Tag: Bangladesh

  • ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ابوظہبی : ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں آج بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

    افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اس میچ کا نتیجہ سپر فور مرحلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بنگلہ دیش نے تین اور افغانستان نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو عبرت ناک شکست

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 15 ستمبر کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

    مشفق الرحیم 144 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے، انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کو اب نئے کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا

    بنگلہ دیش: روہنگیا مہاجرین کو اب نئے کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں مقیم لاکھوں روہنگیاں مہاجرین میں سے ایک لاکھ مہاجرین کو نئے کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں واقع بھاشن چار نامی ایک جزیرے پر ایک لاکھ روہنگیا مسلمانوں کے لیے نئے کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈھاکہ حکام کی جانب سے ايک لاکھ روہنگيا مہاجرين کو مذکورہ جزيرے پر منتقل کيے جانے کا عمل کل سے شروع ہو رہا ہے۔

    بنگلہ دیش کی وزیراعظم شيخ حسينہ رواں سال 3 اکتوبر کو خلیج بنگال ميں واقع بھاشن چار نامی جزيرے پر نئے قائم کردہ مہاجر کيمپوں کا باقاعدہ افتتاح کریں گی۔

    روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے بنگلادیش حکام کا عالمی برادری پر دباؤ

    حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے ميں پچاس سے ساٹھ خاندانوں کو وہاں آباد کيا جائے گا، بعد ازاں تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

    خبر رساں ایجنسی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ بنگلہ دیش حکام نے عالمی برادری پر دباؤ ڈالا ہے تاکہ وہ مہاجرین کی میانمار واپسی کے لیے اقدامات کرے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے ہی اقوام متحدہ نے ‫میانمارکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور اجتماعی زیادتی میں ملوث قرار دے کر میانمار کے آرمی چیف اور پانچ جنرلز سمیت اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی۔

    تاہم میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکھین سے گزشتہ برس اگست کے مہینے میں ملکی فوج کے کریک ڈاؤن کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیا باشندے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔

  • روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے بنگلادیش حکام کا عالمی برادری پر دباؤ

    روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے بنگلادیش حکام کا عالمی برادری پر دباؤ

    ڈھاکہ: روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی کے لیے بنگلایش حکام نے عالمی برادری پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق میانمار سے نسل کش فسادات کے باعث ہجرت کرکے بنگلادیش میں پناہ لینے والے لاکھوں مہاجرین کی واپسی کے لیے حکام کا عالمی برادری پر دباؤ سامنے آگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے عالمی برادری پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ میانمار حکام پر روہنگیا مسلمانوں کی واپسی کے لیے زور دے۔

    شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ملکی ماحولیات، مقامی آبادی اور وسائل پر منفی اثرات کے باوجود انسانی بنیادوں پر روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد کو پناہ دی ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک بھی اس عمل میں اپنا کردار ادا کرے، تاکہ روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی یقینی ہوسکے۔

    روہنگیا مظالم: آنگ سان سوچی کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا

    یاد رہے چند روز قبل اقوام متحدہ نے ‫میانمارکی فوج کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور اجتماعی زیادتی میں ملوث قرار دے کر میانمار کے آرمی چیف اور پانچ جنرلز سمیت اعلیٰ فوجی قیادت پر مقدمہ چلانے کی سفارش کی تھی۔

    تاہم میانمار کی حکومت نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ میانمار کی مغربی ریاست راکھین سے گزشتہ برس اگست کے مہینے میں ملکی فوج کے کریک ڈاؤن کے بعد تقریباً سات لاکھ روہنگیا باشندے اپنی جانیں بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہوگئے تھے۔

  • ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست

    ایشین گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کی لگاتار پانچویں فتح، بنگلادیش کو شکست

    جکارتہ: ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں گرین شرٹس نے بنگلادیش کو پانچ صفر سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں‌ جاری 18ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شان دار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، گرین شرٹس نے لگاتار پانچویں فتح اپنے نام کر لی.

    گروپ کے آخری میچ میں پاکستان اور بنگلادیش مدمقابل تھے. یہ میچ پاکستان نے بہ آسانی پانچ صفر سے اپنے نام کر لیا.

    پاکستان کی جانب سے مبشر علی اور محمد عتیق نے دو دو ، علی شان نے ایک گول کیا۔ پاکستانی ٹیم پول بی میں 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، پول اے میں بھارت سرفہرست ہے.

