Tag: BCCI

  • بڑی خبر، آئی پی ایل ملتوی

    بڑی خبر، آئی پی ایل ملتوی

    نئی دہلی: کرونا وبا کی سنگینی کے باعث بھارت میں آئی پی ایل ملتوی کر دی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق کرونا وبا نے بھارت میں آئی پی ایل کو بریک لگا دی، کھلاڑیوں اور آفیشلز میں کروناکیسز میں اضافے کے بعد بی سی سی آئی نے لیگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ راجیو شکلا نے بیان میں کہا کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کھیلنے والے متعدد کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    گزشتہ روز کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے 2 کھلاڑیوں اور چنئی سپر کنگز کے سپورٹنگ اسٹاف میں موجود 3 ارکان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، جس پر میچ نہ ہو سکا، آج سن رائزر کے کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس کے قہر کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑی اینڈریو ٹائی، کین رچرڈسن اور ایڈم زمپا کے علاوہ آراشون اور 2 امپائرز بھی آئی پی ایل کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

    بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورت حال کے باوجود نجی لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا تھا۔ لیگ چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے والے اینڈریو ٹائی نے اعتراض کیا تھا کہ بھارت میں کرونا کے مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال نہیں مل رہے تو کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے آئی پی ایل پر اتنا خرچ کیوں کر رہے ہیں؟

    لیگ شروع ہونے سے قبل ہی خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن بھارت میں کرونا کی شدت کے باوجود بی سی سی آئی نے میں نہ مانوں کی رٹ برقرار رکھی اور کھلاڑیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا، 9 اپریل کو لیگ شروع تو ہوگئی تاہم اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرونا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔

    بھارت میں اس وقت کرونا قہر ڈھا رہا ہے، 2 ہفتے سے مسلسل 3 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، نئی دہلی، مہاراشٹرا، یوپی، مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں میں صورت حال تشویش ناک ہے، گزشتہ روز بھی ایک دن میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 3 ہزار 449 افراد جان سے گئے۔

  • دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ کس ملک کا ہے؟

    دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ کس ملک کا ہے؟

    نئی دہلی: بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) دنیا کا امیر ترین کرکٹ بورڈ بن گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے 19۔2018 میں بھارتی ٹیم کے میڈیا حقوق سے بہت فائدہ اٹھایا تھا، بورڈ نے اب 2020 کی بیلنس شیٹ جاری کر دی ہے۔

    دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ نے مالی سال 19۔2018 کے دوران صرف کرکٹ ٹیم کے میڈیا حقوق سے 828 کروڑ روپے کمائے، جو آج تک کسی بورڈ کو نہیں دیے گئے۔

    بی سی سی آئی کی بیلنس شیٹ کے مطابق انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے 2018 ایڈیشن کے دوران، بورڈ نے 2،407.46 کروڑ روپے کمائی کی۔

    بھارتی بورڈ مالی سال 19۔2018 کے اختتام تک 14،489.80 کروڑ روپے کے ساتھ ایک بڑا کرکٹ بورڈ بن گیا ہے، اور اب اس نے اپنے مالی اثاثوں میں مزید 2،597.19 کروڑ کا اضافہ کر لیا ہے۔

    بھارتی بورڈ نے بتدریج ہر سال اپنی مالی حالت مستحکم کی ہے، مالی سال 2014 کے اختتام پر بی سی سی آئی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 5،438.61 کروڑ روپے تھی، 2015 میں مجموعی اثاثے 7،847.07 کروڑ روپے تک پہنچے، 2016 میں 8000 کروڑ روپے، 2017 میں 11،892.61 کروڑ روپے، اور اب یہ اثاثے بڑھ کر 14،889.80 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔

    بھارتی ٹیم کے میڈیا حقوق کی فروخت کے سبب بی سی سی آئی کی آمدنی میں گزشتہ برسوں میں کافی اضافہ ہوا، میڈیا کے ان حقوق میں ہوم گراؤنڈز پر کھیلے جانے والے دو طرفہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میچز شامل ہیں۔

    بی سی سی آئی کا سرکاری براڈ کاسٹر اسٹار انڈیا بھارت میں کھیلے جانے والے ہر بین الاقوامی میچ کے لیے 43.20 کروڑ کی ادائیگی کرتا ہے، مالی سال 2018 کے دوران بورڈ نے 22 بین الاقوامی میچز کی میزبانی کی، جس میں 7 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور پانچ ٹی 20 میچز شامل تھے۔ اسٹار انڈیا کے پاس آئی پی ایل میں میڈیا کے حقوق بھی ہیں، اس نے 2019 سے 2022 تک آئی پی ایل کے میڈیا حقوق کے لیے 16،347.50 کروڑ روپے کی تاریخی بولی لگائی تھی، جس میں ہر میچ پر تقریباً 54 54.50 کروڑ کی بولی ہے۔

  • بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا، اہم کھلاڑی زخمی ہوگیا

    بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا، اہم کھلاڑی زخمی ہوگیا

    ممبئی : آسٹریلیا کے دورے پر موجود بھارتی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا، فاسٹ بولر محمد شامی اور امیش یادیو کے بعد کے ایل راہول بھی زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں سیریز کھیلنے کیلئے آسٹریلیا کے دورے پر ہے، اس اہم موقع پر اسے تیسرے اہم کھلاڑی نے بھی چھوڑ دیا، محمد سمیع اور اُمیش یادو کے بعد کے ایل راہل بھی زخمی ہوکر باہر بیٹھ گئے۔

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز لوکیش راہول کلائی میں چوٹ لگنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔

    اس حوالے سے بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ میلبورن میں پریکٹس سیشن کے دوران کے ایل راہل کو چوٹ لگ گئی، لوکیش راہل پہلے دو ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے اور اب انجری کی وجہ سے وہ بقیہ دو میچ بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

    بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق راہل کو نیٹ پر بیٹنگ کرتے وقت کلائی میں چوٹ آئی اور انہیں صحت یاب ہونے میں کم از کم تین ہفتوں کا وقت درکار ہوگا۔

    یاد رہے کہ کے ایل راہول سے پہلے فاسٹ بالر محمد سمیع اور اُمیش یادو بھی انجری کے سبب سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ محمد سمیع کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران چوٹ لگی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں امیش زخمی ہوگئے تھے۔ یہ تینوں کھلاڑی وطن واپس آئیں گے اور بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رہیں گے۔

  • بھارت میں اب کوئی کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں کھیلا جائے گا

    بھارت میں اب کوئی کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں کھیلا جائے گا

    نئی دہلی : بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کرونا وائرس کے پیش نظر آئی پی ایل، بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز سمیت کسی بھی قسم کے ٹورمانٹس ملتوی کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے باعث بی سی سی آئی نے بھارت میں جنوبی افریقہ سے ہونے والی ون ڈٖے سیریز کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملک بھر میں ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، فیصلے کے مطابق اب ہندوستان میں کوئی کرکٹ میچ نہیں کھیلا جائے گا، کرونا وائرس کی وجہ سے رواں ماہ ہونے والے کئی اہم ٹورنامنٹس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیئے گئے ہیں

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے مطابق شیش بھارت اور رنجی چمپئن سوراشٹر کے درمیان ہونے والی ایرانی ٹرافی سمیت تمام ٹورنامنٹس ملتوی کردیئے گئے ہیں، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کے دستخط سے جاری کردہ آفیشل بیان میں کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جن ٹورنامنٹس کو ملتوی کیا گیا ہے ان میں ایرانی کپ، وجے ٹرافی، سینئر خواتین ون ڈے ناک آوٹ اور سینئر خواتین ون ڈے چیلنجر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ وبائی صورت میں دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک ترین کرونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں متعدد میچز اور ٹورنامنٹ منسوخ یا ملتوی کروائے وہی بھارت میں 29 مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) بھی منسوخ کروا دی۔
    بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 29 مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل میچز کو اب 15 اپریل کے بعد منعقد کرنے پر غور کیا جائے گا۔

  • خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ ، دو بھارتی کرکٹرز پر بھاری جرمانہ عائد

    خواتین کیخلاف نازیبا الفاظ ، دو بھارتی کرکٹرز پر بھاری جرمانہ عائد

    سڈنی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہردیک پانڈیا اور لوکیش راہول کو خواتین کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرنے کے جرم میں بیس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی نے بھارتی ٹی وی شو ’کافی ود کرن‘ میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پانڈیا اور لوکیش راہول کو خواتین کے بارے میں نازیبا کلمات ادا کرنے کی پاداش میں بیس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔

    بورڈ آف کنٹرول کرکٹ انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق دونوں کرکٹرز پر جنسی اور نسلی تعصب اور بداخلاقی پر مبنی الفاظ’ کہنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں نشر ہونے والے اس انٹرویو کے بعد25سالہ پانڈیا اور27سالہ راہول کو انڈیا کے آسٹریلیا کے دورے سے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان دونوں نے پانچ میچوں میں شرکت نہ کر سکے تھے۔

