Tag: banned

  • جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد : حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کردی، دونوں تنظیموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ پر پابندی عائد کردی ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن چاروں صوبوں کو بھیجا جارہا ہے، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ1997کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    دونوں تنظیموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں تنظیموں پر پابندی کے بعد پاکستان میں اب تک کالعدم تنظیموں کی تعداد 70ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کالعدم تنظیموں کے خلاف عالمی قوانین کے تحت کام کر رہا ہے. کالعدم تنظیموں کے اثاثہ جات سے متعلق بھی سخت اقدام کیے گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے، وزارتِ داخلہ کے ایکشن کے تحت کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان زیرِ حراست لے لیے گئے۔

    مزید پڑھیں: کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن، 44 افراد زیرِ حراست

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا گیاہے، کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • قومی احتساب بیورو کے ڈی جیز سمیت تمام افسران پرمیڈیا انٹرویوز دینے پر پابندی عائد

    قومی احتساب بیورو کے ڈی جیز سمیت تمام افسران پرمیڈیا انٹرویوز دینے پر پابندی عائد

    اسلام آباد : چیئرمین نیب نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا انٹرویو ز پر پابندی عائد کردی، میڈیا نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ معلومات کیلئے نیب ترجمان سے رابطہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے میڈیا کو انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا پر انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ نیب تمام معزز اراکین اسمبلی کا احترام کرتا ہے، نیب نے پیمرا سے ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دیئے انٹرویو کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے جس کا قانونی جائزہ لیں گے۔

    اس حوالے سے میڈیا جاری تحقیقات اور انویسٹی گیشنز کے بارے میں قیاص آرائیوں سے گریز کرے, انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کسی کیس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے نیب ترجمان سے رابطہ کریں۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی، ڈی جی نیب لاہور

    ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب لاہور کے انٹرویو کی ویڈیو دیکھ کر پتہ لگایا جائے گا کہ انہوں نے ایسی کیا بات کہی کہ جس سے متعلق اسمبلی میں اراکین نے اعتراض کیا، اس موقع پر چیئرمین نیب کو لاہور میں تمام میگا کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    جسٹس( ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ اور میگا کرپشن کے مقد مات کو منطقی انجام تک پہنچانے کونہ صرف اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہے بلکہ اس کے لیے بلا امتیاز قانون کے مطابق بد عنوان عناصر کے خلاف نیب سنجیدہ کاوشیں بھی کررہا ہے۔

  • پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر اور فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، دورے میں ان کی جانب سے مثبت نتائج کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے، سی ای او نے پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے افسران ادارے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں، کفایت شعاری کیلئے مہمانوں کی خاطر تواضع پر مبنی اخراجات کم کرنے اور شعبہ مارکیٹنگ کے افسران کو روینیو میں اضافہ کی فوری ہدایت کی، اس کے علاوہ سی ای او نے شعبہ مارکیٹنگ کوا یئرلائن کی مالی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، اپ گریڈ کرنے والے افسر کی تنخواہوں سے ٹکٹ میں فرق پر مبنی رقم وصول کی جائے گی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں خراب جہازوں کی موجودگی کے بارے میں جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی خراب جہاز ہیں دس دن کے اندر اندر ان کو اڑان کے قابل بنایا جائے، دس روز میں خراب جہازوں کو کارآمد بنانے کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی۔

    سی ای او کی جانب سے کمپنی خرچ (او سی ایس) پر اندرون و بیرونی دوروں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    سی ای او نے کہا کہ افسران بیرون ملک دوروں پر جانے کے بجائے ویڈیو کانفرنس میں امور کو انجام دیں، ای میل اور اسکائپ بڑھانے کی ہدایت بھی کی، پی آئی اے افسران کی بیرون ملک دوروں پر ادارے کو لاکھوں روپے اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔

    انہوں نے شعبہ فلائٹ کیٹرنگ، انجنیئرنگ میں ناقص کارکردگی پر وضاحت طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دے دیا، ارشد ملک نے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • خیبر پختونخواہ میں گرلزاسکولز کے پروگرامز میں مردوں کی شرکت پرپابندی

