Tag: ban on visa

  • کویت نے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کردی

    کویت نے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کردی

    کویت : کویت نے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کردی ہے،کویت نے پاکستان پر چھ سال قبل ویزا پابندی عائد کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دورہ کویت کے دوران امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ملاقات میں کویت میں پاکستانیوں کے ویزے سے متعلق امور زیرغور آئے۔

    ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کویت کی جانب سے پاکستانیوں پر لگائی گئی ویزا پابندی ختم کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق بیان پیلس میں دونوں سربراہان کی ملاقات میں پانچ مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان اور کویت نے جوائنٹ بزنس کونسل بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ کویت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، پاکستان کویت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ‘پاکستان کے انفرااسٹرکچر اور توانائی کے بڑے منصوبوں میں کویت سے مزید سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔

    قبل ازیں وزیراعظم نے کویت پارلیمنٹ کے اسپیکر مرذوق علی الغانم سے ملاقات کی جب کہ پارلیمنٹ آمد پر ان کااستقبال کیا گیااور انہیں کویتی پارلیمنٹ کی ساخت اور کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

    واضح رہے کہ کویت نے پاکستان پر چھ سال قبل ویزا پابندی عائد کی تھی اور اس دوران متعدد بار کی پابندی کو ختم کرانے کی کوشش کی گئی جو ناکام رہی۔

  • دبئی: ہیلتھ انشورنس کے بغیر ویزا دینے پر پابندی

    دبئی: ہیلتھ انشورنس کے بغیر ویزا دینے پر پابندی

    دبئی: حکام نے ہیلتھ انشورنس کے بغیر ویزا دینے اور اس کی توسیع پر پابندی عائد کردی، حکام نے کہا ہے کہ ویزا کے ساتھ ہیلتھ انشورنس سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

    خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی حکومت نے ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ ویزا سے قبل ہیلتھ انشورنس کا عمل مکمل کرائیں بصورت دیگر انہیں ویزا جاری نہیں کیا جائےگا۔

    فیصلے پر یکم جنوری سے عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے، قبل ازیں حکام نے ہیلتھ انشورنس کرانے کے لیے وہاں مقیم افراد اور ویزا کے خواہش مند افراد کے لیے 31 دسمبر 2016ء تک کی تاریخ مقرر کی تھی جو ختم ہوگئی۔

    دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ہیلتھ فنڈنگ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر الیوسف نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ دبئی میں رہائش پذیر کسی بھی شخص کو ہیلتھ انشورنس کے بغیر نہ ویزا ملے اور نہ اس کی مدت میں اضافہ کیا جائےگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئے افراد ویزا کے لیے اور پہلے سے مقیم باشندے ویزا میں توسیع کے لیے درخواست کے ساتھ ہیلتھ انشورنس کا سرٹیفکیٹ لازمی پیش کریں ورنہ انہیں ناکامی کا سامنا ہوگا۔

    حکام کے مطابق ہیلتھ انشورنس کے لیے کسی بھی مستند میڈیکل کمپنی سے رجوع کیا جاسکتا ہے جو انہیں سرٹیفکیٹ جاری کردے گی۔