Tag: Bangladesh

  • پاکستان آکر اور کرکٹ کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے: کپتان بنگلادیش ویمن ٹیم

    پاکستان آکر اور کرکٹ کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے: کپتان بنگلادیش ویمن ٹیم

    لاہور: بنگلادیش ویمن ٹیم کی کپتان جہاں آرا کا کہنا ہے کہ بہترین سیکیورٹی انتظامات سے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی علی عامر ملک نے ٹیموں اور آفیشلز کا استقبال کیا۔

    دونوں ٹیموں کو سیف سٹیز کے قیام کے مقصد اور ورکنگ سے متعلق آگاہی دی گئی، اس موقع پر بنگلادیش ویمن ٹیم کی کپتان کاکہنا تھا کہ پاکستان آکر اور کرکٹ کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہترین سیکیورٹی انتظامات سے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہوئی، لاہور میں بہت پیار ملا اور اچھی کرکٹ کھیلنے کو ملی۔

    جہاں آرا کا مزید کہنا تھا کہ اتھارٹی ورک فورس میں خواتین کی کثیر تعداد خوش آئند ہے۔ خیال رہے کہ سیف سٹیز کی جانب سے ویمن ٹیمز کو تحائف اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

    بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز، ویمنز ٹیم کا اعلان

    خیال رہے کہ 30 اکتوبر کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کیا، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔

  • طالبہ کو زندہ جلانے والے 16 افراد کو سزائے موت

    طالبہ کو زندہ جلانے والے 16 افراد کو سزائے موت

    ڈھاکہ: بنگلادیشی عدالت نے 19 سالہ طالبہ نصرت جہاں رفیع کے قتل میں ملوث 16 افراد کو سزائے موت سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی عدالت نے 7 ماہ بعد 19 سالہ طالبہ نصرت جہاں رفیع کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے طالبہ کو آگ لگانے والے ہیڈماسٹر سمیت 16 حملہ آوروں کو سزائے موت سنادی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تفتیشی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ بنگلادیش میں ایک مدرسے کی طالبہ نصرت جہاں رفیع نے پولیس میں اپنے ہیڈماسٹر کے خلاف جنسی ہراسانی کی درخواست دے رکھی تھی۔

    پولیس افسر نے کہا کہ اس درخواست کے بعد ہیڈماسٹر نے چند افراد کو یہ کیس واپس لینے کے لیے ناصرف دباؤ ڈالنے کا کہا بلکہ انکار کی صورت میں قتل کرنے کی ہدایت بھی دی۔

    تفتیشی افسر کے مطابق حملہ آوروں نے نصرف کو جھانسا دیکر چھت پر بلایا اور مقدمہ واپس لینے کے لیے کہا لیکن وہ نہ مانی جس پر انہوں نے تیل چھڑک کر 19 سالہ طالبہ کو آگ لگادی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

    طالبہ نے مرنے سے پہلے ایک ویڈیو میں ہیڈماسٹر کے خلاف تمام الزامات کو دہرایا اور چند حملہ آوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ استاد نے مجھے چھوا اور میں آخری دم تک لڑوں گی۔

    واضح رہے نصرت جہاں رفیع کی موت کے بعد بنگلادیش بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور وزیراعظم پر انصاف کے لیے دباو ڈالا گیا جس پر وزیراعظم حسینہ واجد نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

  • بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی

    بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی

    لاہور: پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف ایک اور قدم آگے بڑھ گیا، قومی ٹیم کے خلاف سیزیر کے لیے بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ویمنز ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی، ٹی20سیریز کی ٹرافی کی رونمائی آج ہوگی ہوگی۔

    مینزکرکٹ کے بعد ویمنز کرکٹ کے ستارے بھی پاکستان میں جگمگائیں گے، بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی، ایئرپورٹ پر پی سی بی ویمنز ونگ کے عہدیداروں نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    ہوٹل پہنچنے پر ٹیم کو گلدستے پیش کیے گئے، بنگلہ دیشی ٹیم آج قذافی اسٹیڈیم میں تیاریوں کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کی کپتان آج ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گی۔

    بنگلہ دیشی وفد کا دورہ کراچی مکمل، سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار

    تین ٹی ٹونٹی میچز چھبیس، اٹھائیس اور تیس اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، ون ڈے میچز دو اور چار نومبر کو لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ دورہ پاکستان کے لیے بنگلہ دیش خواتین کی14 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، سلمیٰ خاتون ٹی ٹوینٹی کی قیادت کریں گی جبکہ رومانا احمد ون ڈے سیریز میں کپتانی کی فرائض انجام دیں گی۔

