Tag: bani gala

  • انصاف کیلئے ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا، اعظم سواتی

    انصاف کیلئے ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا، اعظم سواتی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوری دور میں ایک سینیٹر کو ماورائے آئین و قانون تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    بنی گالا میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایسا لیڈردیا ہے جس کی وجہ پاکستانی قوم درحقیقت ایک قوم بن چکی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوری دور میں سینیٹر کو ماورائے آئین و قانون تشدد کا نشانہ بنایا گیا، کسٹوڈین ٹارچر پر اعلیٰ عدلیہ کو سوموٹو لینا چاہیے۔

    سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں میڈیا نمائندگان پر بھی بدترین تشدد کیا گیا، ایوان بالا کے نمائندے کو حراست میں لے کر برہنہ کیا گیا اورتشدد کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کون تھے جنہوں نے عمران خان کے اس سپاہی کو گرانے کی کوشش کی، اللہ نے پاکستان کو ایسا لیڈر دیا ہے جس کی وجہ سے قوم ایک قوم بن چکی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نام نہاد جمہوری دور میں سینیٹر کو ماورائے آئین وقانون تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو میرے ساتھ سلوک کیا گیا انصاف کے ہر فورم پرجاؤں گا۔

    اعظم سواتی نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ہر فورم کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا، صحافیوں نے کیا جرم کیا ہے جس کی پاداش پر ایسی سزائیں دی جارہی ہیں۔

    تحریک انصاف کے سینیٹر نے کہا کہ جمہوریت اور اقتدار اس طریقے سے نہیں چل سکتے، سینئر پارلیمنٹیرینز کو انصاف نہیں مل سکتا تو عدل کا نظام ختم ہوچکا ہے۔

    اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اہلکار رات کی تاریکی میں اعظم سواتی کے گھر میں وارنٹ کے بغیر دیواریں پھلانگ کرگئے، چھوٹے بچوں کے سامنےاعظم سواتی پر تشدد کیا گیا۔

    اعظم سواتی کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے کسی بڑے آدمی پر تنقید کردی تھی، پہلے تو پوچھا جائے کہ اعظم سواتی کو کس کے حوالے کیا گیا تھا؟ وہ کون تھے جنہوں نے برہنہ کرکے اعظم سواتی پر تشدد کیا ایسے ہی شہبازگل اور صحافی جمیل فاروقی کے ساتھ بھی سلوک کیا گیا۔

  • عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ، بنی گالہ کے اطراف کارکنوں کےعارضی کیمپ قائم

    عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ، بنی گالہ کے اطراف کارکنوں کےعارضی کیمپ قائم

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظرپی ٹی آئی کے کارکنوں نے بنی گالہ کے اطراف عارضی کیمپ قائم کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالا پہنچ گئی۔

    کارکنوں نےعمران خان کی رہائشگاہ کے اطراف عارضی کیمپ قائم کرلئے، پی ٹی آئی رہنما مراد سعید بھی رات گئے کارکنان کے پاس پہنچے اور کارکنوں سے موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔

    یاد رہے گذشتہ روز عمران خان دس روز بعد خیبرپختونخوا سے واپس بنی گالا پہنچے تو وفاقی حکومت نے سیکیورٹی فراہم کی ، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے دھمکی بھی دے ڈالی تھی۔

    رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان دو درجن سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں، جیسے ہی ضمانت ختم ہوگی تو وہی سیکیورٹی انہیں گرفتار کر لے گی۔

    بعد ازاں پی ٹی آئی نے وزیرداخلہ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا خبردار کیا تھا کہ رانا ثنااللہ کان کھول کر سن لو۔۔۔عمران خان ہماری ریڈلائن ہے، کراس کرنےکی کوشش بھی نہ کرنا۔

    خیال رہے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان چھبیس اپریل کی صبح ڈی چوک پر آزادی مارچ سے خطاب کے فوراً بعد پشاور چلےگئےتھے۔

  • عمران خان کی رہائش گاہ پر رات گئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    عمران خان کی رہائش گاہ پر رات گئے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی

    اسلام آباد : عمران خان کی اسلام آباد مارچ کال سے پہلے پولیس نے کارروائیاں شروع کردیں، پولیس کی جانب سے اسلام آباد اور کراچی میں کارروائیاں کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بنی گالہ اور اطراف میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بنی گالہ میں موجود پرامن پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کیا گیا۔

    پولیس کے پہنچتے ہی بنی گالہ کے اطراف موجود پی ٹی آئی کارکنان متحرک ہوگئے، مشتعل کارکنان خیموں سے باہر نکل آئے اور حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی۔

