Tag: Barber Shop

  • لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    لٹیروں کی حجام کی دکان میں لوٹ مار کی واردات، فوٹیج وائرل

    کراچی: شہر قائد میں میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو چکا ہے، ایک اور واردات میں لٹیروں نے بے خوفی سے حجام کی دکان لوٹ لی ہے۔

    کراچی کے علاقے محمود آباد گيٹ کے قریب دو لٹیروں نے حجام کی ایک دکان لوٹ لی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، وائرل ہونے والی اس فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق شلوار قمیض میں ملبوس 2 لڑکے دکان میں داخل ہوئے، ایک نے دکان میں داخل ہوتے ہی شہریوں پر اسلحہ تان لیا، جب کہ دوسرا ساتھی دکان میں موجود افراد سے لوٹ مار کرتا رہا۔

    لٹیروں نے دکان دار اور بال بنوانے کے لیے آنے والوں کو چند منٹوں میں لوٹ لیا، مسلح ڈاکو شہریوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوئے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں کو واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے باوجود تاحال یہ لٹیرے پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اس طرح کی لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، پستول کے زور پر کوئی بھی شخص کہیں بھی نقدی اور موبائل سے محروم ہو سکتا ہے، لٹیرے راہ چلتی خواتین اور موٹر سائیکل پر موجود فیملیز کو بھی نہیں چھوڑتے، ان سے بھی زیورات تک اتروا کر لے جاتے ہیں۔

  • دکان میں آنے والے ڈاکوؤں کے ساتھ ’پرینک‘ ہوگیا، ویڈیو وائرل

    دکان میں آنے والے ڈاکوؤں کے ساتھ ’پرینک‘ ہوگیا، ویڈیو وائرل

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کرنے کی نیت سے دکان میں داخل ہونے والے ڈاکوؤں کے ساتھ پرینک ہوگیا، ملزمان خود اپنے جال میں پھنس گئے۔

    کراچی میں چوری و ڈکیتی کی وارداتیں اس قدر عام ہوچکی ہیں کہ شہری ڈاکوؤں کو دور سے دیکھ کر ہی پہچان لیتے ہیں۔ ایک ایسا ہی واقعہ کراچی کے علاقے میں پیش آیا جہاں لوٹ مار کیلیے آنے والے خود پھنس گئے کہ جائیں تو جائیں کہاں؟

    حجام کی دکان میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین مسلح افراد ایک حجام کی دکان میں داخل ہوئے اور کرسی پر بیٹھے ایک گاہک سے اس کی قیمتی اشیاء اور نقدی چھین لی۔

    ملزم کے دیگر ساتھی ابھی لوٹ مار میں ہی مصروف تھے کہ باہر سڑک پر کھڑے ایک شہری نے موقع پاتے ہی اچانک دکان کا شٹر باہر سے بند کردیا اور تینوں ڈاکو دکان میں ہی پھنس گئے۔

    صورتحال کو دیکھ کر ڈاکو خود گھبرا گئے اور بحفاظت باہر نکلنے اور جان بچانے کیلئے کوششیں کرنے لگے جو رائیگاں ثابت ہوئیں اور بعد ازاں شہریوں نے ان ڈاکوؤں کو پکڑ خوب دھنائی کی اور پولیس کے حوالے کردیا۔

  • ریاض: رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے افراد گرفتار

    ریاض: رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں اپنی رہائش گاہ کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے 7 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں قصیم پولیس نے اپنی رہائش کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے 7 غیر ملکی حجاموں کو گرفتار کیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان بدر السحیبانی نے بتایا کہ پولیس نے گرفتاری کی کارروائی خفیہ رپورٹ کی بنیاد پر کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کو پتہ چلا تھا کہ 7 غیر ملکی افراد کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیلون (باربر شاپ) کے بجائے گھروں میں باربر شاپ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت کرونا وائرس سے لوگوں کو بچانے کے لیے حفاظتی تدابیر کے طور پر باربر شاپس پر پابندی لگائے ہوئے ہے۔

    پولیس ترجمان کرنل السحیبانی نے کہا کہ ساتوں غیر ملکیوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

  • سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    سعودی عرب: گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے والا شخص گرفتار

    ریاض: سعودی حکام نے گھر کو حجام کی دکان میں تبدیل کردینے کی اطلاع پر مذکورہ مقام پر چھاپہ مار کر ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ کے علاقہ بنی مالک میں گھر کو باربر شاپ میں تبدیل کرنے والے غیر ملکی شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

    جدہ میں الشرفیہ کی بلدیہ کے انسپکٹرز نے بنی مالک محلے میں تفتیشی کارروائی کے دوران ایک باربر شاپ پر چھاپہ مارا، یہ شاپ غیر قانونی طریقے سے ایک عمارت میں قائم کی گئی تھی۔

    انسپکٹرز نے غیر قانونی باربر شاپ سیل کردی جبکہ وہاں موجود مخصوص کرسیاں اورحجامت میں استعمال ہونے والے تمام آلات اور اشیا ضبط کرلیں۔ حجام کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا گیا۔

    دوسری جانب نجران میونسپلٹی کے اہلکاروں کو بھی اطلاع ملی کہ غیر ملکی کارکن اپنی رہائش پر ہم وطنوں کو حجامت کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں اور مقرر کردہ پابندی کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

    اہلکاروں نے رہائش پر چھاپہ مارا اور غیر قانونی سرگرمی پر تارکین کو گرفتار کرلیا۔

    نجران میونسپلٹی کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر فائز بن رجا نے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے اطلاع ملنے پر غیر ملکیوں کی رہائش پر چھاپہ مارا تھا۔

    تلاشی پر رہائش سے باربر شاپ میں استعمال ہونے والی مشینیں، آلات اور سامان نظر آنے پر ضبط کرلیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