Tag: Beijing

  • بیجنگ میں موسم کی تباہ کاری، 34 افراد ہلاک

    بیجنگ میں موسم کی تباہ کاری، 34 افراد ہلاک

    بیجنگ (29 جولائی 2025): چین کے شہر بیجنگ میں تباہ کن بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے 34 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ دارالحکومت بیجنگ اور اس کے گرد و نواح میں اچانک شدید بارش نے ایک ’ٹریپ‘ کا کردار ادا کیا، اور لوگوں کو وقت نہ مل سکا، جس کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں، ایک سال کے دوران ہونے والی بارش محض ایک ہی ہفتے میں برس پڑی۔

    سب سے زیادہ ہلاکتیں شہر کے پہاڑی شمالی اضلاع میں ہوئیں، لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں کے بند ٹوٹنے اور سڑکوں کے بہہ جانے کے واقعات پیش آئے، بیجنگ کے شمالی علاقوں میں 543 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    بتایا جا رہا ہے کہ 80 ہزار لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں، سیلاب کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند اور 136 سے زائد دیہاتوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی بیجنگ میں 300 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے۔

    پیر کی رات طوفان کے عروج پر ہونے کے باعث سینکڑوں پروازیں اور متعدد ٹرین خدمات تاخیر کا شکار یا معطل ہو گئیں، حکومتی اعلان پر ہنگامی بنیادوں پر اسکول بند، تعمیراتی کام، سیاحت اور دیگر سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، چینی صدر شی جن پنگ نے تمام اداروں کو ریسکیو اور تلاش کے کاموں میں تیزی لانے کا حکم دے دیا ہے۔

    ماہرین نے صورت حال کو ’بارش کی ٹریپ‘ قرار دیا، زیادہ تر بارش بیجنگ کے پہاڑی شمال میں دیوارِ عظیم کے قریب ہوئی، شنہوا نیوز کے مطابق جس میں کم از کم 28 اموات ضلع مییون اور دو یان کنگ میں رپورٹ ہوئیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ سیلاب اچانک ہی آیا، اور بچاؤ کا کوئی راستہ نہیں تھا۔

  • یوکرین یا تائیوان پر حملہ کیا تو ماسکو اور بیجنگ پر شدید بمباری کروں گا!

    یوکرین یا تائیوان پر حملہ کیا تو ماسکو اور بیجنگ پر شدید بمباری کروں گا!

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدر بننے سے قبل کی آڈیو لیک سی این این کے ہاتھ لگ گئی، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ”یوکرین یا تائیوان پر حملہ کیا تو ماسکو اور بیجنگ پر شدید بمباری کروں گا“۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آڈیو ریکارڈنگ گذشتہ سال عطیات جمع کرنے کی نجی تقریبات کے دوران کی ہے، آڈیو لیک میں ڈونلڈ ٹرمپ نے، روس اور چین کو یوکرین اور تائیوان پر حملے سے باز رکھنے کے لئے، ماسکو اور بیجنگ پر بمباری کی دھمکی دی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق آڈیو ریکارڈنگ میں ٹرمپ کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ میں نے، یوکرین پر ‘حملے’ سے باز رکھنے کے لیے، روس کے صدر ولادی میر پوٹن کو ماسکو کو تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    آڈیو میں ٹرمپ کہہ رہے ہیں کہ روسی صدر سے کہا تھا کہ اگر تم یوکرین میں داخل ہوئے تو میں ماسکو کو زمین بوس کر دوں گا، میرے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

    چین کو بھی بتا دیا کہ اگر تم نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم بیجنگ پر بمباری کریں گے۔ اقتدار میں ہوتا تو غزہ اور یوکرین کی جنگیں نہ ہوتیں۔

    ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیرف عائد کردیا:

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر یکم اگست سے 35 فیصد نیا ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا، جس سے امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

    امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر ممالک کو بھی متنبہ کیا کہ وہ امریکی برآمدات پر اگر رعایتیں نہیں دیتے تو انہیں بھی دوگنا ٹیرف دینا پڑے گا، ہم دیگر تمام ممالک پر بھی 15 سے 20 فیصد کے درمیان عمومی ٹیرف عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    امریکی صدر نے دنیا کے متعدد ممالک کو خطوط بھیجے جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ اگر وہ یکم اگست سے پہلے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کرتے تو ان پر نئی شرح سے ٹیرف لاگو کردیا جائے گا۔