    اسلام آباد پولیس کے بنی گالہ پہنچنے پر پی ٹی آئی رہنما مراد سعید باہر نکل آئے، بنی گالہ کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکن اپنے سامنے مراد سعید کو دیکھ کر جذباتی انداز میں نعرے لگاتے رہے۔

    پی ٹی آئی کارکنوں نے مراد سعید کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں، مراد سعید کچھ دیر کارکنوں کے ساتھ موجود رہے، بعد ازاں پولیس واپس روانہ ہوگئی۔

  • وزیراعظم کی جانب سے بنی گالہ میں قربانی کی ادائیگی

    وزیراعظم کی جانب سے بنی گالہ میں قربانی کی ادائیگی

    اسلام آباد: حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے، صاحب استطاعت حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سنت ابراہیمی کی پیروی کی گئی اور بنی گالہ میں دو بیلوں کی قربانی کی گئی، وزیراعظم عید کی تعطیلات کے باعث اس وقت نتھیاگلی میں موجود ہیں، وزیراعظم نے نماز عید الاضحیٰ بھی نتھیاگلی میں ہی ادا کی۔

    اس سے قبل بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کیلئے بیل اوربکرےکا صدقہ دیا گیا تھا، یہ کام وزیراعظم کے دورہ بخارا کے موقع پر سرانجام دیا گیا، وزیراعظم وفدکےہمراہ صدقے کےجانوردیکھنےخودگئے تھے۔

    عید قربان کے پُر مسرت موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اْجاگر کرنے کا جذبہ مہیا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہ ِراست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔

  • فضل الرحمان کی دھمکیاں ، وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت

    فضل الرحمان کی دھمکیاں ، وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت

    اسلام آباد : جے یو آئی ف کے سربراہ فضل الرحمان کی دھمکیوں اور معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کے پیش نظر وزیر اعظم کی بنی گالہ رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ فضل الرحمان کی دھمکیوں اور معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ، اس خدشے کے پیش نظر  وزیر اعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    بنی گالہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینر لگا دیے گئے اور ایف سی جوان بھی تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ بکتر بند بھی پہنچا دی گئی اور مری روڈ سے بنی گالہ انصاف چوک تک 3مقامات پر کنٹینر پہنچا دیے ہیں اور اسلام آباد پولیس سمیت ایف سی،ایلیٹ اہلکار بھی بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے آزادی مارچ کے شرکا کا ڈی چوک کی طرف مارچ کا امکان ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے بلیوایریا میں ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : آزادی مارچ کے شرکا کا ڈی چوک کی طرف پیش قدمی کا امکان

    ذرائع کے مطابق شرکا کی پیش قدمی کے پیش نظر انتظامیہ نے تمام علاقوں سے نفری ڈی چوک بلیو ایریا تعینات کرنےکافیصلہ کیا ہے ، جس کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا  کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، بلیو ایریا اور ڈی چوک کے اطراف رینجرز، ایلیٹ فورس کی مزید نفری بھی تعینات کی جارہی ہے۔

    وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بکتر بند گاڑیاں بھی پہنچا دی گئیں جبکہ حساس علاقے میں مزید نفری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    واضح رہے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان کا اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت دو روز میں استعفیٰ دے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، یہ مجمع قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر سے گرفتار کرلے، ادارے 2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پر نہیں کھڑے۔

  • عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس کل شام کو بنی گالہ میں طلب کرلیا

    عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس کل شام کو بنی گالہ میں طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس کل شام چار بجے بنی گالہ میں ہوگا، حکومت پرتنقید سے متعلق جوابی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کی موجودہ صورتحال اور پارٹی معاملات کے پیش نظر تحریک انصاف کے رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    عمران خان نے یہ اجلاس کل شام چار بجے بنی گالہ میں طلب کیا ہے، جس میں حکومت پرتنقید سے متعلق جوابی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ موجودہ حالات میں بہتری کے حوالے سے مشاورت اور میڈیا سے متعلق حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارتوں کی تبدیلی کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوگی، وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور اسد عمر کے استعفے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم حکومت پرتنقید سے متعلق جوابی حکمت عملی دیں گے، سوشل میڈیا پربھی اپوزیشن حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے۔

