Tag: Bangladesh

  • افغانستان نے بنگلادیش کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

    افغانستان نے بنگلادیش کو پہلے ون ڈے میں شکست دیدی

    افغانستان نے بنگلادیش کو پہلے ون ڈے میچ میں با آسانی 92 رنز سے شکست دے دی۔

    افغانستان کی ٹیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 235 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئی تھی۔

    حشمت اللّٰہ شاہدی نے 52 اور محمد نبی نے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلادیش کے تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔

    بنگلادیش ٹیم ہدف 236 رنز کے تعاقب میں 35 ویں اوور میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    سومیا سرکار 33، نجم الحسین47 اور مہدی حسن میراز 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افغانستان کے غضنفر نے 26 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں پویلین کی راہ دکھائی۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ڈیوڈ وارنر کو پابندی ہٹنے کے بعد کپتانی سونپ دی گئی، وہ بی بی ایل میں سڈنی تھنڈر کی پھر سے قیادت کریں گے۔

    ڈیوڈ وارنر کو قیادت سونپنے کی سڈنی تھنڈر کی جانب سے تصدیق کردی گئی ہے، ان کو کرس گرین کی جگہ سڈنی تھنڈر کی کپتانی دی گئی ہے۔

    2018ء میں بال ٹیمپرنگ کے سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد وارنر پر پابندی لگائی گئی تھی اور کرکٹ آسٹریلیا نے ان پر تاحیات کپتان بننے پر بین لگا دیا تھا، وارنر نے اس پابندی کے ریویو کے لیے اپیل کی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر بیٹر وارنر پر 6 سال سے عائد پابندی اٹھا لی تھی۔

    نسیم شاہ کی انجری سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

    کرکٹ آسٹریلیا نے وارنر پر 2018 میں بال ٹیمپرنگ کے سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد تاحیات ٹیم کی قیادت کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔

  • بنگلادیش کی عدالت نے شیخ حسینہ واجد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے

    بنگلادیش کی عدالت نے شیخ حسینہ واجد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے

    ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو عدالت نے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو بنگلادیش کی عدالت نے شیخ حسینہ واجد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں، جو اگست میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد اقتدار سے الگ ہو کر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

    عدالتی حکم کے بعد پراسیکیوٹر محمد تاج الاسلام نے اسے ایک ’’قابل ذکر دن‘‘ قرار دیا، مطلق العنان حکمرانی کے خلاف بغاوت میں مارے جانے والے سینکڑوں افراد میں سے ایک کے رشتہ دار نے کہا کہ وہ مقدمے کا ’’انتظار‘‘ کر رہے ہیں۔

    بنگلادیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کے چیف پراسیکیوٹر اسلام نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ عدالت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو گرفتار کرنے اور 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    واضح رہے کہ حسینہ کے 15 سالہ دور حکومت میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، جن میں ان کے سیاسی مخالفین کی بڑے پیمانے پر حراست اور ماورائے عدالت قتل شامل ہیں۔

    تاج الاسلام نے کہا کہ شیخ حسینہ نے جولائی سے اگست کے دوران قتل عام، قتل و غارت اور انسانیت کے خلاف جرائم کرنے والوں کی سرپرستی کی، عدالت نے حسینہ واجد کی عوامی لیگ پارٹی کے مفرور سابق جنرل سیکریٹری عبیدالقادر کے ساتھ ساتھ 44 دیگر کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

  • جل بینڈ کی بنگلادیش میں 14 سال بعد پرفارمنس، عوام بے قابو ہونے پر فوج طلب

    جل بینڈ کی بنگلادیش میں 14 سال بعد پرفارمنس، عوام بے قابو ہونے پر فوج طلب

    ڈھاکا: بنگلادیش میں پاکستانی بینڈ کی 14 سال بعد پرفارمنس دیکھنے کے لیے لوگ بے قابو ہو گئے، جھڑپیں ہونے پر فوج طلب کر لی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں معروف پاپ سنگنگ بینڈ ’جل‘ کی چودہ سال بعد پرفارمنس ہوئی، پرستاروں کا جوش و خروش اتنا زیادہ تھا کہ وہ بے قابو ہو گئے۔

    کنسرٹ کے مقام پر گنجائش سے زیادہ لوگ آ گئے تھے جن میں سے اکثر ٹکٹ لیے بغیر زبردستی کنسرٹ میں داخل ہوئے، شدید بدنظمی کے باعث انتظامیہ کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج بلانی پڑی۔