    ان ہی دنوں کھلاڑیوں کے متنازعہ انٹرویو پر سوشل میڈیا اور بھارتی تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو بی سی سی آئی نے فوری ایکشن لیا، بعد ازاں پانڈیا اور راہول نے معافی بھی مانگی جو ان کے کام نہ آسکی اور ان کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔

    واضح رہے کہ آل راؤنڈر پانڈیا نے کرن جوہر کو اپنے فلرٹ کرنے کے جوہر بتائے تھے جب کہ راہول نے محفوظ بیٹنگ سے محفوظ جنسی تعلقات کی بات کی تھی۔

    پانڈیا کا کہنا تھا کہ والدین نے ایک پارٹی میں مجھ سے پوچھا کون سی لڑکی پسند ہے تو میں نے کہا یہ سب ہی، ان سب سے میرا کبھی نہ کبھی تعلق رہا ہے۔

  • بھارت کا  آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    بھارت کا آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    نئی دہلی : ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ منسوخ کرانے میں ناکامی کے بعد بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان سے نہ کھیلنے کے بہانے شروع کردیئے اور آئی سی سی سے پاکستان کوورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہوگیا اور ورلڈ کپ میں پاکستان سے بھارت کا میچ منسوخ کرانے میں ناکامی پر اب بھارتی میڈیا ورلڈ کپ سے پاکستان کو باہر نکالنے کا خواب دیکھنے لگا۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط میں مطالبہ کیا سابق ورلڈچیمپئن پاکستان کوورلڈکپ سے باہررکھا جائے۔

    دوسری جانب سابق کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا بھارت نہیں ہوگا توورلڈ کپ بھی نہیں ہوسکتا۔

    خیال رہے آئی سی سی پہلے ہی واضح کرچکا ہے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق سولہ جون کوہی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا

    یاد رہے نٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے، جس کے تحت یہ ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

    میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا

    واضح رہے کہ پلوامہ خودکش حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول دیا، تجارتی پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکاروں پر بھی بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • پاک بھارت کرکٹ، گیند بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے، نجم سیٹھی

    پاک بھارت کرکٹ، گیند بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے، نجم سیٹھی

    لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ برف پگھلنے کے قریب ہے، پاک بھارت کرکٹ کے بارے میں گیند اب بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی نے کہا کہ دونوں ملکوں کو شائقین کے لیے کھیلنا ہوگا، حیران ہوں بھارتی میڈیا اپنی حکومت پر دباؤ کیوں نہیں ڈالتا ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کرکٹ بورڈ کے تعلقات بہترین ہیں، معاملات طے ہونے کے بعد ہی عالمی کرکٹ کے شیڈول پر دستخط کریں گے، آئی سی سی کے فیصلے کے بعد نئی حکمت عملی کا پتہ چلے گا۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے 70 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، بھارت کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہئے تھی، اگر نہیں تو نقصان پورا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا معاملہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ہے، آئی سی سی کے فیصلے کے بعد نئی حکمت عملی کا پتہ چلے گا، فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو بھارت کا ایف ٹی پی پروگرام تبدیل ہوگا۔

    مزید پڑھیں: فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، نجم سیٹھی

    واضح رہے کہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مقدمے پر آئی سی سی میں سماعت ہورہی ہے، بھارت کے خلاف دائر مقدمے پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، مقدمے کا امید ہے اکتوبر تک فیصلہ ہوجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سال مزید کسی انٹرنیشنل ٹیم کے پاکستان آنے کے امکانات نہیں ہیں، اگلے 12 ماہ میں قومی کرکٹ ٹیم بیرون ملک ایونٹس میں مصروف ہوگی، 2019 میں ہوم سیریز کے لیے پر امید ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کا قانونی نوٹس مسترد کردیا

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کا قانونی نوٹس مسترد کردیا

    دہلی : بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کا قانونی نوٹس مسترد کردیا۔ سیکرٹری بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ سیریز کیلئے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، ایم او یو صرف کاغذ کا ایک ٹکرا ہے، جس کی قانون میں کوئی حیثیت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی جانب سے بھیجا گیا چونسٹھ ملین ڈالرز ہرجانے کا قانونی نوٹس مسترد کردیا۔ بھارتی بورڈ نے ایم او یو کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا دئیے۔