  • سپریم کورٹ کا وزیراعظم عمران خان سمیت 65 افراد کی تعمیرات ریگولرائز کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا وزیراعظم عمران خان سمیت 65 افراد کی تعمیرات ریگولرائز کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بنی گالامیں عمارتوں کی ریگولرائزیشن سے متعلق کیس میں وزیراعظم عمران خان سمیت 65 افراد کی تعمیرات ریگولرائز کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات کی ریگولرائزیشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسلام آباد کے زون 4 کے 72 ہزار سے زائد رقبہ پر65 ہزار گھرتعمیر ہوچکے ہیں، چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی بات پر تعجب کا اظہار کیا۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ریگولیشنز کے مطابق ڈی اے بائی لاز کے تحت ریگولر کرانا ہے،اتفاق ہے ریگولرائزیشن 2005کے مطابق ہوگی،عمران خان کا گھر زون 4 اورزون 3میں آتا ہے، عمران خان نے ریگولرائزیشن کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔

    عمران خان نے ریگولرائزیشن کے لیے اپلائی کر رکھا ہے, ایڈیشنل اٹارنی جنرل

    جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا بنی گالا سی ڈی اے کی ریگولیشنز 2005 میں بنیں ، ریگولیشنز کے تحت تعمیرات کو ریگولر کیوں نہیں کیا گیا۔

    چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا عمران خان کے وکیل بابر اعوان کہاں ہے، بنی گالا معاملہ ختم کرنا چاہتےہیں ،زیادہ التوا نہیں کرسکتے، انھیں یہاں ہوناچاہیے تھا، ایڈیشنل اٹارنی نے بتایاحکومت کی حاصل زمین پر بھی 10ہزار گھر بن چکےہیں، علاقے میں گلیوں اور نکاسی آب کا کوئی نظام نہیں،

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پتہ کریں بابراعوان کدھرہیں، یہ اتنا آسان کام نہیں جتنانظرآتاہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں انکشاف کیا بنی گالامیں زلزلے سے بچاؤ کی تدابیر کئے بغیر عمارتیں تعمیر کی گئیں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا میں حیران ہوتاہوں سی ڈی اےمیں کیاہورہا ہے، سی ڈی اے والے اب ہی کچھ کرلیں، جب یہ عمارتیں بن رہی تھیں سی ڈی اےکہاں تھا؟ انصاف کرنا صرف عدالتوں ہی کا کام نہیں، خدا نخواستہ زلزلہ آتاہےتوبڑی عمارت تباہ ہوسکتی ہے۔

    دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے عمران خان نے زون تھری کے بارے میں درخواست دائر کی تھی، اس کی حالت زون فور سے بھی بری ہے، سیکریٹری داخلہ، ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ و دیگر مشتمل کمیٹی قائم کی، کمیٹی نے ابھی تک رپورٹ پیش نہیں کی۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کمیٹی نے تعمیرات کو ریگولرائز کرنے کی سفارش کی ہے،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا 65000 گھروں کی اب تک 65درخواستیں آئی ہیں، ماسٹر پلان کے بغیر کیسے ریگولرائزیشن کریں گے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ماسٹرپلان موجودہے۔

    چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا اوریجنل ماسٹرپلان پرنظر ثانی کی ضرورت ہے، عدالت نے سی ڈی اے سے استفسار کیا بغیر ماسٹر پلان آپ ریگولرائز کرسکتے ہیں، جس پر چیئرمین سی ڈی اے نے جواب دیا زون 4میں ہم کرسکتےہیں۔

    مزید پڑھیں : آج سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا،وقت نہیں ملے گا، چیف جسٹس

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ کو پہلے سروے کرنے کی ضرورت ہے۔

    چیف جسٹس نے عمران خان سمیت 65 لوگوں کی تعمیرات ریگولرائز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا باقی کے لیے ماسٹر پلان بنائیں۔

    سماعت کے موقع پرریگولرائزیشن کمیٹی نے تفصیلات دینے کے لیے دس دن کا وقت مانگا جس پر عدالت نے 10 روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    یاد رہے گزشتہ سماعت میں  بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کیس میں سپریم کورٹ نے مزید مہلت دینے سے انکار کردیا  تھا، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا  آج سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کر ناہو گا،وقت نہیں ملے گا، وزیراعظم دوسروں کیلئے مثال بنیں۔

  • آج سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا،وقت نہیں ملے گا، چیف جسٹس

    آج سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا،وقت نہیں ملے گا، چیف جسٹس

    اسلام آباد : بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کیس میں سپریم کورٹ نے مزید مہلت دینے سے انکار کردیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا آج سب سے پہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کر ناہو گا،وقت نہیں ملے گا، وزیراعظم دوسروں کیلئے مثال بنیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت ہوئی ، ایڈ یشنل اٹار نی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

