Tag: Bank Robbery

  • 88 سالہ بوڑھے کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی

    88 سالہ بوڑھے کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی

    مونٹانا: امریکی ریاست مونٹانا میں ایک بوڑھے آدمی کو 2 بینک ڈکیتیاں کرنے پر عدالت نے قید کی سزا سنا دی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ریاست مونٹانا کے رہائشی 88 سالہ اسٹیون وائٹ کلاؤڈ کو گزشتہ برس اگست میں 2 بینک ڈکیتیوں میں کردار پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    مونٹانا کے یو ایس اٹارنی کے مطابق اسٹیون وائٹ کلاؤڈ نے فروری میں صرف ایک بینک ڈکیتی کا جرم قبول کر لیا تھا، امریکی ڈسٹرکٹ جج سوسن واٹرس نے کیس کی سنوائی مکمل ہونے پر وائٹ کلاؤڈ کو دو سال قید کی سزا سنائی، جب کہ رہائی کے بعد بھی اسے تین سال تک نگرانی میں رہنا پڑے گا۔ عدالت نے وائٹ کلاؤڈ پر 3,092 ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق 24 اگست 2023 کو وائٹ کلاؤڈ کا شریک 26 سالہ ملزم پیٹرک جسٹس ایک امریکی بینک میں داخل ہوا اور کیشیئر کو ایک پرچی دی جس پر رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، ڈکیتی کے بعد وہ ایک سبز رنگ کی گاڑی میں فرار ہو گیا۔

    چار دن بعد پیٹرک جسٹس ایک ویلز فارگو بینک میں داخل ہوا اور دوبارہ کیشیئر کو ایک پرچی دی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا، جسٹس نے دھکمی بھی دی کہ وہ مسلح ہے جس پر کیشیئر نے اسے پیسے دے دیے، تاہم پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی انھوں نے پیٹرک جسٹس کو ایک سبز رنگ کی فورڈ ٹورس میں داخل ہوتے دیکھا۔ تعاقب کے بعد پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی وائٹ کلاؤڈ چلا رہا تھا جب کہ پیٹرک جسٹس اس میں بیٹھا ہوا تھا، پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔

    حکام کے مطابق دونوں نے دونوں ڈکیتیوں میں مجموعی طور پر 15 ہزار ڈالر لوٹے تھے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ پیٹرک جسٹس دوسرے مجرم وائٹ کلاؤڈ کا پوتا ہے۔ وائٹ کلاؤڈ کو 2008 میں بھی بینک ڈکیتی کے جرم میں 10 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

    وائٹ کلاؤڈ صحت کے سنگین مسائل سے بھی دوچار ہے، انھیں اسٹیج 5 کا پھیپھڑوں کا کینسر ہے، ہیپاٹائٹس سی اور ہائی بلڈ پریشر ہے، گٹھیا کا مرض بھی لاحق ہے، نقل و حرکت کے لیے انھیں اضافی آکسیجن کے استعمال کی ضرورت پڑی ہے۔

    امریکی اٹارنی نے سزا والے میمورنڈم کو پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وائٹ کلاؤڈ کی حالت خستہ ہے، لیکن تمام تر بیماریوں اور کمزوری کے باوجود اس نے خود کو کمیونٹی کے لیے ایک اہم خطرہ ثابت کیا ہے۔ ان کے پوتے کو بھی دو سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔

  • بینک لوٹنے والی بوڑھی عورت کون تھی؟ حیرت انگیز انکشاف

    بینک لوٹنے والی بوڑھی عورت کون تھی؟ حیرت انگیز انکشاف

    امریکا میں بینک ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جسے لوگ دیکھ کر حیران رہ گئے، ملزم نے کمال ہوشیاری سے سب کو بے وقوف بنادیا۔

    جارجیا میں پولیس ایک ایسے شخص کی تلاش میں سرگرداں ہے جس پر ایک بوڑھی خاتون کے روپ میں بینک ڈکیتی کا الزام ہے اور وہ ملزم پولیس کیلئے چھلاوا بنا ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز جنوب مشرقی اٹلانٹا کی ہینری کاؤنٹی میں پیش آیا، مشتبہ شخص کو 6 فٹ لمبا پتلا آدمی بتایا گیا ہے۔

