Tag: Bangladesh

  • پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 251 رنز کا ہدف

    پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 251 رنز کا ہدف

    میرپور: پاکستان نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بنگلہ دیش کو جیت کے لئے دو سو اکیاون رنز کا ہدف دے دیا۔

     ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ کیلئے قومی ٹیم میں نائب کپتان سرفراز احمد کی تبدیلی متنازع بن گئی۔

     کپتان اظہر علی اور ڈیبیو کرنے والے سمیع اسلم نے ٹیم کو اکیانوے رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، سمیع اسلم پینتالیس رنزبناکر کیپر کو کیچ تھما بیٹھے، محمد حفیظ بھی صرف چار رنزبنا کر ہمت ہارگئے۔

    اظہر علی نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کیلئے اٹھانوے رنز جوڑے، اظہر علی نے کیرئیر کی پہلی سینچری بنائی، حارث سہیل نے باون رنز کی اننگز کھیلی۔

     اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد آخری آخری سات بیٹسمین اسکور میں صرف سینتالیس رنز کا اضافہ کرسکے، قومی ٹیم انچاس اوورز میں دو سو پچاس رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔

  • ڈھاکہ: پاکستانی کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس جاری

    ڈھاکہ: پاکستانی کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس جاری

    ڈھاکہ: پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ بنگلہ دیش کا آغاز کل وارم اپ میچ سے کرے گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم تین ون ڈے، دو ٹیسٹ اور ایک ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لئے بنگلہ دیش پہنچ گئی ہے،ڈھاکہ آمد کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، کھلاڑی آج بھر پور ٹریننگ کررہے ہیں، بدھ کو فتح اللہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش الیون کے درمیان پریکٹس میچ کھیلا جائے گا۔

    سترہ مارچ کو دونوں ٹیمیں پہلے ایک روزہ میچ میں ٹکرائیں گی،سینئیر کھلاڑی شاہد آفریدی اور مصباح الحق ون ڈے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، ایسے میں نوجوان کھلاڑیوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی۔

    اظہر علی پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے، گرین شرٹس دوہزار گیارہ کے بعد بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں، میزبان کھلاڑیوں نے پاکستان کو ہرانے کے آنکھوں میں بڑے سپنے سجالئے ہیں۔

    بنگلہ دیش آج تک پاکستان کو ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز نہیں کراسکا، ٹی ٹوئنٹی میں بھی شاہین ناقابل شکست ہیں۔

  • بنگلہ دیش کی ٹیم خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، شاہد آفریدی

    بنگلہ دیش کی ٹیم خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، شاہد آفریدی

    لاہور : شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو خطرناک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔وہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے

    ان کا کہنا تھا کہ اظہرعلی کو ون ڈے ٹورنا منٹ میں قومی قیادت ٹیم کی قیادت جارحانہ انداز میں کرنی چاہیئے، لاہور کے علاقے گلبرگ میں ریسٹورنٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔اس لئے ون ڈے میں اظہر علی کو جارحانہ انداز میں کپتانی کرنی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کے لئے دس سے بارہ لڑکوں کی کلیئرنس لینی پڑے گی تاکہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ تیار ہوجائے۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مکمل اختیارات کے ساتھ مصباح اور یونس کے حوالے کردیا جائے۔

  • بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کے خلاف سیریز کیلئےاسکواڈ کا اعلان

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان کے خلاف سیریز کیلئےاسکواڈ کا اعلان

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو ون ڈے میچ کے لئے چودہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈ کپ میں شامل تین کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو میچز سے ڈراپ کردیا ہے، ناقص پرفارمنس نے عمرل کیس، تیجل اسلام اور شفیع الاسلام کی چھٹی کرادی ہے۔

     نوجوان بیٹسمین رونی اور ابل حسن حیران کن طور اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے، انعام الحق کندھے کی انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

    بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت مشرفے مرتضی کریں گے،شکیب الحسن نائب کپتان ہوں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز سترہ اپریل کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    لاہور : دورہ بنگلہ دیش کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی نے تینوں فارمیٹس کے لئے کپتانوں سے مشاورت مکمل کرلی، سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