    اے اے جی نے کہا عدالت کی تشکیل کمیٹی کا دوبارہ اجلاس ہے ،وقت در کار ہوگا، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مزید کوئی وقت نہیں دوں گا ، آج سب سےپہلے وزیر اعظم عمران خان کو جرمانہ ادا کر ناہو گا،وقت نہیں ملے گا۔

    ایڈ یشنل اٹار نی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم جرمانہ ادا کر نےکو تیار ہے ، ہم نے ٹیرف سےمتعلق سفارشات گزشتہ کابینہ کوبھیجی تھیں۔

    جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اب تووزیر اعظم عمران خان ہیں معاملہ انہوں نے ہی اٹھایا تھا، 24 گھنٹے میں کا بینہ سے وہ خود ٹیرف کی منظوری کراسکتے ہیں،
    وزیراعظم کو سب سے پہلے اپنا گھر ریگولرائز کرانا چاہیے، عمران خان دوسروں کیلئے مثال بنیں۔

    ایٖڈیشنل اٹار نی جنرل نے درخواست کی 3 دن کا وقت دے دیں ، جس پر چیف جسٹس نے دوٹوک الفاظ میں کہا نہیں دیں گے تین دن کا وقت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا آج تین بجے آپ کی تشکیل کردہ کمیٹی کی میٹنگ ہے۔

    جس پر چیف جسٹس نے کہا سی ڈی اے میں سب سے زیادہ گڑبڑ ہو رہی ہے، ٹھیک ہے پانچ بجے تک مجھے کمیٹی کے فیصلے سے متعلق آگاہ کریں۔

    مزید پڑھیں : بنی گالا میں عمران خان کا گھر ریگولرائز نہیں ہوا تو جرمانہ دینا پڑے گا، چیف جسٹس

    بعد ازاں بنی گالا میں غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے گزشتہ سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ بنی گالا میں سب سے پہلے عمران خان کا گھر ریگولرائز ہوگا، ریگولرائز نہیں ہوا تو پہلا جرمانہ بھی انہیں دینا پڑے گا۔

    اس موقع پر اعلیٰ عدالت نے بنی گالہ میں ریگولرائزیشن سے متعلق کمیٹی تشکیل دی تھی، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سیکرٹری داخلہ کمیٹی کی سربراہی کریں گے، کمیٹی دس دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی

    وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی، اس سے پہلے بنی گالہ میں نمازکے لئے مخصوص جگہ متعین نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں مسجد تعمیر کروادی، وزیراعظم نے نئی تعمیر شدہ مسجد کا دورہ کیا اور نماز بھی ادا کی۔

    وزیراعظم نے مسجد کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا، مسجدکی تعمیر رہائش گاہ میں باجماعت نمازکی ادائیگی کے لئے کرائی گئی۔

    خیال رہے اس سے پہلے بنی گالہ میں نمازکےلئےمخصوص جگہ متعین نہیں تھی اور بڑی تعداد میں پارٹی رہنما بھی انفرادی طور پر لان میں ہی نماز ادا کرتے تھے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی سرکارہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تو  عمران خان نے ننگے  پاؤں مدینہ کی سرزمین پرقدم رکھا اور روضہ رسول پرحاضری دی اورریاض الجنتہ میں دعائیں مانگیں تھیں۔

    وزیراعظم کے لئے روضہ رسولﷺ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا تھا۔

  • معروف تاجر رہنما عقیل کریم ڈھیڈی کی عمران خان سے اہم ملاقات

    معروف تاجر رہنما عقیل کریم ڈھیڈی کی عمران خان سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: کراچی کی معروف تاجر  شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو مشکل معاشی صورتحال سے باہر نکالیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تاجر  عقیل کریم ڈھیڈی نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں الیکشن میں ملنے والی کامیابیوں پر مبارک باد بھی پیش کی۔

    تاجر رہنما نے پاکستان کے آئندہ آنے والے وزیر اعظم سے ملکی معیشت کی بحالی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور  معاشی امور سے متعلق مختلف تجاویزبھی دیں۔

    قبل ازیں بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت پرمشکل وقت ضرور ہے مگر قوم پرامید ہے کہ عمران خان ملک کے معاشی مسائل کا حل نکال لیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میرا اپنا کاروبار اور مصروفیات ہیں عمران خان سے کسی بھی قسم کی ذمہ داری کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کے زیر صدارت اجلاس جاری ہے جس میں بہت اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، قومی اسمبلی کی 272 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 116 اپنے نام کیں اور وفاق میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔

    تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جس کا انتخاب 16 اگست کو ہوگا اور ممکنہ طور پر کپتان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