Tag: behria town

  • بحریہ ٹاؤن کے پرامن مظاہرین اور مکینوں پر پولیس ٹوٹ پڑی، صحافیوں سے بھی بد تمیزی

    بحریہ ٹاؤن کے پرامن مظاہرین اور مکینوں پر پولیس ٹوٹ پڑی، صحافیوں سے بھی بد تمیزی

    کراچی : پولیس نے بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف مظاہرین کا احتجاج روکنے کیلئے طاقت کا بھرپور استعمال کیا، اہلکاروں نے رہائشیوں اور صحافیوں سے بدتمیزی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آنے والے بحریہ ٹاؤن کے ملازمین، رہائشیوں سمیت دیگر افراد پر پولیس نے دھاوا بول دیا، اہلکاروں نے بحریہ ٹاؤن کے راستے بند کر کے مکینوں کو ان کے گھروں میں محصور کردیا۔

    رہائشیوں کو دھکے دیئے اور ان سے بدتمیزی کی، ملازمین کی پرامن ریلی پربھی ہوائی فائرنگ کر کے اسے منتشر کیا گیا، بحریہ ٹاؤن کے لیے احتجاج کرنے والوں پرطاقت کا استعمال کیا جارہا ہے، پولیس نے مظاہرین کو دھکےدیئے، ڈرانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    پولیس نے رکاوٹیں رکھ کر بحریہ ٹاؤن کراچی کے راستے بند کردیئے، مکین اور ملازمین قید ہوکر رہ گئے، مریضہ کو بھی نہیں لے جانے دیا گیا، ایک رہائشی کا کہنا تھا کہ ہم جیل میں رہ رہے ہیں کیا؟

    میڈیا سے گفتگو میں ایک طالبہ نے شکوہ کیا کہ یونیورسٹی نہیں جاسکتی، پڑھائی کا حرج ہورہا ہے، ایک شخص کا کہنا تھا کہ کو میری بیمار اہلیہ کو باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی کیا ہم جیل میں رہ رہےہیں؟ احتجاج کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔

    دوسری جانب حقائق کے برعکس ایس ایس پی عرفان بہادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کسی کو بھی نہیں روکا جارہا بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں نے کہا کہ ہمیں پُرامن احتجاج کے حق سے محروم کیا جارہا ہے۔

    اس کے علاوہ سپرہائی وے پر مزدور ریلی بھی پولیس نے ہوائی فائرنگ کرکے منشترکردی، بحریہ ٹاؤن کے مکینوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ اے میں اسٹیٹ ایجنٹس نے اپنا کاروبار بند رکھا۔

    صحافیوں سے پولیس اہلکاروں کا نازیبا سلوک، مغلظات بھی بکیں 

    علاوہ ازیں اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آف اسائمنٹس فیاض منگی سے بھی پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی کی، ایس ایچ او گلشن معمار اشتیاق غوری نے بدتمیزی کے بعد ان کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی۔

    صدر فیڈرل یونین آف جرنلسٹ راناعظیم نے سینئرصحافی سے پولیس کی بدتمیزی پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک بالکل برداشت نہیں کیا جائےگا،24گھنٹےمیں ایکشن نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

    سیاسی رہنماؤں کی پولیس کے رویے کیخلاف شدید مذمت

    مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ صحافیوں کواس طرح ہراساں کیا جانا غنڈہ گردی ہے، معاملے کو سندھ اسمبلی میں اٹھائیں گے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ پولیس کا رویہ افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے، کراچی میں پولیس نے جنگل کے قانون کاراج لگا رکھا ہے ، پی ٹی آئی صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے، اس واقعے کیخلاف اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔

    امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولیس کا رویہ قابل افسوس ہے، سینئرصحافیوں کے ساتھ اس طرح کارویہ برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