    غزہ میں جنگ بندی کب ہوگی؟ نیتن یاہو کا اہم بیان

    رپورٹس کے مطابق ان خطوط میں سب سے اہم خط کینیڈا کو بھیجا گیا جو امریکا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے کرنے کے لیے 21 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

  • 50 افریقی ممالک کے سربراہان بیجنگ پہنچ گئے

    50 افریقی ممالک کے سربراہان بیجنگ پہنچ گئے

    بیجنگ: چین افریقہ تعاون فورم کے سلسلے میں 50 افریقی ممالک کے سربراہان بیجنگ پہنچ گئے، چینی صدر شی جِن پنگ نے عظیم عوامی ہال میں افریقی رہنماؤں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔

    چین-افریقہ تعاون سربراہی اجلاس کا یہ نواں فورم ہے، جس میں چین نے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے سیاسی و اقتصادی بحران کے وقت افریقی ممالک کے ساتھ معاملات آگے بڑھانے کے ہدف پر نگاہ مرکوز کر رکھی ہے، روئٹرز نے لکھا ہے کہ فورم میں افریقی رہنماؤں پر زور دیا جائے گا کہ وہ چینی اشیا کی درآمدات میں اضافہ کریں، اور اس کے بدلے انھیں قرضوں اور سرمایہ کاری کے وعدے کیے جائیں گے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فورم میں انفراسٹرکچر، توانائی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے کیے جائیں گے، صدر شی جن پنگ نے استقبالیہ میں کہا کہ اس فورم کے ذریعے چین اور افریقی ممالک نئی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق ’چین افریقہ تعاون فورم‘ کے سربراہی اجلاس کے اہم موضوعات میں سے ایک موضوع امن اور سلامتی بھی ہوگا۔

    یہ تین سالہ فورم ہے، اور یہ جمعہ کو اختتام پذیر ہوگا، تعاون کی دستاویزات پر بات چیت کے بعد اس فورم کے ذریعے چین-افریقہ تعلقات کو 2027 تک آگے بڑھایا جائے گا۔ چین نے گزشتہ سال افریقہ کو 4.61 ارب ڈالر کے قرضوں کی منظوری دی تھی۔

    الجزیرہ نے رپورٹ کیا کہ گزشتہ سربراہی اجلاسوں میں ہونے والے معاہدوں نے اگر ایک طرف بیجنگ کے لیے افریقہ کی خام مال کی منڈیوں تک وسیع رسائی دی، تو دوسری طرف افریقی ممالک میں بھی ڈالرز میں زبردست سرمایہ کاری کا راستہ کھلا۔

    بی بی سی کے مطابق گزشتہ 20 برسوں میں چین کی سفارت کاری کا یہ نتیجہ نکلا ہے کہ وہ دنیا کے تمام ممالک کی نسبت اب افریقہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ افریقہ کی ایکسپورٹس کا پانچواں حصہ چین کی طرف جاتا ہے، جس میں زیادہ تر دھاتیں، معدنی مصنوعات اور ایندھن شامل ہیں، امریکی ڈالرز میں دیکھا جائے تو 2001 سے ان برآمدات میں 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔ دوسری طرف تیار شدہ سامان اور مشینری کی درآمد کے لیے افریقی ممالک کا واحد بڑا ذریعہ چین ہے۔

    بی بی سی کے مطابق اس باہمی تجارت کا توازن زیادہ تر معاملات میں چین کے حق میں ہے، یہی وجہ ہے کہ استقبالیہ تقریب میں جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا نے کہا کہ وہ تجارتی خسارے کو کم کرنا اور اپنی تجارت کی ساخت کو درست کرنا چاہتے ہیں۔ چناں چہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ چین جنوبی افریقہ میں ملازمتوں کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

    چین وہ نمایاں ملک ہے جو افریقی ممالک کو بھاری قرضے فراہم کر رہا ہے، اور کینیا سمیت گھانا، زیمبیا اور ایتھوپیا چین کے قرضوں تلے دبے ہوئے ہیں۔ اس سربراہی اجلاس میں افریقی ممالک کی جانب سے قرضے ایک اہم ایشو ہے جس پر بات چیت کی جائے گی۔

  • بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا

    بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا

    بیجنگ: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جدید تاریخ کی طویل ترین سرد لہر نے شہر کو سرد جہنم بنا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ میں برف باری کا 7 دہائیوں کو ریکارڈ ٹوٹ گیا، چین کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک گر گیا۔

    بیجنگ نے دسمبر 1951 کا زیرو درجہ حرارت کا ریکارڈ توڑ دیا، چین میں انیس سو اکیاون میں درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھنے کا آغاز ہوا تھا، تب سے اب تک شہر میں اتنی طویل سردی کبھی نہیں دیکھی گئی۔

