Tag: Bank of England

  • برطانیہ میں شرح سود میں کمی کردی گئی

    برطانیہ میں شرح سود میں کمی کردی گئی

    برطانیہ میں شرح سود میں کمی کردی گئی، مارگیج ادا کرنے والوں کو بڑا ریلیف مل گیا، بینک آف انگلینڈ نے شرحِ سود میں صفر اعشاریہ دو پانچ فیصد کمی کر دی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بینک آف انگلینڈ کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 9 میں سے 8 اراکین کی جانب سے شرح سود میں کمی کے فیصلے کی حمایت کی گئی۔

    بینک آف انگلینڈ کے فیصلے کے بعد شرح سود 5 فیصد سے کم ہوکر 4.75 فیصد تک پہنچ گئی، یہ رواں سال کے دوران شرح سود میں کی جانے والی دوسری کمی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 2024 میں اگست کے ماہ میں شرح سود میں 0.25 فیصد کمی کی گئی تھی جو کہ 2020 کے بعد پہلی بار کی گئی تھی۔

    مانیٹری پالیسی کمیٹی کے مطابق برطانیہ میں ستمبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 1.7 فیصد رہی جبکہ شرح سود میں کمی کا فیصلہ مہنگائی کی سطح میں کمی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    2021 کے بعد پہلی باریوکے میں مہنگائی کی شرح 2 فیصد کے ہدف سے نیچے آئی۔

    برطانیہ کا تارکین وطن سے متعلق بڑا فیصلہ

    مانیٹری پالیسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی کی شرح مستحکم رہی تو شرح سود میں مزید کمی کی جاسکتی ہے۔

    دوسری جانب بینک آف انگلینڈ کا کہنا ہے کہ 2025 میں مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافے کا امکان ہے اور وہ 2.75 فیصد تک جا سکتی ہے۔

  • ہمارا سونا واپس کرو، وینزویلا کا بینک آف انگلینڈ کیخلاف کارروائی کا آغاز

    ہمارا سونا واپس کرو، وینزویلا کا بینک آف انگلینڈ کیخلاف کارروائی کا آغاز

    لندن : وینزویلا کی حکومت نے اپنے کروڑوں ڈالر مالیت کے سونے کی واپسی کیلئے برطانیہ کے مرکزی بینک (بینک آف انگلینڈ) کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وینزویلا کی جانب سے برطانیہ کے خلاف اپنا سونا واپس لینے کے لیے مقدمہ دائر کیا گیا ہے، یہ سونا وینزویلا پر امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کے بعد ضبط کیا گیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وینزویلا کی حکومت نے برطانیہ کے مرکزی بینک (بینک آف انگلینڈ) کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی ہے تاکہ اس82 کروڑ ڈالر مالیت کا سونا واپس کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

    وینزویلا میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ بینک آف انگلینڈ میں موجود کچھ سونا بیچ کر اسے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں استعمال کیا جائے۔

    وینزویلا کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر تیار ہے کہ سونے کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو براہ راست اقوام متحدہ کو بھیج دیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ یہ پیسہ کسی اور مقصد لیے استعمال نہ ہو۔

    وینزویلا کا کہنا ہے کہ یہ رقم اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کو منتقل کر دی جائے تاکہ کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے درکار طبی سامان خریدا جا سکے۔

    یہ قانونی رسہ کشی اس وقت شروع ہوئی ہے جب وینزویلا کا صحت عامہ یا پبلک ہیلتھ کا نظام ابتری کا شکار ہوا اور اس عالمی وبا سے نمٹنے کی اس کی صلاحیت کے بارے میں شک و شبہات ظاہر کیے جانے لگے۔

    لندن میں 14 مئی کو قائم کیے جانے والے اس مقدمے کی دستاویزات کے مطابق وینزویلا کے مرکزی بینک نے یہ استدعا کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر یہ پیسہ منتقل کیا جانا چاہیے۔

    بی بی سی کے مطابق دوسری جانب بینک آف انگلینڈ سے جب برطانوی خبر رساں ادارے نے رابطہ کیا تو اس نے اس بارے میں کچھ کہنے سے انکار کر دیا۔