Tag: Begging

  • دبئی پولیس کی رمضان کے آغاز پر گداگری کیخلاف آگاہی مہم

    دبئی پولیس کی رمضان کے آغاز پر گداگری کیخلاف آگاہی مہم

    دبئی پولیس نے رمضان المبارک کے آغاز پر ”عقلمندی سے عطیہ دیں ” کے عنوان سے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

    دبئی پولیس کے مطابق یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کو غلط استعمال کرتے ہیں۔

    پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

    پولیس کے مطابق ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ اصل مستحق افراد کو ان کا حق مل سکے گا۔

    دوسری جانب دبئی نے ویزا سروسز میں آسانی، رہائش اور دیگر سروسز کے لیے‘سلاما’AI پلیٹ فارم کا آغاز کر دیا۔

    دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) نے ایک نئے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم‘سلاما’کی نقاب کشائی کی ہے جس کا مقصد سرکاری خدمات کی کارکردگی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے آسان بنانا ہے۔

    پلیٹ فارم کی خدمات کا مقصد افراد کے لیے رہائش کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

    اس کی خصوصیات میں سے ”سلاما”صارفین کو رہائشی اجازت ناموں کی تجدید یا منسوخی، ویزہ سے متعلق پوچھ گچھ کے فوری جوابات حاصل کرنے، اور متعدد سسٹمز پر تشریف لائے بغیر یا سروس سینٹرز کا دورہ کیے بغیر لین دین مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    اسرائیلی جیلوں سے مزید 46 فلسطینی رہا

    یہ اضافہ پلیٹ فارم کو ایک انتہائی موثر اور صارف دوست ٹول بناتا ہے۔ ان کی خدمات کو مستقبل میں کمپنیوں کے لیے بڑھایا جائے گا۔

  • بھیک منگوانے والے سرغنہ کے لیے بڑی سزائیں مقرر

    بھیک منگوانے والے سرغنہ کے لیے بڑی سزائیں مقرر

    لاہور: حکومت پنجاب نے بھکاری مافیا کے سرغنہ کے گرد شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد گداگری کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں جو پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئیں، نئے قانون کے تحت پنجاب میں بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، پنجاب اسمبلی کی اسپیشل کمیٹی برائے داخلہ ان اہم ترامیم کا جائزہ لے گی۔

    ترامیم کے مطابق صرف ایک شخص سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 3 سال قید اور 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید ہوگی۔

    ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ یا دونوں ہوں گے، جب کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 5 سے 7 سال قید اور 7 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔

    جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

    ایک بار سزا پانے والا شخص اگر جرم دہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔

  • کراچی سے گداگری کیلئے سعودیہ جانے والی 2 ہندو خواتین گرفتار

    کراچی سے گداگری کیلئے سعودیہ جانے والی 2 ہندو خواتین گرفتار

    ایف آئی اے نے کراچی سے گداگری کے لیے سعودی عرب جانے کی کوشش میں 2 ہندو خواتین کو امیگریشن نے آف لوڈ کر کے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے گداگری کیلئے سعودی عرب جانیوالی 2 خواتین کو آف لوڈ کردیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار خواتین کی شناخت عیشادیوی اور نیشو کماری کے نام سے ہوئی، دونوں خواتین وزٹ ویزے پر سعودی عرب جا رہی تھی ملزمہ عیشادیوی کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ اس سے قبل بھی سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث رہی ہے، ملزمہ کو اس سے قبل سعودی عرب پولیس نے بھیک مانگنے پر گرفتار کیا تھا، ملزمہ کو گرفتار کر کے پاکستان ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

    امیگریشن حکام کے مطابق نیشو کماری سعودی عرب جانے کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکی جس کے بعد خواتین کو گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

  • بھیک منگوانے والوں کی اب ضمانت بھی نہیں ہو سکے گی، قانون مزید سخت

    بھیک منگوانے والوں کی اب ضمانت بھی نہیں ہو سکے گی، قانون مزید سخت

    لاہور: بھیک منگوانے والوں کی اب ضمانت بھی نہیں ہو سکے گی، اس سلسلے میں قانون کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے انسداد گداگری کے پنجاب آرڈیننس 1958 میں اہم ترامیم منظور کر لیں، جس کے بعد اب بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم بن گیا ہے۔

    ترامیم کے مطابق ایک شخص سے بھیک منگوانے والے کو 3 سال قید اور ایک سے 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔

    ایک سے زائد لوگوں سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید کی سزا ہوگی، بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5 سے 7 سال قید اور 5 سے 7 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید کی سزا ہوگی۔

    معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 10 سے 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر مافیا لیڈر کو مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

  • سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    ریاض: سعودی حکام نے گداگری میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف سخت ہدایات جاری کردیں، گداگری میں ملوث مقامی افراد کو جرمانے و قید کی سزا ہوگی جبکہ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی گداگری میں ملوث ایک یا ایک سے زائد افراد، گداگری کی معاونت کرنے یا ناجائز طریقے سے رقم جمع کرنا خلاف قانون ہے۔

    گداگری میں ملوث افراد کے لیے 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے، غیر ملکی ہونے کی صورت میں سزا مکمل کرنے کے بعد اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر کے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

    پراسیکیوشن کے ٹویٹر پر اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایسا فرد جو براہ راست یا بالواسطہ گداگری میں ملوث ہو، اس کی ترغیب دے یا معاونت کرے، اسے گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    گداگری کا نیٹ ورک چلانے والے یا کسی بھی طور پر اس مکروہ پیشے سے وابستگی رکھنے والے خواہ وہ براہ راست ہو یا بالواسطہ انہیں 1 برس قید اور 1 لاکھ ریال جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی ہونے کی صورت میں ایسے افراد کو مملکت سے بے دخل کر کے انہیں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا، ایسے افراد جنہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا وہ صرف عمرے یا حج ویزے پر ہی مملکت آسکیں گے۔

  • بھارت کا بھکاری کڑوڑ پتی بن گیا

    بھارت کا بھکاری کڑوڑ پتی بن گیا

    ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی میں ایک بھکاری کا صرف ایک فلیٹ 80 لاکھ روپے کا ہے اور وہ ہر ماہ کم از کم 75000 روپے کماتا ہے۔

    ہندوستان کا سب سے امیر بھارت جین نامی بھکاری ممبئی شہر کی کئی گلیوں میں بھیک مانگا کرتا ہے، یہ شخص چھتری شیوا جی ٹرمنس یا آزاد میدان میں اکثر بھیک مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بھارت جین بغیر کچھ کئے صرف بھیک مانگ کر آٹھ سے دس گھنٹے میں  دو ہزار سے ڈھائی ہزار روپے جمع کرلیتا ہے۔

     اس بھیکاری کی ہر ماہ کی کمائی تقریباً 75000 روپے ہے جو ہندوستان کی کسی وزیر اعلیٰ کو ملنے والی تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔

     ممبئی کے شہری علاقے بھانڈپ میں اس بھکاری کی ایک دکان بھی ہے ، اس بھکاری نے اپنی دکان کو 10000 روپے فی ماہ کے کرایہ پر لگا رکھا ہے۔

     بھارت جین نامی بھکاری شادی شدہ ہے اور اس کے دو بیٹے جن میں ایک بارہویں اور ایک دسویں کلاس میں پڑھتا ہے، بھارت جین کا بھائی اور والد بھی اس کے 80 لاکھ روپے کے ایک بی ایچ کے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں ۔