    مزید پڑھیں: ایشین گیمز، ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے ملائیشیا کو 4-1 گول سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والا یہ میچ بھارتی ہاکی ٹیم نے بھی خصوصی دل چسپی سے دیکھا، توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان اور بھارت ایونٹ کے فائنل میں ٹکرائیں گے.

    یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ایونٹ میں اب تک 45 گول کرچکی ہے، جب کہ حریف ٹیمیں صرف ایک بار گیند کو پاکستانی نیٹ میں پہنچا سکیں.

  • بنگلادیش میں طلبہ کی ہلاکت پر شدید احتجاج،  پولیس کی مظاہرین پر شلینگ

    بنگلادیش میں طلبہ کی ہلاکت پر شدید احتجاج، پولیس کی مظاہرین پر شلینگ

    ڈھاکا :  پولیس کی جانب سے طالب علموں کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والے لاکھوں مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، اب تک 115 طالب علم پولیس تشدد کی زد میں آکر زخمی ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز بنگلا دیش کے دارالحکومت میں واقع ڈھاکا یونیورسٹی کے 2 طالبِ علم گھر سے موٹرسائیکل پر مادرِ علمی آرہے تھے کہ انہیں گنجان آباد علاقے میں تیز رفتار بس نے ٹکر ماری۔

    ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دونوں طالبِ علم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، یونیورسٹی کے ساتھیوں کو جب اس بات کا علم ہوا تو نوجوان سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، دارالحکومت سے شروع ہونے والا احتجاج دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے ہر بڑے شہر میں پھیل گیا۔

    پولیس کے مطابق تازہ حادثہ جمعے کے روز پیش آیا تاہم اُس سے پانچ روز قبل ڈھاکا یونیورسٹی کے ہی ایک طالب علم بس کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوچکا ہے، ایک ہفتے میں تین نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد طالبِ علموں میں شدید اشتعال پایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طلبہ کی جانب سے کیا جانے والا ملک گیر احتجاج آٹھویں روز بھی جاری ہے اور بنگلادیشی پولیس کی جانب سے احتجاج کرنے والے لاکھوں طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔

    بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے اپنے ساتھیوں کی ہلاکت پر احتجاج کرتے ہوئے ڈھاکا سمیت ملک بھر کی سڑکوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مظاہرہ کرنے والے اسکول اور کالجز کے مشتعل طلبہ کی جانب سے ملک کا ٹرانسپورٹ کا قانون تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جنہوں نے 1 کروڑ 80 لاکھ نفوس پر مشتمل شہر ڈھاکا کو جام کررکھا ہے۔

    بنگلادیش کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے وفاق کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ ’ٹریفک حادثے کے ذمہ دارکو سزائے موت دینے کا قانون بنایا جائے‘۔ بنگلا دیش میں تاحال ٹریفک حادثے کے ذمہ دار کو تین برس قید کی سزا دینے کا قانون ہے جبکہ پوری دنیا میں سزائے موت دی جاتی ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ رواں برس ہونے والے عام انتخابات سے قبل سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی سربراہی میں چلنے والی اپوزشن عوامی جذبات کو حکومت کے خلاف بھڑکا رہی ہے۔

    دوسری جانب سے اپوزیشن جماعت بنگلادیش نیشنل پارٹی نے حکمران جماعت کی جانب سے عائد کیے جانے والے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

  • نوجوانوں کی ہلاکت پر احتجاج، ریاستی طاقت کے استعمال سے 115 طالب علم زخمی، حالات کشیدہ

    نوجوانوں کی ہلاکت پر احتجاج، ریاستی طاقت کے استعمال سے 115 طالب علم زخمی، حالات کشیدہ

    ڈھاکا: بنگلا دیش کے دارالحکومت میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے 2 نوجوان طالبِ علم جاں بحق ہوئے جس کے بعد ساتھی طلباء نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا اور پبلک ٹرانسپورٹ بند کروادی،  ملک کے تمام شہروں میں احتجاج پھیل چکا جس کے باعث حالات کشیدہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز  بنگلا دیش کے دارالحکومت میں واقع ڈھاکا یونیورسٹی کے 2 طالبِ علم گھر سے موٹرسائیکل پر مادرِ علمی آرہے تھے کہ انہیں گنجان آباد علاقے میں تیز رفتار بس نے ٹکر ماری۔

    ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دونوں طالبِ علم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، یونیورسٹی کے ساتھیوں کو جب اس بات کا علم ہوا تو  نوجوان سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، دارالحکومت سے شروع ہونے والا احتجاج دیکھتے ہی دیکھتے ملک کے ہر بڑے شہر میں پھیل گیا۔

    مزید پڑھیں: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے کو سات سال قید کی سزا

    پولیس کے مطابق تازہ حادثہ جمعے کے روز پیش آیا تاہم اُس سے پانچ روز قبل ڈھاکا یونیورسٹی کے ہی ایک طالب علم بس کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوچکا ہے، ایک ہفتے میں تین نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد طالبِ علموں میں شدید اشتعال پایا جارہا ہے۔

    طلبہ یونین نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکلے تو دیکھتے ہی دیکھتے بنگلادیش کے دیگر تعلیمی اداروں کے نوجوان بھی سڑکوں پر آگئے اور انہوں نے گزشتہ پانچ روز سے کوئی پبلک ٹرانسپورٹ نہیں چلنے دی۔

    یونیفارم پہنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس استعمال کیے تو ڈھاکا سمیت پورے ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے جس کے بعد مشتعل نوجوانوں نے 317 بسوں کو نذر آتش کردیا۔

    پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیاں لگنے سے اب تک 115 نوجوان زخمی ہوچکے ہیں، حکومت نے انتخابات سے قبل ملک میں پھیلنے والے انتشار کو ہر صورت جلد از جلد قابو کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

     

  • بنگلا دیش میں طالب علم کی ہلاکت پرشدید مظاہروں میں 317 بسیں نذر آتش

    بنگلا دیش میں طالب علم کی ہلاکت پرشدید مظاہروں میں 317 بسیں نذر آتش

    ڈھاکا : بنگلا دیش  میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے نوجوانوں کی ہلاکت پر طالب علموں کی جانب سے کیے جانے والے شدید احتجاج کے دوران 317 بسیں نذر آتش جبکہ 51 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کی گنجان آباد سڑک پر ڈورتی ہوئی تیز رفتار بس نے  موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا تھا، نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد کالج کے طلبہ کی جانب سے شدید مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات سے قبل سے شہر میں پر تشدد مظاہروں کا ہونا موجودہ حکومت کو کمزور اور انتخابات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

    بنگلادیشی پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کچلنے والی بس کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بنگلادیشی خبر رساں اداروں کے مطابق کالج کے طلبہ نے نوجوانوں کی ہلاکت پر شہر کا ٹریفک سسٹم مفلوج احتجاجاً کردیا تھا، جس کے بعد مظاہرے پرتشدد ہوگئے اور مظاہرین کی جانب سے 317 بسوں کو آگ لگادی گی، جبکہ 51 افراد مظاہروں کے دوران زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس قبل بھی ایک تیز رفتار بس نے طالب کو روند دیا تھا جس کے بعد طلبہ نے لاپرواہ بس ڈرائیور کی گرفتاری اور سزا کے لیے مظاہرے کیے تھے۔

    بنگلا دیش کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت کی جانب سے طلبہ کو بارہا یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ واقعے میں ملوث شخص کو سخت سزا دی جائے اور ان کے تمام مطالبات بھی تسلیم کیے جائیں گے۔

    وزیر داخلہ اسد زمان نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں بس حادثوں سے متعلق قانون کے لیے مسودہ بھی پیش کیا جائے گا، ساتھ ساتھ اسد زمان کا نے اپوزیشن جماعت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مظاہروں میں بنگلا دیشن نیشنل پارٹی نے اپنے طلبہ کارکنان کو مظاہرین میں شامل کیا ہے۔

    بنگلا دیشی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کے پاس اپوزیشن جماعت بی این پی کے طلبہ ونگ کے ممبران کا مظاہروں میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ والدین اپن بچوں کو ان مظاہروں سے دور رکھیں، طلبہ کو پر تشدد احتجاج پر اکسانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب سے بنگلادیش کی اپوزیشن جماعت کے جنرل سیکریٹری نے حکومت کی جانب سے عائد کیے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی بحران اور سڑکوں پر ہونے والے ہولناک حادثات کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

