Tag: Barbie

  • نوکیا فون بنانے والی کمپنی کے ’باربی ماڈل‘ میں کون سی اہم سہولت دستیاب نہیں؟

    نوکیا فون بنانے والی کمپنی کے ’باربی ماڈل‘ میں کون سی اہم سہولت دستیاب نہیں؟

    نوکیا فون بنانے والی کمپنی نے کھلونے بنانے والی کمپنی کے ساتھ مل کر ’باربی ہینڈ سیٹ‘ لانچ کر دیا ہے، کیا آپ جانتے ہیں کہ اس میں کون سی اہم سہولت دستیاب نہیں ہے؟

    بدھ کو نوکیا برانڈڈ فون بنانے والی فن لینڈ کی کمپنی ’ایچ ایم ڈی گلوبل‘ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ اس نے کھلونا بنانے والی کمپنی میٹل کے ساتھ مل کر باربی برانڈڈ سیل فون لانچ کر دیا ہے۔

    اس فون کی خوبی یہ ہے کہ اس میں انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا ایپس کی سہولت بالکل دستیاب نہیں ہے، یہ ایک نہایت خوب صورت گلابی، کمپیکٹ فولڈ ایبل فون ہے، جس میں کلاسک ڈیزائن اور اسمارٹ فون کی چند خصوصیات شامل ہیں۔

    اس فون پر صرف کالز اور ٹیکسٹ میسیجز ہی کیے جا سکتے ہیں، اور اس کی قیمت 99 پاؤنڈ، یا 131.24 ڈالر ہے۔ یہ فون باربی ڈول کی 65 ویں سال گرہ کے موقع پر لانچ کیا گیا ہے، گزشتہ سال باربی فلم کی زبردست کامیابی نے بھی اس ماڈل کے سامنے آنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    ایک ریسرچ فرم ’سی سی ایس انسائٹس‘ کے اندازے کے مطابق باربی برانڈ کے اس فون کے برطانیہ میں 4 لاکھ سے زیادہ تعداد میں فروخت کا امکان ہے۔

  • باربی فلم دیکھتے ہوئے سنیما میں دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل

    باربی فلم دیکھتے ہوئے سنیما میں دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی کی ویڈیو وائرل

    برازیلیا: برازیل کے ایک سنیما میں عالمی سطح پر انتہائی مقبول ہونے والی فلم باربی دیکھتے ہوئے دو ماؤں میں زبردست ہاتھا پائی ہو گئی، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم باربی کی ریلیز کے بعد سے سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ مچا ہوا ہے اور میمز کا ایک طوفان آیا ہوا ہے، لیکن اس درمیان ایک چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔

    یہ ویڈیو برازیل کے ایک فلم تھیٹر کی ہے، جہاں بے انتہا مقبول فلم باربی کی اسکریننگ کے موقع پر دو ماؤں کے درمیان ایک زبردست تصادم ہوا، معلوم ہوا کہ ایک لاپروا خاتون نے مبینہ طور پر اپنے بچے کو پوری فلم کے دوران یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے دیا، جس کی وجہ سے آس پاس لوگ سکون سے فلم نہ دیکھ سکے۔

    یہ ویڈیو ٹک ٹاک صارف صوفیہ فریرا نے شیئر کی، کلپ میں ایک گلابی لباس والی خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دوسری خاتون پر اپنے غصے کا اظہار کر رہی ہے، دونوں میں تناؤ تیزی سے بڑھا، اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ یوٹیوب دیکھنے والے بچے کی ماں نے گلابی لباس خاتون کو دھکا دے دیا جس سے وہ تھیٹر کی نشستوں پر گر پڑی۔

    غصے کا اظہار کرنے والی خاتون نے اٹھ کر جوابی کارروائی کی اور جوتا اتار کر بچے کی ماں پر حملہ کر دیا، جس سے ایک افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا، تاہم ایک آدمی نے مداخلت کی اور انھیں الگ کر لیا۔

    اس ویڈیو کو ٹویٹر پر 5.8 ملین سے زیادہ لوگوں نے دیکھا، جسے دیکھ کر ناظرین حیران اور پریشان رہ گئے، صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اگر بچہ فلم نہیں دیکھنا چاہتا تو خاتون کو اسے کہیں اور لے جانا چاہیے تھا، بعض صارفین نے اس پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ وہاں موجود دیگر افراد نے مداخلت نہیں کی۔

  • خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے لیے باربی کا منفرد تحفہ

    خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے خواتین کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان سے ملتی جلتی باربی گڑیائیں متعارف کروا دی گئیں۔

    مشہور ٹوائے کمپنی میٹل نے حال ہی میں باربی کے پیش کیے جانے والے نئے کلیکشن میں خواتین کھلاڑیوں کے ماڈل پیش کیے ہیں۔

    ان میں سے ایک گڑیا برطانوی اسپرنٹر ڈینا ایشر اسمتھ کی بھی ہے۔ ڈینا نے گزشتہ برس دوحہ میں 200 میٹرز ریس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

    ان کے علاوہ کلیکشن میں فرانس کی خواتین کی فٹبال ٹیم کی کپتان اور یوکرین کی ورلڈ چیمپئن پلیئر بھی شامل ہیں۔

    باربی کی یہ نئی گڑیائیں ڈریم گیپ پروجیکٹ کے تحت پیش کی گئی ہیں جس کا مقصد ان عوامل کی نشاندہی کرنا ہے جو بچیوں اور لڑکیوں کی راہ میں ان کے ارادوں کی تکمیل میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

    اس موقع برطانوی اسپرنٹر ڈینا نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باربی کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور وہ خوش ہیں کہ اس گڑیا کے ذریعے وہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرسکیں گی۔

    وہ کہتی ہیں خواتین کا کھیل کے شعبے میں ہونا ایک چیلنج ہے کیونکہ انہیں وہ توجہ اور مراعات نہیں ملتے جو مرد کھلاڑیوں کو ملتے ہیں۔

    باربی کی گلوبل ہیڈ لیزا مک نائٹ کا کہنا ہے کہ اس کلیکشن کو پیش کرنے کا مقصد طاقتور اور متنوع رول ماڈلز کو پیش کرنا اور اس کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کی خود اعتمادی میں اضافہ کرنا اور انہیں تعصب کے خلاف لڑنے میں مدد دینا ہے۔

  • وہیل چیئر پر بیٹھی اور مصنوعی پاؤں والی باربی ڈول

    وہیل چیئر پر بیٹھی اور مصنوعی پاؤں والی باربی ڈول

    جسمانی معذوری کہیں تو ناامیدی کا پیغام بن جاتی ہے تو کہیں ہمت و حوصلہ عطا کر کے ایسے کام کروادیتی ہے جو عام حالات میں شاید کسی کے لیے ممکن نہ ہوں۔

    ہم دیکھتے آئے ہیں کہ صلاحیت، ہنر اور جذبہ کسی سہارے کا محتاج نہیں اور پہاڑوں جیسا عزم ہو تو بڑی سے بڑی معذوری کو شکست دے کر بھی بڑے سے بڑے کارنامہ انجام دیا جاسکتا ہے۔

    یہی سوچ کر مشہور امریکی ٹوائے کمپنی میٹل معذوری کا شکار باربی ڈولز لانچ کرنے جارہی ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ معذوری صرف ایک نظر کا دھوکہ ہے۔

    یہ باربی ڈولز 13 سالہ امریکی بچی جورڈن سے متاثر ہو کر تیار کی جارہی ہیں۔

    جورڈن اپنے بائیں بازو سے محروم ہے تاہم 3 ڈی پرنٹنگ کے ذریعے اپنے بازو کے لیے نت نئی اشیا بناتی رہتی ہے۔

    حال ہی میں اس نے یونی کورن (ایک تصوراتی جانور) کا ایسا سینگ تیار کیا جو گلیٹر پھینکتا تھا، یعنی اسے اپنے ہاتھ پر لگا کر وہ لوگوں کو چمکتی افشاں سے نہلا دیتی تھی۔

    جورڈن کا حوصلہ دیکھتے ہوئے میٹل اب ایسی گڑیائیں پیش کرنے جارہی ہے جو وہیل چیئر پر بیٹھی ہوں جبکہ کچھ مصنوعی اعضا سے آراستہ ہوں گی۔

    میٹل کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ خوبصورتی کا مطلب کاملیت نہیں۔ خوبصورت اور فیشن کی کئی جہتیں ہوسکتی ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا عزم ہے کہ وہ دنیا کی سب متنوع گڑیائیں پیش کریں تاکہ ہر انسان انہیں خود سے قریب محسوس کرسکے۔

