Tag: Barmingham

  • ایشز کرکٹ سیریز آج جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہو رہی ہے

    ایشز کرکٹ سیریز آج جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہو رہی ہے

    برمنگھم : دو ہزار انیس کی ایشز کرکٹ سیریز آج جمعرات سے برمنگھم میں شروع ہو رہی ہے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں برمنگھم میں پہلا ٹیسٹ کھیلیں گی۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخی سیریز جنگ کی اہمیت رکھتی ہے۔ عالمی کپ کے بعد انگلینڈ میں آج ایشز کا میدان سجے گا، ایک طرف عالمی چیمپیئن انگلینڈ تو دوسری جانب ایشیز ہولڈر آسٹریلیا مد مقابل ہوگا۔ ایشز سیریز میں اب تک آسٹریلیا کو برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے تینتیس بار ٹرافی اپنے نام کی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے بتیس بار تاریخ بنائی۔

    انگلینڈ کے پاس جوفرا آرچر، بین اسٹوکس سپرائز پیکج ہوں گے، وارنر، اسمتھ اور بینکرو فٹ پابندی کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ یاد رہے کہ ایشز کو ٹیسٹ کرکٹ کے حکمران کا سا درجہ حاصل ہے۔ کوئی ہارنا نہیں چاہتا۔ برمنگھم میں جو جیتے گا وہ سبقت لے جائے گا۔

    ایشز سیریز کیا ہوتی ہے؟؟

    ایشیز، کرکٹ میں سیریز کا نام ہے یہ وہ روایتی سیریز ہے جو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جاتی ہے۔1882 میں انگلینڈ کی ٹیم جب اوول ٹیسٹ آسٹریلیا سے سات رنز سے ہاری تو انگلش اخبار اسپورٹنگ ٹائمز نے لکھا کہ انگلش کرکٹ کی موت واقع ہو گئی، تدفین انگلینڈ میں ہوگی اور اس کی راکھ آسٹریلیا جائیگی۔

    اگلے سال انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ان کے گھر جا کر شکست دی تو انگلش کپتان کو ایک نمائشی میچ کے بعد کچھ خواتین نے بیلز کی راکھ دی، اسی راکھ کو چھوٹے سے آتش دان میں رکھ کرسو کیوبک انچ کی ٹرافی بنائی گئی۔ اسی ٹرافی کے لئے ایشیز کھیلی جاتی ہے۔

  • برمنگھم میں سبز رنگ کی بہار، پاکستانی شائقین فتح پر جھوم اٹھے، والہانہ رقص

    برمنگھم میں سبز رنگ کی بہار، پاکستانی شائقین فتح پر جھوم اٹھے، والہانہ رقص

    برمنگھم : لارڈز کے بعد برمنگھم میں بھی پاکستانی شائقین کا جوش اور جذبہ عروج پر رہا۔ صورتحال دیکھ کر آئی سی سی نے پھر سے ٹوئٹ کردیا.

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کامیابی کے بعد ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، لوگوں نے جیت کے بعد دل کھول کر خوشیاں منائیں۔

    برمنگھم میں شائقین پاکستان کی جیت پرخوشی سے نہال ہوگئے، پاکستان کے جھنڈے کے رنگ بکھیرتی ڈبل ڈیکر بس میں شائقین اسٹیڈیم پہنچے۔ لوگوں نے پاکستان ٹیم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔

    کھیل کے دوران پرستاروں نے کھل کر پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کیا۔ پاکستان کے شائقین کرکٹ کا جوش وجذبہ دیکھ کر آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پھرٹوئٹ کردیا۔

    آئی سی سی کے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہرے سمندر میں نیوزی لینڈ کے فینز کو ڈھونڈیے۔ اس سے پہلے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پرستاروں کا جوش وخروش دیکھ کر آئی سی سی نے ٹویٹ کیا تھا کہ یہ لارڈز ہے یا لاہور۔

    علاوہ ازیں پاکستان میں بھی پاکستان کی فتح کی خوشی میں مختلف شہروں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے، کراچی میں بھی بچوں نے گرین شرٹس کی فتح پر خوب ہلہ گلہ کیا۔

