Tag: bankrupt

  • کورونا وائرس نے سینکڑوں کمپنیاں دیوالیہ کردیں، عوام بے روزگار

    کورونا وائرس نے سینکڑوں کمپنیاں دیوالیہ کردیں، عوام بے روزگار

    ٹوکیو : کورونا وائرس نے جاپان میں عوام کی صحت کے ساتھ معیشت کو بھی تباہ کردیا، ملک کی گیارہ سو سے زائد کمپنیاں دیوالیہ ہوکر بند ہوگئیں۔

    اس حوالے سے مالیاتی حیثیت کا جائزہ لینے والی ایک کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال فروری سے اب تک جاپان میں گیارہ سو کمپنیاں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب دیوالیہ ہو گئی ہیں۔

    تیئکوکُو ڈیٹا بینک کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب بدھ کی صبح تک گیارہ سو کمپنیاں یا تو دیوالیہ پن کی قانونی کارروائی مکمل کر چکی تھیں یا اس کی تیاری کر رہی تھیں۔

    اس فہرست میں شراب خانے اور ریستوران 172 کی تعداد کے ساتھ پہلے، تعمیراتی کمپنیاں92 کے ساتھ دوسرے اور ہوٹل اور سرائے 79 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

    تیئکوکُو ڈیٹا بینک کے مطابق ٹوکیو سے 264، اوساکا پریفیکچر سے 108، اور کاناگاوا پریفیکچر سے 64 کمپنیاں دیوالیہ ہوئی ہیں، کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کے سبب بے روزگاری  کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

    تحقیقی ادارے نے نشاندہی کی ہے کہ وہ شہری علاقے جو مرکزی حکومت کے ہنگامی حالت کے نفاذ کے تحت ہیں، وہاں شراب خانوں اور ریستورانوں کے دیوالیہ پن میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے۔

    بینک کا کہنا ہے کہ اگر ٹوکیو اور اس کے تین ہمسایہ پریفیکچروں میں ہنگامی حالت میں توسیع کی گئی تو ذاتی صَرف میں طویل مدتی کمی سے بچنا ناممکن ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں مزید کمپنیاں دیوالیہ ہوسکتی ہیں۔

  • دنیاکی سب سے بڑی برطانوی ٹریول فرم تھوماس کک دیوالیہ ہوگئی

    دنیاکی سب سے بڑی برطانوی ٹریول فرم تھوماس کک دیوالیہ ہوگئی

    لندن : دنیا کی سب سے پرانی برطانوی ٹریول فرم تھوماس کک دیوالیہ ہوگئی ، جس کے بعد کمپنی نےاپنےتمام آپریشنزبندکردئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے پرانی برطانوی ٹریول فرم تھوماس کک دیوالیہ ہوگئی، کمپنی کک کی انتظامیہ نے کہاکہ کمپنی کو خسارے سے نکالنے کے لیے جاری بات چیت کے ناکام ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، ساتھ ہی اس کمپنی کے چھ لاکھ سے زائد سیاحتی منصوبے بھی منسوخ کر دئیے گئے ۔

    جس کے باعث برطانوی کمپنی کےہزاروں صارفین مشکلات کا شکار ہیں اور ڈیڑھ لاکھ برطانوی صارفین دنیا بھر میں پھنس گئے ہیں۔

    برطانوی حکومت کا کہنا تھا کہ ان افراد کی واپسی ملکی تاریخ میں انخلا کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا جبکہ برطانوی شہری ہوابازی کی کمپنی نے بتایا کہ تھامس کک سے منسلک چار فضائی کمپنیوں کے جہازوں کو کھڑا کر دیا گیا ہے۔

    تھوماس کک کمپنی کے سولہ ممالک میں آپریشنز جاری تھے، اس وقت بھی چھ لاکھ سیاح اور مسافر دنیا بھر میں اس کمپنی کے ذریعے سفر کر رہے ہیں۔

    کمپنی کے دیوالیہ ہونے کی وجہ بین القوامی لینڈزر سے قرض پروگرام کے حصول میں ناکامی ہے، کمپنی ، ائیر لائنز، ہوٹلز اور ریزوٹس چلاتی تھی۔

    کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے باعث تقریبا بائیس ہزار افراد ملازمت سے فارغ ہوجائیں گے۔

  • اقتصادی بحران کے باعث لبنان کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

    اقتصادی بحران کے باعث لبنان کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

    بیروت : سعودی عرب اور خلیجی ممالک نے ہاتھ کھینچ لیا، لبنانی معیشت مزید مشکل صورتحال سے دوچار ہو گئی، عالمی بینک کا کہنا ہے کہ لبنان کی معیشت کا بنیادی ڈھانچہ مخدوش ہے‘شامی بحران کے حل سے اس کی لاٹری نہیں کھلے۔