    ایس ایچ او گلشن معمار دہشت گردی اور اغواء کے مقدمے میں نامزد ملزم نکلا

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صحافیوں اور مظاہرین سے بد کلامی اور بد تمیزی کرنے والا ایس ایچ او گلشن معمار اشتیاق غوری دہشت گردی، اغواء کے مقدمے میں نامزد ملزم نکلا، اے آر وائی نیوز نے اشتیاق غوری کے خلاف قائم مقدمے کی کاپی حاصل کرلی۔

    اشتیاق غوری کے خلاف تھانہ گلشن میں دہشت گردی، اغواء کی دفعات پر مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر کے مطابق اگست2016میں اشتیاق غوری نے13ڈی سے ڈاکٹر محمد احمد کو اغواءکیا۔

    اشتیاق غوری نے ڈاکٹرسے تاوان میں ساڑھے3لاکھ روپے، کار، کریڈٹ کارڈ لیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی شہری نے رہائی کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ سے شکایت کی تھی، بعد ازاں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ہدایت پر اشتیاق غوری کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    سپرہائی وے : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

    کراچی : بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کے خلاف شہری، رہائشی ،بلڈرز اور ملازمین سراپا احتجاج ہیں، سپر ہائی وے پر ہونے والے مظاہرے میں مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بحریہ ٹاؤن سے متعلق منفی پروپیگنڈے کےخلاف سپر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے، احتجاج میں عام شہری، پروجیکٹس کے رہائشی، بلڈرز اور ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہے، ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جب کہ کراچی کا اندرون سندھ سے رابطہ منقطع ہوگیاہے۔

    اس کے علاوہاوورسیز پاکستانیوں کے اہل خانہ اور سرمایہ کار بھی احتجاج میں شریک ہیں، اس سے قبل شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں، ریلیوں کے شرکاء اسٹار گیٹ پہنچ کر جمع ہوئے اور  اپنے مطالبات کے حق  میں نعرے بازی کی۔

    بعد ازاں ریلی کے شرکا بحریہ ٹاؤن سپرہائی وے کی جانب روانہ ہوئے، احتجاج کے باعث سپرہائی کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہوگئے، مظاہرین نے میڈیا کو اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث بچوں کی اسکول فیسیں، یوٹیلیٹی بلز کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں رہی اور گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

    سپرہائی وے پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے متعلقہ حکام سے بحریہ ٹاؤن کی بجلی کے کنکشن اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے اکاؤنٹس بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

    علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن کے اسٹیٹ ایجنٹس اور سرمایہ کار بھی سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے ڈیفینس کے علاقے میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال سے اقساط کی ادائیگی کررہے ہیں ہماری رقوم کا کیا ہوگا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہمارے سرمائے کا تحفظ کرے۔

  • بحریہ ٹاؤن : پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    بحریہ ٹاؤن : پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

    کراچی : بحریہ ٹاؤن میں ملک کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، رفیع کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں زیر تعمیر منصوبے بحریہ ٹاؤن میں ہونے والی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، رفیع اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے رکھا۔


    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسٹیڈیم سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رفیع کرکٹ اسٹیڈیم ڈیڑھ سال میں مکمل کرلیا جائے گا، اسٹیڈیم 3 منزلہ پویلین پرمشتمل ہوگا اور اس میں 50ہزارسے زائد شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

    ملک ریاض کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کےساتھ بلٹ پروف فائیو اسٹار ہوٹل بھی تعمیر کیا جائےگا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے دو سال میں ملک میں عالمی کرکٹ شروع ہوجائےگی۔

    چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ کراچی میں ہرطرف کچراہے جسے دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، ہم کراچی میں کام کرنا چاہتےہیں لیکن کافی رکاوٹیں درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کوترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتےہیں، ہماری خواہش ہے کہ ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ اورہر بچےکے ہاتھ میں ڈگری ہو۔

