Tag: Bangladesh

  • بنگلا دیش حکومت کا اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن

    بنگلا دیش حکومت کا اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن

    ڈھاکا: بنگلا دیش حکومت نے اپوزیشن کے کارکنوں کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش حکومت نے اپوزیشن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، ہزاروں کارکنان کے خلاف مقدمات بنا لیے گئے۔

    بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ بنگلادیش کی حکومت نے 4 ہزار 81 کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنائے ہیں، جب کہ دیگر 20 ہزار حمایتیوں پر بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت نے حالیہ مہینوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے تھے اور عام انتخابات غیر جانب دار نگراں حکومت کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش میں عام انتخابات اگلے سال دسمبر میں ہوں گے، دوسری جانب ہیومن رائٹس واچ نے بنگلا دیش میں اپوزیشن کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلا دیشی حکام کو قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا چاہیے اور سیاسی اپوزیشن کے حامیوں کی آزادی اور پرامن اجتماع کے حق کا تحفظ کرنا چاہیے۔

    ہیومن رائٹس واچ جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا کہ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بارہا کہا ہے کہ بنگلا دیش ایک پختہ جمہوریت ہے جو انتخابات کرانے اور اقتدار کی پرامن منتقلی کی صلاحیت رکھتا ہے، لیکن اس کی بجائے پچھلے انتخابات میں تشدد، اپوزیشن پر حملوں اور ووٹرز کو دھمکیاں دی گئیں۔

  • بنگلادیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق

    بنگلادیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں مسافر کشتی ڈوبنے سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں مسافر کشتی دریا میں ڈوبنے سے پچیس افراد ہلاک ہو گئے، درجنوں لاپتا ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کشتی میں 70 سے زائد مسافر سوار تھے، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت موسم صاف تھا اور دریا میں طغیانی بھی نہیں تھی، حادثہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کے باعث پیش آیا۔

    غوطہ خور اور دیگر ریسکیو اہل کار لاپتا افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

    حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے، واضح رہے کہ بنگلا دیش میں کشتی کے ذریعے سفر کرنا معمول ہے اور تمام بڑے دریاؤں میں مسافر کشتیاں چلتی ہیں۔

  • بنگلادیش کو اسکولوں اور دفاتر کے اوقات کم کرنے پڑ گئے

    بنگلادیش کو اسکولوں اور دفاتر کے اوقات کم کرنے پڑ گئے

    ڈھاکا: بنگلادیش میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا، ملک میں اسکولوں اور دفاتر کے اوقات کم کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے اسکول اور دفاتر کے اوقات کم کر دیے ہیں۔

    بنگلادیش میں اب اسکول ہفتے میں 2 روز کے لیے بند رہیں گے، جب کہ حکومت نے دفاتر اور بینکوں میں کام کے اوقات میں بھی ایک گھنٹے کی کمی کر دی ہے۔

    بنگلادیشی میڈیا کے مطابق سرکاری دفاتر اور بینک اپنے کام کے دنوں میں اوقات 8 کی بجائے 7 گھنٹے کر دیں گے۔

    توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مشکلات کا شکار بنگلادیش کی حکومت نے گزشتہ ماہ روزانہ 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بھی اعلان کیا تھا۔

    بنگلادیشی حکومت نے روس یوکرین جنگ کے باعث عالمی منڈی میں توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے وجہ سے گزشتہ ماہ اپنے تمام 10 ڈیزل پاور پلانٹس کو بھی بند کر دیا ہے۔

  • بنگلادیش میں پیٹرول کی قیمتوں میں 50 فی صد سے زائد کا تاریخی اضافہ

    بنگلادیش میں پیٹرول کی قیمتوں میں 50 فی صد سے زائد کا تاریخی اضافہ

    ڈھاکا: بنگلادیش میں پیٹرول کی قیمتوں میں 50 فی صد سے زائد کا تاریخی اضافہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیشی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یک مُشت 50 فی صد سے زائد تاریخی اضافہ کر دیا ہے، فی لیٹر پیٹرول 130 ٹکے کا ہو گیا۔