    سردی کی لہر نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس کے نتیجے میں برفانی طوفان کے سبب درجہ حرارت تاریخی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ چین کے شمالی اور شمال مشرقی حصوں میں درجہ حرارت منفی چالیس ڈرگری تک گر گیا، اور چین کے بعض حصوں میں سردی کی لہر آرکٹیک ریجن سے بھی زیادہ تیز ہے۔

    بیجنگ ڈیلی کے مطابق 11 دسمبر کو درجہ حرارت پہلی بار صفر ڈگری سے نیچے گرا تھا، اس کے بعد درجہ حرارت 300 گھنٹے سے زیادہ نقطہ انجماد سے نیچے ہی رہا، دارالحکومت بیجنگ میں مسلسل 9 دن درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے رہا، چین کے مرکزی صوبے حنان میں کئی سسٹمز فیل ہو گئے ہیں، اسپتالوں، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں کو حرارتی وسائل کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

  • چین : ریستوران میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 17 افراد جھلس کر ہلاک

    چین : ریستوران میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، 17 افراد جھلس کر ہلاک

    بیجنگ : چین کے ایک ریستوران میں آتشزدگی سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ چین کے صوبے جیلن کے شہر چانگ چون میں پیش آیا، اس شہر کے مقامی ریستوران میں آگ لگنے کے باعث 17 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    ریسٹورنٹ میں آگ لگنے کی تفصیلی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے واقعے کی دیگر زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریستوران میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم دو گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے حادثے میں تمام ہلاک اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ چین میں ایک ماہ کے دوران یہ آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ رونما ہوا ہے جب کہ اس سے قبل 16 سمتبر کو 42 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

  • بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ

    بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ

    بیجنگ: چین میں بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں کورونا پھر سر اٹھانے لگا، صوبہ سیچوان میں کرونا کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

    چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ سیچوان کے مخلتف شہروں میں 440 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    کرونا کے نئے کیسز سامنے آنے پر بیجنگ اور اس کے اطراف متعدد علاقوں میں کرونا پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے، چینگ ڈو شہر میں سفری پابندیاں بھی عائد کر دی گئی ہیں، اور ٹیکنالوجی ہب شینزین شہر کے 2 اضلاع میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

    صوبہ ہوبائی میں لوگوں کو گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئیں، سنیما، بارز اور پارکس بند کر دیے گئے۔

  • وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، کن امور پر گفتگو ہوئی؟ اعلامیہ جاری

    وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، کن امور پر گفتگو ہوئی؟ اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی؟ کون کون سے امور زیر بحث آئے؟ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں ہوئی، اکتوبر 2019میں وزیراعظم کے دورہ چین کےبعد دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات تھی۔

    اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم عمران خان نے اولمپک سرمائی کھیلوں کی کامیاب میزبانی پر چینی قیادت کو مبارکباد دی اور چین کے نئے قمری سال پر چینی عوام کے لئےنیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم ساتھی، مضبوط حامی اورآئرن برادر ہے، پاکستان اور چین کی شراکت داری نے وقتی آزمائشوں کا مقابلہ کیا اور دونوں ممالک امن، استحکام، ترقی وخوشحالی کیلئےشانہ بشانہ کھڑے رہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ، چین سی پیک منصوبےسے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو جیو اکنامکس، پاکستان کی پائیدار ترقی سے آ گاہ کیا اس موقع پر صنعتی ترقی، زرعی ٹرانسفارمیشن پلان ،علاقائی روابط کیلئے پالیسیوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا، وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی، اقتصادی ترقی کیلئےچین کی مسلسل حمایت اور مدد پر اظہار تشکر کیا، پاکستان،چین میں شراکت داری خطے میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی امن پر تبادلہ خیال کیاگیا، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے چینی صدر کو آگاہ کیا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم علاقائی امن واستحکام کیلئےخطرہ ہیں، بھارت میں تیزی سے بڑھتی عسکریت پسندی علاقائی استحکام کونقصان پہنچارہی ہے۔

    پاک چین قیادت نے اتفاق کیا کہ مستحکم افغانستان اقتصادی ترقی، رابطوں کوفروغ دےگا، وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانی تباہی روکنے میں افغان عوام کی مددکرے۔

    اعلامیئے کے مطابق وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے صنعتی،خلائی تعاون سمیت ویکسین فراہمی پر متعدد معاہدوں پراظہار اطمینان کیا۔

