Tag: barish

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم خوشگوار

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، موسم خوشگوار

    لاہور / کوئٹہ / فیصل آباد : ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری نے موسم بہار کا حسن دوبالا کردیا. پہاڑوں پر برفباری، مختلف شہروں میں ہلکی اور کہیں تیز برستی برکھا ٹھنڈی ہواؤں نے بہار کے حسن کو مزید نکھار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش اور برفباری نے موسم کا لطف دوبالا کردیا،مری میں آسمان سے برستے روئی کے نرم گالوں نے وادی کو حسین اور نظاروں کو خواب ناک بنا دیا ہے۔

    دلکش موسم سیاحوں کے من کو گدگدانے لگا ہے۔ کوئٹہ اورچمن میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے اور موسم بہار کو مہکا دیا، لاہورمیں بادل پہلے گرجےاور پھر خوب برسے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔

    اسلام آباد اورفیصل آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جھنگ ،پنڈی بھٹیاں،شیخوپورہ، قصور، مرید کے میں بوندوں نے موسم سہانا کردیا۔

    موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب میں تو بارش ہوگی لیکن سندھ اوربلوچستان میں موسم خشک رہے گا۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    کوئٹہ : آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں بلوچستان کے اکثرمقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں کوئٹہ ،ژوب اور قلات میں پہاڑوں پربرفباری ہو گی جبکہ منگل اوربدھ کو سندھ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت اور فاٹا میں بھی بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    بدھ اور جمعرات کو کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثرمقامات پربارش کا امکان ہے۔

    فاٹا، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، سرگودھا میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

  • پاکستان اورآئرلینڈ آج دوسرے ون ڈے میں مدمقابل ہونگے

    پاکستان اورآئرلینڈ آج دوسرے ون ڈے میں مدمقابل ہونگے

    ڈبلن : پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ون ڈے میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائےگا۔ شاہینوں نے کمرکس لی۔ پاکستان کے لئے ہرمیچ ڈو اینڈ ڈائی بن گیا۔

    ورلڈ کپ دو ہزار انیس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے پاکستان کو آئرلینڈ اورانگلینڈ کیخلاف ہر میچ جیتنا ہوگا۔ ناکامی کی صورت میں میگا ایونٹ میں شرکت کے لالے پڑجائیں گے۔

    آئرلینڈ کو پہلے ون ڈے میں ہراکر پاکستان پہلی رکاوٹ دور کرچکا ہے۔ اب رینکنگ بہتر بنانے کا ایک اور موقع ہے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز برابر اور آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد شاہینوں کے حوصلے بلند ہیں لیکن نویں پوزیشن سے بہتری کا سفر آسان نہیں۔

    پاکستان 87 پوائنٹس لے کر نویں نمبر پر موجود ہے جب کہ ویسٹ انڈیز7 پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 94 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر فائز ہے، پاکستانی ٹیم اگر آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف تمام میچز جیتنے میں کامیاب رہی تو وہ ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ کر آٹھویں پوزیشن حاصل کرسکتی ہے۔

    آئرلینڈ کیخلاف دونوں میچز جیت کر پاکستان اپنے 87 رینکنگ پوائنٹس برقرار رکھ پائے گا، دوسری کسی بھی صورت میں گرین شرٹس کو خسارہ ہوگا۔

    ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، خدشہ ہے کہ بارش میچ کا مزہ کرکرا کرسکتی ہے۔ دوسرا ون ڈے پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر پونے تین بجے شروع ہوگا۔

     

  • بیورو کریسی وزیراعلیٰ سندھ کو بیوقوف بنا رہی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    بیورو کریسی وزیراعلیٰ سندھ کو بیوقوف بنا رہی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ بیورو کریسی وزیر اعلیٰ سندھ کو بیوقوف بنا رہی ہے، سندھ حکومت کی تبدیلی تک کراچی میں تبدیلی نہیں آسکتی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ کنور نوید جمیل بھی موجود تھے۔

    خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ شہر کے دورے پر نکلے اچھا کیا، لیکن بارش کے بعد شہر میں بارہ افراد جاں بحق ہوگئے ان کی موت کا ذمہ دار کون ہے ؟

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارہ جاں بحق افراد کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک اور ضلعی و ڈپٹی کمشنرز کے خلاف درج کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کی بارش نے سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے اورکراچی کے ندی نالے گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔

    نالوں کی صفائی کے نام پر کروڑوں روپے جاری کیے گئے، کرپٹ لوگوں کو گھربھیجے بغیر تبدیلی ناممکن ہے۔ کچرا اٹھانے کے نام پر 15،15کروڑ روپے جاری کیے گئے،ان کا حساب کون لے گا؟

