Tag: Bangladesh

  • بنگلا دیش : ہراسگی کی شکار اسکول طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج

    بنگلا دیش : ہراسگی کی شکار اسکول طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج

    ڈھاکہ : بنگلا دیش میں جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرانے والی انیس سالہ طالبہ کو زندہ جلانے کا مقدمہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق دو ہفتے قبل اسکول کی طالبہ نصرت جہاں رفیع نے اپنے ہیڈ ماسٹر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا، پولیس نے لڑکی سے ہمدردی اور اہل خانہ سے تعاون کرنے کے بجائے لڑکی کا ویڈیو بیان لیا۔

    ویڈیو بیان کے دوران لڑکی بار بار اپنا چہرہ چھپاتی رہی جب کہ پولیس انسپکٹر یہی کہتا رہا کہ کچھ نہیں ہوا ایسا تو ہوتا رہتا ہے۔ انیس سالہ طالبہ کا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    جس کے بعد لڑکی کو ہیڈ ماسٹر کے حامیوں کی جانب سے دھمکیاں ملنے لگیں اور طالبہ کو اسکول آنے سے روک دیا گیا تاہم گیارہ روز بعد نصرت جہاں سالانہ امتحان دینے اپنے بھائی کے ساتھ اسکول پہنچی۔

    انتظامیہ نے بھائی کو باہر ہی روک دیا اور لڑکی کو اندر جانے کی اجازت دے دی گئی جہاں اسے دھوکے سے اسکول کی چھت پر بلایا گیا اور برقع پوش لڑکوں نے مقدمہ واپس نہ لینے کی پاداش میں پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    نصرت کے بھائی نے دم توڑتی بہن کا ایمبولینس میں ہی ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا جس میں لڑکی نے کہا تھا کہ جنسی ہراسانی کے خلاف آخری سانس تک لڑوں گی۔

    نصرت کا جسم 80 فیصد تک جھلس گیا تھا بعد ازاں وہ جانبر نہ ہوسکی جس پر پولیس نے 17 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے ایک نے ہیڈ ماسٹر کے کہنے پر طالبہ کو آگ لگانے کا جرم تسلیم بھی کرلیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے، مسلمانوں کی شہادت پر مختلف ممالک میں مظاہرے

    نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے، مسلمانوں کی شہادت پر مختلف ممالک میں مظاہرے

    کراچی : نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں مسلمانوں کی شہادت کے بعد دنیا بھر کے مسلم ممالک میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے، پاکستان، بنگلہ دیش، ترکی انڈونیشیا اور ملائیشیا میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گرد حملے میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف ترکی میں سینکڑوں شہری شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

    انقرہ میں نماز جمعہ میں حملے کی مذمت اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی گئی جس کے بعد مرد و خواتین کی بڑی تعداد احتجاج کے لیے نکلی۔

    مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ حملہ مسلمان مخالف کارروائی ہے، ترک صدر اردوگان

    اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں بھی نمازیوں نے احتجاج کیا، اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں بھی دہشت گرد حملے کے خلاف احتجاج کیاگیا، ڈھاکہ کی بیت المکرم مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد سیکڑوں مظاہرین جمع ہوئے اور اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں:  نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    پاکستان اور بھارت میں رہنے والے مسلمانوں نے بھی واقعے پر افسوس اور مسجد میں دہشت گردی کی سختی سے مذمت کی، دریں اثناء انڈونیشیا ملائیشیا سمیت دیگر مسلم ملکوں میں بھی واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہےجہاں شہریوں نے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے۔

  • سعودی سفارت کار کا قاتل اپنے انجام کو پہنچا

    سعودی سفارت کار کا قاتل اپنے انجام کو پہنچا

    ڈھاکا: بنگلادیش میں سعودی سفارت کار ’خلف العلی‘ کے قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں سعودی سفارت کار خلف العلی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، حملہ آور سیف کو آج پھانسی دے دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 2012 میں پیش آیا تھا، 45 سالہ خلف العلی کو ڈھاکا کے سفارتی علاقے میں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