    مذکورہ شخص نے ڈکیتی کے وقت پھولدار لباس، سفید جوتے، نارنجی رنگ کے دستانے، سفید وگ اور سیاہ رنگ کا ماسک پہنا ہوا تھا جو خود کو ایک بزرگ خاتون ظاہر کر رہا تھا۔

    پولیس کی فیس بک پوسٹ کے کیپشن کے مطابق اس شخص نے مبینہ طور پر بینک کے عملے کے ایک رکن کو رقم دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک نوٹ دیا اور اُسے بتایا کہ اس کے پاس بندوق ہے، رقم چھیننے کے بعد مشتبہ شخص بینک سے باہر نکلا اور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر اس شخص کی بزرگ خاتون کے بھیس میں تصاویر شیئر کی گئی ہیں جبکہ صارفین نے اس عجیب و غریب واقعے پر فوری ردِعمل بھی ظاہر کیا ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتیاں کرنے والا خطرناک گروہ لاہور سے پکڑا گیا

    کراچی میں ڈکیتیاں کرنے والا خطرناک گروہ لاہور سے پکڑا گیا

    لاہور : کراچی کے بینکوں میں کروڑوں روپے کی ڈکیتیاں کرنے والے ڈاکوؤں کے گروہ کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا گرفتار شدگان میں گروہ کا سرغنہ بھی شامل ہے۔

    اس حوالے سے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں وارداتیں کرنے والے انتہائی مطلوب گینگ کو لاہور پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔

    سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ بینک ڈکیتیوں کے گینگ کا سرغنہ لائق حین7ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان نے بینک ڈکیتیوں میں ایک  ارب33کروڑ98لاکھ17ہزار97روپے لوٹنے کی وارداتیں کیں۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور میں مختلف بینکوں میں ڈکیتی کی پلاننگ کررہے تھے کہ اس دوران پولیس نے کارروائی کی،
    ملزمان ساڑھے4ماہ سے لاہور میں بینکوں کی ریکی کرتے رہے۔

    سی سی پی او نے بتایا کہ مذکورہ ملزمان لوٹنے کیلئے ایسے بینکوں کا انتخاب کرتے تھے جن ميں لاکرز موجود ہوں، ملزمان مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے اس سے قبل وہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔

  • کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: بینک ڈکیتی کے ملزمان نے لوٹی رقم کہاں خرچ کی؟ اہم انکشاف

    کراچی: گذشتہ ماہ شہر قائد میں ہونے والی بینک ڈکیتی کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈکیتی کے بعد ملزمان کہاں فرار ہوئے؟ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ کی سترہ تاریخ کو نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چار ملزمان نے نجی بینک میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر بینک اسٹاف اور سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنایا، اس موقع پر دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے رائفل کے بٹ مار کر انھیں زخمی کیا اور بینک سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    آج ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رضویہ پولیس نے بینک ڈکیتی میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں جنید ،ذیشان اور سلمان شامل ہیں، سلمان مذہبی سیاسی جماعت کا مطلوب ٹارگٹ کلر ہے،ملزم پر دس کےقریب قتل اور دیگر دفعات کےتحت مقدمات درج ہیں، اس کے علاوہ وہ جرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ 60ہزار، دو پستول اور چھ موبائل فونز برآمد ہوئے، ابتدائی تحقیقات میں ملزمان کا کہنا ہے کہ انہوں نےبینک سے صرف7 لاکھ روپے لوٹے۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا کہ ملزمان سے لوٹی گئی رقم سے متعلق مکمل تحقیقات کریں گے، گروہ کا اہم رکن عبدالستار تاحال مفرور ہے جس کے متعلق شک ہے کہ لوٹی ہوئی بقایا رقم اسی کے پاس ہے۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے بتایا کہ ملزمان بینک ڈکیتی کے بعد پاکستان ٹور پر نکل گئے تھے، ملزمان لوٹی رقم راستے بھر خرچ کرتے رہے۔