    کنور نوید جمیل نے کہا کہ کراچی آپریشن پر مانیٹرنگ کمیٹی کا مطالبہ کیا تھا جو اب تک نہیں بنی ۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، ہم نے کبھی بھی جرائم پیشہ افراد کورہا کرنے کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ شہر کے حالات کے پیش نظر ایم کیوایم نے اتوار کے روز نکالی جانے والی ریلی بھی موخر کردی۔

     

  • کراچی کی سڑکوں‌ پر پانی جمع، شہری کشتی لے کر آگیا

    کراچی کی سڑکوں‌ پر پانی جمع، شہری کشتی لے کر آگیا

    کراچی: برساتی پانی کا مقابلہ کرنے کے لیے کراچی کے شہری نے انوکھا قدم اٹھایا، شہری کشتی لے کر سڑک پر نکل آیا اور چپو چلانے شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش ہوئی تو موسم بھی خوشگوار ہوگیا اورسب کے چہرے کھل اٹھے،بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور بارش سے لطف اندوز ہوتی رہی۔


    Citizens run boats in rainy water in Karachi by arynews

    بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہوگیا لیکن انتظامیہ سڑکوں سے پانی نہ نکال سکی تو ایک شہری کشتی لے کر نکل آیا۔ کراچی والوں نے برساتی پانی کاتوڑ نکال لیا۔ شہری انتظامیہ تو رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ایمر جنسی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی البتہ ایک شہری نے ہنگامی صورتحال میں سفر کے لئے کشتی کا استعمال شروع کردیا۔

    چند گھنٹے کی بارش کے بعد شاہراہیں پانی پانی ہوگئیں تو بڑی بڑی گاڑیاں بند ہوگئیں۔ کوئی کارسوار مکینک کو تلاش کرتا نظر آیا تو موٹر سائیکل مکینک کی دکانوں پر بھی رش نظر آیا۔

    ایسے میں جب شہر کا شہر مفلوج تھا ایک شہری نے اپنی کشتی نکالی بچہ بٹھایا اور بارش میں خوب انجوائے کیا۔

    علاوہ ازیں شہر کے بیشتر علاقوں میں آسمان پر گہرے سیاہ بادل اب بھی چھائے ہوئے ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

     

  • ایم کیو ایم نے اتوار کونکالی جانے والی ریلی مؤخر کردی

    ایم کیو ایم نے اتوار کونکالی جانے والی ریلی مؤخر کردی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کل بروز اتوار کو نکالی جانے والی ریلی کو مؤخر کردیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بارش کی صورتحال اور جگہ جگہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے سبب ریلی مؤخر کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی، غیرقانونی چھاپوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجاً عائشہ منزل سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

    قبل ازیں ایم کیو ایم نے گزشتہ روز کارکنان کے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر اعلانیہ سیاسی پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب پر دو روزہ علامتی بھوک ہڑتال بھی کی تھی جس میں لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ اپنے عزیزوں کی تصاویر اٹھائے بھوک ہڑتال کیمپ میں موجود تھے۔

    بھوک ہڑتالی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیر عامرخان اور متحدہ رہنماء شاہد پاشا نے کہا کہ ہمارے تحفظات کوئی دور نہیں کر رہا، ہم قومی سلامتی کے اداروں کا احترام کرتے ہیں۔

    کراچی آپریشن کی وجہ سے دہشت گردی کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم گھروں پر قومی پرچم نہیں لہرا سکتے کیونکہ قومی پرچم کو سیاسی جھنڈا بنا دیا گیا ہے۔

     

  • اسلام آباد، لاہوراورپشاور میں بارش، موسم خوشگوار

    اسلام آباد، لاہوراورپشاور میں بارش، موسم خوشگوار

    اسلام آباد،لاہور، پشاور : جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاہور، پشاور اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے مزید بارش جاری رہنے کی نوید سنادی۔

    Rain1

    تفصیلات کے مطابق لاہور،پشاور سمیت پنجاب اور خیبر پختون خوا کےشہروں میں بادل چھم چھم برسے تو پھول بوٹے کھل اٹھے موسم خوشگوار ہوگیا، شدید گرمی کا زور ٹوٹا تو شہریوں کے چہروں پر بھی رونق لوٹ آئی۔

    Rain2

    محکمہ موسمیات نے پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں چند مقامات پرمزید بارشوں کی خوشخبری دی ہے ساتھ ہی انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کی ہے کہ موسلادھاربارشوں کے لیے پیشگی انتظامات کرلیں۔

