Tag: begum kulsoom nawaz

  • نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی

    لاہور: اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی، اہلیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے پیرول پر رہائی میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں مزید توسیع کر دی ہے، محکمۂ داخلہ پنجاب نے توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    اس سے قبل دو بار سابق وزیرِ اعظم کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی جا چکی ہے، دو دن قبل پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کی پانچ دن پیرول پر رہائی کے لیے جاری کی جانے والی سمری پر دستخط کیے تھے۔

    چالیسیوں تک جاتی امرا کو سب جیل قرار دینے کی قرارداد

    دوسری طرف سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو کلثوم نواز کے چالیسویں تک اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  شہبازشریف کلثوم نوازکی میت لے کر لندن سے پاکستان روانہ، آج صبح لاہور پہنچیں گے


    قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی میاں نصیر احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں نواز شریف کی اہلیہ کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار اور کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے کسی المیے سے کم نہیں، شریف خاندان کی ملک کے لیے خدمات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ انسانی ہم دردی کی بنا پر نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کی جائے اور انھیں واپس اڈیالہ جیل منتقل نہ کیا جائے۔

    قرارداد میں حکومتِ پنجاب سے اپیل کی گئی کہ جاتی امرا کو چالیسویں تک سب جیل قرار دیا جائے اور تعزیت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں سے نواز شریف کو ملنے کی اجازت دی جائے۔

  • ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    ترک صدر کا نواز شریف سے فون پر اظہار تعزیت

    لاہور: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اڈیالہ کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو فون کر کے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے انتقال پُر ملال پر میاں نواز شریف کو ترکی کے صدر نے فون کیا، فون پر رجب طیب اردوان نے کلثوم نواز کے انتقال پر اپنی اور اہلِ خانہ کی طرف سے اظہار تعزیت کیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ’بیگم کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے بڑا صدمہ ہے، اللہ تعالی انھیں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔‘

    خیال رہے کہ آج سعودی عرب کے سفیر نے بھی میاں نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی ہے، سفیر نواف بن سعيد المالکی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

    واضح رہے کہ پیرول پر رہائی کے بعد آج پہلی بار نواز شریف تعزیت کرنے والوں سے ملے، لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا۔


    سعودی سفیر کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نوازکے انتقال پراظہار تعزیت


    آج سابق خاتونِ اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شریف خاندان اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

  • نواز شریف تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے

    نواز شریف تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے

    لاہور : اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر غم سے نڈھال نواز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد وہ تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور جاتی امراء میں کلثوم نواز کی تعزیت کے لئے ن لیگ کے قائدین اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اہلیہ کے انتقال پر غم سے دوچار سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کا معائنہ کیا اور انھیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    نواز شریف طبیعت ناسازی کے باعث تعزیت کے لیے آنے والوں سےنہیں مل سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں سے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور آصف کرمانی ملاقات کررہے ہیں۔

    گذشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ جاتی امرا میں موجود ہے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے ۔.

    جاتی امرامیں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں  اور اہلخانہ اوررشتہ داروں کو ہی آنےکی اجازت ہے۔

    مزید پڑھیں : نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے

    بعد ازاں حکومت پنجاب نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن(ر)صفدر کی پرول پر رہائی میں تین روز تک توسیع کردی ہے۔

    دوسری جانب شہبازشریف بیگم کلثوم نوازکی میت پاکستان لانےکے لئے لندن روانہ ہوگئے ہیں، وہ شہبازشریف میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے، جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ شہباز شریف نے نوازشریف سے مشاورت کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست دی تھی ، جسے حکومت نے تینوں شخصیات کو انسانی ہمدردی کے تحت وقت سے پہلے پیرول پر رہا کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نوازشریف کیلئے ہرممکنہ قانونی سہولت کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

  • شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے لندن روانہ ہوگئے

    شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے لندن روانہ ہوگئے

    لاہور : مسلم نواز کے صدر شہباز شریف برطانیہ روانہ ہوگئے، شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لے کر جمعے کو پاکستان پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق طویل علالت کے بعد انتقال کرجانے والی سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن روانہ ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف آج صبح غیر ملکی ایئر لائن کی پروازسے برطانیہ روانہ ہوں گے، شہباز شریف پرواز کیو آر 629 سے براستہ دوحہ برطانیہ روانہ ہوں گے۔

    مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف لندن سے سابق صدر مسلم لیگ (ن) کلثوم نواز کی میت لے کر وطن واپس لوٹیں گے، شہباز شریف جمعے کو برطانیہ سے وطن واپس پہنچیں گے۔