    عدالتی حکم کی روشنی میں مجرم کو ڈھاکا جیل میں پھانسی دی گئی، پھانسی کے احکامات 2013 میں جاری کردیے گئے تھے تاہم عمل درآمد گذشتہ روز ہوا۔

    پولیس کے مطابق مجرم ایک راہزن گروہ کا سربراہ تھا اور اس نے سفارت کار کو لوٹنے کے دوران نشانہ بنایا، خلف العلی گولی لگنے کے بعد زندہ تھے لیکن اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے۔

    خیال رہے کہ عالمی تنظیموں اور انسانی حقوق کے رہنماؤں کی جانب شدید تنقید کے باوجود بنگلادیش میں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو پھانسی دی جارہی ہے۔

    گذشتہ سال پانچ بڑے مذہبی رہنماؤں کو دہشت گردی کے جرم میں بنگلادیشی عدالت نے پھانسی دی تھی، اُسی سال ہی درجنوں دہشت گردوں کو بھی تختہ دار پر لٹکایا گیا۔

    بنگلہ دیش: جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما میر قاسم علی کو پھانسی دیدی گئی

    خیال رہے کہ ستمبر 2016 میں بنگلادیشی حکومت نے پاکستان سے وفاداری کے جرم میں جماعت اسلام کے رہنما میر قاسم کو پھانسی دی تھی، بعد ازاں حکومت پاکستان نے پھانسی پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اختلاف کو ناقص ٹرائل کے ذریعے دبانا غیر جمہوری عمل ہے، بنگلادیش 74ء کے سہ فریقی معاہدے کی پاسداری کرے۔

  • بنگلادیش کا مزید روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دینے سے انکار

    بنگلادیش کا مزید روہنگیا مسلمانوں کو پناہ دینے سے انکار

    ڈھاکہ: بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ میانمار سے آنے والے مزید پناہ گزینوں کو ملک میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کہا ہے کہ وہ میانمار سے آنے والے مزید روہنگیا مہاجرین کو اپنے خطے میں جگہ نہیں دے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بنگلادیش نے وہاں موجود روہنگیا مہاجرین کو بوجھ قرار دیتے ہوئے مزید روہنگیئن کی آمد پر ان کی کفالت سے انکار کردیا ہے۔

    ملکی وزیرخارجہ شاہد الحق کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ سلامتی کونسل کو یہ بتانا پڑ رہا ہے کہ ان کا ملک میانمار کے مزید پناہ گزینوں کابوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

    گذشتہ سال جنوری میں میانمار اور بنگلادیش کے درمیان مہاجرین کی واپسی سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا، میانمار کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سلسلہ وار تارکین وطن کو ملک واپس لائے گا، البتہ بنگلادیش نے یہ کہہ کرانکار کردیا کہ ان کا ملک ایک ہی دفعہ تمام مہاجرین کو وطن واپس بھیجے گا۔

    روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر میانمار فوج کے سربراہ کے خلاف مقدمہ ہونا چاہیے: سفیر اقوام متحدہ

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال 9 مئی کو بنگلہ دیش کے دار الحکومت ڈھاکہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کا 45 واں اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مسلم ممالک کے رہنماؤں نے روہنگیا بحران کو مسلمانوں کی نسل کشی قرار دیا تھا۔

  • ڈھاکا: عمارت میں آگ لگنے سے 70 افراد جاں بحق

    ڈھاکا: عمارت میں آگ لگنے سے 70 افراد جاں بحق

    ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں واقع عمارت میں آگ لگنے سے 70 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈھاکا کے چوک بازار میں واقع عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 70 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق عمارت میں کیمیکل کا گودام اور پلاسٹک کا سامان موجود ہے۔ آگ سے عمارت کے قریب درجن سے زائد گاڑیاں جل گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عمارت میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بنگلہ دیش : خوفناک آتشزدگی‘ 8 افراد ہلاک 50 زخمی