  • ملک ریاض کابرمی مسلمانوں کیلئے 10 کروڑروپے امداد کا اعلان

    ملک ریاض کابرمی مسلمانوں کیلئے 10 کروڑروپے امداد کا اعلان

    اسلام آباد : وزیر اعظم میاں نواز شریف  نے روہنگیا مسلمانوں کیلئے ریلیف کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جبکہ ملک ریاض نے دس کروڑروپےامدادکااعلان کیا ہے۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ریلیف کمیٹی روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے بنائی گئی ہے۔ کمیٹی میں وزیر داخلہ مشیر خارجہ،اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شامل ہیں۔

    ملک ریاض کی جانب سے بھی روہنگیا مسلمانوں کےلیے دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا گیا ہے، ملک ریاض ترک صدر کے بعد مددکرنیوالی دوسری شخصیت بن گئے۔

    بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض نے برما میں بد ھ پروھتوں کے ہاتھوں مظالم کے شکار مسلمانوں کیلئے دس کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و تشدد آگاہی کے بعد ملک ریاض بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکےاور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کے بعد روہنگیا مسلمانوں کیلئے امداد دینے والے دوسرے شخص بن گئے۔

    ترک صدر نے سمندر میں گھرے روہنگیا مسلمانوں کیلئے خوراک اور امداد بھیج کر اس کام میں پہل کی تھی۔

  • بحریہ ٹاؤن ممبران کیلئے 10مرسڈیز گاڑیوں کی قرعہ اندازی کی تقریب

    بحریہ ٹاؤن ممبران کیلئے 10مرسڈیز گاڑیوں کی قرعہ اندازی کی تقریب

    کراچی : بحریہ گولف سٹی کراچی اور بحریہ گولف اوورسیز بلاک کراچی کے ممبران کیلئے دس مرسڈیز گاڑیوں کی قرعہ اندازی کی تقریب بحریہ ٹاؤن کراچی سائٹ آفس پر منعقد کی گئی۔

    ایک ہزار سے لیکر دو ہزار اسکوائر یارڈ کے رہائشی اور دیگر لگژری ولاز کے ممبران قرعہ اندازی میں شریک ہوئے ۔ اس موقع پر بحریہ ٹاؤن کے چیف ایگزیکٹو احمد علی ریاض ملک بھی موجود تھے ۔

    پانچ سو اسکوائر یارڈ ز کے رہائشی پلاٹس اور لگژری ولاز کے ممبران کو بھی بذریعہ قرعہ اندازی کے ذریعے چالیس ٹویوٹا کرولا گاڑیاں اگلے مرحلے میں دی جائیں گی ۔

    بحریہ گولف سٹی اور بحریہ گولف سٹی اوورسیز بلاک نے پاکستان کا پہلا گولف کورس رہائشی پروجیکٹ پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے ۔جس کو دبئی کے ایمریٹس ہل کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔

  • بحریہ ٹاؤن کے تعمیر کردہ کلفٹن فلائی اوور اور انڈر پاسزکا افتتاح

    بحریہ ٹاؤن کے تعمیر کردہ کلفٹن فلائی اوور اور انڈر پاسزکا افتتاح

    کراچی: بحریہ ٹاؤن کے تعمیر کردہ کلفٹن فلائی اوور اور انڈر پاسزکا افتتاح ہوگیا، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض تھے۔

    بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کراچی میں کلفٹن فلائی اوور، تین انڈر پاسز اور دو زیرزمین گزرگاہوں کا افتتاح ہوگیا۔

    دو کلو میٹر رقبے سے زائد پر مشتمل پراجیکٹ کا افتتاح بحریہ ٹاؤن کے ستر سالہ کارکن غلام جیلانی نے کیا، جو ایک برس کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے ۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب میں چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض کا کہنا تھا کہ تاجر سرمایہ کاری کریں ملک دو سال میں یورپ امریکہ کی طرح بن سکتا ہے۔

