Tag: Bangladesh

  • آئی ایم ایف پروگرام ملنے کے باوجود بنگلادیش معاشی بحران سے نہ ابھر سکا

    آئی ایم ایف پروگرام ملنے کے باوجود بنگلادیش معاشی بحران سے نہ ابھر سکا

    ڈھاکا: آئی ایم ایف پروگرام ملنے کے باوجود بنگلادیش معاشی بحران سے نہ ابھر سکا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ کی جانب سے پروگرام ملنے کے باوجود بنگلادیش میں معاشی بحران جاری ہے۔

    فروری میں ہی آئی ایم ایف نے 4.7 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے، لیکن بنگلادیش میں ڈالر بحران کے ساتھ ساتھ درآمدات میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    ڈالر کے مقابلے میں بنگلادیشی کرنسی ٹکا کی قدر میں ریکارڈ 27 فی صد کمی ہوئی ہے، غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر بھی کم ہو کر 32 ارب ڈالر سے نیچے آ گئے ہیں۔

    گرتے زرِ مبادلہ ذخائر کو بچانے کے لیے بنگلادیش نے تمام غیر ضروری درآمدات روک دی ہیں، اور کمرشل بینکوں نے ڈالر کی قلت کی وجہ سے نئی ایل سیز کھولنا بند کر دی ہیں۔

  • بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی

    بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی

    ڈھاکا: بنگلا دیش نے بھارت سے 300 الیکٹرک ڈبل ڈیکر ایئر کنڈیشنڈ بسیں خریدنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش نے بھارت سے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی درخواست کر دی ہے، رواں سال بنگلا دیش بھارت سے 100 الیکٹرک بسیں خریدے گا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی حکومت کی جانب سے یہ درخواست اتوار کو ڈھاکا میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر بنوئے جوگرے اور بنگلا دیش کے روڈ ٹرانسپورٹ اور پلوں کے وزیر عبید القادر کے درمیان ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کی گئی۔

    بھارتی ڈبل ڈیکر بسیں ڈھاکا اور چٹوگرام کی سڑکوں پر چلائی جائیں گی، سرکاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے انڈین لائن آف کریڈٹ (LOC) کے تحت بنگلا دیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (BRTC) کے لیے 300 الیکٹرک ڈبل ڈیکر اے سی بسوں کی خریداری پر گفتگو کی ہے۔

    بنگلادیش 2030 تک کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن پر ایک پالیسی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، یہ پالیسی رواں ماہ منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجی جائے گی۔

  • حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ملاقات

    حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے سری لنکا میں ہیں، شرکت سے قبل ان کی ملاقات بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر سری لنکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تقریبات میں جنوب ایشیائی ممالک کے معززین بھی شرکت کر رہے ہیں۔

    اس دوران حنا ربانی کھر کی بنگلہ دیش کے ہم منصب اے کے عبدالمومن سے ملاقات ہوئی، دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں تیزی آرہی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔

  • آئی ایم ایف نے بنگلادیش کو 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض دے دیا

    واشنگٹن: آئی ایم ایف نے بنگلادیش کو 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 4.7 ارب ڈالر کا قرض حاصل کر لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے معاشی بحران کے پیش نظر گزشتہ برس جنوبی ایشیا کے تین ممالک کی طرف سے قرض لینے کی درخواستوں میں سے بنگلادیش کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے 4.7 ارب ڈالر کا قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔

    بنگلادیش کو آئی ایم ایف کے توسیعی قرض سہولت کے تحت تقریباً 3.3 ارب ڈالر دیے جائیں گے، جس میں سے 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی قسط فوری طور پر جاری کی جائے گی۔

    آئی ایم ایف بورڈ نے موسمیاتی تبدیلیوں کے فنڈ کے تحت ایک ارب 40 کروڑ ڈالر دینے کی بھی منظوری دے دی ہے، ایشیا میں بنگلادیش یہ رقم حاصل کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

    آئی ایم ایف نے کہا کہ قرضے کو معاشی استحکام کے لیے استعمال کیا جائے گا، اور بنگلادیش میں اصلاحاتی ایجنڈا آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

