Tag: Barge

  • امریکا میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

    امریکا میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا

    ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں مال بردار بحری جہاز پُل سے ٹکرا گیا، جس سے پل اور جہاز کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ٹیکساس کے شہر گیلویسٹن میں ایک بارج (چپٹے پیندے والا بحری جہاز) پل کے ستون سے ٹکرا گیا، جس سے ارد گرد کے پانیوں میں تیل پھیل گیا ہے، جب کہ زخمیوں کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    پُل سے ٹکرانے کے بعد جہاز سے تیل کا رساؤ جاری ہے، حادثے کے نتیجے میں پل کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، پُل کو عارضی طور پر بند کر کے مرمت شروع کر دی گئی ہے، مرمت کے علاوہ رساؤ پر قابو پانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

    پُل بند ہونے سے پیلیکن آئی لینڈ کا رابطہ گیلویسٹن شہر سے منقطع ہو گیا ہے۔

    حکام کے مطابق بحری جہاز صبح دس بجے کے قریب اس وقت پیلیکن جزیرے کی طرف جانے والے پل سے ٹکرایا جب دو بارجز (چپٹے پیندے والے بحری جہازوں) کو کھینچنے والی ایک ٹگ بوٹ پل کے ساتھ واقع ٹیکساس انٹرنیشنل ٹرمینلز سے واپس نکلتے ہوئے بے قابو ہو گئی۔

    مقامی برج سپرنٹنڈنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ایک طرف دریا میں بلند لہریں اٹھ رہی تھیں اور دوسری طرف پانی کی روانی بھی غیر متوازن تھی، چناں چہ ٹگ بوٹ نے کنٹرول کھو دیا، اور ایک بارج پل اور دو ٹیلی فون کھمبوں سے ٹکرا گیا۔

  • کراچی میں نامعلوم افراد کی اسلحے سمیت گھر میں گھسنے کی کوشش

    کراچی میں نامعلوم افراد کی اسلحے سمیت گھر میں گھسنے کی کوشش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد نے اسلحے سمیت ایک گھر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم گارڈ نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں چند نامعلوم افراد نے ایک گھر میں اسلحے سمیت گھسنے کی کوشش کی، اس موقع پر گھر میں موجود گارڈ نے نہایت ہمت کا مظاہرہ کیا۔

    گارڈ نے نامعلوم افراد کو الٹے پیر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    گھر کے اندر اور باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں تمام واقعہ ریکارڈ ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح افراد نہایت افراتفری میں گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی میں ہی ڈیفنس فیز 1 میں گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جہاں 4 مسلح ملزمان ایک کلو سونا اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان 7 موبائل فونز، ایک میک بک، ایک لیپ ٹاپ اور ایک قیمتی کیمرہ لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ گھر میں موجود 1 لاکھ 75 ہزار روپے بھی لے گئے۔