Tag: banned

  • پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد

    پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد

    فلوریڈا کے گورنر نے بھی پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد کردی، اس سے قبل امریکی ریاست یوٹاہ میں بھی یہی پابندی لگائی گئی تھی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز فلوریڈا کے ریپبلکن گورنر رون ڈی سینٹِس نے ایک قانون پر دستخط کیے جس کے تحت پینے کے پانی میں فلورائیڈ یا کوئی اور اضافی مادہ شامل کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اس طرح فلوریڈا، یوٹاہ کے بعد ایسی پابندی لگانے والی دوسری ریاست بن گیا ہے۔

    یہ قانون ریاستی قانون سازوں نے گزشتہ ماہ منظور کیا تھا حالانکہ عوامی صحت کے ماہرین اور طبی ماہرین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے بچوں میں دانتوں کی خرابی اور کیویٹیز (سوراخ) کی شرح بڑھے گی۔

    Florida

     

    رپورٹ کے مطابق اس نئے اقدام کے تحت پانی صاف کرنے کیلئے صرف وہ اشیاء استعمال کی جاسکتی ہیں جن کے انسانی صحت پر مضر اثرات نہ پڑیں اس لیے فلورائیڈ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    ریاستی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، فی الحال 70 فیصد سے زیادہ شہری وہ پینے کا پانی استعمال کرتے ہیں جس میں بھاری مقدار میں فلورائیڈ ملایا جاتا ہے۔

    اس موقع پر ریپبلکن پارٹی کے رکن ڈی سینٹیس نے کہا کہ اپنے دانتوں کیلئے فلورائیڈ کا استعمال کریں، یہ ٹھیک ہے لیکن اسے پانی کی فراہمی میں شامل کرنا بالکل ایسا ہی ہے کہ لوگوں کو زبردستی دوا پلائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ اقدام فلوریڈا کے سرجن جنرل ڈاکٹر جوزف لاڈاپو کی طرف سے نومبر میں جاری کردہ رہنمائی کے مطابق ہے جنہوں نے مبینہ طور پر صحت کے ممکنہ خدشات کی وجہ سے کمیونٹی کے پانی کی سپلائی سے فلورائیڈ بند کرنے کامشورہ دیا تھا۔

    واضح رہے کہ فلورائیڈ قدرتی طور پر پایا جانے والا معدنیات ہے، کئی دہائیوں سے صحت کے حکام، بشمول یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن منہ کی بیماریوں کو روکنے میں مدد کیلئے پینے کے پانی میں اس کے کنٹرول شدہ استعمال کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

  • امریکا کی جانب سے 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندی عائد

    امریکا کی جانب سے 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندی عائد

    روس کو مبینہ طور پر جنگی معاونت فراہم کرنے پر امریکا کی جانب سے 19 بھارتی کمپنیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی جانب سے دنیا بھر کی تقریباً 400 کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں عائد کرنیکا اعلان کیا گیا۔

    روس کی فوجی صلاحیتوں میں مدد کرنے کے باعث یہ پابندی لگائی گئی ہے، مذکورہ  فہرست میں بھارت کے ساتھ چین، ملائیشیا، تھائی لینڈ، ترکی اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر کئی ممالک شامل ہیں۔

    بھارت یوکرین کیخلاف جنگ جاری رکھنے کیلئے روس کو درکار ٹولز اور ٹیکنالوجیز تک رسائی ممکن بنا رہا ہے، پابندیوں کا شکار بھارتی کمپنیوں میں ابر ٹیکنالوجیز اینڈ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے۔

    اس کے علاوہ بھارتی کمپنیوں میں ڈینواس سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ، ایمسسٹیک، گلیکسی بیئرنگز لمیٹڈ اور دیگر شامل ہیں۔

  • بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر ہزاروں ریال جرمانہ عائد

    بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر ہزاروں ریال جرمانہ عائد

    مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ اور قید دونوں ہوسکتی ہے۔

    مسقط میونسپلٹی نے شہر کے رہائشیوں کو ایک وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائشی عمارتوں کی بالکونیوں پر کپڑے لٹکانے والوں کو 50 سے لے کر 5 ہزار عمانی ریال تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    قانون کو نظر انداز کرنے والوں کو 6 ماہ قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    بدھ کو جاری ہونے والے نوٹیکفیشن کے مطابق میونسپلٹی نے رہائشیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ہرصورت لوکل آرڈر نمبر 92/23 کے آرٹیکل (32) کی پابندی کریں، جو گورنریٹ میں عمارتوں کو بہتر کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

    میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ میونسپل قوانین بالکونیوں میں کپڑے دھونے کو ڈھانپنے والے عناصر کی تنصیب کے بغیر لٹکانے سے منع کرتے ہیں، کپڑوں کو دو عناصر میں سے کسی ایک سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

    مشرابیہ یا لکڑی کا جال جس میں سوراخ 1.50 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو، یا کنکریٹ کا کھلا کام جس میں سوراخ 7 سینٹی میٹر سے زیادہ نہ ہو اور کم از کم 10 سینٹی میٹر کی گہرائی ہو۔

    میونسپلٹی حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی رہائشی عمارت کو 3 سے زیادہ یونٹوں کے لیے ہر یونٹ کے لیے ایک بالکونی فراہم کرنی چاہیئے، جو یونٹ کے تعمیراتی حالات پر منحصر ہے، اور ان بالکونیوں کو ڈھانپنے کے لیے منظور شدہ مٹیریل سے ڈھانپنا ضروری ہے۔

    مسقط میونسپلٹی کے قانون کے آرٹیکل نمبر 14 کے تحت ان ضوابط کی خلاف ورزی کے نتیجے میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    قانون میں واضح لکھا گیا ہے کہ اپنی بالکونیوں پر لانڈری لٹکانے والے رہائشیوں کو 50 ریال سے لے کر 5 ہزار ریال تک جرمانہ یا 24 گھنٹے سے کم اور 6 ماہ سے زیادہ کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

    میونسپلٹی نے اس بات پر زور دیا کہ مسقط کے جمالیاتی پہلو کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری ہیں۔

  • ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کا حصول، ارشد وارثی پر پابندی لگا دی گئی

    بالی ووڈ فلموں کے مزاحیہ اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ پر سرمایہ کاری میں ہیرا پھیری اور غیر قانونی منافع کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکام نے ان پر پابندی عائد کی ہے۔

    بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی پر شیئرز کی قیمتوں میں مبینہ ہیرا پھیری کرنے کے الزام میں پابندی لگا دی گئی ہے۔

    چند دن قبل سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (ایس ای بی آئی) نے شیئرز کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے پر سیکیورٹی مارکیٹ میں حصہ لینے والے 45 افراد پر پابندی لگائی تھی جن میں اداکار ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ ماریہ گوریٹی بھی شامل ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے یہ فیصلہ 2 فرمز شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے بعد کیا۔

    ان دونوں فرمز پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کیں اور لوگوں کو مشورہ دیا کہ کیسے ان فرمز کے شیئر خرید کر غیر معمولی منافع کمایا جا سکتا ہے۔

    ااس کے علاوہ ایس ای بی آئی نے مبینہ طور پر ان گمراہ کن ویڈیو سے حاصل کی جانے والی 54 کروڑ روپے کی رقم بھی اپنے قبضے میں لی ہے، اس طریقے سے ارشد اور ماریہ نے مبینہ طور پر 29 لاکھ اور 37 لاکھ روپے بالترتیب کمائے ہیں۔

    ایس ای بی آئی نے کچھ اداروں کی جانب سے شارپ لائن براڈ کاسٹ اور سادھنا براڈ کاسٹ کی جانب سے قیمتوں میں ہیرا پھیری اور شیئرز کی ناجائز فروخت کی شکایات سامنے آنے پر تحقیقات شروع کیں۔

    ادارے کی جانب سے تحقیقات گزشتہ سال اپریل سے ستمبر کے مہینے تک کی گئیں جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ان دونوں کمپنیوں کے منافع اور شیئرز کی تعداد میں اپریل اور جولائی کے درمیان تیزی سے اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ارشد وارثی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ براہ کرم جو چیز آپ خبروں میں پڑھیں اس پر یقین مت کریں، اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں ماریہ اور میری معلومات صفر ہیں، ہم نے مشورہ لیا اور شاردا میں پیسے لگائے اور کئی لوگوں کی طرح اپنی محنت کی کمائی گنوا بیٹھے۔

  • دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، فیصلے کا اطلاق آج شام سے یکم جنوری 2023 تک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے شہر قائد میں دفعہ 144 نافذ اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