    اگلے سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل آئی ایم ایف کی طرف سے قرض کی یہ منظوری وزیر اعظم شیخ حسینہ کی کامیابی سمجھی جا رہی ہے، کیوں کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا تھا، ٹکہ کی قدر گر رہی تھی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی آ رہی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلادیش نے اپنے زر مبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کی کوشش میں ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب ڈالر کا قرض لیا تھا۔

    ادھر پاکستان اور سری لنکا کو بھی شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود بھی آئی ایم ایف کی طرف سے دونوں ممالک کو قرض کی منظوری نہیں دی جا رہی۔

  • فلائٹ کے دوران جھگڑا، مسافروں نے ایک دوسرے پر تھپڑ اور مکے برسا دیے

    فضائی سفر کے دوران اکثر بدمزگی، لڑائی جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، حال ہی میں ایسے ہی ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    مذکورہ واقعہ بنگلہ دیش کی بیمان ایئر لائنز کی فلائٹ میں پیش آیا، طیارے کی منزل کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بغیر شرٹ کے ایک نوجوان شخص سیٹ پر بیٹھے شخص سے ہاتھا پائی کر رہا ہے۔

    سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص جس کا چہرہ دکھائی نہیں دے رہا، جواباً نوجوان کو تھپڑ مار رہا ہے لیکن نوجوان بہت غصے اور جنون کی حالت میں اس پر تشدد کر رہا ہے۔

    نوجوان سیٹ پر بیٹھے ہوئے شخص پر مکے بھی برسا رہا ہے۔

    چند سیکنڈ تک دونوں کے درمیان دوبدو لڑائی کے بعد دیگر مسافر بیچ میں آگئے اور نوجوان کو گلے اور بازوؤں سے پکڑ کر روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پیچھے موجود افراد بھی اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو کر سارا ماجرا دیکھ رہے ہیں جبکہ کچھ ویڈیو بنانے میں بھی مصروف ہیں۔

    تاحال ایئر لائن کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا نہ ہی یہ واضح ہے کہ جھگڑنے والے نوجوان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔

  • 2.8 ارب ڈالر لاگت کا میٹرو ریل سسٹم، بنگلادیش جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا

    ڈھاکا: 2.8 ارب ڈالر لاگت کے میٹرو ریل سسٹم کے ساتھ بنگلادیش جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں دو اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر کی لاگت سے بننے والی پہلی میٹرو ریل لائن کا افتتاح کر دیا گیا۔

    بنگلادیش جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جہاں میٹرو ریل سسٹم ہے، اس شہری ریلوے منصوبے ’لائن 6‘ کے لیے زیادہ تر فنڈز جاپان فراہم کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ میٹرو ریل بھی ہمارے لیے ایک اور فخر کی بات ہے۔ حکام اور مسافروں کو امید ہے کہ اس سے دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد اور بھیڑ والے شہر میں ٹریفک کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    میٹرو لائن پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد ہر گھنٹے 60 ہزار افراد اس کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔

    ڈھاکا ماس ٹرانزٹ کمپنی لمیٹڈ (ڈی ایم ٹی سی ایل) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ لائن، جو 20 کلومیٹر (تقریباً 12 میل) تک پھیلی ہوئی ہے، 16 اسٹیشنوں پر جائے گی اور ڈھاکا کے شمالی زون کو سرکاری دفاتر اور اسپتالوں سے جوڑے گی، اور آخر کار شہر سے ہوتے ہوئے جنوب میں موتی جھیل کے مالیاتی ضلع تک پھیلے گی۔

  • بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ، ایک ہلاک درجنوں زخمی

    بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ، ایک ہلاک درجنوں زخمی

    ڈھاکا: بنگلادیش میں مظاہرین پر پولیس کی براہ راست فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

    بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکا میں اپوزیشن جماعت بی این پی کی جانب سے احتجاجی ریلی کے اعلان پر پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا، اپوزیشن شیخ حسینہ واجد سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے اور تمام بنگلادیشیو سے ڈھاکا پہنچنے کی اپیل کی ہے۔