    بنگلہ دیش خواتین ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں جہاں آرا عالم، شمیمیٰ سلطانہ، نگار سلطانہ، عائشہ رحمان، سنجیدا اسلام، لتا موندل، پنا گھوش، ایکا مولک، خدیجتہ الکبریٰ، شرمین سلطانہ، فرزانہ حق پنکی، شرمین سلطانہ سپتا شامل ہیں۔

  • تین ملکی ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے آپس میں ٹکرائیں گے

    تین ملکی ٹی 20 سیریز: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے آپس میں ٹکرائیں گے

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کے درمیان تین ملکی ٹی 20 سیریز کل سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش، افغانستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ملکی ٹی 20 سیریز کل سے بنگلہ دیش میں کھیلی جائے گی۔

    سیریز کا پہلا میچ 13 ستمبر کو بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائےگا، 14 ستمبر کو دوسرے میچ میں افغانستان اور زمبابوے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    تیسرا میچ 15 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے مابین کھیلا جائے گا، 18 ستمبر کو چوتھے میچ میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    پانچواں میچ 20 ستمبر کو افغانستان اور زمبابوے جبکہ چھٹا اور آخری میچ 21 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا، جبکہ ایونٹ میں افغانستان بھی ٹف ٹائم دے سکتا ہے۔

  • بنگلہ دیش کی عدالت کا نکاح نامے سے’کنواری‘کا لفظ نکالنے کا حکم

    بنگلہ دیش کی عدالت کا نکاح نامے سے’کنواری‘کا لفظ نکالنے کا حکم

    ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عدالت عظمیٰ نے تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ملک میں مسلمانوں کے نکاح نامے سے ‘کنواری’ کا لفظ نکالنے کا حکم دے دیا، اس لفظ کے خلاف مہم چلانے والوں نے اسے ذلت آمیز اور امتیازی قرار دیا تھا۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک میں مسلمانوں کی شادی سے متعلق قوانین کے مطابق دلہن کو سرٹیفکیٹ میں تین میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوتا ہے کہ آیا وہ کنوارہ ہے، بیوہ یا طلاق یافتہ ہے۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل امیت تالوکر کے مطابق اپنے مختصر فیصلے میں عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ شادی سرٹیفکیٹ سے یہ لفظ نکالے اور اس کی جگہ غیر شادی شدہ کا لفظ شامل کرے۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے کیس کا تفصیلی فیصلہ اکتوبر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے، جب تک نکاح نامے میں تبدیلی متوقع ہے۔

    یہ کیس 2014 میں مختلف گروپوں کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جن کی وکیل آئنَن نَہار صدیقہ نے کہا کہ یہ تاریخی فیصلہ ہے۔انسانی حقوق کے گروپ طویل عرصے سے شادی سرٹیفکیٹ میں شامل اس لفظ پر تنقید کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ذلت آمیز اور امتیازی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لفظ شادی کرنے والی خاتون کی رازداری میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

    عدالتی فیصلے میں انتظامیہ کو یہ حکم بھی دیا گیا کہ وہ یہی 3 آپشنز ‘غیر شادی شدہ، رنڈوا یا طلاق یافتہ’ شادی کے سرٹیفکیٹ میں دولھے کے لیے بھی متعارف کروائے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش دنیا کا تیسرا بڑا مسلم اکثریتی آبادی والا ملک ہے جس کی 16 کروڑ 80 لاکھ آبادی کا لگ بھگ 90 فیصد حصہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔

  • بنگلا دیش میں پولیس کی فائرنگ سے دو روہنگیا پناہ گزین ہلاک

    بنگلا دیش میں پولیس کی فائرنگ سے دو روہنگیا پناہ گزین ہلاک

    ڈھاکہ :بنگلا دیش کے روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ کے نزدیک پولیس کی فائرنگ سے دو تارکین وطن ہلاک ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت خوف پھیلانے کی کوشش کررہی ہے اسی لیے پولیس نے نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں قتل کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیشی پولیس نے جاری کردہ بیان میں دو روہنگیا پناہ گزینوں کو ایک جھڑپ کے دوران مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد حکمراں جماعت کے مقامی لیڈر کے قتل کے الزام میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    بعض ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس نے نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلے میں مارا ہے، ان نوجوانوں کا عوامی لیگ کے طلبا ونگ کے مقامی رہنما کے قتل سے کچھ لینا دینا نہیں۔

    پناہ گزین کیمپوں میں مقیم تارکین وطن نے عالمی میڈیا سے گفتگو میں شکایت کی کہ موجودہ حکومت خوف پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ہم لوگ واپس میانمار لوٹ جائیں حالانکہ میانمار میں اس وقت بھی روہنگیا مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ ہے۔