    سیکرٹری بی سی سی آئی نے کہا کہ ایم او یو صرف کاغذ کا ٹکرا ہے، باقاعدہ طور پر کوئی معاہدا نہیں ہوا تھا، اس کی قانون میں کوئی اہمیت ہی نہیں ہے۔ ایم او یو کو دیکھ کر پی سی بی کو جواب دیں گے، یہ صرف ایک لیٹر تھا باقاعدہ طور کوئی معاہدہ نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دوطرفہ سیریز حکومتی کلیئرنس سے مشروط ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ کو ہرجانے کا نوٹس بھیجا تھا۔

    مزید پڑھیں : سیریز کیوں نہیں کھیلی؟ پی سی بی کا بھارتی کرکٹ بورڈ کو نوٹس

    شہریارخان کے مطابق پاکستان ناور بھارت کے درمیان دو سیریز نہ ہونے سے 64 ملین ڈالرز کا نقصان ہواہے جیسے پورا کیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مالی نقصان سے زیادہ کرکٹ کے کھیل کو نقصان پہنچ رہا ہے اور دونوں ملکوں کے کرکٹ کے شائقین مایوسی کا شکار ہیں۔

     ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کے انکار کے بعد پاکستان اب آئی سی سی کمیٹی میں معاملہ اٹھائےگا۔

  • بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر مستعفی

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر مستعفی

    نئی دہلی : بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر نے استعفی دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر ’’ششانک منوہر‘‘ نے  اپنا استعفی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کو ایک خط کے ذریعے بھیجوایا، جس میں انہوں نے یہ گزارش کی ہے کہ ان کا استعفی فوری طور پر منظور کیا جائے۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سنئیر آفیسر نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا استعفی بورڈ کو موصول ہوگیا ہے، مگر وہ مزید تفصیلات بتانے سے قاصر ہیں۔

    بھارتی اخبار کے مطابق ششانک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ کے طور پرانتخابات کے لئے کھڑے ہونے کے خواہشمند ہیں، اس نشست کی شرائط کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے بطور صدر بی سی سی آئی بورڈ کو اپنا استعفی جمع کروادیا ہے۔

    واضح رہے کہ آنجہانی جگموہن کے انتقال کے بعد اکتوبر 2015 میں ششانک منوہر نے بطور صدر بی سی سی آئی عہدہ سنبھالاتھا۔ اب صدر کی نشست خالی ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ میں صدارت کے لئے تین افراد اجے شرک، گنگاراجو اور راجیو شکلابھی خواہشمند ہیں۔

  • ٹی ٹوئنٹی کپ: عام آدمی پارٹی نے بھی پاک بھارت میچ کی مخالفت کردی

    ٹی ٹوئنٹی کپ: عام آدمی پارٹی نے بھی پاک بھارت میچ کی مخالفت کردی

    ممبئی: عام آدمی پارٹی بھی بھارتی انتہاپسندوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت میچ کی مخالفت کردی، ہماچل کےریاسی کنویرکہتے ہیں بھارت کی کسی بھی ریاست میں میچ نہیں ہونے دیں گے۔

    پاک بھارت ورلڈٹی ٹوئنٹی میچ پرچھائے خدشات کے بادل مزید گہرے ہوگئے ہیں کانگریس کےبعدعام آدمی پارٹی بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے میدان میں کود پڑی ہے، عام آدی پارٹی کے ریاستی کنونیرنے پاک بھارت میچ کی مخالفت کردی۔

    انھوں نے کہابھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کو بلاکر تماشاکرناچاہتی،صرف دھرم شالہ میں نہیں،کسی بھی ریاست میں پاک بھارت میچ نہیں ہونے دیں گے۔

    عام آدمی پارٹی نے موقف اپنایاکہ بھارت کودوستانہ ممالک سے کرکٹ کھیلنی چاہے، ورلڈٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت ٹاکرا انیس مارچ کوہوگا، اس میچ کولےکربھارت میں پاکستان سے نفرت عروج پرپہنچ چکی ہے۔

    بھارتی انتہاپسند تنظیم نے میچ ہونےکی صورت میں دھرم شالہ کی پچ اکھاڑنے کی دھمکی دی تھی، ہماچل کےوزیراعلی ویربہادراسنگھ پہلےہی پاک بھارت میچ کی مخالفت کرچکے ہیں۔

    پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھارت اڑان بھرے گی یانہیں فیصلہ سیکورٹی وفدکی رپورٹ کےبعد بدھ کوہوگا۔