    ورلڈ کپ میں بری پرفارمنس دکھانے والوں کی چھٹی ہوگئی، عمر اکمل اور یونس خان کے نام پر لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ ڈسپلن  کی خلاف ورزی بھی کئی کھلاڑیوں کی سلیکشن کے آڑے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کے لئے سلیکٹرزنے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔فیصلہ تینوں کپتانوں کی سے مشاورت کیا گیاہے۔

    مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ جبکہ عمر اکمل ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے، عمر اکمل کو مسلسل ناقص کارکردگی پر تینوں فارمیٹ کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ احمد شہزاد کو بھی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے اور صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان سمیع اسلم، بابر اعظم، محمد رضوان اور فواد عالم کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

    ایک روزہ ٹیم: سمیع اسلم، سرفراز احمد، اظہر علی، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل، سہیل خان۔

    ٹیسٹ ٹیم: بابر اعظم ، محمد حفیظ، سمیع اسلم، مصباح الحق، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسر شاہ، ذوالفقاربابر، سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان، راحت علی۔

    ٹی ٹوئنٹی: احمد شہزاد، سرفراز احمد، محمد حفیظ، مختار احمد، صہیب مقصود، حارث سہیل، سعید اجمل، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سعد نسیم، وہاب ریاض، سہیل خان، عمر گل، جنید خان

    چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی آزادانہ فیصلے لے رہی ہے، ہمیں چیئرمین پی سی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم پر فیصلے کرنے کے لئے کوئی دباؤ نہیں۔

    ٹیم اپریل کے دوسرے ہفتے میں بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ ٹریننگ کیمپ سات اپریل سے لاہور میں شروع ہوگا۔

  • مصطفیٰ کمال نے احتجاجاً آئی سی سی کی صدارت چھوڑ دی

    مصطفیٰ کمال نے احتجاجاً آئی سی سی کی صدارت چھوڑ دی

    ڈھاکہ : کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی فاتح ٹیم کو دینے کے تنازعہ پر بنگلہ دیش کے مصطفی کمال نے آئی سی سی کی صدارت سے استعفی دے دیا۔ بنگلہ دیش اور آئی سی سی آمنے سامنے آگئے۔ لڑائی شدت اختیار کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال دیں۔ بنگلہ دیش کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی مصطفی کمال نے آئی سی سی پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔

    آسٹریلوی کپتان سری نواسن سے ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی وصول کر رہے ہیں

    مصطفی کمال نے آئی سی سی میں ہونے والے بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کردیا۔ کہتے ہیں آئی سی سی میں بھارت کا کنٹرول ہے۔ بھارت ہر معاملے پراپنی من مانی کرتا ہے۔

    کرکٹ کا نظام بدعنوان لوگ چلارہے ہیں۔ ایسا چلتا رہا تو کرکٹ تباہ ہوجائے گی۔ آئی سی سی میں صدر کا عہدہ رسمی ہے۔ سارے اختیارات چئیرمین کے پاس ہیں۔

    ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دینے کا استحقاق میرا تھا جو سری نواسن نے چھینا۔ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ حتمی ہے۔ مصطفیٰ کمال کی جگہ اب پاکستان کے نجم سیٹھی آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

  • نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے ہرا دیا

    ہیملٹن :ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ گروپ اے میں نیوزی لینڈ سب سے آگے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم بھی کیویز کی فتوحات کو بریک نہ لگاسکی۔ ہیملٹن میں میزبان ٹیم نے میدان مارلیا، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

    حریف ٹیم نے محمود اللہ کی لگاتار دوسری سینچری کی بدولت اسکور بورڈ پر دو سو اٹھاسی رنز کا فائٹنگ ٹوٹل بنایا۔ محموداللہ نے ایک سو اٹھائیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    ہدف کے تعاقب میں ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے باوجود بنگلہ دیشی بولرز بلیک کیپس کو نہ روک پائے۔ مارٹن گپتل کی سینچری اور روز ٹیلر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو کامیابی دلادی۔

    نیوزی لینڈ نے ہدف انچاسویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نیوزی لینڈ نے گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے بارہ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔

  • بنگلہ دیش سے شرمناک شکست پرانگلش میڈیا کی کڑی تنقید

    بنگلہ دیش سے شرمناک شکست پرانگلش میڈیا کی کڑی تنقید

    لندن : ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے پر انگلش ٹیم کے کوچ پیٹر مورس سے مستعفی ہونے کی خبروں نے زور پکڑا تو بورڈ کے چیف نے اسے مسترد کردیا۔

    ورلڈ کپ کے ڈو اینڈ ڈائی میچ میں بنگلہ دیش سے شرمناک شکست کے بعد انگلش میڈیا نے ٹیم کے کوچ اور کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ تو انگلش بورڈ کے کرتا دھرتا سامنے آگئے۔

    ٹیم کے مینجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ پیٹر مورس اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ بورڈ کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔ پیٹر مورس سے استعفی نہیں لیا جارہا۔ وہ دس ماہ قبل آئے تھے۔

    اںہوں نے کہا کہ ان کی جگہ کوئی بھی ہوتا اسے بھی درپیش مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ برطانیہ کے اخبارات میں کوچ پیٹر مورس سے مستعفی ہونے کی خبریں زور پکڑ رہی ہیں۔ انیس سو بانوے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیم کوارٹرفائنل میں بھی نہیں پہنچ سکی۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پول میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے انگلیڈ کو سخت مقابلے کے بعد پندرہ رنز سے اپ سیٹ  شکست دی تھی، جو انگلینڈ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا سبب بنی،جس پر انگلش میڈیا کی جانب سے اپنی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے وارنٹ گرفتاری جاری

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے وارنٹ گرفتاری جاری

    ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ملک کی سابق وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں،ان پر گزشتہ ماہ ہونے والے حکومت مخالف احتجاج میں تناؤ پیدا کرنے کا الزام بھی ہے جس میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    اینٹی کرپشن کی عدالت نےخالدہ ضیا کے وکیل کی مہلت کی درخواست رد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    خلادہ ضیا کی وکیل کا کہنا ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنا انصاف نہیں ہے۔

    خالدہ ضیا پر 2001 سے 2006 تک جاری ان کے دورِحکومت میں ان پر ساڑھے چھ لاکھ امریکی ڈالر کی کرپشن کے الزامات میں انہیں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

    خالدی ضیا سیکیورٹی وجوہات کی بناءپر عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں۔ انکی پارٹی کے رہنماؤں نے کرپشن کے الزامات کو سیاسی قرار دیا ہے۔

  • بنگلا دیشی اپوزیشن لیڈرخالدہ ضیا نظربند، احتجاج کے دوران 2 افراد ہلاک

    بنگلا دیشی اپوزیشن لیڈرخالدہ ضیا نظربند، احتجاج کے دوران 2 افراد ہلاک

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں قائد حزب اختلاف خالدہ ضیا دوسرے روز بھی اپنے دفتر میں نظر بند ہیں دوسری جانب ملک بھر ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش میں متنازعہ انتخابات کے نتیجے میں موجودہ حکومت کی تشکیل کو ایک برس مکمل ہونے پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے ، ملک کے تمام بڑے شہروں میں کاروبار زندگی معطل ہیں جب کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

    کئی شہروں میں مظاہروں کے دوران حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم بھی ہوا ہے۔   ناتورے نامی شہر میں  موٹر سائیکل سواروں نے حکومت مخالف مظاہروں پر اندھادھند فائرنگ کرکے 2 افراد کو ہلاک کردیا، ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی سے ہے۔

    دوسری جانب قائد حزب اختلاف خالدہ ضیا دوسرے روز بھی اپنے دفتر میں نظر بند ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا مقصد پر تشدد مظاہروں کی روک تھام کرنا ہے، واضح رہے کہ خالدہ ضیاء کی بی این پی اور ان کی اتحادی جماعتوں نے گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر مکمل طور پر بائیکاٹ کردیا تھا جس کے باعث شیخ حسینہ واجد بلا مقابلہ ملک کی وزیراعظم منتخب ہو گئی تھیں۔