  • سعودی عرب : خطرناک واردات میں ملوث نقاب پوش ڈاکو گرفتار، ویڈیو وائرل

    سعودی عرب : خطرناک واردات میں ملوث نقاب پوش ڈاکو گرفتار، ویڈیو وائرل

    ریاض : سعودی پولیس نے اے ٹی ایم کو توڑنے کی کوشش کرنے والے نقاب پوش ملزم کو حراست میں لے لیا، ملزم واردات کی ناکامی پر گیس سلنڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

    سعودی شہر حائل کی پولیس نے بینک کے اے ٹی ایم میں منفرد انداز میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے گیس سیلنڈر کے ذریعے اے ٹی ایم کو توڑنے کی کوشش کی جس میں کامیاب نہ ہونے پر سیلنڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حائل میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم شخص نجی بینک کی اے ٹی ایم کے پاس گیس سلینڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے، اطلاع دینے والے شخص نے یہ بھی بتایا کہ سیلنڈر کا والو کھلا ہوا ہے جس سے گیس لیک ہو رہی ہے۔

    پولیس کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ پر معمور عملہ وہاں پہنچ گیا جس نے سب سے پہلے گیس سیلنڈر کو بند کیا اور نامعلوم ملزم کے بارے میں رپورٹ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے ملزم کو شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا حالانکہ اس نے چہرے کو ماسک سے چھپایا ہوا تھا۔

    پولیس نے ناکام واردات کے بارے میں مزید بتایا کہ ملزم سعودی ہے جس کی عمر20 سال کے قریب ہے اس نے سیلنڈر سے اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش کی ناکام ہونے پروہاں سے فرار ہوگیا۔

    ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک بھی پہنا ہوا تھا تاکہ اس کا چہرہ کیمرے میں نہ آسکے، ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد اس کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کیا جائے گا۔

  • جرمنی : سائیکل پر دو بینک لوٹ کرجانے والا ڈاکو ڈرامائی انداز میں گرفتار

    جرمنی : سائیکل پر دو بینک لوٹ کرجانے والا ڈاکو ڈرامائی انداز میں گرفتار

    برلن : جرمنی کی پولیس نے دو بینکوں کا صفایا کرکے سائیکل پر فرار ہونے والے ڈاکو کو اگلے ہی روز ڈرامائی انداز میں حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تھوڑے سے ہی وقت میں دو بینک لوٹ کر سائیکل پر فرار ہونے والا ڈاکو اگلے ہی روز گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی جس کی پولیس نے مالیت نہیں بتائی۔

    پولیس کے مطابق یہ ملزم جو ایک سائیکل پر سوار تھا اور جس نے چہرے پر کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ماسک بھی پہنا ہوا تھا، کل منگل پچیس اگست کو شہر کے شوئنے بیرگ کہلانے والے علاقے میں ایک بینک میں گیا۔ وہاں اس نے بینک کیشیئر کو خنجر دکھا کر جان سے مار دینے کی دھمکی دی اور رقم کا مطالبہ کر دیا۔

    اس بینک سے رقم لوٹنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ ملزم برلن کے دوسرے علاقے شارلوٹن برگ میں کُوڈام کی مشہور شاہراہ پر بھی ایک بینک میں چلا گیا۔

    وہاں بھی اس نے اسی طرح کیشیئر کو ڈرا کر اس سے رقم لی اور فرار ہو گیا، پولیس کے مطابق عجیب بات یہ تھی کہ ان دونوں وارداتوں کے دوران ملزم نے ہوائی چپل پہنی ہوئی تھی اور وہ دونوں بینک لوٹ کر اپنی سائیکل پر فرار ہوا تھا، دونوں بینکوں نے ان وارداتوں کی فوری طور پر پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔

    ان وارداتوں کی تفتیش اور ملزم کی تلاش کا کام پولیس کے اسپیشل آپریشنز یونٹ کو سونپا گیا، جس کے ماہرین کی مشتبہ ڈاکو کی شناخت میں فیصلہ کن مدد بینکوں میں لگے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج نے کی۔

    نتیجہ یہ نکلا کہ آج بدھ چھبیس اگست کی صبح آٹھ بجے کے قریب اس 39 سالہ مبینہ ڈاکو کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔

    اس ملزم کو برلن کے علاقے شوئنے بیرگ سے ہی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی رہائش گاہ لوٹے گئے دونوں بینکوں سے زیادہ دور نہیں تھی۔ پولیس نے تاہم پرسنل پرائیویسی کے جرمن قانون کے تحت ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس نے دونوں وارداتوں میں کل کتنی رقم لوٹی تھی۔

  • شارجہ : بینک ڈکیتی میں ملوث افریقی شہری کو عمر قید کی سزا

    شارجہ : بینک ڈکیتی میں ملوث افریقی شہری کو عمر قید کی سزا

    شارجہ : اماراتی عدالت نے اسلحے کے زور پر بینک لوٹنے والے افریقی شہری کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی عدالت نے گذشتہ روز پاکستانی نجی بینک کی شارجہ برانچ میں ڈکیتی کرنے والے افریقی شہری کو عمر قید دے دی۔

    شارجہ کی انسداد جرائم عدالت نے بینک لوٹنے والے گروہ دیگر ممبران کو 15 15 برس قید کی سزا سنائی ہے جبکہ سزا مکمل ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شارجہ میں قائم نجی بینک میں 25 جولائی 2017 کو تین نقاب پوش ملزمان نے حملہ کرکے غیر معین رقم لوٹی تھی۔

    عدالتی دستاویزات کے مطابق بینک لوٹنے والے گروہ میں 5 افراد شامل تھے جن میں سے تین عرب شہریوں نے چہرے پر نقاب ڈالا ہوا تھا اور دو افریقیوں نے برقعہ پہنا ہوا تھا تاکہ پہچانے نہ جائیں۔

    بینک ترجمان کا کہنا تھا کہ تین مرد اور دو خواتین نے بینک سے رقم لوٹی اور گاڑی میں فرار ہوگئے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ڈکیتی کی واردات شارجہ کے علاقے البوہیرا میں واقع پاکستانی نجی بینک میں صبح سویرے ہوئی تھی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس ہیلپ لائن پر صبح 11 بجے ڈکیتی سے متعلق فون کال موصول ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے مسلسل تحقیقات کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

  • کراچی: چار ڈاکو پندرہ منٹ میں آٹھ لاکھ لوٹ کر فرار

    کراچی: چار ڈاکو پندرہ منٹ میں آٹھ لاکھ لوٹ کر فرار

    کراچی: شہرِ قائد میں شارع فیصل پر واقع ایک نجی بینک میں ڈاکوؤں نے گھس کر لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے، آئی جی سندھ نے واردات کی رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شارع فیصل پر بینک ڈکیتی میں لاکھوں روپے لوٹ لیے، پولیس کا کہنا ہے کہ 4 ڈاکو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، نجی بینک میں کام یاب ڈکیتی کے بعد آسانی سے فرار ہو گئے۔

    دن دہاڑے کی جانے والی بینک ڈکیتی میں 4 ڈاکوؤں نے 15 منٹ لگائے اور کیش کاؤنٹر سے 8 لاکھ روپے لوٹ لیے، ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک کے عملے کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، ڈاکو سیکورٹی گارڈ سے ایک ٹی ٹی پستول بھی چھین کر لے گیا۔

    دریں اثنا آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بینک ڈکیتی کا نوٹس لے لیا، انھوں نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی سی آئی اے کو حکم دیا کہ واردات سے متعلق رپورٹ جلد پیش کی جائے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق واردات تھانہ فیروز آباد کی حدود میں ہوئی، واردات کے بعد پولیس کے ساتھ رینجرز بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی کے لیے بنایا جانے والا بنکر اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا جس کی وجہ سے ڈاکوؤں کو کارروائی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ الارم بجنے کے بعد سیکورٹی موبائل کو پہنچنے میں صرف 15 منٹ لگے، واردات کے سلسلے میں بینک عملے اور سیکورٹی گارڈ سے تفتیش کی جا رہی ہے، پولیس کے مطابق بینک چوکی میں سیکورٹی گارڈز تعینات نہیں تھے۔

    کراچی: 57 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی، ڈاکو 26 لاکھ بھول گئے

