Tag: bank robery

  • کراچی : بینک کا سیکیورٹی گارڈ ہی لاکرز کا صفایا کرگیا، لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    کراچی : بینک کا سیکیورٹی گارڈ ہی لاکرز کا صفایا کرگیا، لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    کراچی :  سیکیورٹی گارڈ نے دوران ڈیوٹی بینک کے لاکرز توڑ کر ان کا صفایا کردیا، ملزم 65 لاکھ سے زائد رقم لے کر ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، ڈیفنس پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ چھ مہینے سے بینک میں مسلسل نائٹ ڈیوٹی کرنے والا سیکیورٹی گارڈ اسی بینک کا صفایا کرگیا۔ ڈیفنس کراچی میں نجی بینک پر ڈیوٹی دینے والا گارڈ لاکرز کاٹنے کیلئے کٹر ساتھ لایا تھا۔

    بنک کی تجوری سے لاکھوں روپے اڑالیے،10لاکرز بھی خالی کردیئے، ذرائع کے مطابق ملزم نے 65لاکھ روپے سے زائد رقم پر ہاتھ صاف کیا جس میں ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کے امریکی ڈالرز بھی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ منظور نامی سیکورٹی گارڈ نے واردات سے پہلے الارم سسٹم بند کیا پھر سی سی ٹی وی کیمرے غیر فعال کیے، بینک میں وہ اکیلا تھا تاہم ممکنہ طور پر اس کے ہمراہ دو اور ساتھی بھی موجود تھے جو بینک کے باہرہی کھڑے رہے۔

    پولیس اور دیگر تفتیشی ٹیموں نے بینک سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں بینکوں کئے لاکرز ٹوٹنے کی یہ پہلی واردات نہیں ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال آٹھ جنوری کو بھی بینک کے گارڈ نے ستائیس لاکرز کا صفایا کردیا تھا۔

  • نیو یارک: وہیل چیئر پر بینک ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    نیو یارک: وہیل چیئر پر بینک ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    نیو یارک: پولیس نے ایک معذور شخص کو بینک ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مورخہ 29 جون کو کیلون ڈینسن نامی 23 سالہ ڈاکو نے وہیل چیئر پر نیو یارک کے سینٹنڈر بینک میں آکر اسلحے کے زورپر لوٹ مار کی اور باآسانی فرار ہوگیا تھا۔

    بینک کے ملازم نے بتایا کہ اس نے قریب آکر کہا کہ تمہارے پاس جو رقم ہے میرے حوالے کردو، تو میرے پاس ایک ہزار دوسو بارہ ڈالر تھے جو میں نے اس کے حوالے کردیئے، ڈاکو مذکورہ رقم لے کر انتہائی پھرتی کے ساتھ وہیل چیئر پر بینک سے باہر نکل گیا۔

    علاوہ ازیں واردات کے دو دن بعد ملزم کیلون ڈینسن نیو یارک کے ایک اسپتال آیا تو وہاں موجود کچھ لوگوں نے اسے پہچان لیا اور فوری طور پر پولیس کو مطلع کردیا، جس پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    ملزم نے اپنے جرم اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کو گولی لگی تھی جس کی وجہ سے وہ وہیل چیئر کا استعمال کرتا ہے۔ پولیس نے ملزم کیخلاف فرد جرم عائد کردی ہے اور 15 ہزار ڈالر کی زر ضمانت پراسے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

  • کراچی : بینک ڈکیتی کی انوکھی واردات کا مقدمہ درج

    کراچی : بینک ڈکیتی کی انوکھی واردات کا مقدمہ درج

    کراچی: بینک ڈکیتی کی انوکھی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تحقیقاتی ادارں نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزم کی تصاویر بھی حاصل کرلیں۔

    کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب نجی بینک میں ایک ڈاکو گھس آیا تھا، نا تجربے کار ڈاکو نے پورے بینک کے عملے کو ماموں بنادیا۔ پستول دکھایا اور بیگ میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی تو پورا بینک خالی ہوگیا۔

    تن تنہا پستول کو دور رکھ کر ڈاکو نے کیشئیر کے شیشے کی دیوار کو توڑا، کیشئیر کی دارز سے جو کچھ ملا مال مفت دل بے رحم جان کر ڈاکو نے ایک ڈبے میں ڈالا پھر سارے پیسے اپنے بیگ میں ڈالے اور چلتا بنا۔

    سیکیورٹی گارڈ اور عملہ ایک اناڑی ڈاکو کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے، پوری واردات کے دوران ڈاکو نہتا ہی رہا پر کسی کی ہمت نہ ہوئی کہ اس پر ہاتھ ڈال دے۔

  • گولی لگنے سے معذورسیکیورٹی گارڈ کا کوئی پرسانِ حال نہیں

    گولی لگنے سے معذورسیکیورٹی گارڈ کا کوئی پرسانِ حال نہیں

    نوشہرو فیروز: نیکی کر دریا میں ڈال ،کراچی میں بینک ڈکیتی ناکام بنانے والا نوشہرو فیروز کا سیکیورٹی گارڈ معذوری میں زندگی کےدن کاٹ رہاہے،انعام کی رقم بھی اب تک نہیں ملی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی سیکورٹی کمپنی کے گارڈ سلیم نے دو ماہ قبل نجی بنک میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنائی،جس کے دوران وہ ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔

    وہ دن اور آج کا دن سلیم کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے۔زخمی گارڈ سلیم کوبینک ڈکیتی ناکام بنا نے پر بینک انتظامیہ اور ایڈیشنل آئی جی نے سلیم کے لئے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا مگر یہ رقم سلیم کو تاحال نہ مل سکی ۔

    معذور سیکورٹی گارڈ کا کہنا ھے کہ میری مالی مدد کی جائے تا کہ میں اپنے بچوں کی کفالت اور اپنا علاج کرواسکوں۔