Tag: banners

  • نامعلوم افراد نے مریم نواز کے استقبالیہ بینرز پر سیاہی پھیر دی

    نامعلوم افراد نے مریم نواز کے استقبالیہ بینرز پر سیاہی پھیر دی

    فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا کنونشن کی تیاریوں کے لیے لگائے گئے استقبالیہ بینرز پر نامعلوم افراد نے سیاہی پھیر دی، متعدد پوسٹرز پھاڑ دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 8 مارچ کو سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز خصوصی خطاب کریں گی۔

    (ن) لیگ کے رہنماؤں نے کنونشن سے متعلق فیصل آباد کے مختلف چوراہوں پر استقبالیہ بینرز آویزاں کرائے جسے نامعلوم افراد  نے پھاڑ ڈالا جبکہ متعدد پوسٹرز پر نواز شریف اور مریم نواز کی تصویرں نقش تھیں جس پر سیاہی پھیر دی گئی۔

    سرگودھا میں مسلم لیگ ن کا سوشل میڈیا کنونشن، مریم نواز کو سونے کا تاج پہنایا جائے گا

    علاوہ ازیں سوشل میڈیا کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایم پی اے نواز ملک، چیئرمین واسا توصیف نواز نے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کا دورہ کیا اور ایس ایس پی آپریشن نے بھی موقع پر سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔

    خیال رہے کہ مریم نواز 8 مارچ کی دوپہر ایک بجے کنونشن سے خطاب کریں گی، جس میں مسلم لیگ کے وزراء سمیت سینئر رہنماؤں کی آمد متوقع ہے۔

    ہمارے مخالفین مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا فورس سے ڈرتے ہیں، مریم نواز

    واضح رہے کہ کنونشن کی کامیابی کے لیے فیصل آباد ایئرپورٹ سے دھوبی گھاٹ آنے والے تمام راستوں پر خطیر رقم کی لاگت سے قدآور پوسٹرز، بینیرز اور بل بورڈز آویزاں کرائے گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں نامعلوم افراد سرگرم، عدلیہ مخالف بینرز لگ گئے، وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی میں نامعلوم افراد سرگرم، عدلیہ مخالف بینرز لگ گئے، وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

    کراچی: سینیٹر نہال ہاشمی کی سزا کے فیصلے کے خلاف نامعلوم افراد نے عدلیہ مخالف بینرز لگا دیے، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود انتظامیہ اس سنگین واقعے سے غافل رہی۔ 

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے دھمکی آمیز تقریر اور توہین عدالت کیس میں سینیٹر نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد کراچی کے علاقے شارع فیصل میں نامعلوم افراد نے عدلیہ مخالف بینرز آویزاں کر دیے۔

    عدلیہ مخالف بینرز پر نااہل وزیر اعظم کا عدلیہ مخالف شعر درج ہے جو نواز شریف کئی مرتبہ جلسوں میں دہرا چکے ہیں، عدلیہ کےفیصلےکیخلاف اورنہال ہاشمی کےحق میں نعرے بھی درج ہیں۔

    توہین عدالت کیس : سپریم کورٹ نےنہال ہاشمی کوایک ماہ قید کی سزا سنادی

    دوسری طرف اے آر وائی نیوز کی جانب سے کمشنر کراچی اعجاز خان سے رابطہ کیا گیا تو وہ بھی مذکورہ واقعے سے لاعلم نکلے۔

    وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ بینرز کا علم نہیں البتہ لگانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے عدالت عظمیٰ نے 24 جنوری کو نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا تھا۔

    نہال ہاشمی کی صحت تسلی بخش ہے: ذرائع پمز اسپتال

    خیال رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ایک تقریر کے دوران نہال ہاشمی نے پاناماکیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا حساب لینے والوں سن لو تم کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے خاندان کے لیے زمین تنگ کردیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں عدلیہ مخالف بینرز کا نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے شارع فیصل پر عدلیہ مخالف بینرز فوری ہٹانے کی ہدایت کی تو دوسری طرف شاہراہوں پر بینرز کی موجودگی پر شہری انتظامیہ پر برہم بھی ہوئے۔

    برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حساس علاقے میں بینرز کیسے لگ گئے؟ فوری طور پر ذمہ داران کی نشاندہی کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پنجاب کے دیگر شہروں کے بعد کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں بینرز آویزاں

    پنجاب کے دیگر شہروں کے بعد کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں بینرز آویزاں

    کراچی : لاہور ، گوجرانوالہ اور پنجاب کے دیگر شہروں کے بعد راتوں رات کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں بینرز لگ گئے، عبارت میں قائد سے وفاداری کا بھرپور اظہار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے بعد سندھ میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں راتوں رات بینرز لگے گئے، ڈبل کیبن میں سوار لیگی متوالوں نے کراچی ریڈ زون ایریا کے کھمبے، اوور ہیڈ برج قائد کے حق میں بینرز سے سجا دیئے، بینرز کی عبارت سے ظاہر ہے کہ پاناما کا فیصلہ شریف خاندان کے حق میں آئے یا خلاف، متوالے ہر صورت ساتھ رہیں گے۔

