Tag: BANK ACCOUNTS

  • ایپس سے رقوم نکلوانا محفوظ نہیں، مائیکرو سافٹ نے خبردار کردیا

    ایپس سے رقوم نکلوانا محفوظ نہیں، مائیکرو سافٹ نے خبردار کردیا

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے تمام اینڈروئیڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ مختلف ایپس سے رقوم نکلوانے والوں کے اکاؤنٹس باآسانی ہیک کیے جاسکتے ہیں۔

    اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ نامعلوم ہیکرز آپ کے فون اکاؤنٹس اور ’منی ایپ‘ تک رسائی حاصل کرکے آپ کی رقم اور دیگر معلومات چوری کرسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ محققین کا کہنا ہے کہ اینڈروئیڈ صارفین یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ ہیکرز خفیہ حملوں کے ذریعے آپ کے اکاؤنٹس کو استعمال کرسکتے ہیں اور آپ کو اس کا علم بھی نہیں ہو سکے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محققین نے حال ہی میں دریافت کیا ہے کہ اینڈروئیڈ ایپس ایک عام سیکیورٹی کمزوری کی وجہ سے ڈیٹا کے چوری، میلویئر اور دیگر حملوں کا شکار ہوسکتی ہیں۔

    دی سن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ حملے اکثر ان اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز پر کیے گئے ہیں جو دوسرے صارفین کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا ہے کہ ’ڈرٹی اسٹریم’ نامی مشہور ایپس کسی دوسری ایپ میں فائل بھیجتی ہیں جس کے بعد یہ حملہ آور ایک جعلی ایپ بنا لیتے ہیں جو صارف کی منظوری یا علم کے بغیر براہ راست وصول کر لیتے ہیں۔

    مائیکروسافٹ کے محققین کے مطابق ان ایپس میں سے 4، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، کو 500 ملین سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا چکا ہے۔

  • اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ

    اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اکبر ایس بابر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو باضابطہ خط لکھ دیا ساتھ ہی اس خط کی ایک کاپی وزیراعظم شہباز شریف کو بھی بھجوادی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کو 20 ماہ ہوچکے لیکن اب تک کوئی عملدر آمد نہیں ہوا۔

     اکبر ایس بابر نے کہا کہ نشاندہی کے باوجود غیر ملکی بینک اکاؤنٹس سے متعلق قانونی کارروائی نہیں ہوئی، ان غیر ملکی خفیہ بینک اکاؤنٹس کا ملک دشمن کارروائیوں میں استعمال ہونا خارج ازامکان نہیں۔

    اکبر ایس بابر نے خط میں لکھا کہ 2 اگست 2022 کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے تمام پہلوؤں پرعملدرآمد کرایا جائے، کسی سیاسی جماعت کا بیرون ملک بینک اکاؤنٹس کھولنا اور اسے خفیہ رکھنا جرم ہے۔

    اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے کے باوجود قانونی کارروائی نہ ہونا پریشان کن بات ہے۔

  • سعودی عرب : نئے اکاؤنٹس کھولنے کیلئے بینکوں کو ہدایات جاری

    سعودی عرب : نئے اکاؤنٹس کھولنے کیلئے بینکوں کو ہدایات جاری

    سعودی سینٹرل بینک ساما نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے حفاظتی اقدامات کے تحت افراد یا اداروں کے لیے آن لائن اکاؤنٹس کھولنے کے آپشن کو روک دیں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق10 اپریل سے لاگو ہونے والے نئے اقدامات کے تحت اکاؤنٹس صرف برانچوں کے ذریعے کھولے جائیں گے۔

    روزنامہ عکاظ کے مطابق مقامی بینکوں جیسے الراجعی بینک نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس کا اعلان کیا ہے۔ دیگر اقدامات میں یومیہ الیکٹرانک منتقلی کی حد اور24 گھنٹے بین الاقوامی منتقلی کا انعقاد شامل ہے۔

    عرب نیوز کی جانب سے دیکھے گئے ایک سرکلر کے مطابق ساما نے بینکوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ غیر سعودی صارفین کو آن لائن بینیفشریز میں شامل کرنے کی اجازت دینا بند کریں۔

    بینکوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ الیکٹرانک سروسز قائم کرنے، پاس ورڈ تبدیل کرنے، کارڈ جاری اور ایکٹو کرنے کی درخواست پر شناخت کی تصدیق کے لیے ایک سے زیادہ معیارات کا اطلاق کریں اور کسی دوسرے چینل جیسے کہ فون کال کے ذریعے درخواست کی تصدیق کریں۔

    اقدامات میں پہلے سے شامل کیے گئے صارفین کے لیے ہر رقم کی منتقلی کے لین دین کے لیے مزید کثیرعنصری تصدیقی معیارات کا اطلاق کرنا شامل ہے۔

    سعودی سینٹرل بینک ساما نے سرکلر میں وضاحت کی ہے کہ نئے فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے جب حال ہی میں ایسے پلیٹ فارمز جو سامان فروخت کرتے یا خدمات فراہم کرتے ہیں، میں دھوکہ دہی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    ساما نے مزید کہا ہے کہ بینکوں کی طرف سے روایتی اور الیکٹرانک چینلز کے ذریعے فراہم کی جانے والی مالیاتی خدمات میں نمایاں اور تیز رفتار ترقی کی وجہ سے مالی فراڈ میں اضافہ ہوا ہے۔

