Tag: Belgorod

  • یوکرین نے روس کے علاقے بیلگرد پر بمباری کر دی، متعدد ہلاکتیں

    یوکرین نے روس کے علاقے بیلگرد پر بمباری کر دی، متعدد ہلاکتیں

    کیف: یوکرین نے روس کے علاقے بیلگرد پر بمباری کر دی، جس میں خاتون سمیت 5 افراد ہلاک، 37 زخمی ہو گئے۔

    دی ماسکو ٹائمز کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ جمعہ کی شام روس کے بیلگرد علاقے پر یوکرین کے فضائی حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

    بیلگرد کے گورنر ویاچسلاو گلاڈکوف نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں یوکرینی فوج نے کلسٹر بموں سے حملے کیے، ویمپائر نامی ملٹیپل لانچ راکٹ سسٹم کا استعمال بھی کیا گیا۔

    vampire-rocket-system

    شیلنگ میں زخمی ہونے والوں میں سے 3 بچوں سمیت 7 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، حملے سے 2 کثیرالمنزلہ عمارت کی چھتوں میں سوراخ ہو گئے ہیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    تیز دھار دھاتی اشیا لگنے سے 9 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جب کہ ایک اور قصبے پر حملے سے 2 گھروں، ایک گاڑی اور گیراج کو آگ لگ گئی۔

    روسی حکام کا کہنا ہے کہ کرسک، بریانسک اور بیلگرد میں روس کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • روسی شہر دھماکوں سے گونج اٹھا، ہلاکتیں

    روسی شہر دھماکوں سے گونج اٹھا، ہلاکتیں

    بیلگورود: روسی شہر بیلگورود دھماکوں سے گونج اٹھا، دھماکوں میں کم از کم 5 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اتوار کو بیلگورود اوبلاسٹ کے علاقائی گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کی سرحد کے قریب روسی شہر بیلگورود میں کئی دھماکوں سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

    گورنر ویاچسلاو گلادکوف نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر پوسٹ کیا کہ کم از کم 11 رہائشی عمارتوں اور 39 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے پانچ تباہ ہو گئے ہیں۔

    گورنر کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، فضائی دفاعی نظام بھی متحرک ہو گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ دھماکوں میں چار افراد زخمی ہوئے، 2 اسپتال میں داخل ہیں، جن میں ایک 10 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

    روئٹرز کا کہنا ہے کہ فی الوقت آزادانہ طور پر ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے، یوکرین کی جانب سے بھی ان اطلاعات پر فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

    واضح رہے کہ بیلگورود، یوکرین کی سرحد سے تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) شمال میں تقریباً 4 لاکھ آبادی پر مشتمل شہر ہے، جو بیلگورود اوبلاسٹ ریجن کا انتظامی مرکز ہے۔

    جب سے روس نے 24 فروری کو یوکرین پر اپنا حملہ شروع کیا ہے، بیلگورود اور یوکرین کی سرحد سے متصل دیگر علاقوں پر حملوں کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں، ماسکو بھی کیف پر حملوں کا الزام لگا چکا ہے۔