Tag: before

  • وزیراعظم کے خطاب سے قبل عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا گیا

    وزیراعظم کے خطاب سے قبل عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا گیا

    عوام کے لیے ایک اور بری خبر آگئی اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 27 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کے خطاب سے کچھ وقت قبل عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا گیا، اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں ایک روپے ستائیس پیسے فی کلو کے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

    اوگرا کی جانب سے قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 233روپے78پیسےمقرر کی گئی ہے۔

    قیمت میں اضافے سے ایل پی جی کا 11.8کلو کا گھریلو سلنڈر 318 روپے 74 پیسے مہنگا ہوگیا اور نئی قیمت 2758 روپے67 پیسے ہوگئی ہے۔

    فروری میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2439 روپے93 پیسے رہی۔

    ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ یعنی آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

  • محمد بن سلمان جی 20 اجلاس سے قبل دورہ جنوبی کوریا پر روانہ

    محمد بن سلمان جی 20 اجلاس سے قبل دورہ جنوبی کوریا پر روانہ

    ریاض : سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جی 20 اجلاس میں شرکت سے قبل جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کی دعوت پرسیئول روانہ ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنوبی کوریا کے صدر مون جےان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کریں گے۔ جنوبی کوریا کے دورے کے بعد سعودی ولی عہد ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ جاپان کے شہر اوساکا میں جون کے آخر میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    سعودی عرب کے شاہی دیوان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور جنوبی کوریا کے صدر کی طرف سے دعوت قبول کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کوجنوبی کوریا کے دورے پرروانہ کیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ولی عہد جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت دیگر اہم مسائل پربات چیت کریں گے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے بعد ولی عہد جاپان میں منعقد ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کےلیے اوساکا روانہ ہوجائیں گے۔

  • نائن الیون حملوں سے 40 روز قبل امریکا کو آگاہ کردیا تھا،  سابق انٹیلیجنس عہدیدار کا دعویٰ

    نائن الیون حملوں سے 40 روز قبل امریکا کو آگاہ کردیا تھا، سابق انٹیلیجنس عہدیدار کا دعویٰ

    انقرہ : ترک انٹیلیجنس ایجنسی کے سابق عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہم نے نائن الیون سے متعلق سی آئی اے کو آگاہ کیا تھا مگر انہوں نے اس تنبیہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے انٹیلی جنس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ایک سابق عہدیدار محمد ایمور نے دعویٰ کیا ہےکہ ترک خبر رساں اداروں کو 11 ستمبر 2001ء کو امریکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بارے میں 40 دن پہلے علم ہوچکا تھا مگرا±نہیں سنجیدہ نہیں لیا گیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ ترکی کو یہ معلومات ترکی کے منشیات کے ایک تاجر مصطفیٰ کے ذریعے حاصل ہوئی تھیں۔ ایمور نے دعویٰ کیا کہ وہ بعض ملکوں میں جاسوس کے طور پرکام کرتے رہے ہیں تاہم انہوں نے ان ملکوں کا نام نہیں لیا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق محمد ایمور نے یہ لرزہ خیز انکشافات اپنی تازہ کتاب رازوں کا افشاء میں کیا، وہ لکھتے ہیں کہ نائن الیون کا واقعہ وقوع پذیر ہونے سے چالیس دن قبل مجھے اس کا علم ہوگیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کو خبر دی اور اپنے ساتھیوں کو مطلع کیا مگر انہوں نے اس تنبیہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ اگر انٹیلی جنس ادارے ان کی وارننگ کو سنجیدگی سے لیتے تو دہشت گردانہ حملے میں ہزاروں افراد کو بچایا جاسکتا تھا۔

    خیال رہے کہ گیارہ ستمبر 2001ء کو امریکی ریاست مین ہٹن میں واقع جڑواں ٹاورز پرجہازوں کے ذریعے کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں القاعدہ کو ملوث بتایا جاتا ہے مگر اس حوالے سے کئی اور مفروضے بھی مشہور ہیں۔

    ترک انٹیلی جنس کے سابق عہدیدار کا بیان بھی ان مفروضوں اور قیاس آرائی پرمبنی کہانیوں میں ایک نیا اضافہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمد ایمور اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ انہیں نائن الیون کے واقع کے وقوع پذیر ہونے سے 40 دن پہلے علم ہوگیا تھا مگر ہم ان حملوں کو نہیں روک پائے جس کے نتیجے میں 2996 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نائن الیون کے حملوں کی منصوبہ بندی کی خبر منشیات کے ایک تاجر مصطفیٰ کے ذریعے پہنچی تھی۔

