Tag: بلوچستان

  • بلوچستان کے سرکاری محکموں میں کرپشن کے واقعات پر سرکاری دستاویزات میں انکشاف

    بلوچستان کے سرکاری محکموں میں کرپشن کے واقعات پر سرکاری دستاویزات میں انکشاف

    کوئٹہ: محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان کی جانب سے سرکاری محکموں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات پر مشتمل سرکاری دستاویز اے آر وائی نیوز کو موصول ہوئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ کی سربراہی میں سب سے زیادہ 2024 میں بدعنوانی کی شکایات پر انکوائریاں کی گئیں اور مقدمات بنائے گئے۔

    محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان کے دستاویز کے مطابق محکمے نے 2024 میں بدعنوانی کی شکایات پر 36 انکوائریاں کیں، 2019 میں 14، جب کہ 2020 میں 17، 2021 میں سب سے کم صرف 5، 2022 میں 14، سال 2023 میں 23 انکوائریاں کی گئیں، جب کہ 2024 میں سب سے زیادہ بدعنوانی کے 19 مقدمات درج کر کے کیس فائل کیے گئے۔

    نمایاں مقدمات میں سابق چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ بلوچستان عارف شاہ کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ شامل ہے، سابق وزیر کھیل عبدالخالق ہزارہ اور محسن پراچہ کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا، محکمہ پولیس کے عبدالحئ و دیگر افسران کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    پاکستان کے تنخواہ دار طبقے نے 6 ماہ میں کتنا ٹیکس ادا کیا؟ اہم انکشاف

    بولان میڈیکل کالج کے اہلکار طارق جاوید اور محکمہ بہبود آبادی کے اسسٹنٹ عبداللہ جان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف آرٹیٹک و دیگر کے خلاف بھی بدعنوانی کا مقدمہ درج کیا گیا۔

    ڈی جی عبدالواحد کاکڑ کے مطابق بدعنوانی کے تدارک کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن حکومت بلوچستان بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

  • بلوچستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 7 سابق افغان فورسز کے اہلکار گرفتار

    بلوچستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 7 سابق افغان فورسز کے اہلکار گرفتار

    چمن : لیویز نے قلعہ عبداللہ سے دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث 7 سابق افغان فورسز کے اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ مین لیویز نے خفیہ اطلاع پر گھر پر چھاپہ مارا۔

    ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ محمد ریاض خان نے بتایا کہ دہشت گردسرگرمیوں میں ملوث 7 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گرد سابق افغان فورسز کے اہلکار ہیں۔

    @arynews.official قلعہ سیف اللہ میں لیویز کا خفیہ اطلاع پر گھر پر چھاپہ #ARYNews ♬ original sound – ARY NEWS

    ڈپٹی کمشنر محمد ریاض خان کا کہنا تھا کہ گرفتاردہشت گردچوری،رہزنی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔

    یاد رہے گزشتہ سال دسمبر میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے کرم اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں افغان طالبان اور خوارج کے سرحد پار سے ہونے والے دو حملوں کو پسپا کر دیا تھا۔

    25 کے قریب عسکریت پسندوں نے افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں کو استعمال کرتے ہوئے افغانستان کی طرف سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، پاکستانی سیکورٹی فورسز نے تیزی سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا تھا۔

    پاکستانی جانب سے موثر جوابی کارروائی اور توپ خانے سے گولہ باری کے بعد طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

  • درختوں کی کٹائی پر زبردست ایکشن، شاپنگ مال پر پونے 2 کروڑ جرمانہ، افسران معطل

    درختوں کی کٹائی پر زبردست ایکشن، شاپنگ مال پر پونے 2 کروڑ جرمانہ، افسران معطل

    کوئٹہ: درختوں کی کٹائی پر محکمہ جنگلات بلوچستان نے زبردست ایکشن لیتے ہوئے ایک شاپنگ مال پر پونے 2 کروڑ جرمانہ، اور افسران کو معطل کر دیا۔

    محکمہ جنگلات بلوچستان کے مطابق کوئٹہ میں حالی روڈ پر چنار کے درختوں کی کٹائی پر جان شاپنگ مال انتظامیہ کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

    مال انتظامیہ نے حالی روڈ پر بغیر اجازت چنار کے درخت کاٹ دیے تھے، محکمہ جنگلات کوئٹہ ڈویژن کے کنزرویٹر محمد نیاز خان کاکڑ نے فاریسٹ گارڈ نوروز خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مال انتظامیہ کو ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا۔

    محکمہ جنگلات کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی اور شعبان میں بھی درختوں کی کٹائی پر نوٹس لے کر 3 بلاک افسران، اور ایک رینج فاریسٹ افسر کو معطل کر دیا گیا، مذکورہ افسران کے خلاف سوموار کو ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

    کنزرویٹر کوئٹہ ڈویژن محکمہ جنگلات نیاز کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر درختوں کی کٹائی کرنے والے ماحول دشمن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    درخت ہمارے ماحول کو صحت مند اور خوب صورت بناتے ہیں، یہ انسانی، ماحولیاتی اور اقتصادی فوائد کے حامل ہیں، نئے درخت لگا کر ان کی مکمل نگہداشت کریں گے، جس کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔

  • محکمہ صحت بلوچستان میں غیر مجاز ادائیگیوں کا سلسلہ رک نہ سکا، 52 کروڑ کی ایک اور ادائیگی کا انکشاف

    محکمہ صحت بلوچستان میں غیر مجاز ادائیگیوں کا سلسلہ رک نہ سکا، 52 کروڑ کی ایک اور ادائیگی کا انکشاف

    کوئٹہ: محکمہ صحت بلوچستان میں غیر مجاز ادائیگیوں کا سلسلہ رک نہ سکا، ایک اور ادائیگی میں 52 کروڑ روپے بانٹے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’مال مفت دل بے رحم‘ کے مصداق محکمہ صحت بلوچستان میں 52 کروڑ روپے سے زائد کی غیر مجاز ادائیگی کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، ڈاکٹروں اور دیگر افسران کو کروڑوں روپے کی غیر مجاز ادائیگی کی گئی ہے۔

    غیر مجاز ادائیگی کا انکشاف محکمہ صحت کی آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ 52 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی غیر قانونی ادائیگی ڈاکٹروں، آفیسروں اور دیگر اسٹاف کو کی گئی ہے۔

    ویڈیو رپورٹ: رائیڈرز کمر اور گردن کی تکالیف میں کیوں مبتلا ہو رہے ہیں؟

    قواعد و ضوابط کے مطابق محکمہ اس رقم کی ادائیگی کا مجاز نہیں تھا، ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں رقم کی وصولی کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم آڈٹ رپورٹ کی تیاری تک رقم کی وصولی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق ماضی میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے 20 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں، بار بار غیر مجاز ادائیگی کا اعادہ باعث تشویش ہے۔

  • بلوچستان کے سرکاری محکمے میں 13 ارب سے زائد کی بے قاعدگی کا انکشاف

    بلوچستان کے سرکاری محکمے میں 13 ارب سے زائد کی بے قاعدگی کا انکشاف

    کوئٹہ: بلوچستان کے محکمہ مواصلات و تعمیرات میں 13 ارب سے زائد کی بے قاعدگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال 23-2021 کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات میں 13 ارب 34 کروڑ کے غیر مجاز اخراجات کی نشان دہی کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں معلوم ہوا کہ 12 ارب 11 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، اور حکومتی ٹیکسوں کی مد میں 52 کروڑ روپے کی کم وصولی کی گئی۔

    ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق سرکاری خزانے سے 61 کروڑ 92 لاکھ روپے کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں، جب کہ محکمے نے مجموعی طور پر 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کی وصولی نہیں کی۔

    آڈٹ آبزرویشنز کا محکمے کی جانب سے تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا، آڈٹ رپورٹ میں ذمہ دار افراد کی نشان دہی اور کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    گزشتہ ہفتے بلوچستان میں کوئٹہ کے سول اسپتال میں دوائیوں کی خریداری کی مد میں ایک ارب سے زائد کی بے قاعدگیوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ 22-2017 تک کے آڈٹ میں زبردست بے قاعدگیاں سامنے آئیں، آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 5 سال میں اسپتال کے مین اسٹور سے 2 کروڑ 28 لاکھ کی دوائیاں غائب ہوئیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسٹنٹس کی 3 کروڑ 17 لاکھ کی مشکوک خریداری بھی سامنے آئی ہے، اسٹنٹس کی مقامی خریداری میں 4 کروڑ خرچ کیے گئے تھے۔ آکسیجن پلانٹ کے ٹینڈرز میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی بے قاعدگیاں ہوئیں، سول اسپتال کو آکسیجن سلنڈر کی غیر ضروری کھپت سے 6 کروڑ کا نقصان ہوا۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق وردی، فرنیچر اور مشینری کی خریداری کی مد میں 6 کروڑ 18 لاکھ کی بے قاعدگیاں کی گئیں۔

  • بلوچستان: سال کے پہلے ہفتے میں ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق

    بلوچستان: سال کے پہلے ہفتے میں ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: سال بدل گیا لیکن بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں کمی نہ آ سکی، نئے سال کے پہلے ہی ہفتے ٹریفک حادثات میں 10 افراد جان سے گئے۔

    قومی شاہراہوں پر قائم میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز کے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں 2025 کے پہلے ہفتے میں 438 ٹریفک حادثات رونما ہوئے، جن میں دس افراد جاں بحق ہوئے۔

    اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ساڑھے چار سو کے قریب ٹریفک حادثات 6 قومی شاہراہوں پر یکم سے 7 جنوری تک پیش آئے، جن میں 615 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ایم ای آر سی کے مطابق سب سے زیادہ 163 ٹریفک حادثات این 50 پر رونما ہوئے ہیں، جب کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ این 25 پر 115 حادثات پیش آئے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2024 میں کراچی میں ٹریفک حادثات کی شرح کافی زیادہ رہی ہے، مختلف ٹریفک حادثات میں 775 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 602 مرد، 88 خواتین، 62 بچے اور 21 بچیاں شامل تھیں، ٹریفک حادثات میں 8 ہزار 111 افراد زخمی بھی ہوئے، 6 ہزار695 مرد،1 ہزار 58 خواتین، 280 بچے، اور 78 بچیاں زخمیوں میں شامل تھیں۔