    یاد رہے کہ تین روز قبل بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    آگ چٹا گانگ بندرگاہ سے شروع ہوئی تھی اور تیزی سے 200 جھونپڑیوں پر مشتمل محلے میں پھیل گئی تھی۔

    واضح رہے کہ 10 ستمبر2016 کو بنگلہ دیش کے شہر ٹونگی میں واقع فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • بنگلہ دیش : خوفناک آتشزدگی، آٹھ افراد ہلاک 50 زخمی، دو سو گھر جل کر خاک

    بنگلہ دیش : خوفناک آتشزدگی، آٹھ افراد ہلاک 50 زخمی، دو سو گھر جل کر خاک

    چٹاگانگ : بنگلہ دیش میں آگ سے جھلس کر آٹھ افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوگئے، فائر بریگیڈ کے عملے نے پانچ گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ بندرگاہ کے قریب کچی آبادی میں شارٹ سرکٹ کے باعث ایک گھر میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    آگ اتنی شدید تھی کہ دو سو مکانات اس کی زد میں آگئے، بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق آگ سےجھلس کر آٹھ افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور فائرفائٹرز کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، عملہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے میتوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ فائر فائٹروں نے 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

  • بنگلادیش: انجلینا جولی کا روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کا دورہ

    بنگلادیش: انجلینا جولی کا روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کا دورہ

    ڈھاکہ: ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کی خصوصی مندوب انجلینا جولی نے بنگلادیش میں روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے کوکس بازار میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقاتیں کیں، اس دوران ان کی موجودہ صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جولی نے میانمار میں جنسی ہوس کا نشانہ بننے والی خواتین سے بھی گفتگو کی، وہ تین روزہ دورے پر بنگلادیش پہنچی ہیں۔

    انجلینا جولی ایسے وقت پر اس دورے پر گئی ہیں، جب اقوام متحدہ کی طرف سے مہاجرین کی مدد کے لیے تقریباﹰ ایک بلین ڈالر کی فراہمی کی ایک نئی اپیل کی جانے والی ہے۔

    ہالی ووڈ اداکارہ دورہ کے اختتام پر بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سمیت وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کریں گی اس دوران اقوام متحدہ کے روہنگیاں مسلمانوں کی ہرممکن سپورٹ کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جون میں انجلینا جولی نے دومیز کیمپ کا دورہ کیا تھا اور شامی پناہ گزینوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا شام کے مہاجرین کے مسئلے کے حل میں ناکام ثابت ہورہی ہے جس کا خمیازہ متاثرہ خاندانوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

    انجلینا جولی کاعراق میں شامی پناہ گزیروں کے کیمپ کا دورہ

    دومیز نامی یہ کیمپ عراق کے نیم خود مختار کرد علاقے میں واقعہ ہے اور یہاں گزشتہ سات سال میں بے گھر ہونے والے 33 ہزار شامی مہاجرین پناہ گزین ہیں۔ انجیلینا جولی نے دورہ کے موقع پر میڈیا کو بتایا تھا کہ سال 2017 کی نسبت اس سال اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کو ملنے والی فنڈنگ نصف رہ گئی ہے۔

  • بنگلادیش: پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک  کردیا، امریکا

    بنگلادیش: پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک کردیا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی حکام نے بنگلا دیش کے انتخابات میں دھاندلی کی خبروں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو آزاد ماحول نہیں ملا، رہنماؤں کو ڈرایا دھمکایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کے اختتام پر بنگلا دیش میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی خبروں سے متعلق امریکی محمکہ خارجہ کے ترجمان نے بیان جاری ہے کہ پولنگ کے دوران بے ضابطگیوں نے انتخابی عمل کو مشکوک کردیا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاریٹو کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے تمام فریقوں کو وارننگ دیتے ہیں کہ تشدد سے باز رہے۔

