Tag: ban on public gatherings

  • لاہور ہائی کورٹ نے پی ڈی ایم  کے جلسے رکوانے کی درخواست مسترد کردی

    لاہور ہائی کورٹ نے پی ڈی ایم کے جلسے رکوانے کی درخواست مسترد کردی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پی ڈی ایم کے جلسے اور اسمبلی سیشنز رکوانے کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مسعود عابد نقوی نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سلمان کاظمی کی پی ڈی ایم کے جلسے اور اسمبلی سیشنز رکوانے کی درخواست پر سماعت کی، جس میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کو فریق بنایا گیا۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کیسے عدالت میں آ گئے، کس بنیاد پر آپ کہتے ہیں کہ جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کی جاٸے۔

    درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں پہلے بھی کورونا سے متعلق کیسز آ چکے ہیں، ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں جلسے کرنے جارہی ہیں، جو کرونا پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ جلسے کروانا اور ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا حکومت کا کام ہے، عدالت پالیسی معاملات میں کیسے مداخلت کر سکتی ہے، دلائل کے بعد عدالت نے درخواست نا قابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

  • کرونا کیسز میں اضافہ، عوامی اجتماعات پر پابندی، این سی او سی کا نیا ہدایت نامہ جاری

    کرونا کیسز میں اضافہ، عوامی اجتماعات پر پابندی، این سی او سی کا نیا ہدایت نامہ جاری

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کرونا کیسز کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عوامی اجتماعات نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نئی ہیلتھ گائیڈ لائنز جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کرونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کررہا ہے تاہم حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات کے باعث دیگر ممالک کی طرح نظام زندگی منجمد ہونے سے بچا ہوا ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث نئی ہیلتھ گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق کورونا کی شرح بڑھنے والے شہروں میں عوامی اجتماعات پر پابندی ہو گی، نا گزیر عوامی اجتماع میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے جبکہ ان ڈور تقریب میں 500 سے زیادہ افراد شریک نہ ہوں اور تقریب کا دورانیہ بھی تین گھنٹے سے زائد نہ ہو۔

    ہیلتھ گائیڈ لائنز میں بتایا گیا ہے کہ ان ڈور منعقد ہونے والی تقریب میں کرسیوں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہے اور تقریب کے دوران کھڑے ہونے پر پابندی ہوگی جبکہ بچوں اور معمر افراد کی عوامی تقریبات میں شرکت کو روکا جائے۔

    این سی او سی نے ہدایات میں مزید کہا کہ کورونا اور سانس کی بیماریوں کی علامات کے حامل افراد کو شرکت کی اجازت نہ دی جائے، ذیابیطس، بلند فشار خون اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد بھی عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کریں۔

    گائیڈلائنز کے مطابق اجتماعات میں ہاتھ ملانے، گلے ملنے اور کھانا کھانے سے پرہیز کیا جائے، پانی پینے کے حوالے سے سہولیات کو بھی مناسب فاصلوں پر رکھا جائے۔