    ابتدائی طور پر کنسرٹ کے لیے ڈھاکا ارینا کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم بارش کے باعث مقام تبدیل کر کے ایک مال میں کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا، منتظمین کے مطابق ہنگامی طور پر مقام تبدیل کرنے سے کنسرٹ میں شدید بدنظمی دیکھی گئی۔

    ہنگامہ آرائی اور فوج طلب کیے جانے کے بعد جل بینڈ کو اپنی پرفارمنس کو درمیان میں ہی روکنا پڑا۔

    اس کونسرٹ کے ساتھ جل نے اپنی پہلی البم ’عادت‘ کی ریلیز کے 20 سال مکمل ہونے کی خوشی بھی منائی، یہ ایک ایسا میوزک ریکارڈ تھا جس نے جنوبی ایشیا کے پاپ راک کا ماحول ہی بدل کر رکھ دیا تھا۔ اس کونسرٹ میں بنگلادیش کے معروف اور پسندیدہ بینڈ آرتھوہن نے بھی ایک سال کے وقفے کے بعد دوبارہ اسٹیج پر واپسی کی۔


  • روہنگیا سے مزید ہزاروں مسلمان جان بچا کر بنگلہ دیش پہنچ گئے

    روہنگیا سے مزید ہزاروں مسلمان جان بچا کر بنگلہ دیش پہنچ گئے

    میانمار میں رہائش پذیر ہزاروں روہنگیا مسلمان چند ماہ کے دوران پرتشدد کارروائیوں سے بچنے کیلئے بنگلہ دیش پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ 8ہزار کے قریب روہنگیا مسلمان مردو خواتین بچوں کے ہمراہ میانمار کی ریاست رکھائن سے اپنی جانیں بچاکر بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میانمار کی ملیشیا آرمی اور حکمران جنتا کے درمیان کشیدگی کے سبب پر تشدد کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔

    بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کی نگرانی پر مامور ایک سینیئر اہلکار محمد شمس دوزہ نے رائٹرز کو بتایا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران 8 ہزار روہنگیا مسلمان جان بچانے کیلئے بنگلہ دیش میں داخل ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی حکومت پر پہلے ہی بہت زیادہ مالی بوجھ ہیں اور اب وہ مزید روہنگیا پناہ گزینوں کو یہاں رکھنے سے قاصر ہے۔

    بنگلہ دیش کے ڈی فیکٹو وزیر خارجہ محمد توحید حسین نے منگل نے بتایا کہ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے اگلے دو سے تین دنوں میں کابینہ میں بحث کی جائے گی۔

    یا د رہے کہ اس وقت دس لاکھ سے زیادہ روہنگیا پناہ گزین جنوبی بنگلہ دیش میں کیمپوں میں مقیم ہیں جن کی میانمار واپسی کی بہت کم امید ہے، جہاں انہیں بڑی حد تک شہریت اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔
    تشدد میں حالیہ اضافہ روہنگیا کو 2017 کی فوجی مہم کے بعد سے بدترین ہے جسے اقوام متحدہ نے نسل کشی کے ارادے سے تعبیر کیا ہے۔

    واضح رہے کہ میانمار بدھ مت کی اکثریت والا ملک ہے، جہاں روہنگیا مسلمان طویل عرصے سے ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ 2017 میں میں میانمار کی فوج نے روہنگیا کے خلاف ظالمانہ کریک ڈاؤن شروع کیا جس کی وجہ سے 7 لاکھ 30 ہزار روہنگیا کو ملک سے بھاگنا پڑا، اقوام متحدہ نے اس کریک ڈاؤن کے بارے میں کہا کہ یہ نسل کشی کا اقدام تھا۔

  • بنگلادیش میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانیوں کا انسانی بنیادوں پر بڑا قدم

    بنگلادیش میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانیوں کا انسانی بنیادوں پر بڑا قدم

    ڈھاکا: بنگلادیش میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانیوں نے انسانی بنیادوں پر بڑا قدم اٹھایا، اور سیلاب متاثرین کے لیے امداد جمع کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی طلبہ نے بنگلادیشی سیلاب متاثرین کو 2 لاکھ 25 ہزار ٹکا کا عطیہ جمع کر کے دیا ہے، یہ عطیات پاکستانی طلبہ نے بنگلادیش میں موجود اپنے ساتھیوں اور پاکستانی شہریوں سے جمع کیے۔