    پولیس نے بینک مینجر کی مدعیت میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست گارڈ کو تفتیش کے بعد واردات میں ملوث ہونے پر مقدمے میں نامزد کیا جا سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے شارع فیصل پر نجی بینک میں ہونے والی ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی، فوٹیج میں مسلح ڈاکوؤں کو کیش کاؤنٹر پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات پونے 3 بجے کے قریب ہوئی، پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بینک کا گارڈ 27 لاکرکاٹ کرکروڑوں مالیت کے زیورات لےاڑا

    بینک کا گارڈ 27 لاکرکاٹ کرکروڑوں مالیت کے زیورات لےاڑا

    کراچی : نجی بینک کا سیکورٹی گارڈ ساتھی کے ہمراہ ستائیس لاکر کاٹ کر کروڑوں مالیت کے زیورات لے اڑا، ملزم تین دن قبل ہی ڈیوٹی پرتعینات کیا گیا تھا،اس نےخود رات کی ڈیوٹی لگوائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گولیمار کی رضویہ سوسائٹی میں قائم ایک نجی بینک کے لاکرز سے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات چوری کر لیے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ بینک کے سیکورٹی گارڈ نے ستائیس لاکر کاٹے اور زیورات لے اڑا، بینک کے دوسرے گارڈ کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    گرفتارگارڈ کا کہنا ہے کہ صدام مغل نامی سیکورٹی گارڈ نے رات نو بجے مجھے کہا کہ اس کا ماموں آیا ہے دروازہ کھول دو، دونوں نےاندر گھس کر مجھے باندھ دیا، صدام کا فرضی ماموں کٹرمشین ساتھ لایا تھا، لاکرز سے صرف زیورات اٹھائے، نقد رقم کو ہاتھ تک نہ لگایا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم صدام مغل سیکیورٹی کمپنی کاملازم تھا، کمپنی نے تین ماہ پہلے متعلقہ تھانے سے اس کا کریکٹرسرٹیفکٹ دلوایا تھا۔

    ملزم تین دن پہلے بینک پر تعینات ہوا تھا، اس نے خود رات کی ڈیوٹی لگوائی، یاد رہے کہ گارڈن کے علاقے میں کچھ عرصہ پہلے بھی ایک بینک کے لاکرز توڑ کر کروڑوں کی ڈکیتی کی گئی تھی۔

  • لاہور: اے ٹی ایم توڑکررقم لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: اے ٹی ایم توڑکررقم لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس نے بینکوں کے اے ٹی ایم توڑ کر رقم لوٹنے والےتین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں نجی بینک کا سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی جنوبی چھاؤنی پولیس نے بنا اکاؤنٹ اے ٹی ایم سے پیسے لوٹنے والے تین ملزمان کو پکڑلیا۔ پولیس ملزمان کی وارداتوں کی فوٹیج بھی منظرعام پر لے آئی ہے.

     ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ملزمان نے کیولری گراؤنڈ کے علاقہ میں نجی بنک کی اے ٹی ایم مشین کاٹنے کی کوشش کی، ملزمان پہلے کیبن میں داخل ہوکر جائزہ لیتے رہے اوربنک کا الارم خراب کرد یا۔

    ملزمان واردات سے پہلےچہروں کو چھپاتے پھر واردات کرتے تھے، ایک ملزم کیش کے حصول کیلئے کوشاں رہا، دوسرا کیمرےکی آنکھ بند کرنےکیلئے مصروف تھا۔

    پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضہ سے گیس کٹر، سلنڈر ، نقدی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔


    مزید پڑھیں: گجرات: اے ٹی ایم سے 80 سیکنڈ میں 27 لاکھ روپے لٹ گئے


    پولیس کے مطابق ملزمان اب تک آٹھ بنکوں کی مشینیں توڑنے کی کوشش کر چکے ہیں، ملزم بابر نے چند ماہ قبل اپنے دوست اسد اور مزمل کے ساتھ ملکر واردات کی منصوبندی کی تھی، پولیس کے مطابق ملزمان میں پاک پتن کارہائشی بابر اورنجی بینک کاسیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