    خیبر پختونخواہ میں گرلزاسکولز کے پروگرامز میں مردوں کی شرکت پرپابندی

    پشاور : خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کے اسکولوں کی تقریبات میں مردحضرات کی شرکت اور تقریبات کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے لڑکیوں کے اسکولوں میں ہونے والی تقریبات میں مرد حضرات کی شرکت پر پابندی عائد کردی، پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے بتایا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر یہ پابندی لگائی ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرلزاسکولزکی تقریبات میں خواتین ہی مہمان خصوصی ہوں گی، تقریبات میں مرد حضرات کو بطور مہمان خصوصی نہ بلایاجائے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق گرلزاسکولز میں تقریبات کی میڈیاکوریج پر بھی پابندی لگادی گئی اور کہا گیا ہے کہ گرلزاسکول کے کسی پروگرام کو سوشل میڈیا پر مشتہر نہ کیا جائے۔

    مشیر تعلیم کا کہنا ہے کہ پابندی کا فیصلہ والدین کی شکایات اور صوبے کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال تحریک انصاف کےایم پی اے ضیااللہ بنگش نے اپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں داخل کرادیا، ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں سرکاری ا سکو لوں کا معیارتعلیم نجی اسکولوں کے معیار تعلیم سے کم نہیں ہے۔

    جنوری 2017 میں خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی جبکہ چھٹی جماعت سے میٹرک کے بچوں کو قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی تعلیم کو لازم قرار دیا تھا۔

  • حکومت نے بلیو وھیل اور مومو جیسے جان لیوا سوشل گیمز پر پابندی عائد کردی

    حکومت نے بلیو وھیل اور مومو جیسے جان لیوا سوشل گیمز پر پابندی عائد کردی

    اسلام آباد : انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے متنازع گیمز بلیو وھیل اور مومو جیسے جان لیوا تمام سافٹ ویئرز اور سوشل گیمز پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے انٹرنیٹ پر کھیلے جانے والے جان لیوا گیمز پر پابندی کا فیصلہ کرلیا تاکہ خودکشی کے واقعات میں کمی ہو سکے۔

    اس سلسلے میں آئی ٹی کے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بلیو ویل اور مومو جیسے گیمز کی کوئی گنجائش نہیں، کھیل ہی کھیل میں انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے۔

    ایسے موبائل ایپس اور پروگرامز کا استعمال سائبر کرائم کے زمرے میں آئے گا، بلیو وھیل اور مومو گیمز سے اب تک دنیا بھر میں ایک سو چالیس سے زائد بچے اور نوجوان اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ بلیو وہیل چیلنچ کھیلنے والوں کو ایک کے بعد ایک مشکل ٹاسک دیا جاتا ہے اور آخری ٹاسک خود کشی ہوتا ہے، بلیو وہیل گیم روس کے ایک نوجوان نے تیار کیا تھا جسے حکومت نے ایک سال قید کی سزا دے رکھی ہے۔

    اس گیم کے متاثرین دنیا بھر کے مختلف ممالک برازیل، بلغاریہ، چلی، چین، جارجیا، بھارت، اٹلی، کینیا، پاکستان، پیراگوئے، پرتگال، روس، سعودی عرب، سربیا، اسپین، امریکا اور یوراگوئے میں سامنے آچکے ہیں۔

     مزید پڑھیں: پشاورکے نوجوان نے اینٹی بلیو وہیل گیم بنا کرتوڑ نکال لیا

    پاکستان کے شہر مردان سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں نے بلیو وہیل کے جان لیوا گیم کا ٹاسک مکمل کرنے کی کوشش کی اور وہ اسپتال پہنچ گئے تھے، متاثرہ نوجوانوں کی عمریں19 اور21 سال کے قریب تھیں۔

  • وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر قانونو انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نو منتخب وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم جاری کرتے ہوئے محکمے کے افسروں کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی۔

    سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے بیرسٹر فروغ نسیم کا استقبال کیا اور وزیر قانون و انصاف کو انٹر نیشنل لیگل فرنٹ اور وزارت قانون وانصاف کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے لاء افسروں کی تقرری کا جائزہ لینےکی ہدایات جاری کی اور وفاقی عدالتوں میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

    وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ملائیشیا:سابق وزیراعظم پر کرپشن الزامات کے سبب بیرون ملک سفر پر پابندی عائد