    بنگلادیش میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 307 پاکستانی روپے ہو گئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد موٹر سائیکل سواروں نے ملک بھر میں فیول اسٹیشنز کا رخ کر دیا، جس کچھ پمپوں نے فروخت روک دی جس سے مظاہرے پھوٹ پڑے۔

    بنگلادیش بھی معاشی مشکلات کا شکار، قرض کیلئے آئی ایم ایف کو درخواست دے دی

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی وزارت توانائی نے 51 اعشاریہ 7 فی صد تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔

    ہائی اوکٹین کی فی لیٹر قیمت51.7 فی صد اضافے کے بعد 135 ٹکا (318 پاکستانی روپے) ہوگئی ہے۔

    ڈیزل اور مٹی کا تیل 42.5 فی صد مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 114 ٹکا (269 پاکستانی روپے 36 پیسے) فی لیٹر ہوگئی ہے۔

  • بنگلا دیشی شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا

    بنگلا دیشی شہر مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا

    نئی دہلی/ڈھاکا: بھارت اور بنگلا دیش میں 20 سال کے بدترین سیلاب سے ایک کروڑ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت اور بنگلا دیش میں طوفان برق و باراں اور سیلاب سے اب تک کم از کم 116 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ بنگلا دیش کا شہر سلہٹ مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے۔

    بھارت اور بنگلا دیش میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں نے ایک ہوائی اڈے کو ڈبو دیا ہے اور سیل فون ٹاور، پل اور بجلی کی لائنیں گرا دی ہیں، لاکھوں لوگوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہے اور لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

    سلہٹ میں گلیوں میں کشتیاں چلنے لگی ہیں، دوسری طرف بھارتی ریاست آسام کے 35 میں 32 اضلاع پانی میں گِھر گئے ہیں اور مختلف مقامات پر پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

    ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں سیلاب مزید شدید ہونے کا خدشہ ہے، جب کہ بنگلا دیش کے کچھ سرکاری عہدے داروں نے حالیہ سیلاب کو 2004 کے بعد ملک کا بدترین سیلاب قرار دے دیا ہے۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں لاکھوں لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جب کہ ہنگامی کارکنان متاثرہ افراد تک پہنچنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے سیلاب زدہ علاقوں میں مون سون کی بارشوں نے مزید مصائب پیدا کر دیے ہیں، لاکھوں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہے۔

    بنگلا دیش میں اسکولوں کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اور پانی کے بڑھنے کے نتیجے میں پڑوسی برادریوں سے کٹے ہوئے گھرانوں کو نکالنے کے لیے فوج کو تعینات کیا گیا ہے۔

  • سری لنکا کے بعد ایک اور ملک بھی برے حالات کے نرغے میں

    سری لنکا کے بعد ایک اور ملک بھی برے حالات کے نرغے میں

    ڈھاکا: سری لنکا کے بعد بنگلا دیش پر بھی معاشی بحران کا سایہ منڈلانے لگا ہے، جہاں کاروباری خسارے میں لگا تار اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کے بیرون ملک کرنسی ذخیرہ یعنی فوریکس ریزروس میں لگا تار گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔

    بین الاقوامی بازار میں کموڈیٹی، ایندھن، مال ڈھلائی اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافے کے سبب بنگلا دیش کا خرچ برائے درآمدات بھی بڑھ گیا ہے، جولائی 2021 سے مارچ 2022 کے درمیان بنگلا دیش کے ذریعے سامانوں پر کیے جانے والے خرچ میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔

    بنگلا دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق درآمدات پر ہونے والا خرچ بڑھ گیا ہے لیکن اس کے مقابلے میں برآمدات سے ہونے والی آمدنی نہیں بڑھی، جس کی وجہ سے کاروباری گھاٹا لگاتار بڑھتا جا رہا ہے، درآمدات پر زیادہ ڈالر خرچ کرنے پڑ رہے ہیں، اور برآمدات سے غیر ملکی کرنسی حاصل نہیں ہوئی، جس کے سبب فوریکس ریزروز میں کمی آ رہی ہے۔