    Rain3

    آسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم مہربان ہوا۔ صبح سویرے سورج کو بادلوں نے گھیر لیا، بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔

    Rain4

    اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں بھی کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    Rain5

    Rain6

    Rain7

  • محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا

    محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو چکراکررکھ دیا۔ پہلے تیز پھرہلکی بارش کی نوید سنائی، اب کہتےہیں کل بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اہل کراچی کو خبردار کیا تھا کہ مون سون کا دوسرا اسپیل سرپر آپہنچا ہے تیاری کرلیں۔

    یہ وہ پہلی خوشخبری تھی جو محکمہ موسمیات نے تین روز قبل سنائی اور بادل برسنےکا وقت بارہ اور تیرہ جولائی بتایا۔

    کراچی کے معصوم شہریوں نے پیش گوئی پر یقین کرلیا اور انتظار کرنے لگے کب رم جھم ہو لیکن بادل نہ آئے تو محکمہ موسمیات والے بھی اپنے بیان سے پھر گئے اور پھر کہا کہ اب برسات منگل کو ہوگی، لیکن منگل کے روز بھی بادلوں نے شہر کا رخ نہیں کیا اور کئی دنوں سے آبر آلود موسم بھی صاف ہوگیا۔

    بادل نہ برسے تو پھرمحکمہ موسمیات نے نئی تاریخ دے دی کہ کراچی میں اب تیز بارش بدھ اور جمعرات کو ہوگی۔ اب محکمہ موسیمات کا کہنا ہے کہ آج رات تک بارش ہوگئی تو ہوگئی ورنہ جمعرات کو کراچی میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

     

  • متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    متوقع بارشیں : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس

    کراچی : سندھ حکومت نے صوبے میں متوقع بارشوں سے نمٹنے کیلئے پیشگی حکمت عملی ترتیب دینے کی تیاری کرلی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مون سون کی بارشوں، نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کے معاملات پر غورخوص کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات اور محکمہ آب پاشی متوقع بارشوں سے نمٹنے کےلیے الرٹ ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں دو دن بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

    وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صفائی کا ورک آرڈر جاری کردیا گیا ہے، یاد رہے کہ کراچی میں 12 تا 13 جولائی کو 55 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ بہت زیادہ بارشوں کا امکان نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارشون کے پیش نظر جنگی بنیادوں پر نالوں کی صفائی اور پشتے مضبوط کیے جارہے ہیں

     

  • کراچی میں کچھ دیر کی بارش سے  4 افراد ہلاک،سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام

    کراچی میں کچھ دیر کی بارش سے 4 افراد ہلاک،سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک جام

    کراچی: شہر قائد میں بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ بارش کے باعث رونما ہونے والے حادثات نے 4 افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارشوں نے دو بچوں کی جان لے لی، کرنٹ لگنے  اور دیوار گرنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔انڈا موڑ کے قریب 2 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے، موسمیات،نیو کراچی،ناظم آباد سمیت کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، بارش سے کئی حادثات نے بھی جنم لیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن چار نمبر کے علاقے میں بارش کے بعد گھر کی دیوار گرنے سے ایک چار سالہ بچی شمع جاں بحق ہوگئی۔

    بارش کے بعد سڑکوں پر موٹر سائیکلیں پھسلنے سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ نیو کراچی سیکٹر اے ون میں بارش کے دوران بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک تین سالہ بچہ احمد جان کی بازی ہار گیا، دونوں بچوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بارش کا پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے نرسری پر ٹریفک کے بہاؤ میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ گلبہار،میٹرک بورڈآفس،کےڈی اے چورنگی حیدری،سخی حسن، ناگن چورنگی اور یوپی موڑ پر گرین برس پراجیکٹ کے لیے سڑک کے درمیان کھودے گئے حصوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی سست پڑ گئی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

    0-irfanali-1437674563

    دوسری جانب کراچی میں افطاری کے بعد بارش کا آغاز ہوتے ہی کراچی کے 500 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے کراچی شہر کا آدھے سے زائد حصہ بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگیا۔

    نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ایم کیوایم رہنما وسیم اختر نے سندھ حکومت کو نااہل قرار دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کراچی کے مسائل حل کرنے کی اپیل کردی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں32 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، ملیر،قائدآباداوراطراف میں28ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کراچی میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہے گا جبکہ رواں ہفتے آسلام آباد اوربالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں بارشیں متوقع ہیں۔