    ملائیشیا:سابق وزیراعظم پر کرپشن الزامات کے سبب بیرون ملک سفر پر پابندی عائد

     کولالمپور : ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر 70 کروڑ ڈالرز کی کرپشن کے الزام کے باعث بیرون ملک سفر پر پابندی لگاتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل ڈال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے نو منتخب وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا تھا کہ اداروں کے سربراہان کے خلاف چھان بین ہوگی، اداروں کے کرپٹ سربراہان کو برطرف کیا جائے گا، کرپٹ شخصیات کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امیگریشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ نو منتخب وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر ملک سے باہر جانے پر پابندی لگاتے ہوئے نام ای سی ایل میں ڈال دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہفتے کے روز چھٹیوں پر جانے کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ رواں ہفتے نجیب رزاق کی گذشتہ کئی دہائیوں سے ملائیشیا ہر حکومت کرنے والی جماعت باریسن نیشنل پارٹی کو پارلیمانی انتخابات میں بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


    ملائیشیا انتخابات: مہاتیر محمد واضح‌ اکثریت سے کامیاب


    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر سنہ 2015 میں قومی مالیاتی ادارے کے فنڈ میں 70 کروڑ ڈالرز کی خرد برد کا الزام تھا۔

    یاد رہے کہ جمعرات کے روز 92 سالہ مہاتیر محمد نے ملائیشیا کے نئے وزیر اعظم کی حثیثت سے حلف اٹھانے بعد دنیا کے معمر ترین سیاست دان بن گئے ہیں۔


    اداروں کے کرپٹ سربراہان کو برطرف کیا جائے گا، مہاتیر محمد


    مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ اداروں کے سربراہان کے خلاف چھان بین ہوگی، اداروں کے کرپٹ سربراہان کو برطرف کیا جائے گا، کرپٹ شخصیات کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہوگا، تحقیقات میں قومی مالیاتی ادارے میں کروڑوں ڈالرز کی خرد برد کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • میکسیکو میں فریدا کاہلو باربی ڈول کی فروخت پر پابندی عائد

    میکسیکو میں فریدا کاہلو باربی ڈول کی فروخت پر پابندی عائد

    میکسیکو :‌ عدالت نے بیسویں صدی کی مشہور زمانہ آرٹسٹ فریدا کاہلو باربی ڈول کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکم دیا کہ آرٹسٹ کی تصاویر فروخت کرنے کا حق صرف اہل خانہ کو ہے.

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی عدالت نے امریکہ میں بچوں کی پسندیدہ گڑیا باربی ڈول کی کے متنازعے ماڈل فریدا کاہلو کی میکسیکو میں فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ’فریدا کاہلو کی تصاویر کی فروخت کا حق صرف ان کے اہل خانہ کو ہے‘۔

    کھلونے بنانے والی کمپنی میٹل کارپوریشن نے سرحدوں کو بالائے طاق رکھ کر مخلتف غیر روائتی شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے فریدا کاہلو کی باربی ڈول متعارف کروائی تھی۔

    عدالت کے سامنے فریدا کاہلو کے رشتے داروں نے مؤقف اختیار کیا کہ کھلونے بنانے والی کمپنی نے مشہور پینٹر فریدا کی تصاویر کو اہل خانہ کی اجازت کے بغیر استعمال کیا۔

    فریدا کاہلو کی بھتیجی مارا رومیو نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’مذکورہ پینٹر کا گندومی رنگ کی حامل خاتون تھیں لیکن باربی ڈول میں ان کا رنگ ذرا ہلکا دکھایا گیا ہے‘۔

    مارا رومیو کا مزید کہنا تھا کہ ’ میں فریدا کی باربی ڈول کو پسند کروں گی، لیکن مذکورہ گڑیا کو نہیں کیوں کہ اس کا رنگ ہلکا ہے‘۔


    امریکی اولمپیئن ا بتہاج محمد سے متاثرہو کر پہلی بار با حجاب باربی متعارف


    مذکورہ پینٹر کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عدالت کا فیصلہ صرف میکسیکو میں نافذ ہوگا اور دوسری جگہوں پر بھی فریدا کاہو باربی ڈول سے متعلق درخواست دائر کی جائے گی۔

    فریدا کاہلو کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ امریکا سے بھی باربی ڈول کے متلعق ایسے ہی فیصلے کی امید ہے، البتہ میٹل کمپنی کے وکیل نے اس معاملے پر کوئی رد عمل نہیں دیا ہے۔