    جنرل سیکریٹری مرزا فخر الااسلام کا کہنا ہے کہ جو حکومت طلبہ کے مسائل اور ٹریفک حادثات پر کنٹرول نہ حاصل کرسکے اسے فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

    خیال رہے کہ بنگلا دیش میں ہر برس 4 ہزار افراد ٹریفک حادثات میں موت کا شکار ہوجاتے ہیں، جو دنیا بھر میں ٹریفک حادثات کی بلند ترین سطح ہے۔

  • بنگلہ دیش میں ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن، ہلاکتوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی

    بنگلہ دیش میں ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن، ہلاکتوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں جاری منشیات فروشوں کے خلاف بڑے آپریشن میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل حکومت کی جانب سے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف ایک بڑا آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد دو سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ آپریشن اب بھی جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جانب سے یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی شدید تشویش ہے۔

    بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی میں شروع کردہ منشیات کے تاجروں کے خلاف یہ جنگ اپنے طریقہ کار میں ابھی تک متنازعہ ہے، لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔


    بنگلہ دیش: اقوام متحدہ کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن روکنے کا مطالبہ


    دوسری جانب بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ملک سے منشیات کا کاروبار ختم نہیں ہوتا، یہ جنگ جاری رہے گی، اب تک خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں ہیں۔

    خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ مہینوں کے دوران نشے کے لیے میتھ ایمفیٹامین نامی گولیوں کا استعمال بہت بڑھ چکا ہے جو کئی دیگر منشیات کے ساتھ اس ملک میں ہمسایہ ریاست میانمار سے اسمگل کی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں انسداد منشیات کی اس ملک گیر آپریشن میں مرکزی کردار جرائم کی روک تھام کے لیے سرگرم ریپڈ ایکشن بٹالین یا آر اے بی نامی اسپیشل پولیس کے دستے ادا کر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 12 روہنگیا مہاجرین جاں بحق

    بنگلہ دیش: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 12 روہنگیا مہاجرین جاں بحق

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 12 روہنگیا مہاجرین جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں مون سون کا موسم شروع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے خطے کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں ہورہی ہیں جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اب تک 12 روہنگیا مسلمان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور متعدد لاپتہ ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا یہ واقعہ بنگلہ دیش میں ایک روہنگیا مہاجر بستی کے قریب پیش آیا، جبکہ ہلاک ہونے والے روہنگیا مسلمانوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔


    بنگلہ دیش: روہنگیا مسلمانوں کو شدید بارشوں سے خطرہ


    مقامی میڈٰیا کا یہ بھی کہنا تھا کہ روہنگیاں پناہ گزینوں کی بڑی تعداد بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی علاقوں میں قائم کمزور اور بے جان کیمپوں میں مقیم ہے، جو ان شدید بارشوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور کیمپس اکھڑ جاتے ہیں۔

    حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث 2 مقامی(بنگالیوں) کی بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جانب سے یہ وارننگ بھی دی گئی تھی کہ جنوبی ایشیا میں مون سون کا سیزن جلد متوقع ہے جس کے باعث شدید بارشوں اور سمندری طوفان کی بھی صورت حال پیدا ہوسکتی اور لاکھوں روہنگیا پناہ گزینوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کمزور کیمپس بازشوں کی شدت سے اکھڑ سکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایشیاکپ میں شرکت کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

    ایشیاکپ میں شرکت کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی

    لاہور: ایشیا کپ میں شرکت کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی، وطن پہنچنے والوں میں 15 رکنی ٹیم اور آفیشلز شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیاکپ کے سیمی فائنل میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہوگئی تھی اور اب قومی ویمن کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچی چکی ہے۔

    کوالالمپور میں 9 جون کو کھیلے جانے والے ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں آمنے سامنے تھیں تاہم میچ میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو باآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔


    بنگلادیش نے پہلی بار ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل جیت لیا، بھارت کو شکست


    خیال رہے کہ ویمن ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم ناکام ہوگئی تھی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف72رنز بنائے تھے۔

    جواب میں بھارتی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا تھا۔


    ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاکستان کو شکست، بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی


    یاد رہے کہ بھارتی کھلاڑی سمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا بعد ازاں بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا لیکن بنگلہ دیش کی ٹیم سے ہار گئی جس کے بعد بنگلہ دیش پہلی بار ویمن  ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فاتح بن گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