  • پارٹی تنظیم نو، پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ  شروع کر دی

    پارٹی تنظیم نو، پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ شروع کر دی

    اسلام آباد: پارٹی تنظیم نو کے دوران پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ شروع کر دی۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کرنے کے باعث پارٹی قیادت نے صوبے میں تنظیم نو رواں ماہ کرنے کا حکم دے دیا ہے، پیپلز پارٹی بلوچستان کی تنظیم نو آئندہ 2 ہفتوں میں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے، اور پارٹی قیادت سے رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، صدر پی پی بلوچستان کے لیے 5، جب کہ جنرل سیکرٹری کے لیے 2 امیدوار مدمقابل ہیں۔

    صدر پی پی بلوچستان کے لیے صادق عمرانی اور ثنا اللہ زہری میں مقابلہ ہے، صدارت کے لیے صابر بلوچ، علی حسن زہری، اور عمر گوریج کی جانب سے بھی لابنگ جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میر علی حسن زہری صدر پیپلز پارٹی بلوچستان کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، وہ آصف زرداری کے انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی بلوچستان کے لیے سربلند جوگیزئی اور نورالدین کاکڑ مدمقابل ہیں، تاہم سربلند جوگیزئی فیورٹ ہیں۔

    یاد رہے کہ پارٹی قیادت کے حکم پر 28 ستمبر کو بلوچستان تنظیم تحلیل کی گئی تھی، اور صدر پی پی بلوچستان چنگیز جمالی اور جنرل سیکریٹری روزی خان کو ہٹایا گیا تھا، پی پی بلوچستان ڈویژنل، ضلعی عہدیدار صوبائی تنظیم کے مخالف تھے۔

    صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے ری آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے، بلوچستان ری آرگنائزنگ کمیٹی تنظیم نو پر سفارشات قیادت کو دے گی، یہ کمیٹی صادق عمرانی، عمر گورگیج، اقبال شاہ پر مشتمل ہے، اور ثنا اللہ زہری، میرباز کھیتران، صابر بلوچ ری آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔

  • بارش برسانے والا سسٹم  پاکستان  میں داخل  ہونے  کے لئے تیار

    بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار

    اسلام آباد : بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے ، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 4 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج شمال اور مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بونداباندی متوقع ہے۔

    کشمیر،گلگت بلتستان میں شدید سردی اوربرفباری کا امکان ہے اور چترال، دیر، سوات میں برفباری کی توقع ہے جبکہ کوئٹہ بارکھان میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں داخل ہونے والے سسٹم کا کراچی پر بھی اثر پڑے گا، جس کے باعث شہر میں 4 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور شہر قائد میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے گرسکتا ہے۔

    اسکردو میں درجہ حرارت منفی نو، گلگت میں منفی چھ تک گرگیا جبکہ مری اور کوئٹہ میں درجہ حرارت صفر، اسلام آباد اور پشاور میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں

     

  • نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیوں منسوخ ہوا؟

    نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیوں منسوخ ہوا؟

    کراچی: نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو فضائی آپریشن کے لیے کھولنے کا معاملہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یکم جنوری کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کے لیے آپریشنل نہیں ہو سکے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تیسری بار ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی۔

    ذرائع وزارت ہوا بازی کے مطابق پی آئی اے کی نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے یکم جنوری کی پہلی کمرشل پرواز کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے، جب کہ وزیر ہوا بازی کی عدم دستیابی کے باعث نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب کو منسوخ کیا گیا۔

    گوادر ایئرپورٹ کب سے آپریشنل ہو رہا ہے؟ اہم خصوصیات جانیے!

    پی آئی اے نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے یکم جنوری کو شیڈول پہلی کمرشل پرواز کو منسوخ کیا ہے۔ یاد رہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ چینی سرمایہ کاری سے 246 ملین ڈالر کی خطیر لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر پر 55 ارب روپے کی لاگت آئی ہے، ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں، جن پر ایئر بس 380 سمیت دیگر بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں۔ یہ ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے، اور چین کے اشتراک سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسے تعمیر کیا ہے۔

  • بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    بلوچستان کے ضلع چمن زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع چمن اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکزشمال مشرقی افغانستان تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ، گلستان، جنگل پیرعلی زئی اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کےجھٹکے محسوس کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر قندھار، اسپین بولدک سمیت متعدد اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔

    زلزلے کے جھٹکوں کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلے کے نتیجے میں ہوئے نقصانات کے حوالے سے فی الحال کسی قسم کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ژوب میں زلزلے کے پے در پے دو بار جھٹکے محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلوں کی شدت 5 ریکارڈ کیا گیا تھا۔