    ان کا کہنا ہے کہ ہم نے مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی کو معلومات فراہم کیں۔ میں نے انہیں بتایا کہ میں ان سے ایک انتہائی اہم موضوع پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ ہمارے درمیان ملاقات کا وقت طے پا گیا۔ دو روز بعد یعنی 2 اگست کو ایک خاتون اور ایک اجنبی شخص ہمارے پاس آئے۔

    میں نے مصطفیٰ سے کہا کہ وہ ہوٹل میں میرا انتظار کریں، ہوسکتا ہے کہ مرکزی انٹیلی جنس کے لوگ آپ سے ملنا چاہیں گے، ہم نے انٹیلی جنس حکام سے ترکی زبان میں بات کی اور انہیں اس حوالے سے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔

    محمد ایمور نے کہا کہ چالیس روز قبل ملنے والی اطلاع کو کسی نے سنجیدگی سے نہیں لیا جس کے نتیجے میں گیارہ ستمبرکو تین ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اگر مصطفیٰ کی بات کو سنجیدگی سے لیا جاتا تو امریکا تباہی سے بچ جاتا۔

  • لندن : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 20 فلیٹ جل کر خاکستر

    لندن : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 20 فلیٹ جل کر خاکستر

    لندن : فائر بریگیڈ عملے نے برطانوی دارالحکومت کے مشرقی علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں بھڑکنے والی خوفناک آگ پر قابو پالیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات مطابق برطانوی دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے میں واقع چھ منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آگ اٹھی جس کی وجہ سے 20 فلیٹ جل کر خاکستر ہوگئے، آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کا سبب ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی لندن کے علاقے بارکنگ کی عمارت میں لگنے والی آگ نے عمارت کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، آگ لگنے کے بعد متاثرہ عمارت اور ملحقہ اپارٹمنٹس کو لوگوں سے خالی کراکر اطراف کے راستے بند کر دئیے گئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیوں اور 100 فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ لگنے کا سبب ابھی معلوم نہیں ہو سکا، تحقیقات جاری ہیں۔

    متاثرہ عمارت کے رہائشی رچل مینڈیس کا کہنا ہے کہ ’آگ نے پوری عمارت کو کس قدر تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا تھا بیان نہیں کیا جاسکتا، ایسا لگتا ہے کہ جسے جہنم کی آگ ہو‘۔

    لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ ’حیرت میں مبتلا کردینے والی آگ بہت آسانی سے موت کا باعث بن سکتی تھی‘۔

    لندن کے رکن پارلیمنٹ اینڈریو بوف جو متاثرہ عمارت کے قریب ہی رہائش پذیر ہیں کا ٹوئیٹر پر کہنا تھا کہ آتشزدگی کے دوران کوئی فائر الارم نہیں بجا، کیا پاگل پن ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے باہر نکل کر دیکھا تھا کہ اس وقت صرف دو منزلیں آگ کی لپیٹ میں آئی تھیں لیکن کچھ دیر بعد پوری عمارت خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگئی یقیناً لکڑی کی بالکونیوں میں کچھ ایسا تھا جو آگ کے تیزی سے پھیلنے کا باعث بنا۔

    اینڈریو کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ عمارت میں فائر الارم نہیں ہے یا پھر بلڈنگ کا فائر الارم کام نہیں کررہا تھا۔

    مزید پڑھیں : لندن: عمارت میں ہولناک آتشزدگی، 1 خاتون ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ برس اپریل میں برطانوی دارالحکومت لندن کے شمال مغربی علاقے چنگ فورڈ میں معذور افراد کی تربیت کے لیے بنائی گئی عمارت میں لگنے والی آگ نے ایک خاتون کو جھلسا کر ہلاک کردیا تھا۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔

  • خاشقجی قتل سے قبل بن سلمان نے ناقدین کو خاموش کرانے کیلئے مہم کا آغاز کیا تھا، رپورٹ

    خاشقجی قتل سے قبل بن سلمان نے ناقدین کو خاموش کرانے کیلئے مہم کا آغاز کیا تھا، رپورٹ

    واشنگٹن/ریاض : امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد بن سلمان نے اپنے ناقدین کو خاموش کرانے کیلئے ایک سال قبل ’سعودی رپیڈ انٹر وینشن گروپ‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے خفیہ طور پر ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کا مقصد اپنے ناقدین کو خاموش کرانا تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے ’نیویارک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے اس منصوبے کو ’سعودی رپیڈ انٹر وینشن گروپ‘ کا نام دیا تھا جس کی مقصد سعودی شہریوں کی نگرانی، ناقدین کا اغواء، گرفتار اور ان پر تشدد تھا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹیم کی سربراہی شاہی عدالت کے رکن سعودی القحطانی کررہے تھے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسی ٹیم کے کارندوں نے گزشتہ برس استنبول میں محمد بن سلمان کی پالیسیوں کے سخت ناقد صحافی جمال خاشقجی کو قتل کیا تھا۔

    امریکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سینیٹر کو بتایا گیا تھا کہ انہیں جمال خاشقجی کے قتل میں ولی عہد محمد بن سلمان ملوث ہونے پر یقین ہے تاہم سعودی حکومت مسلسل اس سے انکاری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بعدازاں سعودی حکومت نے عالمی دباؤ پر صحافی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سزا دینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی ریپڈ انٹروینشن گروپ نے ہی خواتین اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی خواتین رضاکاروں کو گرفتار کیا تھا اور اب تک انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے ابھی تک سعودی رپیڈ انٹر وینشن گروپ کی تشکیل سے متعلق تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

  • شام میں اسرائیلی حملے روسی مفاد کے خلاف ہیں، ماسکو کی اسرائیل کو تنبیہ

    شام میں اسرائیلی حملے روسی مفاد کے خلاف ہیں، ماسکو کی اسرائیل کو تنبیہ

    ماسکو : شام میں روسی طیارے کو ہدف بنانے کے بعد ماسکو نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا شامی اہداف کو نشانہ بنانا خطے میں روسی اہداف کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام کی جانب سے اسرائیل کے سینئر سیکیورٹی حکام کو خبر دار کیا گیا ہے کہ شام میں اہداف کو نشانہ بنانا خطے میں ماسکو کے مفادات کے خلاف ہے۔

    روسی حکام کے مطابق اسرائیلی فورسز کے حملوں نے بشار الااسد کی حکومت کو کمزور کر دیا ہے اور ملک میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

    اسرائیل کے سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ روس نے پیغام دیا تھا کہ روس بشار الااسد کی حکومت کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے شام میں اہداف کو نشانہ بنانا روسی مقاصد کے خلاف ہے۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روسی حکام کی جانب سے واضح پیغام موصول ہونے کے بعد بھی شام سے متعلق اسرائیل کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی اور ایسا خیال ہے کہ روس ایرانی اہداف پر حملوں کو نظر انداز کررہا ہے جس کا مقصد شام میں اسلامی جمہوریہ کی موجودگی اور حزب اللہ کو اسلحے کی منتقلی روکنا تھا۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس اور اسرائیل کو دونوں ملکوں کے درمیان سیکیورٹی کورڈینیشن کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے جو اسرائیل کے لیے تشویش کا باعث ہوگا۔

    اسرائیلی دفاعی فورسز کو معلوم ہے کہ روسی صدر طیارہ حادثے کے بعد شام میں نئے قوانین لاگو کرے گا اور خطے میں اپنا کنٹرول مزید مستحکم بنائے گا تاکہ اپنے کنٹرول کے ذریعے خانہ جنگی کو نقصان پہنچا سکے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق روس اسرائیل کے لیے حملے کرنا مزید مشکل کردے گا لہذا اسرائیلی فورسز کو مذکورہ علاقے کو چلانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے ہوں۔

    خیال رہے کہ ماسکو کی جانب سے ایک ہفتہ قبل بھی روسی طیارے کو نشانہ بنانے سے پہلے بھی اسرائیل کو خبردار کیا گیا تھا۔

  • چیف جسٹس کو اسپتال پر چھاپے سے پہلے اپنا اسٹیٹس دیکھنا چاہیے تھا، خورشید شاہ

    چیف جسٹس کو اسپتال پر چھاپے سے پہلے اپنا اسٹیٹس دیکھنا چاہیے تھا، خورشید شاہ

    کراچی : پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہوئے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم نہیں کرسکتے، مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر پی ٹی آئی کی حمایت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو اسپتال میں چھاپے مارنے سے پہلے اپنے اسٹیٹس کو دیکھنا چاہیئے تھا۔

    سابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ عمران خان چاہتے ہوئے بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم نہیں کرسکتے، بلدیاتی نظام کی تبدیلی پر اربوں خرچ ہوئے جو بچت اسکیم کی نفی ہے۔

    خورشید نے کا کہا ہے کہ مسائل کےحل کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کریں گے، صدارتی الیکشن میں اعتزاز احسن کے لئے آخری کوشش کریں گے۔

    پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور بند کرنے سے غریب کے ساتھ زیادتی ہوگی، ضمنی الیکشن میں حلقوں پر مشاورت سے امیدوار لائیں گے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل سینیئر رہنما خورشید شاہ نے صدارتی انتخابات سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صدر مملکت کے لیے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کا نام پاکستان تحریک انصاف دیا تھا۔

    خورشید شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ فواد چوہدری اسمبلی میں ان سے راجہ پرویز اشرف کی موجودگی میں ملے اور کہا کہ مشترکہ امیدوار لاتے ہیں، اس کے بعد اعتزاز احسن کا نام خود فواد چوہدری نے دیا اور اس پر راجہ پرویز کو گواہ بنایا گیا، لیکن پھر انھوں نے اس سے یوٹرن لے لیا۔

  • جرمنی : تارکین وطن کو اگست 2018 سے قبل ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    جرمنی : تارکین وطن کو اگست 2018 سے قبل ملک بدر کرنے کا فیصلہ

    برلن : جرمنی کے صوبے باویریا کی حکومت نے پناہ گزینی کی درخواست مسترد ہونے والے تارکین وطن کو اگست 2018 سے قبل جرمنی سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک جرمنی کے صوبے باویریا کے حکومتی اراکین نے غیر ملکی تارکین وطن کو خصوصی طیاروں سے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کی پناہ کے لیے دی گئی درخواست مسترد کردی گئی ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست باویریا کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے غیر قانونی مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ اس وقت میں کیا گیا ہے کہ جب چند ماہ بعد صوبائی الیکشن کا انعقاد ہونا ہے.

    واضح رہے کہ جرمنی کی وفاقی حکومت قدامت پسند جماعت کرسچن سوشل یونین کے پاس ہے۔ جس کی سربراہ جرمنی کی چانسلر انجیلا مریکل ہیں۔

    وزیر اعلیٰ مارکوس زونڈر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کو اگست 2018 سے قبل ملک بدر کرنے کی منصوبہ کی گئی ہے، جس میں مہاجرین کو خصوصی طیاروں کے ذریعے ملک بدر کرنا بھی شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تارکین وطن کی سہولت کے لیے سات بڑے رجسٹریشن سینٹر بھی قائم کیے جارہے ہیں، جب تک تارکین وطن کی پناہ گزینی کا فیصلہ نہیں آجاتا مہاجرین کو ان مراکز میں ہی قیام کرنا ہوگا۔

    مارکوس زونڈر کا کہنا تھا کہ جرمنی کا رخ کرنے والے تارکین وطن کی اکثریت آسٹریا کی سرحد عبور کرکے جرمنی میں داخل ہوئی ہے۔ محتاط اندازے کے مطابق سنہ 2015 سے ابتک باویریا میں ایک ملین سے زائد تارکین وطن پہنچ چکے ہیں۔

    خیال رہے باویریا کے گذشتہ الیکشن میں انجیلا مریکل کی قدامت پسند جماعت سی ایس یو کے حامیوں نے عوامیت پسند جماعت کو ووٹ دے کر کامیاب کیا تھا۔ سی ایس یو نے ناراض کارکنوں کو منانے کےلیے تارکین وطن کے متعلق سخت مؤقف اختیار کرلیا ہے۔

    سی ایس یو سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ باویریا بورسٹ زیہوفر نے بھی ملکی وزیر داخلہ بننے کے بعد ملکی سطح پر تارکین وطن کے متعلق سخت اقدامات کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • نااہلی کیس کا فیصلہ، پی ٹی آئی کا قرآن خوانی کا اہتمام، عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں

    نااہلی کیس کا فیصلہ، پی ٹی آئی کا قرآن خوانی کا اہتمام، عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں

    کراچی : سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل پی ٹی آئی نے کراچی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا ، جس میں عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل کراچی میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، جس میں عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کیلئے دعائیں مانگی گئی۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے امید ہے کہ آج کا فیصلہ حق اور سچ کا ہوگا، عمران خان سرخرور ہوں گے اور فتح سے ہمکنارہوں گے۔

    خیال رہے سپریم کورٹ آج عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج دوپہر2بجےسنائے گی۔


    مزید پڑھیں : عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا


    نااہلی سے متعلق درخواستیں رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے دائرکی تھیں ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نےآف شورکمپنی ظاہرنہیں کی، عمران خان نےبنی گالہ پراپرٹی بھی ظاہرنہیں کی

    عمران خان اور جہانگیرترین نااہلی کیس کی سماعت پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی اور سماعت58پیشیوں میں مکمل کی گئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کو ہاٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان کے کیسز میں بہت فرق ہے، سپریم کورٹ میں 60 دستاویزات جمع کروائیں، ایک بھی غلط ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