Tag: baluchistan

  • بیرون ملک سے آنے والے 9 لاکھ مسافروں کا کوئی علم نہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

    بیرون ملک سے آنے والے 9 لاکھ مسافروں کا کوئی علم نہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

    کراچی: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 9لاکھ لوگ بیرون ملک سے پاکستان آئے جن کا کچھ نہیں پتہ کہاں ہیں، ہمیں ایسے لوگوں کی نشاندہی کرکے ٹیسٹنگ کرنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے ایران سے آنے والے 5ہزار زائرین تفتان میں رکھا، زائرین کا ہمیں معلوم ہے کہاں ہیں جبکہ 9لاکھ دیگر پاکستانی بھی بیرون ملک سے آئے۔ ساڑھے 12ہزار پاکستانی ہوائی راستے سے بلوچستان پہنچے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ معاون خصوصی زلفی بخاری سے زائرین سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، میری جو بھی گفتگو ہوئی ہے وہ معاون خصوصی ظفرمرزا سے ہوئی، کروناوائرس کے کئی ایسے مریض ہیں جن میں کوئی علامات نہیں، ڈبل ٹیسٹنگ میں منفی آنے والے افراد کو گھروں کو جانے دے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں اب تک 2ہزارتک کروناٹیسٹ کرچکے ہیں، صوبے میں اس وقت 400افراد کے لیے ٹیسٹ کی سہولت ہے، آئندہ چند دنوں میں مزید ٹیسٹنگ کٹس مل جائیں گی، مزید کٹس مل جائیں گی تو تعداد5ہزار تک چلی جائے گی، وفاق سے کم سے کم 50ہزار تک ٹیسٹنگ کٹس مانگی ہیں۔

    کورونا وائرس : حکومت کا 14 اپریل تک لاک ڈاؤن برقرار رکھنے کا فیصلہ

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وینٹی لیٹرز، پی پی ایز اور دیگر سامان کی ضرورت ہے، ہمیں ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانا ہوگی، ہمارے پاس پرائیویٹ سیکٹر میں کوئی وسائل نہیں، صوبے کا دارومدار صرف کوئٹہ کے اسپتالوں پر ہے، اس وقت ہمارے پاس مجموعی طور پر 60وینٹی لیٹر ہیں، خوش قسمتی ہے اس وقت بلوچستان میں کوئی کرونا مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے، اس وقت طبی عملے کی ضروریات کو پورا کررہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ایران میں کرونا کیسز آنے کے بعد بارڈر سیل کیا، ڈاکٹرظفرمرزا بلوچستان آئے اور میرے ساتھ تفتان کا دورہ کیا، تفتان دوردراز علاقہ ہے، سہولتیں بھی نہیں تھیں، ایران نے بفرزون کے مقام پر 250،300لوگوں کو ٹھہرا دیا ایرانی حکام نے کہا یہ آپ کے لوگ ہیں آپ خود صورتحال دیکھیں۔

  • کروناوائرس: بلوچستان حکومت کا کنٹینرز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ

    کروناوائرس: بلوچستان حکومت کا کنٹینرز پر مشتمل اسپتال بنانے کا فیصلہ

    کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے کنٹینرز پر مشتمل اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپتال اور ریلیف سینٹر بنانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی ہدایت اور گائیڈ لائن کے مطابق کیا گیا۔ کنٹینر آپریشن تھیٹر، آئیسولیشن رومز اور طبی عملے کی رہائش پر مشتمل ہوگا۔

    کنٹینرریلیف ایمرجنسی مرکز میں رہائشی سہولت اور غسل خانےموجود ہوں گے۔ ایمرجنسی مرکز قدرتی آفات میں فوری متاثرہ علاقوں میں منتقل کیا جاسکے گا۔ ابتدائی طور پر پی ڈی ایم اے کے 15سوکنٹینرز کو منصوبے کے لیے لایا جائے گا۔

    کنٹینر اسپتال کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس بھرتی کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے پی ڈی ایم اے کو منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کردی اور ہرممکن اقدامات پر زور دیا ہے۔

    کرونا وائرس، پاک فوج کے جوان ملک بھر سول انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار نے کہا ہے کہ وفاق وصوبائی انتظامیہ کرونا وائرس سے عوام کے تحفظ میں مصروف ہے اور پاک فوج کے جوان سول انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں۔ فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور چاروں بین الاقوامی سرحدوں پر نقل وحرکت کی نگرانی کی جارہی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے34اضلاع میں مشترکہ چیک پوسٹیں اورپٹرولنگ کی جارہی ہے جبکہ سندھ کے 29 اضلاع میں بھی تمام داخلی اورخارجی مراکز کی نگرانی جاری ہے۔

  • کروناوائرس: صوبائی حکومت کا کم آمدنی والوں کی مالی معاونت کا اعلان

    کروناوائرس: صوبائی حکومت کا کم آمدنی والوں کی مالی معاونت کا اعلان

    کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے کروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کی مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کروناوائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کی مالی معاونت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والوں کی معاونت کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عوام پبلک ٹرانسپورٹ استعمال نہ کریں۔

    پاکستان دنیا بھر کی طرح خود بھی مہلک وائرس سے لڑ رہا ہے۔ ملک میں مستند کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 326 ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    کرونا سے نمٹنے کے لیے میڈیکل پلان آف ایکشن تیار کر لیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

    اس اہم مشن میں پاک فوج بھی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے میڈیکل پلان آف ایکشن تیار کر لیا ہے، دعا ہے اللہ پاکستان کو کرونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھے، افواج پاکستان پوری طرح تیار ہے، سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، وبا پر قابو پانے کے لیے وفاق اور صوبوں سے رابطے میں ہیں۔

  • کروناوائرس: بلوچستان حکومت کا بڑا فیصلہ

    کروناوائرس: بلوچستان حکومت کا بڑا فیصلہ

    کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے ’کوویڈ 19 فنڈ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرخزانہ ظہور بلیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا ہے کہ حکومت بلوچستان 1 ارب روپے کروناوائرس سے متعلق قائم فنڈ میں جمع کرائے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزرا ایک مہینے کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے جبکہ افسران اور ملازمین بھی حصہ ڈالیں گے، مخیر حضرات سے فنڈ کے ذریعے مدد کی اپیل کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 247 تک پہنچ گئی ہے، سب سے زیادہ کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے۔

    کرونا وائرس، پاکستانی ماہرین نے اہم کامیابی حاصل کرلی

    طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ہر تھوڑی دیر بعد جراثیم کش سینیٹائزر سے بیس سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔

    ادھر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے قوم کو خوش خبری سنائی ہے کہ حکومت پاکستان کے زیر انتظام ادارے نے اپنا سینیٹائزر (ہینڈ واش) تیار کرلیا۔

  • حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم قدم

    حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم قدم

    کوئٹہ: حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم اقدام سامنے آگیا، صوبے کے 4شہروں میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کھولے جائیں گے۔ یونیورسٹی ترجمان نے تصدیق کردی۔ جن شہروں میں کیمپس کھولے جائیں گے ان میں پشین، تربت، اتل اور خضدار شامل ہیں۔

    ورچوئل یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں معاہدہ طے پاگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کی ہدایت پر معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے، کیمپس کے لیے عمارات بلوچستان یونیورسٹی فراہم کرے گی۔ صوبے کی ترقی کے لیے مستقبل میں مزید حکومتی اقدامات سامنے آئیں گے۔

    علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا فاٹا،بلوچستان کےطلبا کومفت تعلیم فراہم کرنےکا اعلان

    خیال رہے کہ اکتوبر 2017 کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشاہد صدیقی نے انگریزی زبان وادب میں عصرحاضر کے رجحانات کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا اور صوبہ بلوچستان کے طلبا کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    جبکہ صوبے میں تعلیم کے فروغ سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس کا مقصد بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اور صوبے کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔

  • بلوچستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد 2823 تک پہنچ گئی

    بلوچستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد 2823 تک پہنچ گئی

    کوئٹہ: بلوچستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد 2823 تک پہنچ گئی ہے، محکمہ صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 1898 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    محکمہ صحت بلوچستان کے اعداد وشمار کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں 2823 ڈینگی کیسز کے علاوہ 925 افراد سے متعلق شبہ ہے کہ وہ ڈینگی وائرس سے متاثر ہیں صوبے میں ڈینگی سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق صوبے میں ڈینگی کیسز ضلع کیچ ، گوادر اور لسبیلہ میں سامنے آئے ہیں جن میں ضلع کیچ سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 1747 کیسز رپورٹ ہوئے گوادر میں 872 اور لسبیلہ میں تاحال 204 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    سیکرٹری صحت بلوچستان حافظ عبد الماجد کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ڈینگی کی تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور متاثرہ اضلاع میں علاج معالجہ کے ساتھ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لئے بھی مہم چلائی جاررہی ہے۔

    راولپنڈی میں ڈینگی مچھر نے مزید دو افراد کی جان لے لی، مجموعی تعداد 28 ہوگئی

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایات پر ڈینگی سے نمٹنے کیلئے مؤثر اور قابل عمل حکمتِ عملی مرتب کر لی گئی ہے اور ڈینگی وائرس کے تدارک کے لیے اقدامات کی مانیٹرنگ کی جاررہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حسب ضرورت طبی و تیکنیکی معاونت کے لیے متعلقہ ماہرینِ طب سے کوآرڈینشن جاری ہے اور موجودہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام دستیاب وسائل جامع منصوبہ بندی کے تحت بروئے کار لائے جاررہے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کردیا

    کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت جام کمال نے بلوچستان کے شہر گوادر میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف منصوبوں میں 4ارب روپے کی لاگت سے سوڈڈیم تاگوادر پانی کا پائپ لائن بھی شامل ہے۔ جبکہ تیار منصوبوں میں کالج کا ایڈمن بلاک اور مختلف پکی سڑکیں شامل ہیں۔

    وزیراعظم کے وژن کے تحت خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کے لیے ترقیاتی منصوبے لگائے جارہے ہیں۔ گوادر میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے گرین انرجی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان سے آل پارٹیز رہنماؤں کی ملاقاتیں کیں، اس دوران آل پارٹیز رہنماؤں نے جام کمال کو ماسٹرپلان سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ نئے ماسٹر پلان کا سب سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو ہوگا، شہر کی پرانی آبادی اپنی جگہ پر برقرار رہے گی، ماہ گیری کی صنعت بھی متاثر نہیں ہوگی۔

    ملک دشمن قوتیں بلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، جام کمال خان

    یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مکران ڈویژن خاص طور سے گوادر کی اہمیت مسلمہ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے لہٰذا ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔

  • وزیر اعظم کے وژن کے تحت بلوچستان کے عوام کیلئے خوشخبری

    وزیر اعظم کے وژن کے تحت بلوچستان کے عوام کیلئے خوشخبری

    کوئٹہ: خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کے وژن کے تحت کوئٹہ ایئرپورٹ پر مسافر طیاروں کیلئے دو جدید بورڈنگ برج نصب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا وژن بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ ہے، اور موجودہ حکومت کی جانب سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    کوئٹہ ایئرپورٹ پر امریکا سے درآمد کیے گئے بورڈنگ برجز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا۔ بلوچستان کے حجاج کی کوئٹہ واپسی کا سلسلہ پیر سے ہوگا۔

    نوٹم کے مطابق کوئٹہ ائیرپورٹ پرٹیکسی وے اور پارکنگ کے وقت کپتان احتیاط برتیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔ بورڈنگ برج کل سے مکمل طور پر فعال ہوگا۔

    عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کے مسائل کے خاتمے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی اس بات کا اقرار کرچکے ہیں۔

    پاک چین اقتصادی راہداری سے حاصل ہونے والے فوائد کا بڑا حصہ بلوچستان پر بھی خرچ کیا جائے گا۔ جبکہ صوبے میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بھی حکمت عملی زیرغور ہے۔

  • صادق سنجرانی کی کامیابی اتحادیوں کی محنت کا نتیجہ ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    صادق سنجرانی کی کامیابی اتحادیوں کی محنت کا نتیجہ ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کی کامیابی انتہائی اہم ہے، کامیابی کے لیے جمہوری اور سیاسی راستہ اپنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صادق سنجرانی کی کامیابی پر سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ رکھا، اس موقع پر اسدقیصر، قاسم سوری، چوہدری غلام سرور اور زبیدہ جلال سمیت فردوس عاشق اعوان ودیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

    عشائیے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی اتحادیوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے جمہوری اور سیاسی راستہ اپنایا گیا، بی اے پی حمایت پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کی مشکور ہے۔ دریں اثنا شرکا کی جانب سے بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد دی گئی۔

    یاد رہے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی ہے ، جس کے ساتھ ہی وہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر برقرار رہیں گے، قرارداد پر ووٹنگ کے دور ان میر حاصل بزنجو نے 50اور صادق سنجرانی نے 45ووٹ حاصل کئے ، پانچ ووٹ مسترد ہوئے۔

    اپوزیشن ناکام ہو گئی، مولانا نے مریم نواز اور بلاول کو استعمال کیا: فواد چوہدری

    چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور حکومتی اراکین کی جانب سے ایک سنجرانی سب پر بھاری کے نعرے لگائے گئے۔

  • بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

    بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

    کوئٹہ: بلوچستان حکام نے سرکاری اور نجی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا آغاز کردیا۔

    ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف کاروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب سرکاری اور نجی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تجاوزارت کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو رعایت دینا ملک و قوم کے ساتھ ناانصافی کرنے کے مترادف ہے اس لیے حکومت فیصلہ کر چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہر کوئی اپنی ملکی و قومی زمہ داری خوش اصلوبی سے سر انجام دے۔

    ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ کی معاشی بہتری کے لیے حکومت جلد ایک انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کرے گی تاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ (FDI) کو بڑھایا جا سکے۔