Tag: Bedroom

  • نیند سے پہلے اپنائی جانے والی وہ عادت جو دماغی کارکردگی بہترین بنائے

    نیند سے پہلے اپنائی جانے والی وہ عادت جو دماغی کارکردگی بہترین بنائے

    تازہ ہوا میں وقت گزارنا اور فطرت کے ساتھ تعلق انسان کے جسمانی و دماغی طور پر صحت مند رہنے کے نہایت ضروری ہے اور حال ہی میں کی گئی ایک اور تحقیق نے اس کی تصدیق کی ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق رات کو سوتے وقت بیڈ روم کی کھڑکی کھول کر سونے سے رات کو بہترین نیند آتی ہے اور اس سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بھی بڑھتی ہے۔

    40 افراد پر کی گئی تحقیق کے مطابق تازہ ہوا کے لیے کمرے میں ہوا کے گزرنے کا مناسب انتظام کرنے سے یہ افراد رات کو بھرپور نیند سے محظوظ ہوئے۔

    ماہرین کے مطابق وہ لوگ جو کہ تازہ ہوا کا انتظام کر کے سوتے ہیں وہ نہ صرف اچھی طرح سوتے ہیں بلکہ اگلے روز ان کی ذہنی صلاحیت بہت اچھے نتائج دیتی ہے۔

    ریسرچ میں شامل افراد پہلے ہفتے کے دوران نارمل انداز میں سوئے، جبکہ دوسرے ہفتے ان سے کہا گیا کہ اگر وہ کمرے کی کھڑکی اور دروازہ بند کر کے سوتے ہیں تو اب انہیں کھول کر سوئیں، جبکہ وہ افراد جو دروازہ کھڑکی کھول کر سوتے تھے انہیں اس کے برعکس کرنے کو کہا گیا۔

    تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جو کھڑکی اور دروازہ کھول کر سوئے انہیں نہ صرف اچھی نیند آئی بلکہ ان کی ذہنی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا۔

  • رات گئے نیند سے جاگنے والے شخص نے اپنے کمرے میں کسے دیکھا؟

    رات گئے نیند سے جاگنے والے شخص نے اپنے کمرے میں کسے دیکھا؟

    برطانیہ میں ایک شخص اس وقت سخت حیران اور خوفزدہ رہ گیا جب رات گئے اس نے اپنے کمرے میں ایک غیر متوقع مہمان کو موجود پایا۔

    لیڈز کا رہائشی کیلون ایک رات نہایت اجنبی قسم کی سرسراہٹ سے نیند سے بیدار ہوا، اس کا کہنا تھا کہ کمرے میں گھپ اندھیرا تھا لہٰذا اس نے اپنا موبائل اٹھایا، اور کمرے کو اس سے اسکین کیا تو جلد ہی اسے اس سرسراہٹ کی وجہ معلوم ہوگئی۔

    کمرے میں ایک 4 فٹ لمبا سانپ تھا جو کیلون کے بیڈ کے برابر میں موجود میز پر چڑھ رہا تھا، کیلون کے مطابق اس نے بستر سے چھلانگ ماری اور لائٹ جلائی۔ اگر وہ کچھ دیر اور سویا رہتا تو سانپ اس کے بستر میں آن موجود ہوتا۔

    کیلون کے مطابق اس نے ایک سلیپنگ بیگ سانپ پر ڈالا اور اینیمل ویلفیئر ادارے کو فون کیا۔

    ادارے کا نمائندہ وہاں پہنچا تو اس نے بتایا کہ یہ زہریلا سانپ نہیں تھا اور ممکنہ طور پر پالتو سانپ تھا جو کسی گھر سے فرار ہوگیا تھا یا پھر اسے باہر چھوڑ دیا گیا تھا۔

    نمائندے کے مطابق سانپ کو اس کے مالک کے ملنے تک حفاظت سے رکھا جائے گا اور اس کا خیال رکھا جائے گا۔

  • بیڈروم کی آرائش کے باکفایت طریقے

    بیڈروم کی آرائش کے باکفایت طریقے

    ہمارا بیڈروم گھر میں ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہم سکون کے لمحات گزارتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بیڈروم کو ایسا ہونا چاہیئے جو ایک تھکا ہوا دن گزارنے کے بعد ذہن کو تازگی بخشے، بہت زیادہ سامان سے بھرا ہوا اور گہرے رنگوں سے پینٹ کیا ہوا بیڈروم دماغ پر بوجھ ڈالتا ہے۔

    یہ خیال بھی غلط ہے کہ بیڈروم کو سجانے کے لیے بہت سارا پیسہ چاہیئے۔ آپ اپنے محدود بجٹ میں بھی اپنے ذوق کے مطابق اپنے بیڈروم کی سجاوٹ کر سکتے ہیں۔

    آئیے جانیئے کچھ ایسے ہی طریقے جن کے ذریعے آپ زیادہ پیسہ خرچ کیے بغیر اپنے بیڈروم کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔


    مدھم روشنیاں


    کمرے میں مدھم روشنی کا استعمال کیجیئے۔ یہ آپ کے بیڈروم کو خوابناک بنادے گا۔


    پردوں کا استعمال

    پورے کمرے میں خوبصورت اور ہلکے پردوں کا استعمال کیجئے۔ یہ آپ کے بیڈروم کو بہت خوبصورت بنادے گا۔


    دیواروں کی آرائش

     دیواروں کی آرائش کے لیے بازار میں جابجا خوبصورت اشیا نہایت مناسب قیمت میں دستیاب ہیں جن کا استعمال آپ کے کمرے کو منفرد بنا دے گا۔


    بیڈ کی سجاوٹ

     اپنے بیڈ کے گرد لوہے کی راڈ نصب کریں اور اس پر خوبصورت چادر لٹکا کر بیڈ کو کور کرلیں۔


    ایک دیوار کو پینٹ کریں

    کسی ایک دیوار کو گہرے رنگ سے پینٹ کریں۔ اس پر کوئی وال آرٹ یا پینٹنگ بھی بنائی جاسکتی ہے۔ یہ کونا آپ کی تصاویر کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔


    دروازے کی سجاوٹ

     دروازے کی سجاوٹ کمرے میں آنے والوں پر خوشگوار تاثر چھوڑے گی۔


    چھت کی سجاوٹ

     چھت پر خوبصورت نقش و نگار یا اپنی پسند کے کارٹون یا فلم کریکٹر بھی سجائے جاسکتے ہیں۔


    پھولوں کا استعمال

     کمرے کے ایک کونے میں ڈھیر سارے تازہ پھول رکھیں۔ اس سے آپ کو کمرے میں داخل ہوتے ہی تازگی کا احساس ہوگا۔ کمرے میں منی پلانٹس، چھوٹے گملے اور پودے بھی رکھے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کمرے کی کھڑکی سے اس طرح پودے رکھے جاسکتے ہیں جو کھڑکی کے ذریعے اندر تک آئیں۔


    قدرتی منظر

    کمرے میں کسی قدرتی منظر جیسے سمندر یا سورج کا کوئی میورل یا وال پیپر آپ کے بیڈروم کو منفرد بنادے گا۔

    آپ بھی ان طریقوں کو اپنا کر اپنے بیڈروم کو خوبصورت بناسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