Tag: Belarus

  • بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    بیلاروس: صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارہ زبردستی اتار لیا گیا

    منسک: یورپی ملک بیلاروس میں ایک صحافی کی گرفتاری کے لیے مسافر طیارے کو زبردستی اتار لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یونان سے لیتھوانیا جانے والی ایک پرواز کو زبردستی بیلاروس میں اتارا گیا، بیلا روس کے سیکیورٹی حکام نے جہاز پر سوار حکومت مخالف سرکردہ اپوزیشن صحافی رومن پروٹا سویچ کو حراست میں لینے کے بعد پرواز کو جانے دیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ بیلاروس نے جہاز میں بم کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنا ایک لڑاکا طیارہ بھیج کر لیتھوانیا جانے والے طیارے کو لینڈنگ پر مجبور کیا، دیگر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 26 سالہ صحافی رومن پروٹا سویچ بیلاروس کی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ایک نمایاں صحافی اور توانا آواز ہیں۔

    رومن پروٹا سویچ رائن ایئر کی ایک پرواز کے ذریعے یونان سے لیتھوانیا جا رہے تھے، ان کی فلائٹ بیلاروس کی حدود سے گزر رہی تھی، جب مقامی فلائٹ کنٹرولر نے فضائی عملے کو جہاز میں بم کے خطرے سے خبردار کیا، اور پائلٹ کو ہدایت کی کہ جہاز کو مِنسک کے ہوائی اڈے پر اتار لیں، اس دوران بیلاروس کا ایک جنگی جہاز اس پرواز کے گرد چکر لگاتا رہا۔

    مسافر بردار طیارے کے مِنسک ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد سیکیورٹی حکام صحافی کو ان کی روسی گرل فرینڈ کے ساتھ حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔

    بیلاروس میں صدر لوکاشینکو کی شخصی حکمرانی کے خلاف سرگرم صحافی رومن پروٹا سویچ کو اس انداز میں حراست میں لیے جانے پر یورپی ممالک نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے، بیلاروس پر مسافر جہاز اغوا کرنے کا الزام لگا کر اس کی سخت مذمت کی گئی، یورپی یونین کی خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے جہاز کا راستہ زبردستی تبدیل کرنے کو ایک قابل مذمت اقدام قرار دیا۔

    اس واقعے کے بعد یورپی یونین اور بیلاروس کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، لیتھوانیا کے صدر گیٹانس ناؤزیڈا نے بیلاروس کے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بِلنکن نے صحافی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

  • روس اور بیلا روس کے درمیان انضمام کے لیے اہم اقدام

    روس اور بیلا روس کے درمیان انضمام کے لیے اہم اقدام

    ماسکو: بیلا روس کے صدر کا کہنا ہے کہ روس اور بیلا روس کے درمیان کرنسی یونین دونوں ممالک کے مابین انضمام کے عمل کی تکمیل کرنا ہے۔

    یورپی ملک بیلا روس کے صدر الیگزنڈر لو کاشینکو نے ایک روسی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ روس اور بیلا روس کے مابین کرنسی یونین دونوں ممالک کے مابین انضمام کے عمل کی تکمیل کرنا ہے۔

    صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین مشترکہ کرنسی یونین کے بارے میں کوئی تفصیلی گفتگو نہیں ہوئی، ہم شروع سے ہی روسی صدر کے ساتھ اس بات پر متفق تھے کہ کرنسی یونین یعنی دونوں ممالک کے درمیان ایک کرنسی کا عہدہ تشکیل پائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کے حوالے سے روس کا قومی بینک اور ہمارا قومی بینک متفق ہیں۔

  • پاکستان اور بیلاروس کے سائنسدانوں کے لیے مشترکہ سائنس مقابلے کا اعلان

    پاکستان اور بیلاروس کے سائنسدانوں کے لیے مشترکہ سائنس مقابلے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان اور بیلا روس نے دونوں ممالک کے شعبہ سائنس سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے سائنس مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان کی وزارت برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور بیلا روس کی اسٹیٹ کمیٹی آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 2 سال کی مدت پر مشتمل اس مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ مقابلے کے تحت دونوں ممالک کے سائنسدان اور محققین سائنس کے شعبے میں مختلف پروجیکٹس کی تجاویز (پروپوزلز) پیش کرسکیں گے۔

    پروجیکٹس مندرجہ ذیل شعبوں میں پیش کیے جاسکتے ہیں: سائنس اینڈ انجینیئرنگ، نینو ٹیکنالوجی، مائیکرو الیکٹرانکس، ایگری کلچرل اینڈ بائیو ٹیکنالوجی (زراعت)، میڈیسن اینڈ فارمیسی (طب)، انرجی اینڈ انرجی سیونگ (توانائی)، انڈسٹریل کیمیکلز اینڈ منرل ایکسپلوریشنز، واٹر مینجمنٹ ٹیکنالوجیز، انوائرمنٹل پروٹیکشن (تحفظ ماحولیات)، اور لیزر ٹیکنالوجی۔

