Tag: Beirut Blast

  • بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

    بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت میں قیامت خیز دھماکے کے وقت ایک دلہن کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جو عین دھماکے کے وقت اپنے فوٹو شوٹ میں مصروف تھیں۔

    وہ دن 29 سالہ اسرا صبلانی کی شادی کا دن تھا اور وہ سفید لباس میں ملبوس تصاویر کھنچوا رہی تھیں جب ویڈیو میں قیامت خیز دھماکے کی آواز آتی ہے۔ دھماکے سے پس منظر میں ہوٹل کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ زمین پر مختلف اشیا کا مبلہ بکھر جاتا ہے۔

    صبلانی امریکا میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور واقعے کے روز وہ بیروت کے 34 سالہ بزنس مین سے شادی کرنے جارہی تھیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے اپنی شادی کی تیاریاں کر رہی تھیں اور اس دن کے لیے بے حد خوش تھیں۔ دھماکے کی آواز سن کر انہیں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مرنے والی ہیں۔

    صبلانی اس دن دھماکے کے مقام سے قریب تھیں اور دھماکے کے بعد انہوں نے وہاں پہنچ کر کچھ زخمیوں کو چیک بھی کیا۔

    ان کے شوہر کہتے ہیں کہ وہ اس دھماکے سے اب تک صدمے کی حالت میں ہیں، وہ زندگی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال سے نہیں گزرے۔

    صبلانی اور ان کے شوہر نے اس دن دھماکے کے بعد افسردہ دلی سے شادی کی رسومات مکمل کیں، صبلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے سے متاثر لوگوں کے لیے بے حد افسردہ اور پریشان ہیں۔

  • بیروت دھماکوں میں جانی ومالی نقصان ،حکومت پاکستان اور قوم کی طرف سے لبنان حکومت سے اظہارِتعزیت

    بیروت دھماکوں میں جانی ومالی نقصان ،حکومت پاکستان اور قوم کی طرف سے لبنان حکومت سے اظہارِتعزیت

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیروت دھماکوں میں جانی ومالی نقصان پر حکومت پاکستان اور قوم کی طرف سے لبنان حکومت سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا پاکستان نے ادویات اور خوراک کاعطیہ روانہ کردیا ہے، جو آج لبنان پہنچ جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لبنان کے وزیر خارجہ شربیل واہبہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں بیروت دھماکوں اور المناک سانحہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، شاہ محمودقریشی نے کہا 4اگست کوبیروت دھماکوں میں جانی ومالی نقصان پرہردل گرفتہ ہیں۔

    وزیر خارجہ نے سانحے پر حکومت پاکستان اور قوم کی طرف سے لبنان حکومت سے تعزیت کی اور کیا صدر پاکستان اور وزیراعظم نے بھی سانحے پر لبنانی قیادت سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سانحےکےنتیجےمیں شدیدمعاشی نقصان پربھی بہت دکھ اورافسوس ہے، پاکستان مشکل گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہے، پاکستان نےادویات،خوراک کاعطیہ روانہ کردیاہےجوآج لبنان پہنچ جائے گا، سانحےمیں لبنان حکومت اورعوام کاعزم وحوصلہ قابل تحسین ہے۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے حالات معمول پر آنے کے بعد جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔

    یاد رہے بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 157 ہو گئی ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

  • مشکل گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم عمران خان

    مشکل گھڑی میں لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیروت میں دھماکے کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے، مشکل گھڑی میں ہم لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اللہ زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے اور متاثرہ خاندانوں کو ہمت دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بیروت کی بندرگاہ پر واقع گودام میں ہونے والے دھماکے نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا، دھماکے سے بندرگاہ اور اس کے نواح میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور کاروباری و رہائشی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

    دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے، حکام نے 4 ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

    لبنان کے وزیر اعظم حسن دیاب کا کہنا ہے کہ بیروت کی بندرگاہ پر واقع گودام میں کئی سالوں سے 2 ہزار 750 ٹن ایمونیم نائٹریٹ موجود تھا جو دھماکوں کی وجہ بنا، انہوں نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کو اس تباہی کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