Tag: Ben Gurion Airport

  • ایران کا ممکنہ حملہ، بن گورین ایئرپورٹ خالی کروالیا گیا

    ایران کا ممکنہ حملہ، بن گورین ایئرپورٹ خالی کروالیا گیا

    ایران کے ممکنہ شدید ردعمل کے باعث اسرائیل کے بن گورین ایئرپورٹ سے یکے بعد دیگرے 8 مسافر طیارے روانہ ہوگئے، جس کے بعد ایئرپورٹ خالی کروا لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بن گورین ایئرپورٹ کو طیاروں سے خالی کرالیا گیا ہے، ایئرپورٹ سے تمام طیاروں کو ہٹالیا گیا ہے۔

    اسرائیلی ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے، بن گورین ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور ہوائی اڈے کو مکمل طور پر خالی کروالیا گیا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسکی قومی ایئرلائن نے بھی اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں، دیگر فضائی کمپنیوں نے اپنے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ ایئرپورٹ کا رُخ نہ کریں اور گھروں میں ہی رہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل کے حملے کے بعد ایران، عراق،شام اور اردن کی فضائی حدود بند کردیں اور ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کردیا۔

    خبر ایجنسی نے بتایا کہ تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں اور پروازوں کا رخ دوسری جانب موڑ دیا گیا ہے۔

    عراقی نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ عراقی فضائی حدود بند کرکے تمام ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، بین الاقوامی مارکیٹس میں شدید مندی

    مشرقی عراق، جو ایران کی سرحد کے قریب واقع ہے، دنیا کے مصروف ترین فضائی راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے ہر وقت درجنوں پروازیں یورپ، خلیجی ممالک اور ایشیا کی طرف جاتی ہیں تاہم پروازوں کا رخ آہستہ آہستہ وسطی ایشیا یا سعودی عرب کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب اردن کی وزارت خارجہ نے بھی کہا کہ فضائی حدود بند کر چکے ہیں، اپنی فضائی حدود کونہ میدان جنگ بننے دیں گے اور نہ ہی اس کی خلاف ورزی برداشت کریں گے۔

  • تل ابیب میں فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا

    تل ابیب میں فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا

    اسرائیل کے لبنان پر کئے گئے حملوں کے ردِ عمل میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پرراکٹ برسانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب تل ابیب میں بن گورین ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے 250 سے زائد میزائل داغے جس سے متعدد اسرائیلی زخمی ہوئے، جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، ایک فیکٹری بھی نشانہ بنی۔

    لبنانی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی بمباری سے لبنان میں ایک ہی روز میں 84 افراد جام شہادت نوش کرگئے۔

    حزب اللہ نے بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے کے جواب میں راکٹ حملے میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے قریب ایک ہدف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ اشدود بحری اڈے پر بھی ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے راکٹ حملے تل ابیب اور نہاریہ کے قریب اسرائیلی افواج کے نقصان کا سبب بنے۔

    ’ایران اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے‘

    اسرائیل نے بیروت کے حزب اللہ کے زیر کنٹرول جنوبی علاقوں پر بھی حملے کیے ہیں، جہاں گزشتہ دو ہفتوں سے بمباری میں شدت دیکھی جارہی ہے۔ اس دوران امریکہ کی جانب سے جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔

  • اسرائیلی ایئرپورٹ کے جی پی ایس سسٹم میں خرابی کا الزام روس پر عائد

    اسرائیلی ایئرپورٹ کے جی پی ایس سسٹم میں خرابی کا الزام روس پر عائد

    یروشلم : صہیونی ریاست کا فضائی نیوی گیشن سسٹم کچھ دنوں سے نامعلوم ذرائع سے بار بار جام کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں صہیونی حکام سخت پریشان ہیں، جس کے باعث اسرائیلی حکام نے بعض فضائی روٹس بھی تبدیل کردئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلوبل جیوگرافک پوزیشننگ سسٹم(جی پی ایس ) کو گذشتہ تین ہفتوں سے بار بار خرابی کا سامنا ہے۔ بعض ذرائع ابلاغ نےدعویٰ کیا ہے کہ اس خرابی کے پیچھے روس کا ہاتھ بتایا ہے۔

    اسرائیلی ہوائی اڈوں کی ذمہ دار اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھاکہ فضائی طیاروں کی درست سمت کی نشاندہی کرنے والے نظام میں خرابی کا سبب معلوم نہ ہونے سے حکام پریشان ہیں، جس کے باعث بعض فلائیٹس کے روٹ تبدیل کردیے گئے ۔

    عبرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کوفضائی جہاز رانی کے نظام میں بار بار خلل پیدا ہونے پر تشویش ہے اور انہوں نے تنگ آکر بعض فضائی روٹس تبدیل کردیے ہیں، ہوائی اڈوں کے حکام نے ہوابازوں کو کہا ہےکہ وہ موجودہ ‘جی پی ایس’ سسٹم پر زیادہ انحصار نہ کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس فنی خرابی سے ابھی تک کوئی نقصان نہیں ہوا ہے، اسرائیلی فضائیہ کے ماہرین خلل پیدا کرنے کے مصدر کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

    بین الاقوامی کمرشل فلائیرز ایسوسی ایشن کی طرف سے گذشتہ ہفتے اپنی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انہیں متعدد ہوابازوں کی طرف سے شکایت ملی ہے کہ اسرائیل کے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اطراف میں ‘جی پی ایس’ کے سگلنل نہیں ہو رہے ہیں۔

    ان رپورٹس کے بعد اسرائیلی ریڈیو نے بتایا کہ جی پی ایس سسٹم میں خرابی کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