    محکمہ داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق آج شام سے یکم جنوری 2023 تک ہوگا، اس دوران اسلحے کی نمائش اور آتش بازی پر پابندی ہوگی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد پر کچھ لوگ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرتے ہیں۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری پر پابندی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی درخواست پر عائد کی گئی ہے۔

  • ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں محکمہ ماحولیات نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد کردی، پشاور ہائیکورٹ نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ ماحولیات نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں پرپابندی عائد کردی، محکمہ ماحولیات نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹائر جلانے والے فیکٹریوں پر پابندی ایک سال کے لیے ہوگی۔

    خیال رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

    صوبائی ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات (ای پی اے) ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں 11 ٹائر جلانے والے فیکٹریز موجود ہیں، 9 فیکٹریاں نوشہرہ اور 2 بڈھ بیر پشاور میں ہیں۔

    دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر ٹائر جلانے والے فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

  • خبردار : سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں پر بڑی پابندی عائد، قید و جرمانہ

    خبردار : سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں پر بڑی پابندی عائد، قید و جرمانہ

    ریاض : سعودی عرب میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کیلئے بڑی مشکل آن کھڑی ہوئی، کسی کی ذاتی زندگی می دخل اندازی بھی قابل سزا جرم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پرینک یعنی مذاق اڑانا یا دھوکہ دہی کی سزا 5 برس قید اور30 لاکھ ریال جرمانہ ہے، ایسا کرنے سے گریز کیا جائے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے متنبہ کیا کہ مذہبی اقدار، سماجی آداب یا قومی نظام کو نقصان پہنچانے، نجی زندگی کی پامالی سے متعلق کوئی چیز بنانا یا بھیجنا یا اسے محفوظ کرنا خلاف قانون عمل ہے۔ انٹرنیٹ یا کمپیوٹر میں اس قسم کی چیزوں کو محفوظ نہ کیا جائے، اس پر قید اور جرمانے کی سزا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ جو شخص بھی ایسی کسی سرگرمی میں ملوث پایا جائے گا اسے 5 برس تک قید اور 30 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ کسی ایک سزا پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن نے کہا کہ ایسے کسی بھی کام یا سرگرمی سے گریز کیا جائے جس سے کسی کی ہتک ہو۔ اسمارٹ فون کو صرف ان مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے جس کے لیے اسے بنایا گیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ دفاتر میں کام کرنے یا آنے والوں کی تصاویر بنانا، ویڈیو تیار کرنا،ان کی تشہیر کرنا، انہیں موبائل کے ذریعے نقصان پہنچانا ،سماجی آداب سے ہٹ کر کوئی سرگرمی کرنا یا ٹیکنالوجی استعمال کرکے اس قسم کی چیزیں پھیلانا قابل سزا عمل ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ جو شخص موبائل کیمرے کے ذریعے کسی کی نجی زندگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا یا کسی کی تشہیر کرے گا تو اسے قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔

    مزید پڑھیں : تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا جرم قرار 

    علاوہ ازیں ماہرین قوانین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسے وڈیو کلپ جاری کرنا جس سے کسی کا مذاق اڑانا ہو قانونا جرم ہے، اس سے گریز کیا جائے۔

    مقامی وکیل بندر العمودی نے کہا کہ وڈیو کلپ اس حد تک ہی قابل قبول ہوسکتے ہیں جس سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔ اگر کسی کی بے عزتی ہوتی ہو یا اسے ہنسی مذاق کا موضوع بنالیا جائے تو ایسا کرنے پر سزا ہے۔ متاثرہ شخص ہتک عزت کا دعوی دائر کرسکتا ہے۔

  • آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز 2022 کی تقریب میں میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ پر آسکر تقاریب میں شرکت کرنے پر 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اکیڈمی کے بورڈ ممبران کی 8 اپریل کو ایک میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں یہ طے کیا گیا کہ 27 مارچ کے آسکر کی تقریب میں پیش آئے واقعے کے تناظر میں اداکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وِل اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے ایک بڑے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔

    دوسری جانب وِل اسمتھ کا کہنا ہے کہ میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار کرس راک ایوارڈ دینے اسٹیج پر آئے تھے اور اس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پر مذاق اڑایا تھا۔

    کرس کے مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دار مکا مارا تھا۔

    بعد ازاں انہوں نے اس عمل کی معافی بھی مانگی تھی جبکہ کرس راک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ کسی کی بیماری کو مذاق کا نشانہ بنا رہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد پولیس بھی وہاں پہنچ گئی تھی لیکن کرس راک نے انہیں کسی قسم کی کارروائی کرنے یا ول اسمتھ کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

