Tag: Bank Robbery

  • کراچی: کھارادرمیں بینک ڈکیتی، بہادرآباد میں شہری لٹ گیا

    کراچی: کھارادرمیں بینک ڈکیتی، بہادرآباد میں شہری لٹ گیا

    کراچی: کھارادر میں نجی بینک اور بہادر آباد میں ایک شہری کو سر عام لوٹ لیا گیا، مسلح افراد نے گاڑی میں سوار  شہری کے بھاگنے پر اسے گولی مارکر زخمی کردیا، دو دن میں دوسری بینک ڈکیتی نے لوگوں کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا۔

    شہر قائد میں آج بھی اسٹریٹ کرائمز اور ڈکیتیوں کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، پولیس سے حاصل ہونے والی تفصیلات کے مطابق کھارادر میں پانچ مسلح ڈکیت ماسک اور ہیلمٹ پہن کر نجی بینک میں داخل ہوئے سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھیننے کے بعد عملے کو یرغمال بنایا اور 6 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ڈکیت کارروائی کے بعد بآسانی فرار ہوگئے، دوسری جانب بہادرآباد میں بھی اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران رہزنوں نے ایک شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    مسلح افراد نے گاڑی میں سوار شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، شہری کے بھاگنے پر ڈاکوؤں نے اسے گولی مار دی، اے آروائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو ڈکیتوں کو لوٹ مار کے بعد شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    رینجرز کی کارروائی، 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

    علاوہ ازیں رینجرز اہلکا روں نے کراچی کے مختلف علاقوں سے 8 ملزمان گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائیاں سولجربازار، درخشاں، بلدیہ، رضویہ کے علاقوں میں کی گئیں، گرفتار ہونے والے ملزمان میں ڈکیت اورمنشیات فروش شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق رضویہ سے خود کو اہم ادارے کے افسر ظاہرکرنے والےدو ملزمان گرفتارکیے گئے ہیں، ملزمان نے جعلی کارڈ بھی بنا رکھے تھے۔

  • کراچی: 57 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی، ڈاکو 26 لاکھ بھول گئے

    کراچی: 57 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی، ڈاکو 26 لاکھ بھول گئے

    کراچی: گلشن اقبال میں بینک ڈکیتی ہوئی جس میں ڈاکوؤں نے 57 لاکھ روپے لوٹے اور جلد بازی میں 26لاکھ روپے سے بھرا ہوا ایک بیگ چھوڑ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ نذیر شاہ کے مطابق گلشن اقبال میں رب میڈیکل کے نزدیک واقع بینک میں ڈکیتی ہوئی ہے جس میں 10 ڈاکو 57 لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے۔

    ڈکیتی کے بعد پولیس اور رینجرز کے افسران یہاں آئے اور اچھی طرح چھان بین کی، افسران چلے گئے تو پولیس کی جانب سے وہاں کی تلاشی لی گئی تو ایک بیگ میں سے 26 لاکھ روپے نکلے۔


    پتا چلا کہ ڈاکو لوٹی جانے والی 57 لاکھ روپے کی رقم میں سے یہ 26لاکھ روپے چھوڑ گئے، جلد بازی میں وہ رقم گرا گئے یا بھول گئے تھے۔
    اب دیکھا جائے تو ڈکیتی 57 لاکھ روپے کی نہیں بلکہ 31 لاکھ روپے کی ہوئی کیوں کہ 26 لاکھ روپے پولیس کو مل چکے ہیں جو پولیس نے اپنے قبضے میں کرلیے ہیں۔
    پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ ڈکیتی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔

  • ڈاکو بینک سے ایک منٹ میں بیس لاکھ روپے لوٹ کرفرار

    ڈاکو بینک سے ایک منٹ میں بیس لاکھ روپے لوٹ کرفرار

    کراچی : ڈاکوؤں نے صرف ایک منٹ میں بینک کا صفایا کردیا، ملزمان پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مزاحمت نہ کرنے پر سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک اور بینک لٹ گیا۔ ماڑی پور میں چھ ڈاکو ایک بینک میں گھسے اور صرف ایک منٹ میں بیس لاکھ روپے کی رقم لوٹ کرفرارہوگئے۔

    رواں سال شہر میں لٹنے والا یہ چوتھا بینک ہے، شلوار قمیض میں ملبوس چھ ڈکیت پیدل آئے بینک لوٹا یہ جا اور وہ جا، ماڑی پور کے نجی بینک میں دو مسلح افراد نے عملے کو یرغمال بنایا۔

    چار ڈاکوؤں نے کیش کاؤنٹر کا بڑے سکون سے صفایا کیا، ڈاکوؤں نے رقم کو تھیلوں میں بھرا اور ایک منٹ میں واردات کرکے فرار ہوگئے۔

    ڈاکو اتنے دیدہ دلیر تھے کہ نقاب سے چہرہ بھی نہیں چھپایا، پولیس کا کہنا ہے کہ بینک سے بیس لاکھ روپے لوٹے گئے۔ مزاحمت نہ کرنے پردوسیکیورٹی گارڈز کو شک کی بنا پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی : کالعدم تنظیمیں بینک ڈکیتیوں میں ملوث، تحقیقات شروع

    یاد رہے کہ پہلے پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ بینک لوٹنے میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں۔