Tag: barish

  • ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اور بارش کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی اور بارش کی پیش گوئی

    اسلام آباد /کراچی / لاہور : آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم آج رات میرپور خاص، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، سرگودھا، لاہور ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے سے منگل کے دوران خیبر پختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن)، سندھ(میرپور خاص، سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد ڈویژن)، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

    جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بھی اتوار سے منگل کے دوران بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے، اتوار سے منگل کے دوران سکھر، میرپور خاص، بہاولپور، ساہیوال، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم لاہور اور پارہ چنار میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے گرم ترین مقامات میں سب سےزیادہ درجہ حرارت تربت میں44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سبی، لسبیلا، چھور 43، نورپورتھل، رحیم یار خان 42، مِٹھی، شہید بینظیر آباد، کوٹ ادو، بھکر میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • ملک میں چند مقامات پر گرج چمک سےبارش کا امکان، محکمہ موسمیات

    ملک میں چند مقامات پر گرج چمک سےبارش کا امکان، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب،کشمیراورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

    ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ چند مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے،کراچی میں بھی بونداباندی کے بعد مطلع آبر آلود ہے۔محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں تریالیس ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

    اسلام آباد / راولپنڈی / گوجرانوالہ/ سرگودھا / لاہور : ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں نے موسم خوشگوارکردیا۔ شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا، تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے سلسلے نے موسم خوشگوار کردیا ہے۔

    شیخوپورہ میں موسلادھار بارش نے گرمی کو بھگادیا۔ حویلی لکھا میں بھی بادل کھل کر برس رہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، فاٹا اوربالائی خیبرپختونخوا میں کم شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

    اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، فاٹاجنوبی وزیرستان ، گلگت اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ڈی آئی خان، ژوب، کوئٹہ ڈویژن چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

    ادھر میدانی علاقے ایک بار پھر گرمی کی لیپٹ میں آگئے ہیں ، سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

  • بھارت کی شمالی ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ

    بھارت کی شمالی ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ

    ممبئی: بھارت کے شمالی ریاست اترا کھنڈ میں لینڈ سائیڈنگ کے باعث ہندو یاتریوں سمیت پانچ سے سے زائد افراد پھنس گئے جبکہ متعدد مکانات منہدم اور مویشی ہلاک ہو گئے۔

    بھارت کے شمالی ریاست اترا کھنڈ میں لینڈ سائیڈنگ کے باعث ہندو یاتریوں اور سیاحوں سمیت پانچ سو سے زائد افراد پھنس گئے۔ پہاڑیوں سے مسلسل پتھر گرنے کی وجہ سے گنگوتری ہائی وے بلاک ہو گئی۔

    سیاحوں اور دیگر مسافروں کی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، کافی گھنٹوں بعد ہائی وے کو کھول دیا گیا لیکن مسلسل بارش کے ریلے کی وجہ سے چٹانوں سے پتھروں کا گرنا کم نہیں جو بہت خطرناک عمل ثابت ہو سکتا ہے۔

    ضلع کانگڑا کے ہماچل پردیش میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بڑے پیمانے پر مکانات بھی تباہ ہوگئے جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔

  • محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    اسلام آباد /لاہور / پشاور / کراچی : محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، سکھر، ساہیوال، ڈی آئی خان، مالاکنڈ ڈویژن میں اکژ مقامات پر، سبی، ژوب، لاڑکانہ، نصیر آباد، میرپور خاص، ہزارہ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اور گلگت میں کہیں کہیں جبکہ لاہور، گوجرانوالہ،حیدرآباد، شہید بینظیرآباد ڈویژن،کشمیر اور بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس دوران بہاولپور، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان اورسکھر ڈویژن میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر، گلگت بلتستان اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں بارش کا سلسلہ کم شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

    جبکہ کل(جمعرات) سے میر پورخاص، حید رآباد اور کراچی ڈویژن میں موسم صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث اگلے دو روز کے دوران جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں Urban Flooding اور Flash Flooding کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی بارش(ملی میٹر)

    سب سے زیادہ بارش نگر پارکرمیں 190 ملی میٹر جبکہ اسلام کوٹ 113، خان پور 96، ڈپلو 48، پارہ چنار ِ31،دادو 28، دیر 25، چھاچرو22، جیکب آباد، حیدرآباد، کراچی ائیر پورٹ، رحیم یار خان 15، کوٹ ادو10، بہاولپور(سٹی) 08، گڑھی دوپٹہ 07، جوہرآباد 06، مالم جبہ 05، موہنجو دارو ،سکھر ، ہنزہ، لیہ 04، مٹھی ، روہڑی ، کالام ڈی جی ،خان، 03، حیدر آباد (سٹی )، لاڑکانہ، ٹھٹھہ 02، فیصل (بیس)،صدر، منڈی بہاولدین، راولاکوٹ ، چترال اور بھکر میں01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    آج ریکارڈ کیے کئے گرم ترین مقامات

    سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 43 ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ دالبندین42، تربت41، چلاس میں 40 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • نالوں پرقائم تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں، بلاول بھٹو

    نالوں پرقائم تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں، بلاول بھٹو

    کراچی : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نالوں پرقائم تجاوزات  فوری طور پر ختم کی جائیں، یہ ہدایات انہوں نے پی پی اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں ۔

    بلاول بھٹو نے اراکین اسمبلی اور سینیٹرزکو اپنے حلقوں میں بارش اور سیلاب کی صورتحال پر مقامی انتظامیہ کے ساتھ نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات ، بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نےصوبائی وزیر بلدیات کو بھی کراچی کے تمام نالوں کا جائزہ لینے اور نالوں کی صفائی کرانے کی ہدایت کی ۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا جن نالوں پر تجاوزات ہیں انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے،اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ورکرز اور ہمدردوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے۔

  • ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

    ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

    اسلام آباد / لاہور /پشاور / فاٹا / کشمیر / کراچی : آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ ، اسلام آباد، پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ، سرگودھا،ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن)،خیبر پختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، بلوچستان (ژوب ، سبی ، کوئٹہ، نصیرآباد، قلات اور مکران ڈویژن )، فاٹا، کشمیراور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین سے چار روز کے دوران مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ جس کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، کشمیر ، گلگت بلتستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم ایجنسیز میں اتوار سے منگل کے دوران اکثر مقامات پر بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

    تین روز بعد مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں سندھ اور بلوچستان میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گی۔جس کے باعث سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ژوب، سبی، نصیرآباد، ڈی آئی خان ڈویژن میں سوموار سے جمعرات کے دوران اکثر مقامات پر بارش جبکہ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ،کشمیر ،شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ میں  اور کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اور ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کی گئی بارش(ملی میٹر): گوجرانوالہ81 ، مری 53، کراچی (لانڈھی 49، فیصل بیس33، صدر30، ماڈل اوبزرویٹری18، جناح ٹرمینل24، آئی۔ایم-جی18، گلشن حدید 15، نارتھ کراچی12، مسرور بیس، ناظم آباد11)، ڈپلو 46، راولاکوٹ 42، کاکول34، شہید بینظر آباد 25، سانگھڑ23، پڈعیدن22، قصور21، لاہور(سٹی14، ائیرپورٹ 02)،بھکر10، بہاولپور(ائیرپورٹ)، چھاچھرو07، جوہرآباد، لاڑکانہ06، کوٹلی، مظفرآباد، رسالپور 05، موہنجوداڑو 04، بدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ03 ، سیالکوٹ(ائیرپورٹ03، سٹی01)، نگر پارکر02، بہاولنگر، ٹھٹھہ اور چترال میں01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    آج ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات: سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی 43،سبی41، جیکب آباد، چلاس اور سکھر میں40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • صرف ایک بارش نےمیٹرو بس ٹرمینل منصوبےکی قلعی کھول دی

    صرف ایک بارش نےمیٹرو بس ٹرمینل منصوبےکی قلعی کھول دی

    لاہور : موسلا دھار بارش نے خادم اعلیٰ کے اپنے شہر میں میٹرو بس ٹرمینل کو ڈبودیا۔ قرطبہ چوک ٹرمینل میں پانی بھر نے سے سروس معطل ہوگئی ۔

    کئی ماہ کی محنت اور اربوں روپے کے ٹیکس سے تیار ہونے والے لاہور میٹرو بس پروجیکٹ صرف ایک بارش نےپورے منصوبےکی قلعی کھول دی۔

    موسلا دھار بارش کے بعد قرطبہ چوک میٹرو ٹرمینل مکمل طور پر ڈوب گیا۔ ٹرمینل میں پانی بھرنے سے ٹکٹ گھر بند اور میٹرو سروس معطل ہوگئی۔ جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

    میٹرو بس کے دیگر ٹرمینلز میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہ تھی۔ اربوں کے فنڈ سے تیار ہونے والے پروجیکٹ میں نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

    خادم اعلیٰ پنجاب کے اپنے شہر کے سب سے بڑے پروجیکٹ کی نیا صرف ڈیڑھ گھنٹے کی بارش نے ڈبو دی۔

  • سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، جنرل راحیل شریف

    سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، جنرل راحیل شریف

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے فوج کے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چترال سمیت ملک بھر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق تمام کور ہیڈ کوارٹرز میں سیلاب کی صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے اور اس مد میں تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔

    فیلڈ کمانڈرزکو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ سیلاب کے علاقوں میں پیشگی اقدامات کریں ۔

    ترجمان کے مطابق چترال میں چھ روز سے پاک فوج کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور 73متاثرین کو چترال کے مختلف علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔

    امدادی کاموں میں دو ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کر کے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

    پاک آرمی کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہے۔

  • حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، طاہرالقادری

    حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، طاہرالقادری

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بھی سیلاب کی طرح کا ایک عذاب ہیں، جب تک یہ مسلط رہیں گے، غریب کاشتکاروں کو سیلاب کی تباہی سے نجات نہیں ملے گی۔

    لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی کرپشن بند تعمیر کرنے اور سیلاب کی روک تھام کے نام پر ہو رہی ہے۔ مٹی کے ڈھیر اکٹھے کر کے انہیں بند کا نام دے دیا جاتا ہے جو سیلاب کے پہلے ریلے کے ساتھ بہہ جاتے ہیں۔

    کسی غیر ملکی فرم سے ان بندوں کا تکنیکی معائنہ کروا لیا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حکومتی سرپرستی رکھنے والے بااثر خاندان اپنے اثاثے بچانے کیلئے غریب کاشتکاروں کو ڈبو دیتے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران ہر سال سیلاب زدہ علاقوں میں صرف تصویریں بنوانے جاتے ہیں اور جھوٹے وعدے کر کے واپس آ جاتے ہیں۔

    مظفر گڑھ کے علاقے رنگ پور کی مثال سب سے کے سامنے ہیں جہاں وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ سال فوٹوسیشن کرواتے ہوئے بند تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا اور وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے لیہ ،مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے لاکھوں غریب کاشتکار خاندانوں کو سیلاب کی بے رحم موجوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ۔ ہر سال سیلاب آتے ہیں جو حکمرانوں کے کاغذی منصوبوں کو اپنے ساتھ بہا لے جاتے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ 10سال میں سیلاب کی روک تھام کیلئے غیر ملکی بینکوں اور ڈونرز سے ملنے والے رقوم اور فنڈز کا آڈٹ کروایا جائے۔