    تفصیلات کے مطابق مشرق وسطیٰ کا ملک لبنان ان دنوں شدید اقتصادی بحران میں گھرا ہے۔ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے کہا ہے کہ بلاشبہ لبنان کو اقتصادی بحران بیشک درپیش ہے لیکن ملک کے دیوالیہ ہونے کا کوئی امکان نہیں، اصلاحات سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔

    بعض سیاستدان اقتصادی تجزیہ کار اور مالیاتی ادارے لبنان کے اقتصادی حالات کا مختلف منظر نامہ پیش کر رہے ہیں۔ سرسری سی نظر ڈالنے سے لبنان کا اقتصادی منظر نامہ دھندلایا ہوا نظر آرہا ہے۔

    عالمی بینک نے رپورٹ دی ہے کہ لبنان کی معیشت کا بنیادی ڈھانچہ مخدوش ہے۔شامی بحران کے حل سے اس کی لاٹری نہیں کھلے گی بلکہ شام کے بحران نے لبنانی معیشت کو مزید بگاڑ دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ لبنان کے ایک بڑے حلقے کو ملک کے دیوالیہ ہونے کا بہت خدشہ ہے، اس کی دلیل یہ دی جا رہی ہے کہ لبنان کا توازن و تجارت خسارے سے دوچار ہے۔

    لبنان کو قومی قرضوں کا سود چکانے کیلئے سالانہ 20ارب ڈالرز سے زیادہ کا قرضہ لینا پڑ رہا ہے، گذشتہ 3برسوں میں شرح نمو صرف ایک فیصد سے دو فیصد تک رہی ۔اس کے علاوہ دیگر ممالک میں برسرِ روزگار لبنان تارکین کی جانب سے ترسیلات زر میں بھی مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔

    سعودی عرب اور خلیجی ممالک ماضی میں لبنان کی اچھی خاصی مالی امداد کیا کرتے تھے لیکن اب ان ملکوں نے بھی ہاتھ کھینچ لیا ہے، اس سے لبنانی معیشت مزید مشکل صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔

    لبنانی حکومت اقتصادی اصلاحات کی بات تو کر رہی ہے تاہم عملی اقدامات اور خارجی امداد لانے سے قاصر نظر آرہی ہے، خدشات یہ بھی ہیں کہ سیاسی بحران اپریل میں ہونے والی مجوزہ پیرس کانفرنس کے عالمی شرکاء کو 11ارب ڈالرز دینے کا وعدہ پورا کرنے سے روک دیں گے۔

  • ترکی مضبوط ریاست ہے، جس کا دیوالیہ ممکن نہیں، ترک صدر

    ترکی مضبوط ریاست ہے، جس کا دیوالیہ ممکن نہیں، ترک صدر

    انقرہ : ترک صدر طیب اردوگان نے کہا ہے کہ لیرا کی قدر میں کمی ہونا ترکی پر برسایا جانے والا اقتصادی میزائل ہے، لیکن ترکی مضبوط ریاست ہے جو کسی بحران سے دوچار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں کے باعث ترک کرنسی لیرا کی قدر میں کمی کے باعث ملک میں پیدا ہونے والی گہماگہمی کی صورتحال کو کم کرنے کے لیے کہا ہے کہ ’ترکی اقتصادی طور پر ایک مضبوط ریاست ہے جو نہ کسی بحران سے دوچار ہے اور نہ ہی ملک کا دیوالیہ ہورہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک صدر طیب اردوگان نے اپنے سیاسی جماعت کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ترکی پر اقتصادی میزائل برسائے جارہے ہیں اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی واقع ہونا ان ہی میزائلوں میں سے ایک ہے‘۔

    ترک خبر رساں اداروں کے مطابق رجب طیب اردوگان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کشیدگی کے بعد امریکی پابندیوں کے باعث لیرا کی قدر کمی واقع ہونے کے بعد ترک حکومت کی کوشش ہے کہ چین، روس اور یوکرائن سے تجارتی معاملات مقامی کرنسی میں طے کریں۔

    ترک صدر کا اپنی جماعت کے اراکین کے ساتھ گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ سود استحصال کرنے کا بہترین آلہ ہے جو غریب کو مزید غریب اور امیر کو امیر تر بنارہا ہے اس لیے سود کی شرح میں ممکنہ حد تک کمی لانی ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی کے مرکزی بینکوں کی جانب سے لیرا کی قدر میں پیدا ہونے والے کمی کا مقابلہ کرنے کے لیے شرح سود میں اضافہ کیا گیا تھا جس پر بینکوں کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


    امریکا سے تنازع ترک کرنسی پر اثرانداز ہونے لگا، لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی


    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے ترک مخالف بیان کے بعد ترک کی کرنسی لیرا بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی قدر میں ریکاڑ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