    تقریب سے خطاب میں ملک ریاض نے سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کا بھی شکریہ ادا کیا، ملک ریاض کا کہنا تھا کہ بیس اعشاریہ آٹھ ارب روپے لاگت کے یہ منصوبے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کراچی والوں کے لئے تحفہ ہیں۔

  • عدالت کی جانب سے ملک ریاض کو ’بحریہ‘  نام کے استعمال کی اجازت

    عدالت کی جانب سے ملک ریاض کو ’بحریہ‘ نام کے استعمال کی اجازت

    راولپنڈی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نےبحریہ ٹاؤن کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔

    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے بحریہ ٹاؤن کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سول کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا اور دراخوست گزار کو بحریہ ٹاؤن کانام استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔

    دراخوست گزار کے وکیل نے سول کورٹ کے فیصلے کے خلاف دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن سے ہزاروں لوگوں کو روزگار جڑا ہوا اور عوام اس پر اعتماد کرتے ہیں ۔

    فاضل عدالت سو ل کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردئیے اور آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کا ہدایت کی ۔

    سول کورٹ نے بحریہ ٹاون کانام استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی تھی ۔تاہم اب بحریہ ٹاؤن معمول کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی۔

  • کراچی کو بجلی کی فراہمی : بحریہ ٹاؤن اورکے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ

    کراچی کو بجلی کی فراہمی : بحریہ ٹاؤن اورکے الیکٹرک کے درمیان معاہدہ

    کراچی : بحریہ ٹاؤن نے کراچی کو بجلی کی بلا تعلطل فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کے ساتھ تاریخی معاہدہ کیا ہے،بجلی کی یقینی فراہمی کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ تقسیم کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

    بحریہ ٹاؤن نے کراچی کو بلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی اور لوڈشیڈنگ سے نجات کیلئے کے الیکٹرک سے مختلف معاہدے کئے ہیں جن کے تحت بحریہ ٹاؤن کے الیکٹرک کے ساتھ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔

    گزشتہ روز بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک کے درمیان شراکت کے معاہدوں پر دستخط کئے گئے ، بحریہ ٹاؤن پرائیوٹ لمیٹڈ کی جانب سے وائس چیف ایگزیکیٹو زین ملک جبکہ کے الیکٹرک اوبراج گروپ کمپنی کی جانب سے چیئرمین طیب ترین نےمعاہدے پر دستحط کئے۔

    معاہدے کے تحت بحریہ ٹاؤن اور کے الیکٹرک آئندہ تین سے چار سال میں اربوں کی سرمایہ کاری سے کوئلے یا ایل این جی سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام کریں گے۔

    ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارا مل جائیگا ، بجلی کی تقسیم اور اس کا زیاں روکنے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائیگی۔

    اس موقع پر چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین ، چیئرمین کے الیکٹرک تابش گوہر اور چیف ایگزیکیٹو بحریہ ٹاؤن احمد علی ریاض ملک بھی موجود تھے۔

  • الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

    الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

    حیدرآباد: گورنرسندھ عشرت العباد اوربزنس ٹائیکون ملک ریاض نے مشترکہ طورپرحیدر آباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ ’یونیورسٹی کی تعمیر کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔

    اس موقع پربحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کا کہنا تھا کہ اس یونیورسٹی کی تعمیر پر 40 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں سیاست دان نہیں ہوں اور نہ ہی سیاست میں دلچسپی لوں گا۔ انہوں اسلامی دنیا میں یونیورسٹیز کی قلیل تعداد پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

    انہوں اعلان کیا کہ یونیورسٹی کے علاوہ الطاف حسین کے نام پراسکول اوراسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہ یونیورسٹی میں الطاف حسین کے نام سے اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین صرف سیاسی رہنماء ہی نہیں بلکہ وہ ایک استاد اورفلسفی بھی ہیں۔

