Tag: benefit of oranges

  • کھٹا ہونے کے باوجود ’کینو‘ موسم سرما میں کتنا مفید ہے؟

    کھٹا ہونے کے باوجود ’کینو‘ موسم سرما میں کتنا مفید ہے؟

    کینو اور مالٹے موسم سرما کی ایک خوبصورت سوغات ہیں یہ غذائیت سے بھرپور پھل ہیں، یہ جلد کو مضبوط اور صاف رکھتے ہیں اور بہت سی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں بے حد کارآمد ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر غذائیت حنا انیس نے ناظرین کو کینو کے فوائد اور اس کے استعمال کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات مشہور ہوگئی ہے کہ کینو کو کھانا نہیں پینا چاہیے یہ بالکل غلط ہے کینو کا صرف جوس ہی نہیں بلکہ یہ پورا کا پورا فائدہ مند ہے اس کو چبا کر کھانا چاہیے اس کی جو وائٹ چھلی ہوتی ہے اس میں جو وائٹ جھلی ہوتی ہے اس میں سب سے زیادہ وٹامن سی اور کیلشیئم ہے۔

    حنا انیس نے بتایا کہ کینو کے بیج بھی بہت فائدہ مند ہیں یہ گردوں سے زہریلے مادے کو خارج (ڈی ٹاکس) کرتے ہیں، لیکن اس کے استعمال کو طریقہ الگ ہے کیونکہ یہ کڑوے ہوتے ہیں لہٰذا ان کو سکھانے کے بعد ابال کر اس کا قہوہ پیئیں، جن بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہوتے ہیں ان کیلئے بھی مفید ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس پھل میں موجود وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو بہتر کرتا ہے جو کہ موسمی بیماریوں یا انفیکشن وغیرہ کے خلاف مزاحمت کرتا ہے جبکہ کینسر کا باعث بننے والے فری ریڈیکلز کو بھی کم کرتا ہے۔

    اس کے علاوہ یہ بھی افواہ ہی ہے کہ کھٹے کینو کھانے سے گلا خراب ہوجائے گا ایسا بالکل نہیں کیونکہ اس میں وٹامن سی ہوتا ہے اس کو پسی ہوئی کالی مرچ اور نمک کے ساتھ کھائیں بہت فائدہ دے گا۔

    اگر آپ اکثر کھانے کے بعد معدے میں تیزابیت یا سینے میں جلن کو محسوس کرتے ہیں، تو اس موسم میں کینو آپ کے لیے بہترین علاج ہے۔

    یہ پھل معدنیاتی نمک سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ معدے کی تیزابیت کو کم کرتا ہے جبکہ اسے روز کھانا سینے میں جلن کے مسئلے کو بھی دور رکھتا ہے۔

  • کینو کھانے سے آنکھیں ٹھیک رہتی ہیں

    کینو کھانے سے آنکھیں ٹھیک رہتی ہیں

    آج کل کینو کا موسم ہے، ماہرین طب کا کہنا ہے کہ کینو کا باقاعدگی سے استعمال آنکھوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ایسی غذائیں جن میں وٹامن سی اور ای موجود ہوتے ہیں ان کو باقاعدہ کھانے سے آنکھوں کے امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے اور ان سے نظام ہضم بہتر ہوجاتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق کینو وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے۔ جو آنکھوں کے ٹشوز کیلئے بہت اہم ہے، اس کا روزانہ استعمال موتیے جیسی بیماریوں کا راستہ روکنے میں مددگار ہوتا ہے،اگر آپ اپنی نظر تیز رکھنا چاہتے ہیں تو روز ایک کینو کھانے کی عادت ڈال لیں۔

    کینو میں میں وٹامن سی بھی وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، جس سے چہرے پر قدرتی نکھار پیدا ہوتا ہے، کینو خون صاف کرنے میں مدد دیتے ہیں اور وائرل انفیکشن سے بچاتے ہیں۔ یہ پھل جلد کو صحت مند بناتا ہے،اس سے دل، گردے اور پھیپھڑوں کے کینسر کے خلاف تحفظ ملتا ہے۔

    کینو وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں اور اگر یہ روزانہ استعمال کئے جائیں تو آپ کے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوگا اور آپ بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔

    انسان کی عمر جیسے جیسے بڑھتی ہے ویسے ویسے اس کی جلد بھی ڈھلکنا شروع ہو جاتی ہے۔ کینو میں انٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن سی ہوتی ہے جو انسانی جلد کے لئے مفید ہوتی ہے، اگر آپ روز کینو کھائیں گے تو جلد کے ڈھلکنے کا عمل سست ہوجائے گا اور آپ اپنی عمر سے کم نظر آئیں گے۔