    ڈھاکا میڈیکل کالج میں پاکستانی طلبہ نے بنگلادیشی طلبہ رہنماؤں کو سیلاب متاثرین کے لیے امدادی رقم حوالے کی، پاکستانی طلبہ نے بنگلادیش کے مشیر امور نوجوانان اور کھیل آصف محمود سے بھی ملاقات کی، آصف محمود نے پاکستانی طلبہ سے اظہار تشکر کیا۔

    واضح رہے کہ صرف پاکستانی طلبہ واحد غیر ملکی ہیں جنھوں نے اس اقدام میں حصہ لیا، امدادی رقم حوالگی کے موقع پر طلبہ نے پاکستان اور بنگلادیش کا پرچم اٹھا کر سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔

  • جھیل کے پانی میں زہر سے ہزاروں مچھلیاں مرگئیں

    جھیل کے پانی میں زہر سے ہزاروں مچھلیاں مرگئیں

    بنگلادیش میں موجود دھان منڈی جھیل کے پانی میں مبینہ طور پر زہر ڈالنے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں مچھلیاں مرگئیں۔

    بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ ساؤتھ سٹی کارپوریشن نے جمعہ کے روز دھان منڈی جھیل سے تقریباً 1.5 ٹن مردہ مچھلیوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ مقامی افراد نے دوپہر کے وقت جھیل میں ہزاروں مردہ مچھلیوں کا مشاہدہ کیا۔

    حکام نے بتایا کہ خدشہ ہے کہ مردہ مچھلیوں کی تعداد مزید بڑھ جائے، تاہم مچھلیوں کی موت کی کوئی خاص وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

    ڈھاکہ ساؤتھ سٹی کارپوریشن کے افسر کا کہنا ہے کہ پانی اور مردہ مچھلیوں کے نمونے جمع کئے گئے ہیں تاکہ مچھلیوں کے مرنے کی وجہ کا علم ہوسکے۔

    شمالی عراق میں ترک ڈرون حملہ، کردستان ورکرز پارٹی کے 3 ارکان ہلاک

    اُن کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ مچھلیوں کو کسی نے ذاتی مفاد کے لیے زہر دیا ہو، ممکنہ طور پر جھیل کے ایک سابق لیز ہولڈر نے موجودہ لیز ہولڈر کے کاروبار کو خراب کرنے کے لیے یہ سب کیا ہو۔

  • حسینہ واجد کے خلاف جنگی ٹربیونل کی جانب سے بنگلادیش میں اجتماعی قتل کی تحقیقات

    حسینہ واجد کے خلاف جنگی ٹربیونل کی جانب سے بنگلادیش میں اجتماعی قتل کی تحقیقات

    ڈھاکا: بنگلادیش میں جنگی جرائم کے خصوصی ٹربیونل نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف اجتماعی قتل کے مقدمات کی تحقیقات شروع کر دیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگی جرائم ٹربیونل کا کہنا ہے کہ حسینہ واجد کے خلاف قتل کے مقدمات عام لوگوں کی جانب سے لائے گئے ہیں، جن میں حسینہ واجد کے متعدد سابق معاونین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    سابق وزیر اعظم کے خلاف اجتماعی قتل کے مقدمات ہیں اور ٹربیونل جرائم کے مقدمات کی بھی تحقیقات کرے گا، یاد رہے کہ حسینہ واجد کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں 450 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ڈھاکا ٹربیون کے مطابق چند دن قبل بنگلادیش انسٹی ٹیوٹ آف گلاس اینڈ سیرامکس کے طالب علم عبداللہ الطاہر کے قتل کے سلسلے میں بھی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور سابق وزیر روڈ ٹرانسپورٹ عبیدالقادر سمیت 40 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، 19 جولائی کو طالب علم کو رنگپور میں امتیازی سلوک کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران گولی مار ی گئی تھی۔

  • بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے خلاف قتل کا ایک اور مقدمہ درج

    بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے خلاف قتل کا ایک اور مقدمہ درج

    ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم حسینہ واجد کے خلاف قتل کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    بنگلادیش کی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ واجد پر ہیلی کاپٹر سے گولیاں برسانے کا الزام بھی عاید کر دیا گیا ہے، اس مقدمے میں حسینہ واجد، سابق وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس سمیت 16 افراد نامزد کیے گئے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم کے بنائے گئے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے حسینہ واجد کے خلاف ہی انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات شروع کر دی ہے، ٹریبونل نے 15 جولائی سے 5 اگست تک کی ہلاکتوں کا کیس تحقیقاتی ٹیم کو سونپ دیا ہے۔

    حسینہ واجد اور دیگر 9 افراد پر قتل، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