    الطاف حسین کا اظہارِ مسرت

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے حیدرآباد میں یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے حیدر آباد شہر میں اپنے نام سے منسوب یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کہا کہ چیئرمین بحریہ ملک ریاض حسین کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے حیدرآباد کے شہریوں کی 55 سالہ امید کو پورا کیا، ملک ریاض بے سہارا لوگوں کی امید ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے ملک ریاض کو فرشتہ بناکرگورنر سندھ کے پاس بھیجا، حیدرآباد میں یونیورسٹی کا قیام میری دیرینہ خواہش تھی جس کا اظہار ڈاکٹرعشرت العباد سے کیا تھا۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا بھی یونیورسٹی کے قیام کے لئے زمین کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگریہ اعلان آپ کے دور میں ہوجاتا تو زیادہ بہترہوتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس یونیورسٹی میں الطاف حسین کے رشتے داروں کو داخلہ نہیں ملے گا بلکہ میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ صرف اردو بولنے والوں کی یونورسٹی نہیں بلکہ منشور کے مطابق ہرشہر، ہرزبان اورہرمذہب کے لوگوں کی یونیورسٹی ہے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ جتنا علم حاصل کرو گے اتنے ہی خوشحال ہوں گے آسودہ حال ہوگے اورلوگوں کی مدد کرسکو گے،جو قومیں علم سے بے بہرہ ہوتیں ہیں وہ مردہ قومیں کہلاتی ہیں اوروہ جہالت کے اندھیروں میں گم ہوجاتی ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی بھی تعلیم پر توجہ نہیں دی گئی او اسی سبب ہم کشکول اٹھا کر دنیا میں بھیک مانگنے پرمجبورہیں جبکہ تعلیم حاصل کرنے والی قومیں آج سپر پاوربن چکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے پاس جب تعلیم کی وزارت آئی تو پورسے سند ھ میں 400 نئے اسکول تعمیر کیے لیکن افسوس کہ ایم کیو ایم کی وزارت ختم ہوتے ہی وڈیروں نے ان اسکولوں پر قبضہ کرکے انہیں اپنی اوطاق میں تبدیل کردیا۔

    انہوں نے صوبائی اوروفاقی حکومت سے درخواست کی کہ ملک میں فوری طور پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے تاکہ دہشت گردی سمیت ملک کے دیگرگھمبیر مسائل کو شکست دی جاسکتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ انکی کبھی بھی ملک ریاض سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن دل کو دل سے راہ ہوتی ہے ، انہوں نے ملک ریاض کی دسترخوان کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’’ملک ریاض حیدرآباد شہر آپ کا ہے آپ ایک نہیں 100 دسترخوان بنائیں۔‘‘

    انہوں ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں سے کہا کہ آئیں اورامتحان میں بیٹھیں مستحق طلبہ کے لئے 50 اسکالر شپس ملک ریاض نے اعلان کی ہوئی ہیں، اور یونیورسٹی کی فیس کم ہوگی۔

    یونیورسٹی گلستانِ سرمست میں قائم کی جارہی ہے اوراس کا ڈیزائن نیرعلی دادا بھائی نے تیار کیا ہے۔ یونیورسٹی دوکروڑ روپے کی لاگت سے دو سال کی مدت میں تیارہوگی۔

  • ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    لاہور: چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے پنجاب میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے پچاس کروڑ کی امداد کااعلان کردیا ہے۔

    اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض کاکہناتھا کہ،’’حکومت کے علاوہ یہ ہم سب کی ذمہ د اری ہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لئے انہوں خوراک اور طبی سہولیات پہنچائیں جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی قحط سے متاثرہ علاقے تھر پارکر میں امدادی سرگرمیاں سرِانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر گھرانوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آگے آئیں،

    اس سے قبل بھی ملک ریاض تھر کے متاثرین کے لئے بیس کروڑ کی امداد فراہم کرچکے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیرِاعظم نواز شریف نے بھی سیلاب سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں ان کو امدادی کاموں سمیت اب تک کی تمام صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