Tag: Bhutto reference

  • بھٹو کی پھانسی: سپریم کورٹ کی رائے درست قومی تاریخ کو سمجھنے میں‌ معاون ہوگی، وزیر اعظم

    بھٹو کی پھانسی: سپریم کورٹ کی رائے درست قومی تاریخ کو سمجھنے میں‌ معاون ہوگی، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کی متفقہ رائے قومی سطح پر تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مددگار ہوگی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کو شفاف ٹرائل نہ ملنے کی سپریم کورٹ کی رائے پر آصف زرداری، بلاول بھٹو، پی پی قیادت اور کارکنوں کو مبارک باد دی، انھوں نے کہا ’’تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں مگر سنگین غلطی کے اعتراف سے نئی روایت قائم ہوئی ہے۔‘‘

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا ایک مثبت پیش رفت ہے، کیوں کہ اس قومی سطح پر تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔

    سپریم کورٹ نے بھٹو کی پھانسی سے متعلق ریفرنس پر رائے دے دی

    شہباز شریف نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ماضی کی غلطیوں کی درستی اور تلخیوں کے خاتمے سے ہی اتحاد اور ترقی کا سفر تیز ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ نے متفقہ رائے دی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا ٹرائل شفاف نہیں تھا، اور ان کی سزا آئین کے بنیادی حقوق کے مطابق نہیں تھی۔

  • ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

    ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: بھٹو قتل صدارتی ریفرنس کی سماعت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر براہ راست نشر ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ ریفرنس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے گی۔

    اس ریفرنس کی کارروائی اب ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر براہ راست دکھائی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے نانا کے ریفرنس کی براہ راست کوریج کی جائے۔

    بلاول بھٹو کی جانب سے سپریم کورٹ میں دی گئی متفرق درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذکورہ معاملہ اہم ہے اور عوام کی اس میں دل چسپی ہے اس لیے اس کی سماعت کو براہ راست نشر کیا جائے۔

    واضح رہے کہ آج ساڑھے گیارہ بجے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دینے کے صدارتی ریفرنس کی سماعت 11 سال بعد ہو رہی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