    ادھر پولیس نے ڈھاکا میں خالدہ ضیا کی جماعت کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا ہے، پولیس حکمراں جماعت عوامی لیگ کے خلاف ریلی کو طاقت کے زور پر روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    پولیس اہل کاروں نے اپوزیشن کے حامی مظاہرین پر براہِ راست گولیاں چلا دیں، جس سے ایک شخص ہلاک اوردرجنوں زخمی ہو گئے، بی این پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے 1400 کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

    نیا پلٹن میں بھی پولیس نے بی این پی کے دفتر کا گھیراؤ کر رکھا ہے، علاقے میں بیش تر شاپنگ مال اور دکانیں بند ہیں۔

    ڈھاکا میٹروپولیٹن پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی ریلی کو بہر صورت روکا جائے گا، جب کہ بی این پی کے حامیوں کا کہنا ہے حکومت جو چاہے کر لے، ریلی کسی صورت نہیں رُکے گی۔

    خیال رہے کہ خالدہ ضیا کی جماعت نے ہفتے کو حکومت کے خلاف ریلی کا اعلان کیا ہے۔

  • حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، حکومت کی جانب سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کی نیشنل پارٹی نے شہر کھلنہ میں احتجاج کی کال دی، جس پر ہزاروں افراد وزیر اعظم حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

    مظاہرے کو روکنے کے لیے عوامی لیگ کی حکومت نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر دی، رکاوٹوں کی وجہ سے کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، پولیس اور مظاہرین آنے سامنے آئے۔

    عوامی لیگ نے بنگلا دیش نیشنل پارٹی پر دہشت پھیلانے کا الزام عائد کر دیا ہے۔

  • ویڈیو: سومیا سرکار کے پہلے ہی اوور میں دل کش اسٹروکس

    ویڈیو: سومیا سرکار کے پہلے ہی اوور میں دل کش اسٹروکس

    ہوبارٹ: بنگلادیش کے اوپنر بیٹسمین سومیا سرکار نے نیدرلینڈز کے خلاف پہلے اوور میں دل کش اسٹروکس کھیلے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں آج بنگلا دیش اور نیدرلینڈز کے مابین میچ جاری ہے، بنگلادیش نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    اگرچہ اوپنر سومیا سرکار نے نیدرلینڈز کے خلاف محض 14 رنز کی اننگ کھیلی، تاہم پہلے اوور میں انھوں نے نیدرلینڈز کے بولر فریڈ کلاسین کو دو دل کش باؤنڈریز ماریں۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فیس بک پیج پر پہلے اوور کے اسٹروکس کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں سومیا سرکار کے اسٹروکس کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ بنگلا دیش نے نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دے دیا ہے، بنگال ٹائیگرز نے 8 وکٹوں پر 144 رنز بنائے، عفیف حسین 38 رنز بنا کر نمایاں رہے، نجم الحسین نے 25 رنز بنائے۔

    نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین اور باس ڈی لیڈے نے 2،2 وکٹیں لیں۔

  • ٹی 20 ورلڈکپ: بنگلا دیش کے 15 رکنی اسکواڈ میں اہم تبدیلی

    ٹی 20 ورلڈکپ: بنگلا دیش کے 15 رکنی اسکواڈ میں اہم تبدیلی

    نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کے بعد بنگلا دیشی ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی سی) کے مطابق بیٹر صابر رحمٰن اور آل راؤنڈر محمد سیف الدین اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ سومیا سرکار اور شریف الاسلام کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    صابر رحمٰن اور محمد سیف دونوں کو ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم سیف الدین اور صابر کی سہ فریقی سیریز میں کارکردگی متاثر کن نہ ہونے پر انتظامیہ نے ٹیم کے روسٹر میں تبدیلی کر دی۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کمان شکیب الحسن کو دی گئی ہے، جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن، لٹن کمار داس، عفیف حسین شامل ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کس ملک سے کون کھیل رہا ہے؟

    اس کے علاوہ یاسر علی، مصدق حسین، نورالحسن، مہدی حسن مرزا، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن ،حسن محمود، نسیم احمد اور عبادت حسین بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کل سے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے، پاکستان نے برسبین میں 2 وارم اپ میچز 17 اور 19 اکتوبر کو کھیلنے ہیں جب کہ پہلا میچ 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلنا ہے۔