    جو میڈیا رپورٹس سامنے آ رہی ہیں اس میں فوریکس ریزروز میں لگاتار گراوٹ کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جتنا فوریکس ریزروز بچا ہے اس کے ذریعے صرف 5 مہینے کے لیے ہی درآمدات کی ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے گا، اگر کموڈٹی، کروڈ اور خوردنی اشیا کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو پانچ مہینے سے پہلے بھی یہ فنڈ ختم ہو سکتا ہے۔

    22-2021 کے جولائی سے مارچ کے درمیان بنگلا دیش میں 22 ارب ڈالر کے صنعتی خام مال کی درآمد ہوئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 54 فی صد زیادہ ہے، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب درآمدات بل 87 فی صد بڑھی ہے۔

    ڈالر کی قیمتوں میں بینک اور اوپن مارکیٹ میں 8 روپے کے قریب فرق ہے، اس کے سبب لوگ اور غیر قانونی طریقے سے بیرون ملکی کرنسی بھیج رہے ہیں، جس سے مرکزی بینک کے پاس بیرون ملکی کرنسی کی کمی آئی ہے۔

    ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کمزور ہوتی جا رہی ہے، مرکزی بینک نے ٹکا اور ڈالر کا ایکسچینج ریٹ 86.7 ٹکا طے کیا ہے لیکن بینک درآمد کنندگان سے 95 ٹکا وصول کر رہے ہیں، اس وجہ سے درآمدی سامان کی قیمتیں بڑھی ہیں اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    بنگلا دیشی حکومت نے ڈالر بحران سے نمٹنے کے لیے لگژری مصنوعات کی درآمدات پر پابندی لگا دی ہے اور سرکاری افسران کے بیرون ملک سفر کو بھی ممنوع قرار دے دیا ہے، ساتھ ہی غیر ضروری منصوبوں پر عارضی طور پر روک لگ سکتی ہے۔

  • بنگلہ دیش کا ’ریویو‘ مذاق بن گیا

    بنگلہ دیش کا ’ریویو‘ مذاق بن گیا

    کیویز کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بنگلہ دیش کی جانب سے لیا گیا ریویو سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا۔

    جدید کرکٹ میں بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھانے کے لیے فیلڈ امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لینا عام بات ہے لیکن ماؤنٹ ماگنوانی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوران ایک انوکھا ریویو لیا گیا جس نے کمنٹیٹرز کو بھی قہقہے لگانے پر مجبور کردیا

    ہوا کچھ یوں کہ جب بنگلہ دیشی بولر تسکین احمد کی کرائی گیند نے کیوی بلے باز راس ٹیلر کے بیٹ پر لگی لیکن مہمان ٹیم نے جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریویو لے لیا۔

    صاف دکھائی دے رہا تھا کہ تسکین احمد کی جانب سے پھینکی گئی گیند نے پہلے راس ٹیلر کے بلے کو چھوا جس پر بنگلہ کھلاڑیوں نے زبردست اپیل کی لیکن فیلڈ امپائر کی جانب سے اپیل مسترد ہونے پر کھلاڑیوں نے باہمی مشورے سے ریویو لے لیا۔

    بنگال ٹائیگرز کی جانب سے حیرت انگیز ریویو لینے پر کمنٹیٹر بھی زور زور سے ہنسنے لگے جب کہ راس ٹیلر بھی مسکرا دیے

    سوشل میڈیا صارفین بھی اس ریویو کا خوب مذاق بنا رہے ہیں اور اسے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریویو بھی قرار دیا جا رہا ہے، صارفین اپنے اپنے انداز میں مضحکہ خیز ریویو پر ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • ٹیسٹ سیریز کے لئے نئی کمُک بنگلا دیش روانہ

    ٹیسٹ سیریز کے لئے نئی کمُک بنگلا دیش روانہ

    لاہور: بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی ڈھاکہ روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے ڈھاکہ روانہ ہوگئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کھلاڑیوں کی روانگی کی تصویر شیئر کی، جن میں اوپننگ بیٹر امام الحق، بیٹر اظہر علی اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو دیکھا جاسکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی نے معافی مانگ لی، ویڈیو دیکھیں

    قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ارکان ڈھاکہ پہنچنے کے بعد ایک روز آئسولیشن میں رہیں گے اور آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کے دیگر ارکان کو جوائن کریں گے۔

    پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 نومبر سے چٹاگانگ میں شروع ہو گا، سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکہ میں چار دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

  • دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    دنیا کی سب سے بونی گائے چل بسی، ہزاروں شائقین افسردہ

    ڈھاکا: دنیا کی سب سے بونی گائے بیماری سے چل بسی، ہزاروں شائقین اس کی موت پر افسردہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں وسیع پیمانے پر شہرت حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے، جسے رانی کا نام دیا گیا تھا، جمعرات کو دوران علاج مر گئی۔

    رانی، جو صرف 51 سینٹی میٹر (20 انچ) لمبی اور اس کا وزن 26 کلو گرام (57 پونڈز) تھا، دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے اعزاز کے حصول کے لیے مقابلے میں شامل تھی۔

    مقامی لائیواسٹاک افسر ساجد الاسلام نے میڈیا کو بتایا کہ رانی کے معدے میں بہت زیادہ سوجن ہو گئی تھی، جس پر اسے علاج کے لیے جمعرات کو لے جایا گیا، تاہم جانوروں کے ڈاکٹرز اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور وہ چند ہی گھنٹوں بعد مر گئی۔

    انھوں نے بتایا کہ رانی کے معدے میں ہونے والی سوجن بہت زیادہ خوراک کھانے اور گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ رانی بنگلا دیش میں مقامی سیلیبریٹی کی حیثیت رکھتی تھی، ڈھاکا کے قریب ایک علاقے ساور کے ایک فارم میں مقیم اس گائے کو لوگ بڑی تعداد میں اسے دیکھنے آتے تھے، تقریباً 2 سال عمر کی یہ گائے اپنی معصومیت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

    رانی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملک گیر لاک ڈاؤن کے باوجود اسے دیکھنے کے لیے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ فارم ہاؤس پہنچتے رہے۔

    ایک بنگلادیشی افسر نے فیس بک پر لکھا کہ حکام نے گنیز بک آف ریکارڈز کو بھی رانی کی موت سے مطلع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا اعزاز اس وقت بھارت کی ایک بونی گائے کو حاصل ہے جس کا قد 24 انچ ہے۔

  • بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی سائنوفارم سے ویکسینیشن شروع

    بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی سائنوفارم سے ویکسینیشن شروع

    ڈھاکا: بنگلا دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کی کرونا ویکسینیشن شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں پڑوسی ملک میانمار سے جانیں بچا کر پناہ کے لیے آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں میں کووِڈ 19 ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا۔

    کاکسس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں کرونا ویکسینیشن کا آغاز منگل کے روز سے ہوا، ان کیمپوں میں تقریباً 9 لاکھ روہنگیا پناہ گزیں ہیں، یہاں ویکسینیشن اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے کرائی جا رہی ہے۔

    55 سال یا اس سے زائد عمر کے تقریباً 48 ہزار افراد کو چینی ساختہ سائنوفارم ویکسین لگائی جا رہی ہے، ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے ایک فرد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ وائرس دنیا بھر میں پھیل رہا ہے اور وہ اس سے متاثر نہیں ہونا چاہتا۔

    جہاں دنیا بھر کے 220 ممالک اور خطے کرونا وائرس کی لپیٹ میں آئے، وہاں بنگلا دیش میں قائم پناہ گزین کیمپوں میں موجود روہنگیا مسلمان بھی اس سے نہ بچ سکے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق کیمپوں میں موجود تقریباً ڈھائی ہزار پناہ گزینوں میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، اور ان میں سے 28 کی موت واقع ہوئی۔

    واضح رہے کہ بنگلا دیش میں وائرس کی انتہائی متعدی متغیر قسم ’ڈیلٹا‘ تیزی سے پھیل رہی ہے۔