Tag: big "offer”

  • امریکا : پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت کے خریدار کی بڑی پیشکش

    واشنگٹن : پاکستان نے امریکا میں اپنے سفارت خانے کی پرانی عمارت کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد خریداروں نے بھی بولی لگانا شروع کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت کے لیے نیا خریدار سامنے آگیا ہے، پاکستانی تاجر تنویر احمد نے عمارت خریدنے کیلئے7ملین ڈالرز کی پیشکش کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سے پہلے سفارت خانے کی پرانی عمارت کے لیے68لاکھ ڈالرز کی بولی آئی تھی، اےآر وائی نیوز نے پاکستانی تاجر کی پیشکش کی دستاویزات حاصل کرلیں۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں پاکستانی سفارتخانے کی پرانی عمارت فروخت کرنے کا فیصلہ

    پاکستانی تاجرتنویراحمد کا کہنا ہے کہ68 لاکھ ڈالر کی پیشکش سے زیادہ رقم دینے کیلئے تیار ہوں، دوسری جانب پاکستانی سفیر مسعود خان اور سفارت خانے کے دیگر عملے نے اس خبر سے متعلق کسی قسم کا ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔

  • چوہدری شجاعت کی مولانا فضل الرحمٰن کو بڑی ’’پیشکش‘‘

    چوہدری شجاعت کی مولانا فضل الرحمٰن کو بڑی ’’پیشکش‘‘

    چوہدری شجاعت نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کرکے انہیں منانے کی کوشش کی اورعدم اعتماد کے حوالے سے تعاون کی پیشکش کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین جو طویل وقت کے بعد وفاقی دارالحکومت پہنچے ہیں انہوں نے منگل کے روز پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق یہ ملاقات پی ڈی ایم اور ق لیگ کے درمیان گلے شکوے دور کرنے کیلیے کی گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت نے مولانا فضل الرحمٰن کو منانے کی کوشش کی اور عدم اعتماد کے حوالے سے انہیں اپنے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ  میں یہاں  آپ کو منانے اور گلے شکوے دور کرنے آیا ہوں۔

    ذرائع  کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی بڑی جماعتیں چوہدری برادران سے سخت ناراض ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ چوہدری برادران نے اپوزیشن لیڈر کی دعوت میں آخری وقت میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

     پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے چوہدری برادران کو پنجاب کی وزارت دینے کی آفرپرنوازشریف کوآمادہ کیا تھا، لیکن چوہدری برادران نے ان کوششوں پر شہباز شریف کی دعوت میں شرکت نہ کرکے پانی پھیر دیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے چوہدری شجاعت کو ان کی پیشکش کے حوالے سے فوری طور پر کوئی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ان کی پیشکش پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جب پی پی کا عوامی مارچ لاہور پہنچا تھا تو اس وقت بھی چوہدری برادران نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو ناشتے پر مدعو کیا تھا لیکن پی پی نے پی ڈی ایم کی ناراضگی کے ڈر سے ناشتے کی دعوت قبول نہیں کی تھی۔

    واضح رہے  کہ متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مطلوبہ ممبران کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ‘عدم اعتماد 172 سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہو گی’

     چوہدری برادران کی جانب سے حسب توقع جواب نہ ملنے پر پی ڈی ایم نے حکومت کے اتحادیوں پر تکیہ کرنے کی بجائے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین کی جانب رخ کرلیا ہے۔