    ڈھول کی تھاپ اور میوزک پر شائقین کرکٹ جھوم جھوم پاکستان کی کامیابی کا جشن مناتے رہے، کرکٹ لورز کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے اصل ہیرو سرفراز احمد ہیں جنھوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

  • ٹخنے کی انجری : فاسٹ بولر وہاب ریاض چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

    ٹخنے کی انجری : فاسٹ بولر وہاب ریاض چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

    برمنگھم : پاکستانی ٹیم فاسٹ بولر وہاب ریاض ٹخنے کی انجری کے باعث چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے۔ محمد عباس اور رومان رئیس متبادل کھلاڑی ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت کے خلاف میچ میں ان فٹ ہونے والے بالر وہاب ریاض چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے۔ وہاب بولنگ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔

    ٹخنے میں انجری کے باعث انہیں اسکین کیلئے اسپتال لےجایاگیا، ڈاکٹرز کے مطابق وہاب کو مکمل صحتیاب ہونے میں دو ہفتے لگیں گے۔ پاک بھارت سے قبل بھی وہاب ریاض ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

    وہاب ریاض کی جگہ محمد عباس یا رومان رئیس کو چیمپیئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کیےجانے کاامکان ہے۔ پی سی بی نے متبادل کھلاڑی کیلئے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو درخواست دے دی ہے۔


    مزید پڑھیں : وہاب ریاض اہم ہتھیار ہے، مکی آرتھر


    یاد رہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا تھا کہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض ہمارا اہم ہتھیار ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایسے باؤلرز موجود ہیں جو اپنی عمدہ باؤلنگ اور سوئنگ کی خصوصیات کے ساتھ مخالف ٹیم کو پریشان کرتے ہوئے حقیقی طور پر تباہی مچا سکتے ہیں۔


    مزید پڑھیں : بھارت کےخلاف میچ سے قبل وہاب ریاض انجری کاشکار


  • پاک بھارت کرکٹ مقابلہ اتوار کو ہوگا، بارش کا امکان

    پاک بھارت کرکٹ مقابلہ اتوار کو ہوگا، بارش کا امکان

    برمنگھم : پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان اہم ٹاکرا 4 جون اتوار کو برمنگھم میں ہوگا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ 4 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا، اس میچ کو نہ صرف بھارت اور پاکستان کے شائقین کرکٹ بلکہ پوری دنیا سے لوگ انتہائی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔

    دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں، موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا کہ اتوار کے روز بارش کا خدشہ جس کے پیش نظر مذکورہ میچ ملتوی یا محدود ہو سکتا ہے۔

    برمنگھم میں پاک بھارت ٹیموں کے ساتھ بادل بھی پہنچ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز تک تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    دوسری جانب سرفراز الیون کی بڑے میچ کے لیے بڑی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ اس اہم میچ میں سرفرازاحمد بھارت کے خلاف پہلی بار قومی ٹیم کپتانی کر رہے ہیں مگر دوسری جانب تجربہ کار ویرات کوہلی ہیں۔ دونوں کپنانوں کا مزاج جارحانہ ہے۔

    کرکٹ کے پنڈت کپتانی، تجربے اور کارکردگی کے میدان میں کوہلی الیون کو زیادہ نمبر دے رہے ہیں لیکن اس بات سے بھی انکار نہیں کہ شاہین کسی بھی دشمن کے منہ سے جیت کا نوالہ کہیں بھی اور کبھی بھی چھین سکتے ہیں۔

    دنیا بھر سے افراد پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے برمنگھم پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ہائی وولٹیچ میچ کے ٹکٹس نایاب ہوگئے ہیں ایسے میں بارش ہوگئی تو شائقین کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔

    یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں آج تک پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 3 مقابلے ہوئے جس میں 2 مرتبہ پاکستان کو اور ایک مرتبہ بھارت کو جیت نصیب ہوئی۔ان میچوں میں محمد یوسف دو میچ کھیل کر 168رنز کے ساتھ اب تک کے ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ شعیب ملک نے 3 میچوں میں 150رنز بنائے۔

    اسی طرح بولنگ میں پاکستان کے رانا نوید الحسن نے 2 میچز میں 6 وکٹیں اور شعیب اختر نے ایک میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