    ان میں دنیا کے وہ 15 فیصد افراد بھی شامل ہیں جو کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہیں۔

    13 سالہ جورڈن بھی اپنے جیسی گڑیا پاکر بے حد خوش ہے۔

    آپ کو یہ گڑیا کیسی لگی؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

  • باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    باربی ڈول سائنس دان بن گئی

    دنیا بھر میں مقبول گڑیا باربی ڈول اب نئے انداز سے سامنے آگئی۔ پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ باربی ڈول کو پیش کیا جارہا ہے۔

    60 سال بعد پہلی بار سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک باربی ڈول کو پیش کیا گیا ہے۔

    ماضی میں باربی کمپنی پر تنقید کی جاتی تھی کہ وہ اپنی گڑیاں بہت زیادہ دبلی پتلی اور حد سے زیادہ پرکشش بناتے ہیں۔

    ان سے کھیلنے والی چھوٹی بچیاں لاشعوری طور پر اس گڑیا سے متاثر ہو کر اس جیسا بننا چاہتی ہیں، تاہم گزشتہ چند سالوں میں باربی کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا جن میں مختلف کیریئر اپنانے والی باربی اور حجاب کرنے والی باربی بھی شامل تھی۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ وقت بدل رہا ہے، چونکہ چھوٹی بچیاں اپنی گڑیاؤں سے بے حد متاثر ہوتی ہیں لہٰذا بدلتے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے باربی کو خوبصورت پیش کرنے کے بجائے اسے باہمت اور کام کرنے والی باربی کے طور پر پیش کیا جانا چاہیئے۔

    باربی گڑیا بنانے والی کمپنی ماٹل کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سال میں چند ایسی خواتین کے عکس پر گڑیائیں بنائیں گے جو کہ انتہائی متاثر کن اور انسپریشنل ہیں۔

    اس کی ایک مثال امریکی اولمپیئن ابتہاج محمد کے جیسی بنائی گئی گڑیا ہے۔

    اسی منصوبے کے تحت اب سائنسدان باربی پیش کی جارہی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس وقت سائنس کے شعبے میں خواتین کی تعداد صرف 24 فیصد ہے۔

    سائنس دان باربی چھوٹی بچیوں کو بھی سائنس کے شعبے کی طرف بڑھنے کی ترغیب دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی اولمپیئن ا بتہاج محمد سے متاثرہو کر پہلی بار با حجاب باربی متعارف

    امریکی اولمپیئن ا بتہاج محمد سے متاثرہو کر پہلی بار با حجاب باربی متعارف

    نیویارک : امریکی اولمپیئن ا بتہاج محمد سے متاثرہو کر پہلی بار باربی ڈول بنانے والی کمپنی نے با حجاب باربی متعارف کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں بچوں کی پسندیدہ گڑیا باربی ڈول کو نئے اندز میں پیش کیا گیا لیکن باربی ڈول بنانے والی کمپنی نے امریکی شمشیر زن اولمپین ابتہاج محمد سے متاثر ہوکر باحجاب ماڈل گڑیا تیار کرلی۔

     

    یہ گڑیا اکتیس سالہ با حجاب امریکی شمشیر زن ابتہاج محمد کی شکل کی بنائی گئی ہے، جنھوں نے گذشتہ سال ریو میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

     

    ابتہاج پہلی امریکی کھلاڑی ہیں، جنھوں نے حجاب پہن کر اولمپک میں شرکت کی تھی۔

    شمشیر زنی کا لباس زیب تن کیے، ہاتھوں میں ننھی تلوارتھامے چہرے پر حجاب لگائے اس ننھی گڑیا کی رونمائی ابتہاج محمد کے ہاتھوں کرائی گئی ۔

    مستقبل میں کمپنی کا رادہ ہے کہ وہ ایسی خواتین کے عکس پر مزید گڑیا بنائیں گے جو انتہائی متاثرکن اور انسپریشنل ہیں۔

     

    باربی ڈول ان خواتین کے اعزاز میں بنائی جاتی ہے، جنھوں نے سرحدوں کو بالائے طاق رکھ کر مختلف غیر روایتی شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دیے۔

    میٹل کارپوریشن کے مطابق یہ گڑیا آئندہ برس آن لائن فروخت کے لیے دستیاب ہوگی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