    پروگرام میں دونوں ممالک کے سائنس داں اور انجینیئرز انفرادی طور پر اور مختلف ادارے حصہ لے سکتے ہیں۔ پروجیکٹ پروپوزل ایک یا ایک سے زائد کیٹگریز میں بھیجا جاسکتا ہے جبکہ پروپوزل بھیجنے کی آخری تاریخ 15 اپریل ہے۔

    منتخب کردہ پروجیکٹس کو دونوں ممالک کی جانب سے وسیع پیمانے پر تکنیکی و مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ یہ مقابلہ اس معاہدے کے تحت منعقد کیا جارہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مئی 2015 میں طے پایا تھا۔ معاہدے میں دونوں ممالک نے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔

  • بیلاروس نے وزیرِاعظم نوازشریف کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی

    بیلاروس نے وزیرِاعظم نوازشریف کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی

    منسک : بیلاروس کی اسٹیٹ یونی ورسٹی نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے دی، اس موقع پروزیراعظم کاکہنا تھا کہ تعیلیم ہماری اولین ترجیح ہے ہماری حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں دوگنا اضافہ کیاہے۔

    وزیراعظم نواز شریف ان دنوں بیلاروس کے سرکاری دورے پر ہیں، انہوں نے بیلاروس کی اسٹیٹ یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دینے پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی تاریخ کے اہم ترین موڑ سے گزررہے ہیں، ہمیں سیکیورٹی اورڈیولپمنٹ سے متعلق مسائل درپیش ہیں جن پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہماری حکومت نے تعلیم کے بجٹ کو دوگنا کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے بجٹ کو جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لے جائیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ایشین انفرا اسٹرکچرڈیولپمنٹ بینک کا قیام اہم ہے، پاک چین اکانومک کاریڈور سے خطے کی ترجیحات بدل جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مغربی اور مشرقی ہممسایوں کو تجارتی شاہراؤں کے ذریعے ملاناچاہتے ہیں۔

    انہوں نےتقریر کا اختتام بانی پاکستان کے اس قول سے کیا کہ ’’اقوام کی فلاح و بہبود کا راز انکے دانشوروں میں پوشیدہ ہے‘‘۔

  • وزیراعظم نواز شریف کا بیلاروس میں شاندار استقبال

    وزیراعظم نواز شریف کا بیلاروس میں شاندار استقبال

    منسک :  وزیراعظم محمد نواز شریف بیلاروس کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے بیلاروس کے صدر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے ایئرپورٹ پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔

    مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔ اور ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پاکستان کے کسی وزیراعظم کا بیلا روس کا یہ پہلا دورہ ہے جو وہ بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

    دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور بالخصوص توانائی، سرمایہ کاری اور دفاعی پیداوار کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔

    وزیراعظم منسک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے خصوصی طیارے سے نیچے اترے تو ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ہوائی اڈے کی عمارت پر پاکستان اور بیلا روس کے پرچم سربلند تھے۔

    بیلاروس کے صدر، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے وفد کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ ہوائی اڈے سے صدارتی محل کے تمام راستے کو پاکستان اور بیلاروس کے پرچموں سے آراستہ کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف نے بیلاروس کے صدر ایلگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

    وزیراعظم نواز شریف نے صدر لوکا شینکو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان نے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور منشیات کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ بیلاروس  یادگار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہشمند ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔

  • وزیرِاعظم نواز شریف بیلا روس کے 3 روزہ دورے پرمنسک روانہ

    وزیرِاعظم نواز شریف بیلا روس کے 3 روزہ دورے پرمنسک روانہ

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف بیلا روس کے دورے پرمنسک روانہ ہوگئے۔ جہاں وہ روسی صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم نواز شریف بیلاروس کے تین روزہ دورے کے لئے روانہ ہو گئے، دورے میں وزیراعظم نواز شریف بیلا روس کے صدر سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم کی بیلاروس کے ہم منصب کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔

    وزیراعظم نواز شریف اور بیلاروس کے صدر پاک بیلاروس مشترکہ بزنس فورم کا افتتاح کریں گے۔ بیلاروس کی اسٹیٹ یونیورسٹی وزیرِاعظم کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے گی۔

    وزیراعظم نواز شریف بیلاروس کے ایوان نمائندگان اور کونسل آف ری پبلک کے چیئرمین سے بھی ملاقات کریں گے۔