خود بہ خود ختم ہوجائیں گی، 29 جنوری کے کامیاب جلسے کے بعد لاشوں کی سیاست کرنے والی جماعتیں ختم ہوجائیں گی۔

    mk-3

    قبل ازیں بلوچستان پہنچنے پر مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کا شاندار استقبال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں کو بلوچستان کی خاص روایت والی پگڑی بھی تحفہ میں دی گئی۔

  • بلوچستان میں بارش اور برفباری، موسم مزید سرد ہوگیا

    بلوچستان میں بارش اور برفباری، موسم مزید سرد ہوگیا

    کوئٹہ : بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا، بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا، نالے مین گاڑی گرنے سے ایک شخص صوبائی حکومت نے شہریوں کو غیرضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان، مری اورکشمیر کے پہاڑی علاقوں پر برفباری جاری ہے، بلوچستان میں بادل ٹوٹ کر برسنے لگے۔ کوئٹہ میں موسلادھار بارش پانچ گھنٹے سے جاری ہے۔ چمن میں برستے بادل بھی رکنے کو تیار نہیں، سات گھنٹے سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔

    ژوب ،قلات ،نوشکی اور چاغی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ژوب، قلات نوشکی اور چاغی میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ چمن میں موسلادھار بارش رکنے پر تیار نہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    برساتی نالے میں گاڑٰی بہہ جانے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، خوجک ٹاپ ،خواجہ عمران اور توبہ اچکزئی میں بارش کے بعد برفباری پھر سے شروع ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، کشمیر، گلگت میں بارش کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ سمیت پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

  • کالعدم تنظیم کے کمانڈر کا قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان

    کالعدم تنظیم کے کمانڈر کا قومی دھارے میں شمولیت کا اعلان

    کوئٹہ: کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کمانڈر بلخ شیر بادینی ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے بلخ شیر بادینی کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچوں نے دشمن کا ایجنڈا مسترد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کے رہنما بلخ شیر بادینی نے ہتھیار ڈال کر قومی پرچم اٹھا لیا۔

    وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلخ شیر بادینی کو خوش آمدید کہا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ باغی رہنما نے دشمن کے ایجنڈے کو مسترد کردیا۔

    قومی دھارے میں شامل بلخ شیر بادینی کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں چلا گیا تھا۔ انہوں نے بلوچ بھائیوں سے بھارت کی باتوں میں نہ آنے کی درخواست کی۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ نے بلخ شیر کے سینے پر قومی پرچم کا بیج سجا کر دشمن کو کرارا جواب دیا۔

    اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں بھی 202 فراری تائب ہو کر قومی دھارے میں شامل ہوگئے تھے۔ تائب ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر بھی شامل تھے۔

  • بلوچستان پاکستان کا دل ہے، آرمی چیف قمر باجوہ

    بلوچستان پاکستان کا دل ہے، آرمی چیف قمر باجوہ

    خضدار : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور خضدار سمیت پورے بلوچستان میں ہر قیمت پر امن برقرار رکھیں گے جس کے لیے 30 ہزارفوجی جوان خدمات سرا نجام دے رہے ہیں۔

    آرمی چیف قمر جاوید باجوہ خضدار میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر سمینار سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ سی پیک عظیم منصوبہ ہے، پاکستان کے دل بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 30 ہزار فوجی جوان بلوچستان کی تعمیر و ترقی کی مخالف قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور پاک فوج یہاں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

    آرمی چیف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاک فضائیہ میں بلوچستان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے جب کہ بلوچستان میں 25 ہزار سے زائد بچے ایف سی اور آرمی پبلک اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اس کے علاوہ کوئٹہ میں بھی ایک انجینئرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جا رہا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان محب الوطن لوگوں کی سرزمین ہے اور اس زمین کے فرزندوں نے ملک دشمنوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ جنگ لڑی ہے اور عظیم بھی قربانیاں دی ہیں اقتصادری راہداری منصوبہ بلوچستان سمیت ملک کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    تقریب میں وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض، وفاقی وزراء، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم اور دیگر حکام کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے بھی شرکت کی۔

  • باکسر محمد وسیم ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے

    باکسر محمد وسیم ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے

    کوئٹہ : باکسر محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل کی رینکنگ میں چوتھا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، وہ پہلے پاکستانی باکسر ہیں جنہوں نے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر محمد وسیم اپنی عمدہ کارکردگی کے باعث ورلڈ باکسنگ کونسل رینکنگ کی فلائی ویٹ کیٹگری میں پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

    یہ اعزاز حاصل کر کے باکسر محمد وسیم نہ صرف یہ کہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے ’’پہلے پاکستانی باکسر‘‘ بن گئے ہیں بلکہ محض 5 عالمی مقابلوں کے بعد ہی ورلڈ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر براجمان ہونے والے ’’پہلے عالمی باکسر‘‘ کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

    واضح رہے باکسرمحمد وسیم نےگزشتہ سال نومبرمیں ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ ٹائٹل کا بھی دفاع کیا تھا، محض پانچ عالمی مقابلوں کے بعد ورلڈ رینکنگ میں چوتھا نمبر حاصل کرنے پر باکسر محمد وسیم اور ان کے اہل خانہ اللہ کے حضور شکر گذار اور مزید کامیابیوں کے لیے قوم کی دعاؤں کے طلب گار ہیں۔