  • مسلم مخالف مناظر دکھانے پر کویت میں بھارتی فلم پر پابندی عائد

    مسلم مخالف مناظر دکھانے پر کویت میں بھارتی فلم پر پابندی عائد

    کویت سٹی: کویت نے پاکستان اور مسلم مخالف مناظر دکھانے پر نئی بھارتی فلم پر پابندی عائد کردی، فلم کو 13 اپریل کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جانا تھا۔

    انڈین ایکسپرییس کے مطابق کویت نے تھلاپتھی وجے چندر شیکھر المعروف وجے کی آنے والی میگا بجٹ ایکشن تامل فلم ’بیسٹ‘ پر پابندی عائد کردی ہے۔

    رپورٹ میں فلمی تجزیہ نگار کی ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تامل فلم پر کویت کی وزارت اطلاعات نے پاکستان اور مسلم مخالف مناظر دکھانے پر پابندی عائد کی۔

    فلم کو رواں ماہ 13 اپریل کو بھارت سمیت خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر ممالک میں ریلیز کیا جانا تھا۔

    فلم میں مسلمانوں کو دہشت گردوں کے طور پر دکھایا گیا ہے اور بعض دہشت گردوں کا تعلق مبینہ طور پر پاکستان سے بھی دکھایا گیا ہے۔

    تامل فلموں میں مسلسل مسلمانوں کو منفی اور دہشت گرد کرداروں میں دکھائے جانے پر جہاں کویت نے بیسٹ فلم پر پابندی عائد کردی، وہیں تامل ناڈو کی مسلمان سیاسی جماعت نے بھی فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تامل ناڈو مسلم لیگ پارٹی کے رہنما نے وجے کی فلم میں مسلمانوں کو دہشت گرد دکھانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست بھر میں اس کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کیا۔

    سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ تامل فلموں میں کافی عرصے سے مسلمانوں کو انتہا پسند اور دہشت گرد کرداروں میں دکھایا جا رہا ہے جبکہ فلموں میں مسلمانوں کی ذات اور ان کے مشہور ناموں کو بھی نشانہ بنا کر شامل کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تامل فلموں میں تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلمان شدت پسند ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے تامل ناڈو سمیت ملک بھر کے مسلمان خوف اور پریشانی کا شکار ہیں۔

  • ایک اور ملک میں فلم "ڈیتھ آن دی نیل” پر پابندی عائد

    ایک اور ملک میں فلم "ڈیتھ آن دی نیل” پر پابندی عائد

    یہودی اداکارہ کی فلم "ڈیتھ آن دی نیل” پر کویت و لبنان کے بعد اب ایک اور ملک نے بھی اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عرب ممالک کی جانب سے اقدام کے بعد ایک اور ملک نے اسرائیلی اداکارہ گیل گیدوت کی فلم "ڈیتھ آن دی نیل” کی نمائش پر پابندی لگا دی۔

    کویت و لبنان کے بعد تیونس کی حکومت نے بھی اس فلم کو سنیما گھروں میں دکھانا ممنوع قرار دیا ہے، مذکورہ فلم پر پابندی کا فیصلہ سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے مطالبے کے بعد کیا گیا ہے۔

    تیونس کی وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی ہدایت کار کینتھ براناگ کی "ڈیتھ آن دی نیل”، جس پر پہلے ہی کویت اور لبنان میں اسی وجہ سے پابندی عائد ہے، اب شمالی افریقی ملک کے سینما گھروں میں بھی نہیں دکھائی جائے گی۔

    تیونس میڈیا نے بتایا کہ مذکورہ فلم 9 فروری سے ٹھیٹرز میں فلم دکھا رہے تھے لیکن حکومتی احکامات کے بعد اس کو فوری طور پر ہٹا لیا گیا۔ تیونس کے سینما گھروں کے مالکان نے میڈیا کو اس بات تصدیق کی کہ وہ اب فلم نہیں دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس فلم میں اسرائیلی اداکارہ گیل گیدوت نے کام کیا ہے جو ماڈلنگ اور فلم انڈسٹری میں قدم  رکھنے سے قبل اسرائیل کی فوج میں دو برس کی تربیت بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسرائیل میں ہر شہری کے لیے دو برس تک فوج میں خدمات انجام دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