    ساما کے سرکلر نے بہت سے چیلنجوں کا انکشاف کیا جنہوں نے مملکت میں دھوکہ دہی کی کارروائیوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    ساما نے بینکوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ پانچ دنوں کے اندر دیگر اقدامات کے لیے ایک منصوبہ پیش کریں جو دو ماہ کے اندر لاگو کیا جائے۔ ان اقدامات میں اینٹی فراڈ سسٹم کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری شامل ہے۔

  • ریاست کے خلاف ہرزہ سرائی حریم شاہ کو مہنگی پڑگئی، ایف آئی اے کا بڑا اقدام

    ریاست کے خلاف ہرزہ سرائی حریم شاہ کو مہنگی پڑگئی، ایف آئی اے کا بڑا اقدام

    کراچی : ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں حریم شاہ کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کیلئے بینکوں کا خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست کے خلاف ہرزہ سرائی فضاحسین عرف حریم شاہ کو مہنگی پڑگئی ، ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے حریم شاہ کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کیلئے بینکوں کا خط لکھ دیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ فضا حسین عرف حریم شاہ کے بینک آف پنجاب اور حبیب بینک میں اکاوٴنٹس ہیں، دونوں بینک اکاونٹس انکوائری کی تکمیل تک منجمد کئے جائیں۔

    یاد رہے حریم شاہ نے چند دن پہلے نوٹوں کیبنڈل کیساتھ ویڈیوبنائی تھی، ویڈیو میں کہا گیا تھا کہ نا پاکستانی پاسپورٹ کی نا پیسے کی ویلیو ہے۔

    ویڈیو میں پاکستانی قانون کا مذاق اڑایا گیا جبکہ ویڈیو میں حریم شاہ نے غیرملکی کرنسی دیکھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ رقم پاکستان سے لیکربیرون ملک گئی ہیں، اسے نہ کسی نے روکا نہ روک سکتا ہے۔

    ایف آئی اے نے ویڈیو کے بعد منی لانڈرنگ قانون کے تحت انکوائری شروع کی تھی۔

  • بڑی پیش رفت ، جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد

    بڑی پیش رفت ، جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد

    لاہور : جہانگیر ترین خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد کردیئے گئے ، جن میں علی ترین کے 21 ، جہانگیر ترین کے 14 اور انکی اہلیہ کا ایک اکاونٹ شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سٹہ مافیا اور جے ڈبلیو ڈی کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جہانگیرترین اور ان کے خاندان کے 36 بینک اکاونٹس منجمد کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق علی ترین کے 21 ، جہانگیر ترین کے 14 اور انکی اہلیہ کا ایک اکاونٹ منجمد کیا گیا ہے، اکاونٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کئے گئے اور ان اکاونٹس میں کروڑوں روپے رقم موجود ہیں۔

    خیال رہے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے مالیاتی اسکینڈل پر درج کیے جانے والے مقدمات کی تفتیش کے لیےعلی ترین اور جہانگیر ترین کو آج طلب کیا تھا۔

    علی ترین ڈیڑھ گھنٹہ ایف آئی اے دفتر میں موجود رہے، تحقیقاتی ٹیم نے علی ترین سے منی لانڈرنگ اور فراڈ ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کے جوابات ریکارڈ کا حصہ بنا دیے گئے۔

  • نیب نے خواجہ آصف کے 48 بنک اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا

    نیب نے خواجہ آصف کے 48 بنک اکاؤنٹس کا سراغ لگا لیا

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ انکوائری میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

    قومی احتساب بیورو لاہور نے خواجہ آصف کے 48بنک اکاونٹس کا سراغ لگا لیا۔ اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ48 بینک اکاونٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے خطیر رقم جمع کی گئی۔

    یہ بنک اکاونٹس خواجہ آصف ان کی فیملی اور بے نامی داروں کے نام سے کھلوائے گئے، خواجہ آصف اور ان کی فیملی اراکین کے اکاؤنٹس داروں کے اکاؤنٹس میں 22 کروڑ 30 لاکھ کی رقوم جمع ہوئیں۔

    خواجہ آصف سے دوران تفتیش سوالات کیے گئے کہ یہ بھاری رقوم کس مد میں جمع ہوئیں، نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف سے بے نامی داروں کے اکاؤنٹس میں رقوم اور روابط سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے، خواجہ آصف سے ان کے بے نامی داروں کو روبرو بٹھا کر بھی تفتیش کی جائے گی۔

  • سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں 9.5 ارب روپے کا انکشاف

    سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں 9.5 ارب روپے کا انکشاف

    لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹ میں نواعشاریہ پانچ ارب روپے کا انکشاف سامنے آیا ، ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے ان خفیہ بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگالیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے خفیہ بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگالیا ہے۔

    جس میں سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹ میں نواعشاریہ پانچ ارب روپے کا انکشاف ہوا، یہ ملازمین رمضان شوگر مل اور العریبیہ شوگر مل میں کام کرتے ہیں۔

    سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکاؤنٹ میں 2.3 ارب روپے ہونے کاانکشاف ہواہے، مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ایک قیمتی مرسڈیذ کار بھی خریدی-

    شبیر قریشی کلرک کے اکاؤنٹ میں ایک ارب روپے، رانا وسیم کے اکاؤنٹ میں 24 کروڑ، اقرار کے اکاؤنٹ میں 64 کروڑ، تنویر الحق کلرک کے اکاؤنٹ میں 52 کروڑ، خضر حیات اکاؤنٹ کلرک کے اکاؤنٹ میں 1.2 ارب روپےاور توقیر الدین کے اکاؤنٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کرائے جانے کا انکشاف ہوا۔.

    ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے ان خفیہ بینک اکاؤنٹس کی معلومات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیں جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا-

    ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل نے تمام بینکوں سے ملازمین کے نام پر خفیہ اکاونٹ اورایس ای سی پی سے ملازمین کے نام پر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

  • بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے بینک اکاؤنٹس آج سے بند ہو جائیں گے

    بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے بینک اکاؤنٹس آج سے بند ہو جائیں گے

    لاہور : بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے بینک اکانٹس آج بروز پیر سے بند ہو جائیں گے، ملک بھر میں بینک اکاﺅنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے لئے بینک اتوار کے روز بھی کھلے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ تمام اکاؤنٹس ہولڈرز اپنے اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق کروقالیں بصورت دیگر 30 جون تک بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے بینک اکاﺅنٹس بند کردیئے جائیں گے۔

    حکام کے مطابق اب تک لاکھوں بینک اکاﺅنٹس بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل کر لیے گئے ہیں۔ ملک بھر کے مختلف بینکوں میں 60 سے 80 فیصد اکاﺅنٹس بائیو میٹرک نظام پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔

    نیشنل بینک کے ترجمان ابن حسن کے مطابق نیشنل بینک میں 30 لاکھ سے زائد اکاﺅنٹس بائیو میٹرک سسٹم میں آچکے ہیں اور تقریباً 80 فیصد اکاﺅنٹ ہولڈرز نے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے تمام اکاؤنٹس ہولڈرز کو بائیو میٹرک کرانے کا حکم دیا تھا، جس میں لسٹڈ، پبلک لمیٹڈ، ذاتی اکاؤنٹ رکھنے والے شامل ہیں، حکم نامے میں ایک ہزار ملین سے زائد اثاثے رکھنے والے کو تیس نومبر تک بائیو میٹرک کرانے کا حکم دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کی بائیو میٹرک تصدیق، بینکوں نے موبائل ایپلی کیشن متعارف کرادی

    اسٹیٹ بینک کے مطابق پانچ سو ملین رکھنے والی پبلک لمیٹڈ کمپنیز اکتیس جنوری تک بائیو میٹرک کرائیں گی جبکہ انفرادی بینک اکاؤنٹس رکھنے والے افراد تیس جون دوہزار انیس تک لازمی بائیو میٹرک کے پابند ہوں گے۔

  • ایف بی آر کی نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی، بینک اکاؤنٹ منجمد

    ایف بی آر کی نجی ایئرلائن کے خلاف کارروائی، بینک اکاؤنٹ منجمد

    کراچی : ایف بی آر نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر نجی ایئر لائن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملک کی مشہور فضائی کمپنی کے بینک اکاؤنٹز وفاقی ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر منجمد کردیئے گئے اور سول ایوی ایشن کو بھی ڈیوٹی ادا کرنے تک مذکورہ کمپنی کے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کی درخواست کردی۔

    اطلاعات کے مطابق ایف بی آر کے لارج ٹیکس یونٹ کراچی کے ایڈیشنل کمشنر ناصر بخاری کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر لائن پر رواں برس مارچ 2018 تک 52 کروڑ کے واجبات ایف ای ڈی کی مد میں ادا کرنے تھے، جس کو ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی 2018 تھی، جس کے گزرنے کے بعد مذکورہ ایئر لائن کے اکاؤنٹ منجمد کیے گئے ہے۔

    ناصر بخاری کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایئر لائن کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرکے 86 لاکھ روہے وصول کیے گئے ہیں تاہم جب تک شاہین ایئر لائن کی انتظامیہ کے بینک اکاؤنٹ ایف ای ڈی کی باقی رقم ادائیگی تک منجمد رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے نجی ایئر لائن کے خلاف سول ایوی ایشن کو بھی خط ارسال کیا گیا ہے، خط میں سول ایوی ایشن سے گذارش کی گئی ہے کہ ڈیوٹی کی ادائیگی کرنے تک شاہین ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن معطل رکھا جائے۔

    ترجمان شاہین ایئر انٹرنیشنل کی وضاحت 

    دریں اثناء ترجمان شاہین ایئر انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ شاہین ایئر اور ایف بی آر کے درمیان ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں۔

    یہ معمول کی ٹیکس ادائیگی کا عمل ہے جس میں ہونے والی معمولی سی تاخیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، ترجمان نے بتایا کہ شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن اور فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