    واضح رہے کہ 2017ءمیں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر لاکھوں پناہ گزین میانمار سے گھر بار اور کاروبار چھوڑ کر بنگلا دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے تھے تاہم بنگلا دیش حکومت دو بار تارکین وطن کو وطن واپس بھیجنے کے لیے زور دے چکی ہے۔

  • لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے

    لاہور: سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا (کل) 26 جولائی کو اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی۔

    225 میچ کھیلنے والے میلنگا کو سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 335 وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا نام بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    کپتان کرونارتنے کے مطابق میلنگا 26 جولائی کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے، میلنگا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل کر ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

    دو روز قبل اپنے ایک بیان میں سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ملنگا کی ریٹائرمنٹ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف اہم باؤلر تھے بلکہ اچھی کارکردگی بھی دکھاتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ہمارے پاس ایسی کوالٹی والا کوئی باؤلر نہیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکے یا مخالف ٹیم پر اُس کا رعب ہو۔

    ملنگا کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ایسے باؤلرز کی تلاش میں گزشتہ ایک ماہ سے لگے ہوئے تھے جو ابتدائی اوورز میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔

  • ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی ناقص کارکردگی، ہیڈکوچ کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

    ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی ناقص کارکردگی، ہیڈکوچ کوعہدے سے ہٹا دیا گیا

    ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی خراب پرفارمنس پر کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ اسٹیو رہوڈز کو عہدے سے فارغ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں ناقص کارکردگی پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیو رہوڈز کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    چیئرمین بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق بورڈ نے کرکٹ کی بہتری کے لیے باہمی رضامندی سے ہیڈکوچ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ ناظم الدین چوہدری نے کہا کہ ورلڈکپ میں بہترین پرفارمنس نہ دکھانے پر کوچ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ رواں ماہ ٹیم کوسری لنکا کے دورے پر جانا ہے اس لیے صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے لیکن آئندہ ماہ تمام کوچز تبدیل ہوسکتے ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 8 گروپ میچز میں سے صرف تین میچ ہی جیت سکی تھی۔

    یاد رہے کہ سابق انگلش وکٹ کیپراسٹیو رہوڈز نے گزشتہ سال ہی بنگلہ دیش کے ہیڈکوچ کی حیثیت سے فرائض سنبھالے تھے اور ان کا معاہدہ اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک کا تھا۔

  • حسینہ واجد حملہ کیس، 9 ملزمان کو سزائے موت

    حسینہ واجد حملہ کیس، 9 ملزمان کو سزائے موت

    ڈھاکا : بنگلادیشی عدالت نے وزیراعظم حسینہ واجد پر حملے کے الزام میں اپوزیشن کے 9 افراد کو سزائے موت اور 25 کو عمر قید کی سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد پر 1994 کے ٹرین حملے کے الزام میں ڈھاکا کی عدالت نے اپوزیشن کے 9 رہنماؤں کو سزائے موت اور 25 کو عمرقید کی سزا سنادی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایڈنشنل سیشن جج ستم علی نے بدھ کے روز حسینہ واجد حملہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے حسینہ واجد پر قاتلانہ حملے میں ملوث 25 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی جبکہ 13 ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے حسینہ واجد پر قاتلانہ حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں 52 افراد کے خلاف 4 اپریل 1997 میں مقدمہ درج کیا تھا چارج شیٹ عدالت میں جمع کرائی تھی تاہم عدالت نے تمام نامزد ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

    خیال رہے 23 ستمبر 1994کو اس وقت کی اپوزیشن لیڈر شیخ حسینہ واجد ٹرین کے ذریعے سفر کررہی تھی کہ ان پر پکشی ریلوے اسٹیشن پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں حملہ آوروں نے نہ صرف براہ راست فائرنگ کی تھی بلکہ ٹرین پر دستی بم بھی پھینکےتھے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم شیخ حسینہ واجد حملے میں بچ گئی تھیں۔

    دوسری جانب سابقہ وزیراعظم اور اس وقت کی اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا نے عدالتی فیصلے کو رد کرتے ہوئے اسے سیاسی فیصلہ قرار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد پر اب تک تقریباً 19 حملے ہوچکے ہیں تاہم تمام حملوں میں وہ جان بچانے میں کامیاب رہیں۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: بنگلہ دیش اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: بنگلہ دیش اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے

    برمنگھم: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 40 ویں میچ میں آج بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    بھارتی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک سات میچز کھیل چکی ہے جن میں سے وہ پانچ میچز جیت کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے اپنے دونوں میچز جیتنا ضروری ہیں۔ میگا ایونٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے سات میچز کھیلے ہیں اور سات پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