    ناکافی سہولیات کے باوجود اپنی صلاحیتوں اور دن رات کی محنت سے ورلڈ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے 29 سالہ محمد وسیم نے 2010 کو بھارت میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کر کے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی اور پھر کامیابی کے منازل طے کرتے گئے۔

  • گڈو پاور پلانٹ ٹرپ کر گیا، بلوچستان کا بڑا حصہ بجلی سے محروم

    گڈو پاور پلانٹ ٹرپ کر گیا، بلوچستان کا بڑا حصہ بجلی سے محروم

    کوئٹہ: نئے سال کے پہلے روز گڈو پاور پلانٹ ٹرپ کر گیا۔ 5 یونٹ بند ہونے سے گزشتہ رات بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے گڈو پاور پلانٹ ٹرپ کر گیا جس کے باعث بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ سندھ کے مختلف علاقے بھی اندھیرے میں ڈوب گئے۔

    گڈو تھرمل پاور پلانٹ کے 5 یونٹ ٹرپ کر گئے۔ یونٹ ٹرپ کیے جانے کی وجہ فنی خرابی اور ہائی ٹینشن لائنز کا گرنا بتائی جارہی ہے۔

    پاور پلانٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خرابی دور کرنے میں 3 گھنٹے لگ سکتے ہیں تاہم تاحال بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہوسکی۔

    گڈو پاور پلانٹ ٹرپ ہوجانے سے نیشنل گریڈ کو 8 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ اس وقت گڈو پاور پلانٹ کے صرف 3 یونٹ چل رہے ہیں۔

  • کوئٹہ میں دھماکہ‘ زخمیوں کی تعداد6ہوگئی

    کوئٹہ میں دھماکہ‘ زخمیوں کی تعداد6ہوگئی

    کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی داراحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے‘ جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کا نواحی علاقہ مشرقی بائی پاس ایک زوردار دھماکے سے گونج اٹھا‘ سیکیورٹی فورسز نے تصدیق کی ہے کہ دھماکہ ان کی گاڑی کے نزدیک ہوا جس کے سبب6افرادزخمی ہوئے ہیں۔

    سیکیورٹی فورسز کے مطابق زخمی ہونے والے افراد 6 سیکیورٹی اہلکار ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایف سی فائرنگ رینج کے نزدیک پیش آیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کےمطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے نادرن بائی پاس پر سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 8کلو وزنی ٹائم بم استعمال کیا گیا۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں‘ دھماکے کی جگہ کوگھیرے میں لے لیا گیا ہےاور علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہاہےِ ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں:باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کادھماکہ،لیویز اہلکارشہید

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز نئے سال کے پہلےدن باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کےدھماکےمیں لیویز کا1اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ سال 2017 میں بلوچستان میں یہ سیکیورٹی فورسز پراپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے ۔ اس سے قبل بھی سیکیورٹی فورسز کواسی انداز میں نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

  • بلوچستان، غذائی قلت کے باعث 11 بچے جاں بحق، 350 متاثر

    بلوچستان، غذائی قلت کے باعث 11 بچے جاں بحق، 350 متاثر

    ژوب : ژوب کے ڈپٹی کمشنر محمد عظیم کاکڑ کا کہنا ہے کہ یونین کونسل تنگ سر میں خواتین اور بچوں کو شدید غذائی قلت اور خطرناک نمونیا کا سامنا ہے ایک ماہ میں 11 بچے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    یہ بات بلوچستان کے ضلع ژوب کے ڈپٹی کمشنر محمد عظیم کاکڑ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر مظفر شاہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ڈاکٹر مظفر شاہ نے بتایا کہ ایک مہینے کے دوران تنگ سر کے علاقے میں11 بچے جن کی عمریں8 ماہ سے 14 سال کے درمیان ہے نمونیا اور غذائی قلت کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عظیم کاکڑ نے بتایا کہ اسی علاقے میں مزید 350 متاثرہ بچے موجود ہیں جن میں سے 25 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر مسئلے پر قابو پانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مظفر شاہ نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کو خطرناک قسم کا نمونیا اور شدید غذائی قلت کا سامنا ہے اور متاثرہ بچوں کی سانس لینے کی رفتار انتہائی زیادہ ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ علاقے میں معمول کی ویکسینیشن سے ستر فی صد لوگ انکاری ہے۔

    ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ متاثرہ بچوں اور خواتین کی علاج و معالجے کیلئے بلوچستان حکومت نے محکمہ صحت کوتمام ضروری وسائل فراہمی کی ہدایت کی ہے جبکہ کراچی کی ایک این جی او نے رابطہ کر کے ٹیمیں روانہ کردی ہیں انشاء اللہ بہت جلد ادویات اور خوراک وافر مقدار میں علاقے میں پہنچائی جائیگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقے میں ویکسینیشن جاری ہے مرض کی تشخیص کیلئے متاثرہ مریضوں کے خون کے نمونے لیکرقومی ادارہ صحت اسلام آباد بھیجوادئیے گئے ہیں۔

    واضح رہے غذائی قلت اور مہلک بیماروں کے شکار سینکڑوں بچے صوبہ سندھ کے علاقے تھر میں بھی ناکافی سہولیات کے باعث جاں بحق ہو جاتے ہیں تا ہم چاہے سندھ ہو ہا بلوچستان حکومت ان وبائی امراض اور غذائی قلت پر تاحال قابو نہیں پا سکی ہے۔