    وزیراعظم نےچینی صدر سےبڑھتے پولرائزیشن کےبارےمیں خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پولرائزیشن سے عالمی ترقی ،ترقی پذیر ممالک کوسنگین خطرات ہیں، موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض ،عدم مساوات ناقابل تسخیرچیلنجزہیں، چیلنجز سے صرف یواین چارٹر کے مطابق تعاون کیساتھ ہی نمٹا جا سکتا ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چینی ہم منصب اور ازبکستان کے صدر سے ملاقاتیں کیں،وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں کشمیر اور افغانستان گفتگو کے اہم موضوعات رہے۔

     یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی چینی ہم منصب اور ازبک صدر سے ملاقات

    اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ چین کے دوران مختلف سرکاری و نجی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں بالخصوص ملک کے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کیلئے مراعات کی پیشکش کو اجاگر کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی کاروباری تعلقات میں اضافہ کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں بالخصوص ملک کے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری کیلئے مراعات کی پیشکش کو اجاگر کیا۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی کمپنیوں کو ان کے کاروبار کے فروغ کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ملاقاتوں کے دوران کابینہ اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم ہمراہ تھے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نے ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

  • وزیر خارجہ کی چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات

    بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مثالی نوعیت کی حامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری مثالی نوعیت کی حامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک امن، استحکام، ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان نے ہمیشہ چین کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان اور چین اس سلسلے میں قریبی تعاون کو برقرار رکھیں گے۔

  • وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم آج چینی صدر کے ظہرانے میں شرکت کریں گے

    بیجنگ: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے جبکہ چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین چائنا انرجی انجینیئرنگ کارپوریشن کی میٹنگ ہوگی، میٹنگ میں کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے پر عملدر آمد سے متعلق گفتگو ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کے بعد وزیر اعظم گریٹ ہال روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی صدر کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج شام کو وزیر اعظم ازبکستان کے صدر سے ملاقات کریں گے، چینی وزیر اعظم اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جس کے بعد اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں دوبارہ سرمایہ کاروں سے میٹنگز ہوں گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مائننگ اور ہاؤسنگ کمپنیوں کی مینجمنٹ پاکستان میں سرمایہ کاری پر گفتگو کرے گی۔ وزیر اعظم کی تھنک ٹینکس سے ملاقات بہت مفید رہی، چینی صدر اور وزیر اعظم سے ان کی ملاقات کل ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے بعد جس ٹیم کو ویلکم کیا گیا وہ پاکستان کی ٹیم ہے، چینی تماشائیوں نے کل پاکستانی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

  • عالمی فائیو جی کنونشن، بیجنگ نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    عالمی فائیو جی کنونشن، بیجنگ نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    بیجنگ: چینی دارالحکومت بیجنگ نے عالمی فائیو جی کنونشن کا انعقاد کراتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کنونشن کا موضوع ہے "فائیوجی سب کی جانب سے سب کے لئے” ہے، جس میں بیس ملکوں کے پندرہ سو سے زائد صنعتی ماہرین ، اسکالرز ، کاروباری شخصیات آن لائن شرکت کررہی ہے۔

    کنونشن کا بنیادی مقصد مشترکہ طور پر ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، صنعتی تعاون کا فروغ ، بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں سہولت کاری اور فائیو جی کے میدان میں صنعتی چین تعاون اور جدت کو آسان بنانے میں تعاون پرمرکوز رکھی گئی ہے۔

    تین روز تک جاری رہنے والے کنونشن میں فورمز ، نمائشیں اور فائیوجی پر مبنی ایپلی کیشن کے ڈیزائن کا مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے گا، گیارہ میں سے آٹھ فورمز میں صنعتی انٹرنیٹ ، کاربن میں کمی ، صحت ، تعلیم ، دو ہزار بائیس سرمائی اولمپکس سمیت میڈیا کے شعبوں میں فائیو جی ایپلی کیشنز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ

    واضح  رہے کہ بیجنگ میں شروع ہونے والا یہ کنونشن فائیو جی کے میدان میں دنیا کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے، اس تقریب کا پہلا ایڈیشن بیجنگ میں دو ہزار انیس میں منعقد ہوا تھا۔

    یاد رہے اگست 2019 میں پاکستان میں پہلی بار فائیوجی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا، موبائل کمپنی زونگ نےفائیوجی ٹیکنالوجی کا اسپیڈ ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیا تھا۔