  • حکومت مجھے بلیک میل کر رہی ہے، میں ڈرنے والوں میں سے نہیں، عمران خان

    حکومت مجھے بلیک میل کر رہی ہے، میں ڈرنے والوں میں سے نہیں، عمران خان

    برمنگھم : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ حکومت مجھے بلیک میل کر رہی ہے لیکن میں ڈرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے برطانیہ میں آج تک اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بر منگھم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    چیئر میں پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں شفافیت ہوتی ہے کہ عوام حکمرانوں کا احتساب کر سکیں ،پاناما لیکس پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے حکومت کو موقع دیں گے۔

    پاناما لیکس کے الزامات کا جواب دینے کی بجائے حکمرانوں نے پاکستان کے سب سے بڑے خیراتی ادارے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کہ وزیر اعظم کرپشن کے ذریعے ملک لوٹ لے اور اس کی پکڑ نہ ہو۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر وزیر اعظم نواز شریف کو بھی پارلیمنٹ کے سامنے اپنے صفائی پیش کرنا چاہیے تھی لیکن انہوں نے ٹی وی پر آکر قوم کو اپنا رونا سنایا۔

    عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار قررتی وسائل ہیں لیکن حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے آج ہم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی نسبت بہت پیچھے ہیں ۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں کبھی بھی مارشل لاء لگانے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ اگر یہاں ٹرین حادثہ ہو جائے تو وزیر مستفی ہو جاتا ہے ۔برطانیہ میں حکومت اخلاقیات پر کی جاتی ہے لیکن ہمارے حکمرانوں میں تو اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا مطلب یہ ہے کہ ہر کوئی قانون کو جواب دہ ہے، یہ نہیں کہ وزیراعظم ٹیکس چھپائے اور اسے کوئی نہ پکڑ سکے۔

    جمہوریت میں لیڈر شپ ڈنڈے کے زور نہیں مورل اتھارٹی پر ہوتی ہے۔ نواز شریف پاناما لیکس معاملے پر جواب دینے کے بجائے دوسروں پر حملے کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستان کے لیے سب سے زیادہ قیمتی ہیں۔ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی اپنی محنت کا پیسہ پاکستان بھیجتے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے پوری جدوجہد کروں گا۔

     

  • برطانیہ میں پاکستانی نژاد نوجوان کا لرزہ خیز قتل

    برطانیہ میں پاکستانی نژاد نوجوان کا لرزہ خیز قتل

    برمنگھم : برطانیہ کے شہر برمنگھم میں بتیس سالہ پاکستانی نژاد نوجوان کودیرینہ دشمنی پرتشدد کے ذریعے قتل کردیا گیا،ویسٹ مڈ لینڈ پولیس نے قتل کے شبے میں گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے.

    برمنگھم کے علاقے لوزے گرین میں ایک بتیس سالہ نوجوان کو خاندانی دشمنی پر اغوا کے بعد قتل کردیا گیا ،نوجوان کا تعلق ڈڈیال آزاد کشمیر سے بتایا جاتا ہے اور وہ چندہفتے پہلے پاکستان سے چھٹیاں گزارنے کے بعدواپس برطانیہ پہنچا تھا۔

    مقتول کو چند دن پہلے برمنگھم سے ہی اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی ،رپورٹ میں زیر حراست افراد پر اغواء کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    جس پر پولیس نے کارٹن پونڈ پر واقع ایک مکان پر چھاپہ مارا اور دوران تلاشی مقتول کی لاش کو گارڈن سے برآمد کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش دو روز سے وہاں موجود تھی اور نوجوان کو  تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا،تاہم ابھی تک موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی، لیکن ذرائع کے مطابق مقتول کی موت تشدد سے واقع ہوئی ہے۔

    پولیس نے اس سلسلے میں گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں تین خواتین اور دو پندرہ سالہ بچے بھی شامل ہیں، زیر حراست افراد کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختوانخواہ سے ہے جو ایک عرصے سے برمنگھم میں آباد ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان ایک عرصہ سے دشمنی چلی آرہی ہے پولیس نے علاقے کو سیل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