    یاد رہے کہ بیسویں صدی میں فریدا میکسیکو کی مشہور آرٹسٹ اور میکسیکن کمیونسٹ پارٹی کی سرگرم رکن بھی تھیں، فریدا نے میکسیکن ثقافت کی اپنی پینٹنگ کے ذریعے ترویج کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • روسی عدالت نے ٹیلیگرام میسنجر پر پابندی عائد کردی

    روسی عدالت نے ٹیلیگرام میسنجر پر پابندی عائد کردی

    ماسکو: روسی عدالت نے میسجنگ سروس ٹیلی گرام میسنجر کو روس میں بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ٹیلی گرام میسنجر نے روس کے خفیہ سیکیورٹی اداروں کو صارفین کے پیغامات تک رسائی دینے سے انکار کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے میڈیا ریگولیٹری نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ عالمی دہشت گرد تنظیمیں روس میں اپنا نیٹ ورک چلانے کے لیے میسجنگ سروس ٹیلی گرام میسنجر کو استعمال کررہی ہیں، اس لیے مذکورہ ایپ کی سروسز کو روس میں فوری طور پر بند کیا جائے۔

    روسی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی میڈیا ریگولیٹری نے دہشت گردوں پر نظر رکھنے کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے ٹیلیگرام میسنجرسروس کی انتظامیہ سے صارفین کے پیغامات رسائی کا مطالبہ کیا تھا، جسے کمپنی نے مسترد کردیا تھا۔

    ٹیلیگرام انتظامیہ کا مؤقف تھا کہ کمپنی نے ایسی سروس بنائی ہے جس کے ذریعے صارفین کے پیغامات تک کوئی رسائی حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ مذکورہ سوشل میڈیا سروس کو صارفین کے پیغامات تک رسائی کے لیے 4 اپریل تک کی مہلت دی گئی تھی۔

    روس کی سرکاری خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کا کہنا تھا کہ ٹیلیگرام میسنجر سروس ملک میں شدت پسند کارروائیوں کے لیے ’عالمی دہشت گرد تنظیموں‘ کی مقبول ترین سروس ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں زیر زمین قائم ریلوے اسٹیشن پر خودکش حملہ جس میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے، میں حملہ آور نے مذکورہ سروس کے ذریعے ہی اپنے دیگر ساتھیوں سے رابطہ کیا تھا۔

    عدالت کے سامنے میڈیا ریگولیٹری کے وکیل کا کہنا تھا کہ ’ٹیلیگرام انتظامیہ صارفین کی معلومات کے حوالے سے قانونی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، لہذا اس پر پابندی عائد کی جائے‘۔

    دوسری جانب عدالت میں ٹیلی گرام میسجنگ سروسز کے وکیل نے حکام کا روس میں ٹیلی گرام کی اپلیکیشن کو روکنا ’بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کی صارفین کے ذاتی پیغامات رسائی کےلیے پیش کی گئی ضروریات ’غیر قانونی اور ہیں، کمپنی قانونی اور تکنیکی طور ان مطالبات کو پورا نہیں کرسکتی۔

    واضح رہے کہ روس سمیت مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر کئی ممالک کی عوام ٹیلی گرام کا استعمال کرتے ہیں، وکیل کا کہنا تھا کہ ٹیلیگرام کے دوارب سے زائد صارفین ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روس کے اعلیٰ عہدیداران بھی بڑے پیمانے پر ٹیلیگرام میسنجر کی سروسز استعمال کرتے ہیں۔

    ٹیلیگرام کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس کی شہرت میں اس لیے بھی اضافہ ہوا ہے کیوں کہ کمپنی نے ایسا سسٹم بنایا ہے، جس میں صارفین کی ذاتی معلومات اور پیغامات تک غیر متعلقہ افراد رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔

    مذکورہ میسجنگ سروس کے ذریعے صارف 5000 افراد پر مشتمل گروپ کو ایک ساتھ پیغام، دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز بھیج سکتا ہے، جس میں کوئی غیر متعلقہ فرد رد و بدل بھی نہین کرسکتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شام و عراق میں دہشت گردانہ کارروائیوں سرگرم عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ اور اس کے حامی بھی ٹیلی گرام کا استعمال کررہے تھے، لیکن کمپنی نے داعش کی ترویج کرنے والے پلیٹ فارم کو بند کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