    یہ درخواست نویں جماعت کے مقتول طالب علم عارف احمد صیام کے والد بلبل کبیر نے دائر کی ہے، جسے مظاہرے کے دوران گولی ماری گئی تھی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ حسینہ واجد نے طلبہ مظاہرین کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن کا منصوبہ بنایا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔

    بنگلادیش چھوڑنے کے بعد حسینہ واجد کا پہلا بیان جاری

    دوسری طرف 8 سال سے قید بیرسٹر احمد بن قاسم نے حسینہ واجد کی خفیہ جیل کا احوال بتاتے ہوئے کہا ہے ’’مجھے لگا تھا وہ مجھے مار ڈالیں گے، آٹھ سال بعد آنکھوں پر پٹی باندھ کر اور ہتھکڑیاں پہنا کر جب پہلی بار خفیہ جیل آئینہ گھر سے باہر نکالا گیا تو میں نے پستول کی آواز سن کر اپنی سانسیں روک لیں، لیکن انھوں نے مجھے مارنے کی بجائے ڈھاکا کے مضافات میں کیچڑ والی کھائی میں زندہ پھینک دیا، آٹھ برس میں پہلی بار مجھے تازہ ہوا نصیب ہوئی۔‘‘

    احمد بن قاسم بنگلادیش کے سب سے بڑے نجی بینک کے سربراہ اور ارب پتی میر قاسم علی کے بیٹے ہیں، انھیں اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اپنے والد کا کیس لڑ رہے تھے، اغوا کے چار دن بعد ان کے والد کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

  • بنگلادیش کی عبوری حکومت نے حسینہ واجد کو وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی

    بنگلادیش کی عبوری حکومت نے حسینہ واجد کو وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی

    ڈھاکا: بنگلادیش کی عبوری حکومت نے شیخ حسینہ واجد کو وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ملک بدر کیے جانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انھیں وطن واپس آنے کی پیشکش کر دی۔

    بنگلادیش کی وزارت داخلہ امور کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) محمد سخاوت حسین نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ واجد کو ملک چھوڑنے کے لیے جبراً مجبور کیے جانے کا تاثر بے بنیاد ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل سخاوت حسین نے مزید کہا کہ حسینہ واجد اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کر گئیں، ان پر کسی قسم کا جبر نہیں تھا، لیکن ہم واپس آنے کی دعوت دیتے ہیں، وہ آئیں اور نئے چہروں کے ساتھ پارٹی کو دوبارہ منظم کریں۔

    انھوں نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد ملک میں واپس آئیں لیکن کوئی ہنگامہ برپا نہ کریں، جماعت اسلامی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر ہم پابندی نہیں چاہتے۔

    ادھر بنگلادیش کی نئی عبوری حکومت کے خارجہ امور کے مشیر محمد توحید حسین نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر بنگلادیش کے قانون کی ضرورت ہوئی تو ڈھاکا نئی دہلی سے شیخ حسینہ کی ہندوستان سے واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کہے گا۔

  • بنگلہ دیش عبوری حکومت کے سربراہ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا، ویڈیو وائرل

    بنگلہ دیش عبوری حکومت کے سربراہ کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا، ویڈیو وائرل

    حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا۔

    بنگلہ دیش میں ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والی شورش حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد اب تھم گئی ہے اور ملک میں نظام زندگی معمول پر آنے لگے ہیں۔

    عبوری حکومت کے نظام حکومت سنبھالنے کے ساتھ ہی ملک کے سرکاری ونجی ادارے، تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں اور بازاروں کی رونقیں بھی آہستہ آہستہ بحال ہو رہی ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک رواں ہونے کے ساتھ ہی ٹریفک اہلکاروں نے بھی اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔

    گزشتہ روز دارالحکومت ڈھاکا میں عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر یونس کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنس گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر یونس کا قافلہ ٹریفک جام میں پھنسا ہوا ہے جب کہ اس موقع پر چیف ایڈوائزر کی ذاتی سیکیورٹی ٹیم کے اہلکار ان کی گاڑی کے اردگرد کھڑے ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی وہاں جمع ہوگئی جب کہ اسپیشل سیکیورٹی فورس کے افسرلاؤڈ اسپیکر پرلوگوں کوگاڑی کے قریب نہ آنے کی ہدایت کرتے رہے۔

    واضح رہے کہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو بنگلہ دیش میں انقلابی تحریک چلانے والے طلبہ رہنماؤں کے مطالبے پر عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد وی وی آئی پی موومنٹ پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا تھا۔