    مزید پڑھیں : بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی جائے گی


    یاد رہے کہ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی جائے اور تدفین جمعہ کو جاتی امرا میں ہوگی۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی تدفین میاں شریف کی قبر کے پہلو میں ہوگی، شہبازشریف جسد خاکی لینے برطانیہ جائیں گے۔

    بیگم کلثوم نواز کی میت کو غسل دے دیا گیا، نواز شریف کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز والدہ کا آخری دیدار لندن میں ہی کریں گے۔

    واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کی پیرول پررہائی کے احکامات جاری کردیے گئے جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا جس کے بعد یہ تینوں شخصیات جاتی امراء کیلئے روانہ ہوگئے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے۔

  • اے آروائی فیملی کا بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس

    اے آروائی فیملی کا بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس

    کراچی : اے آر وائی فیملی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کے درجات بلند کرے آمین۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فیملی نے میاں نواز شریف کی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے پیغام میں حاجی اقبال، حاجی جان محمد، حاجی رؤف اور سلمان اقبال نے شریف خاندان سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے کی صبر جمیل کی دعا کی۔

    یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئیں، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ان کا جسدِ خاکی لاہور لانے کے لیے لندن روانہ ہوں گے اور ان کی تدفین جاتی امراء میں کی جائے گی۔

    ان کے انتقال پر ملک کی معروف شخصیات وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف جسٹس ثاقب نثار، چیئرمین نیب جاوید اقبال، چیف الیکشن کمشنرسرداررضا بھی نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

  • مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس

    مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس

    اسلام آباد : سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے نوازشریف سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات بلندی کی دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی انتقال کی خبر کے بعد سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اظہار افسوس کا سلسلہ جاری ہوگیا، سیاسی رہنما نوازشریف سے تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار، چیئرمین نیب جاوید اقبال، چیف الیکشن کمشنرسرداررضا بھی نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے دعائے مغفرت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    صدر پاکستان عارف علوی اور سابق صدرآصف زرداری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے میاں نوازشریف سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا اللہ تعالیٰ کلثوم نوازکو جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیگم کلثوم نواز کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا بیگم کلثوم نوازکےانتقال کی خبرسن کردکھ ہوا، اللہ تعالیٰ کلثوم نوازکی مغفرت کرے،اہلخانہ کو صبرعطا کرے۔

    وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز باہمت اوربہادرخاتون تھیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کےدرجات بلند اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے، انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کٹھن حالات میں بھی ثابت قدم رہیں، وزیراعظم نے اجلاس روک کر بیگم کلثوم نوازکو خراج عقیدت پیش کیا۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا اور کہا بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں، انھوں نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی۔ وزیرریلوے شیخ رشید نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    ایم کیو ایم کےرہنما فاروق ستار اور علی رضا عابدی نے بھی کلثوم نواز کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا۔

    پی پی پی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیگم کلثوم نوازکےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال نواز خاندان کا بہت بڑا نقصان ہے۔

    امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا شریف خاندان سے اظہارتعزیت  اور بیگم کلثوم کے درجات کی بلندی کی دعاکرتےہیں۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل اور گورنر پنجاب چوہدری سرور  نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بیگم کلثوم نوازب ہادراورباہمت خاتون تھیں، اللہ ان کی فیملی کو صبرعطاکرے، حکومت نوازشریف کی پیرول پررہائی کیلئےاقدامات کرے

    راجہ محمد ظفر الحق کی جانب سے بھی بیگم کلثوم نواز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے  بیگم کلثوم نوازکےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ سن کر بہت دکھ ہوا وہ ایک بہادر خاتون تھیں۔ نواز خاندان کی سیاست میں ان کا بہت اہم اور معتدل کردار رہا ہے، ہم سب ان کیلئے دعا گو ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے  رہنمااحسن اقبال نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا  بیگم کلثوم نوازتوچلی گئیں مگران کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی، نوازشریف اور مریم نواز کو انتقام کا نشانہ بنایاجارہاہے۔

    سابق وزیرخارجہ حناربانی کھر کا کہنا تھا کہ  بیگم کلثوم نوازکاانتقال افسوسناک خبرہے، وہ ایک رول ماڈل تھیں، آمر کیخلاف ان کی جدوجہدتھی، خاندان کےکڑےوقت میں بیگم کلثوم نوازڈٹ کرکھڑی رہیں، انھیں ہمیشہ ایک مضبوط خاتون کےطورپرپایا۔

    ن لیگ کی خاتون رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نفیس اور نیک خاتون تھیں، نوازشریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کو اسپتال میں چھوڑ کر پاکستان آئے ہیں، مریم نواز نے ملاقات میں کہا تھا ماں میرا پوچھتی ہے اورمیں وہاں نہیں، ، ان کے انتقال پرتعزیت کرنے والوں کی شکر گزار ہوں۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی بخشش فرمائے۔
    پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کلثوم نواز کےانتقال کی خبرسن کر افسوس ہوا، اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے۔