    گورنرہاؤس کراچی سمیت پریس کلب اور اطراف کےعلاقوں میں لگے بینرز میں ’امن ہو یا جنگ قائد کے سنگ‘ کا نعرہ درج ہے جبکہ ’قائد کے اشارے میں خون کی قربانی‘ کے بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔

    اس سے قبلگوجرانوالہ شہر بھر میں مسلم لیگ کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں بڑے بڑے بینرز اور پوسٹر اویزاں کر دیے گئے ہیں، جن پر ’نواز شریف تیراایک اشارا حاضر حاضر لہو ہمارا‘ اور ’میاں تیرے جانثار بے شمار‘ کے مکالمات درج ہیں، بینرز اور پوسٹ لگانے کی مہم میں تما م ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے کوشاں ہیں، بینر اور پوسٹر جی ٹی روڈ سمیت شہر کی مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں : پاناماکیس: ‘قائد تیرا ایک اشارہ،حاضر حاضرلہو ہمارا‘ کے بینرز آویزاں


    یاد رہے گزشتہ روز لاہور میں سعد رفیق کے حلقے سے وزیراعظم کے حق میں شروع ہونے والی بینر مہم راتوں رات پورے ملک میں پھیل گئی، خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں بینرزآویزاں کئے گئے تھے ، ان بینرز پر وزیراعظم کے ساتھ خواجہ سعد رفیق، ایم پی اے یاسین سوہل اور ایم پی اے میاں نصیرکی تصاویر بھی لگی ہوئی تھیں۔

    سرخ بینرز پر ’ قائد تیرا ایک اشارہ، حاضر حاضر لہو ہمارا‘ درج تھا جبکہ سبز رنگ کے بینر میں ’قدم بڑھاؤ نوازشریف ہم تمہارے ساتھ ہیں ‘ کا نعرہ درج تھا ۔


    مزید پڑھیں : کمیشن بنے گا یا وزیراعظم نااہل؟ پاناما کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


    واضح رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ ستاون روز بعد آج دوپہر دو بجے سنایا جائے گا، کیس کا فیصلہ کورٹ روم نمبر ون سے جاری کیا جائے گا، ملکی تاریخ کے تمام بڑے فیصلے اسی تاریخی کمے مین سنائے گئے ہیں۔

  • پاناماکیس: ‘قائد تیرا ایک اشارہ،حاضر حاضرلہو ہمارا‘ کے بینرز آویزاں

    پاناماکیس: ‘قائد تیرا ایک اشارہ،حاضر حاضرلہو ہمارا‘ کے بینرز آویزاں

    لاہور: پاناماکیس کے فیصلے سے ایک روز پہلےلاہور میں خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں وزیراعظم نوازشریف کے حق میں بینرزآویزاں کر دیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے کے وزیر اپنے قائد سے وفاداری میں بازی لے گئے، پاناما کیس کا فیصلہ شریف خاندان کے حق میں آئے یا خلاف، نوازشریف کی حمایت میں بینر آویزاں کر دیئے گئے ہیں، ان بینرز پر وزیراعظم کے ساتھ خواجہ سعد رفیق، ایم پی اے یاسین سوہل اور ایم پی اے میاں نصیرکی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔

    لاہور میں خواجہ سعدرفیق کے حلقے میں ہر کھمبہ سرخ رنگ کے بینرز سے سجا دیا گیا ، بینرزپر ’ قائد تیرا ایک اشارہ، حاضر حاضر لہو ہمارا‘ درج ہے جبکہ سبز رنگ کے بینر میں ’قدم بڑھاؤ نوازشریف ہم تمہارے ساتھ ہیں ‘ کا نعرہ درج ہے ۔

     

    خواجہ سعدرفیق کےحلقےمیں لگنے والے اشتعال انگیز بینرز نے جہاں حلقے کی سیاسی فضا میں تناؤ پیدا کر دیا ہے،  وہیں اس بات کا تا ثر بھی ابھر رہا ہے کہ کہیں پانامہ کا فیصلہ آنے پر کارکن آپے سے باہر نہ ہو جائیں۔


    مزید پڑھیں : پاناما کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا


    واضح رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ ستاون روز بعد کل 20 اپریل کو دوپہر دو بجے سنایا جائے گا، کیس کا فیصلہ بھی کل کورٹ روم نمبر ون سے جاری کیا جائےگا، ملکی تاریخ کے تمام بڑے فیصلے اسی تاریخی کمے مین سنائے گئے ہیں۔

    ترجمان سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کردی ہے، فیصلہ سننے کے خواہشمندوں کو پاسز جاری کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ سننے کے لیے جہاں حکومت اور فریق سیاسی جماعتیں بے چینی سے منتظر ہیں وہیں عوام بھی اس فیصلے کو جاننے کے لیے بے چینی سے انتظار کررہی ہے۔

    پانامہ لیکس کا فیصلہ تئیس فروری کو محفوظ کیا گیا تھا۔

    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