    رابرٹ پالا ریٹو نے جاری بیان میں کہا تھا کہ بنگلا دیش میں پارلیمنٹ کی تبدیلی کے منعقدہ انتخابات میں دھاندلی کی خبروں پر شدید تشویش ہیں، اپوزیشن کو ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی اور بے ضابطگیوں کی منصفانہ تحقیقات کرے۔

    مزید پڑھیں : بنگلا دیش میں خونی انتخابات، حسینہ واجد کی عوامی لیگ کامیاب قرار

    یاد رہے کہ بنگلا دیشن میں 30 دسمبر کو عام انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد عوامی لیگ نے واضح برتری حاصل کی تھی۔

    دوسری طرف اپوزیشن نے انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    دریں اثنا بنگلا دیش میں عام انتخابات کے دوران پُر تشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے، سخت سیکورٹی کے با وجود خوں ریز واقعات نے جنم لیا، ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کی گئی۔

    خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر حسینہ واجد کی حکومتی جماعت کے کارکنوں نے قبضہ جما لیا تھا۔

  • لاہور: پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپ دی

    لاہور: پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت بنگلہ دیش کو سونپ دی

    لاہور : پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت آئندہ دو سال کیلئے صدرات بنگلہ دیش کو سونپ دی، بنگلادیش بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ آئی سی سی کی کلئیرنس سے مشروط کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چئیرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بنگلہ دیش کو آئندہ سال کیلئے اے سی سی کا صدارت سونپ دی گئی۔

    نیوز کانفرنس میں بنگلہ دیش بورڈ اور اے سی سی کے نئے سربراہ ناظم الحسن کا کہنا تھا کہ ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہیں، بس آئی سی سی کی کلئیرنس درکار ہے۔

    چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ممبربورڈز سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ احسان مانی نے بتایا آئندہ ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان اور کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اجلاس میں افغانستان کو ممبر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔

    اجلاس کے بعد اے سی سی کے نو منتخب صدر ناظم الحسن اور نائب صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے میچز کراچی اور کولمبو میں ہوں گے، یو اے ای، ہانگ کانگ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں کراچی میں کھیلیں گی۔

    بھارت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ سے ہمارے تعلقات اچھے ضرور ہیں مگر کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے، عام انتخابات کے بعد ہی بھارتی بورڈ سے بات چیت ہو سکتی ہے۔

  • بنگلادیش: روہنگیا مہاجرین کی میانمار واپسی منسوخ کردی گئی

    بنگلادیش: روہنگیا مہاجرین کی میانمار واپسی منسوخ کردی گئی

    ڈھاکہ: بنگلادیش میں مقیم لاکھوں روہنگیا مہاجرین کی میانمار واپسی منسوخ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں پناہ لینے والے تقریبا 7 لاکھ کے قریب روہنگیا مہاجرین کی وطن واپسی رواں ماہ کے وسط میں شروع ہونا تھی جو اب منسوخ کردی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلایش حکام کی جانب سے یہ واپسی کا منصوبہ ترک کیا گیا ہے، جبکہ واپسی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے تھے۔

    بنگلایش حکام کا کہنا ہے کہ رہنگیا مہاجرین کی خواہش کے بغیر انہیں واپس نہیں بھیجا جاسکتا، کوئی مہاجر بنگلایش چھوڑنے پر رضامند نہیں ہے۔

    حکام کے مطابق ہم انہیں زبردستی بھیج نہیں سکتے، یہاں انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کی گئی۔

    دوسری جانب میانمار حکام کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

    روہنگیا مسلمانوں پر مظالم، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سوچی سے اعزاز واپس لے لیا

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے میانمار اور بنگلا دیش کے مابین طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کا سلسلہ وسط نومبر سے شروع کیا جانا تھا۔

    خیال رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکھین سے گزشتہ برس اگست کے مہینے میں ملکی فوج کے کریک ڈاؤن کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیا باشندے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔

    یاد رہے رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ نے ‫میانمارکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور اجتماعی زیادتی میں ملوث قرار دے کر میانمار کے آرمی چیف اور پانچ جنرلز سمیت اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی۔