    سربراہ جے یو آئی مولانافضل الرحمان نے شہبازشریف کو فون کرکے کلثوم نوازکی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین و پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز بہادرخاتون تھیں، ان کے انتقال پر صدمہ ہوا، بیگم کلثوم نواز نےبہادری سے بیماری اور سیاسی حالات کا مقابلہ کیا،

    چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے بیگم کلثوم نوازکے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت اورسوگواران کو صبر و ہمت وطا فرمائے۔ یوسف رضا گیلانی  ، جاوید ہاشمی اورحافظ عبدالکریم  نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    اس کے علاوہ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، ن لیگ کے سابق رہنما زعیم قادری، پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا، نواب ثناء اللہ زہری، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بیگم کلثوم نوازکےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے

  • بیگم کلثوم نوازکی زندگی، تصاویرکے آئینے میں

    بیگم کلثوم نوازکی زندگی، تصاویرکے آئینے میں

    سابق وزیر اعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں ، آپ گزشتہ 47 سال سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک تھیں۔

    بیگم کلثوم نواز تین بار پاکستان کی خاتونِ اول کے منصب پر فائز رہنے والی واحد خاتون ہیں ، انہوں نے سنہ 1999 سے لے کر سنہ 2002 تک مسلم لیگ ن کی قیادت کی ذمہ داری بھی نبھائی۔

    آپ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں ، جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہ تھا لہذا انہیں لندن منتقل کیا گیا ، جہاں وہ طویل عرصہ زیرِ علاج رہنے کے بعد اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

    آئیے دیکھتے ہیں ان کی چند نادر و نایاب اور یاد گار تصاویر پر


     

    بیگم کلثوم، نواز شریف اور ان کے بچے
    بیگم کلثوم اور نواز شریف
    بیگم کلثوم ، بیٹی مریم نواز ، داماد اور ان کے بچوں کے ہمراہ
    کلثوم نواز اور مریم نواز
    کلثوم نواز اسپتال کے بستر پر
    نواز شریف اور مریم نواز کی اسپتال میں ملاقات کی ایک تصویر
    نواز شریف کی اپنی اہلیہ سے آخری ملاقات
  • بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری نہ آسکی،  تاحال وینٹی لیٹر پر ، آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم

    بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری نہ آسکی، تاحال وینٹی لیٹر پر ، آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم

    لندن : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں زیرِ علاج اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی صحت دل کا دورہ پڑنے کے بعد طبعیت مزید تشویشناک ہیں، تاحال آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں،ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں زیرعلاج میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری نہ آسکی، تاحال آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔

    گزشتہ روز کلثوم نواز اسپتال میں دل میں دورہ پڑنے کے باعث گرگئیں تھیں، جس کے بعد ان کو آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

    کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹ میں بھی تصدیق کی کہ ان کی والدہ کو اُس وقت اچانک دل کادورہ پڑا،جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے، لندن لینڈ کرتے ہی نواز شریف اور مریم نواز سیدھےاسپتال گئے، جہاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی۔

    ڈاکٹروں کی نوازشریف کو بیگم کلثوم نواز کی صحت متعلق بریفنگ دی، جس کے بعد نواز شریف میڈیا سے بات کیے بغیر گھرروانہ ہوگئے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز دل کے دورہ کے باعث گر پڑی تھیں، وہ کئی گھنٹوں سے وینٹی لیٹر پر ہیں اور انہیں لائف سپورٹ دی جارہی ہے۔

    مریم نواز اور حسن و حسین نواز نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے۔

    دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کی بگڑتی طبعیت پر سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنماوں کی جانب سے ان کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاوں کے پیغامات دیئے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز پچھلے کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز کی جاچکی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بیگم کلثوم نوازکی صحتیابی  کےلئے دعاگو ہے،آصف زرداری

    بیگم کلثوم نوازکی صحتیابی کےلئے دعاگو ہے،آصف زرداری

    کراچی : پپیلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری کا کہنا ہے کہ بھٹوخاندان اور پی پی بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے دعاگو ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پپیلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف زرداری نے بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوخاندان اور پی پی بیگم کلثوم نوازکی صحتیابی کے لئے دعاگو ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اللہ بیگم کلثوم نوازکوصحت اورلمبی عمرعطا فرمائے۔

    اس سے قبل بھی عمران خان سمیت کئی سیاسی رہنما بیگم کلثوم نوازکی صحتیابی کیلئے دعا کر چکے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نوازکی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

    خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز دل کے دورہ کے باعث گر پڑی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں