Tag: Ban

  • بچوں کو تھیٹر لے جانے پر پابندی عائد

    بچوں کو تھیٹر لے جانے پر پابندی عائد

    اداکار الو ارجن کی ’فلم پشپا 2 ‘ کے پریمیئر کے دوران سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کے بعد تلنگانہ ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ سنادیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس بی وجے سین ریڈی نے یہ حکم دو درخواستوں کی سماعت کے دوران دیا جن میں غیر معمولی شوز اور ٹکٹ کے اضافے پر اعتراض کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے پشپا 2 اور رام چرن کی فلم گیم چینجر کے لیے اسپیشل شوز کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے تھیٹرز میں بچوں کے داخلے کو صبح 11 بجے سے پہلے اور رات 11 بجے کے بعد محدود کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت نے حکومت اور تھیٹر انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کو صبح 11 بجے سے پہلے اور رات 11 بجے کے بعد شوز دیکھنے کی اجازت نہ دی جائے۔

    واضح رہے کہ یہ فیصلہ پشپا 2 کے دوران بھگدڑ کے باعث ایک خاتون کی ہلاکت اور 10 سالہ لڑکے کے شدید زخمی ہونے کے بعد آیا، عدالت نے ریاستی حکومت پر اضافی شوز اور ٹکٹ بڑھانے کی اجازت دینے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pushpa-2-premiere-boy-in-critical-condition/

  • افغان خواتین پر تعلیم کے دروازے بند: پاکستان کا اظہار مایوسی

    افغان خواتین پر تعلیم کے دروازے بند: پاکستان کا اظہار مایوسی

    اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے خواتین کے لیے یونیورسٹی اور اعلیٰ تعلیم معطل کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مرد و عورت کو اسلامی احکامات کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کا فطری حق حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغان حکام طالبات کے لیے یونیورسٹی اور اعلیٰ تعلیم معطل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبات کے لیے یونیورسٹی اور علیٰ تعلیم کی معطلی کے فیصلے سے مایوسی ہے، اس معاملے پر پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل رہا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ہر مرد و عورت کو اسلامی احکامات کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کا فطری حق حاصل ہے، ہم افغان حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

    خیال رہے کہ افغان طالبان نے ملک کی یونیورسٹیوں میں خواتین کے لیے تعلیم پر پابندی عائد کر دی ہے، افغانستان میں پہلے ہی خواتین کو اکثر سیکنڈری اسکولوں میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔

    3 ماہ قبل افغانستان بھر میں ہزاروں لڑکیوں اور خواتین نے یونیورسٹی میں داخلے کا امتحان دیا تھا، مگر طالبان نے مضامین کے انتخاب کے حوالے سے ان پر پابندیاں لگائی تھیں۔

    خواتین پر عائد کردہ پابندی کے تحت وہ وٹنری سائنس، انجینیئرنگ، اکنامکس اور زراعت میں تعلیم حاصل نہیں کر سکتیں جبکہ صحافت میں بھی ان کا جانا مشکل ہوگیا تھا۔

  • پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی گئی، فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی۔

    مذکورہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تاجر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مارکیٹیں اتوار کے روز بھی کھلیں گی۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ پنجاب بھر میں بازار جلد کھولنے اور رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

  • روس کی سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت متعدد برطانوی شہریوں پر پابندی

    روس کی سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت متعدد برطانوی شہریوں پر پابندی

    ماسکو: روس نے سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت 39 برطانوی شہریوں کا ملک میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا، مذکورہ افراد میں سیاست دان، صحافی اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس نے برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم میں سے ڈیوڈ کیمرون سمیت 39 برطانوی شہریوں کا ملک میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ تحریری بیان میں برطانیہ کی طرف سے روسی سیاسی، اقتصادی اور میڈیا نمائندوں پر پابندیوں کے اطلاق کی یاد دہانی کروائی گئی۔

    بیان میں کہا گیا کہ اس کے جواب میں برطانیہ کے بعض سیاست دانوں، کاروباری شخصیات اور صحافیوں سمیت 39 شہریوں کو پابندیوں کی فہرست میں داخل کر دیا گیا ہے، مذکورہ اشخاص کے روس میں داخلے کو بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

    بیان میں پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے گئے افراد کے نام بھی شائع کیے گئے ہیں جس میں برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام بھی شامل ہے۔

  • پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    برسلز: یورپی یونین نے اگلے 13 سال میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو ختم کر کے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    بین الاقوامی ویب سائت کے مطابق یورپی یونین نے ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت سنہ 2035 تک مکمل طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ اعلان 27 رکنی بلاک نے بدھ کو کیا جس کا مقصد آلودگی کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ تجویز جولائی 2021 میں سامنے آئی تھی، جس کی منظوری دی گئی ہے۔ یورپی یونین کے فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک انجن پر شفٹ کیا جائے گا۔

    اس اقدام کا مقصد ماحولیات کے تحفظ سے متعلق طے کیے گئے اہداف کو حاصل کرنا ہے جس میں 2050 تک کاربن کے اخراج کو صفر کرنا ہے۔

    جرمنی اور اٹلی سمیت بلاک میں شامل دیگر ممالک کی درخواست پر تمام 27 ممالک نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں آلودگی کے مسائل سے بچنے کے لیے متبادل ٹیکنالوجیز کی طرف بڑھنا چاہیئے، جیسا کہ ہائبرڈ یا بجلی سے چلنے والی گاڑیاں جن کی مدد سے فضا کو آلودہ بنانے والی گیسز کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو بھی 5 سال کے لیے اس پابندی سے چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے، اس میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جو 2035 کے آخر تک سالانہ 10 ہزار سے کم گاڑیاں بنا رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس شق کو فراری ترمیم کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے کیونکہ اس سے پرتعیش برانڈز کو فائدہ ہوگا، ان اقدامات پر اب یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے ساتھ بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔

    اجلاس کی صدارت کرنے والی فرانس کی وزیر برائے ماحولیات ایگنس پینیر رنیچر کا کہنا ہے کہ یہ ہماری آٹو موٹیو انڈسٹری کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور امریکا کے ساتھ مسابقت کے لیے یہ ایک بہت بڑی ضرورت ہے جن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے لیے بہت بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: بھارتی گندم کی برآمد پر پابندی

    متحدہ عرب امارات: بھارتی گندم کی برآمد پر پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بھارتی گندم کی ایکسپورٹ پر 4 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی، پہلے سے موجود گندم ایکسپورٹ کرنے کے لیے تمام دستاویزات پیش کرنے ہوں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصاد نے 4 ماہ کے لیے بھارت گندم کی ایکسپورٹ معطل کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    اماراتی وزارت اقتصاد نے کہا ہے کہ بھارتی گندم اور آٹے کی ایکسپورٹ اور ری ایکسپورٹ 4 ماہ کے لیے بند کی جارہی ہے، فیصلہ ہرطرح کی گندم پر لاگو ہوگا۔ آٹے کی ایکسپورٹ اور ری ایکسپورٹ دونوں پر بندش ہوگی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ جن کمپنیوں نے 13 مئی 2022 سے قبل بھارتی گندم درآمد کی ہے اور اب اسے ایکسپورٹ یا ری ایکسپورٹ کرنا چاہتی ہے، اس کے لیے اجازت طلب کرسکتی ہیں تاہم انہیں تمام دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

    بھارتی گندم کی مصنوعات اور آٹا ایکسپورٹ یا ری ایکسپورٹ کرنے کے لیے بھی باقاعدہ اجازت حاصل کرنا اور تمام دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

    اجازت نامہ اجرا کی تاریخ سے 30 روز کے لیے مؤثر ہوگا، درخواست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دی جائے گی اور براہ راست بھی پیش کی جا سکتی ہے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کاروباری سرگرمیوں پر اثر انداز عالمی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے۔

  • امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دوپہر کے اوقات میں مزدوروں کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ 15 جون سے 15 ستمبر 2022 تک دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں کسی بھی کارکن سے ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، اس پر پابندی ہے۔

    وزارت کے ڈپٹی سیکریٹری محسن النسی کا کہنا تھا کہ امارات میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی پر پابندی کا سلسلہ 17 برس پہلے شروع کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پابندی انسانی بنیادوں پر ہے، موسم گرما میں سخت درجہ حرارت کے باعث کارکنان کے لیے کھلے مقاامات پر دھوپ میں کام کرنا بے حد مشکل ہوتا ہے۔

    ڈپٹی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی امارات میں لیبر مارکیٹ کی انفرادیت بن چکی ہے، برسوں سے اس پابندی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کے مشاہدے میں اس پابندی کی خلاف ورزی آئے تو اس کی رپورٹ کروائی جا سکتی ہے۔

  • روس نے 287 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

    روس نے 287 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

    ماسکو: روس نے برطانیہ کے 287 ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، روس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو اسی زبان میں پابندیوں کا جواب دیں گے۔

    روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق برطانوی حکومت کی طرف سے 11 مارچ کو روسی پارلیمان کے 386 ارکان پر پابندی عائد کیے جانے کے ردعمل میں 287 برطانوی ارکان پارلیمان پر جوابی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    روس نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ پر غیر ضروری روس مخالف جذبات کو بھڑکانے کا الزام بھی لگایا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل یوکرین میں تنازعے پر سوئیڈن کی جانب سے 3 روسی سفارت کاروں کو نکالے جانے کے بعد روسی حکام نے سوئیڈن کے 3 سفارت کاروں کو بھی ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

    روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو میں سوئیڈن کے سفیر کو طلب کیا گیا اورسوئیڈن کے ذریعے روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے اقدام کے خلاف سخت احتجاج درج کروایا گیا۔

    خیال رہے کہ یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن میں امریکا اور یورپی ممالک کی مداخلت کے بعد حالات سنگین ہوگئے ہیں اور روس نے واضح کیا کہ اگر مداخلتوں کا سلسلہ جاری رہا تو آگ کے شعلے بہت دور تک جا سکتے ہیں۔

  • امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ڈرونز اور مختلف انواع کے ہلکے اسپورٹس طیارے اڑانے کے شوقین افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے تحت امارات میں فضائی اسپورٹس کی سرگرمیوں پر 22 جنوری 2022 سے ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کھیل کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور ہلکے جہازوں سے متعلق بعض خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، ڈرونز کو ممنوعہ مقامات پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

    ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ مقررہ پابندی پر عمل کریں، لائسنس حاصل کیے بغیر ڈرون اڑانا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    ماسکو: روس میں ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے جو ری سائیکل نہیں ہوسکتی اور ماحولیات کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی حکمران سیاسی پارٹی متحدہ روس کے چیئرمین اور روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدف کا خیال ہے کہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ جو ری سائیکل نہ ہوسکے اس پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔

    میدویدف نے ہفتے کے روز ماحولیاتی امور سے متعلق پارٹی کے ایک اسٹریٹجک پارٹی اجلاس میں کہا کہ پوری دنیا اس سمت بڑھ رہی ہے کہ وہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس مرحلے پر بروقت ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور ایسی پیکجنگ کو مرحلہ وار ختم کرنا چاہیئے۔