Tag: Bihar

  • کھچڑی میں چھپکلی گر کر پکنے سے 81 افراد اسپتال پہنچ گئے

    کھچڑی میں چھپکلی گر کر پکنے سے 81 افراد اسپتال پہنچ گئے

    پٹنہ: بھارتی ریاست بہار کے دو اضلاع بیتیا اور نوادہ میں زہریلا کھانا کھانے سے کم از کم 81 افراد اسپتال پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع نوادہ کے گاؤں مہولی کے ایک چائلڈ کیئر (آنگن واڑی) سینٹر میں زہریلی کھچڑی کھانے کے سبب 2 سے 5 سال کی عمر کے 11 بچے اور ایک خاتون کی طبیعت خراب ہو گئی، جنھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    نوادہ کے مرکزی اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق یہ واقعہ مرکز میں دوپہر کے کھانے کے دوران پیش آیا، جہاں بچوں کے لیے کھچڑی (چاول اور دال کی ڈش) تیار کی گئی تھی۔

    ڈاکٹر اجے کمار کے مطابق تمام افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر انھیں گھر بھیجا گیا، تحقیقات پر پتا چلا کہ کھچڑی میں ایک مردہ چھپکلی ملی تھی، جس کی وجہ سے کھانا زہریلا ہو گیا تھا۔

    ایک اور واقعے میں مغربی چمپارن کے علاقے بیتیا میں واقع انجینئرنگ کالج میں تقریباً 70 طلبہ بیمار ہو کر اسپتال پہنچ گئے، معلوم ہوا کہ انھیں بھی جو کھانا پیش کیا گیا تھا اس میں ایک مردہ چھپکلی پائی گئی۔

    انجینئرنگ کے ایک طالب علم امیت کمار نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جمعہ کی رات بوائز ہاسٹل میس میں کھانے کے لیے گئے تھے، جہاں مینو میں چکن اور چاول تھے، جب وہ کھانا کھا رہے تھے تو ایک طالب علم کو اپنی پلیٹ میں ایک مردہ چھپکلی ملی۔ ایک طالب علم نے کہا کہ اس رات تقریباً ڈیڑھ سو طلبہ نے کھانا کھایا تھا۔

    کھانا کھانے کے بعد بہت سے طلبہ کو الٹیاں شروع ہو گئیں، کچھ طلبہ سر اور پیٹ میں درد کی شکایت کرنے لگے، اور ستّر سے زائد طلبہ کو اسپتال لے جایا گیا۔

    ان واقعات سے ریاست بہار کے سرکاری اداروں میں فوڈ سیفٹی کے طریقوں پر تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ طلبہ نے ہاسٹل میس میں کیٹرنگ کے عملے کے حفظان صحت کے معیارات پر بھی تشویش کیا اظہار کیا۔

  • اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا

    اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا

    بہار: بھارتی ریاست بہار کے ایک اسکول کے بچوں کو مٹی کے تیل والا کھانا کھلایا گیا، جس پر 184 بچے بری حالت میں اسپتال پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے ضلع چمپارن کے علاقے بگہا میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، سرکاری مڈل اسکول میں پیر کے روز دوپہر کا کھانا کھا کر دو سو کے قریب بچے شدید بیمار پڑ گئے، جس پر انھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

    ضلع مجسٹریٹ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا، پولیس کے مطابق بانس گاؤں پارسونی مڈل اسکول میں پیر کو دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد بچوں نے الٹی دست اور پیٹ درد کے ساتھ چکر آنے کی شکایت کی۔ حکام کے مطابق دوپہر کے مینو میں دال چاول اور سبزی شامل تھی، بچوں نے شکایت کی تھی کہ اس میں سے مٹی کے تیل کی بو آ رہی ہے۔

    راہول گاندھی سائیکل پر کوئلہ ڈھونے لگے

    والدین کو واقعے کی جیسے ہی اطلاع ملے وہ دوڑتے دوڑتے اسکول پہنچے اور انھوں نے بیمار بچوں کو اسپتال پہنچایا، مغربی چمپارن کے ضلع تعلیمی افسر رجنی کانت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر انکشاف ہوا ہے کہ کھانے میں مٹی کا تیل گر گیا تھا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ بچوں کو طبی امداد دیے جانے کے بعد انھیں گھر بھیج دیا گیا ہے، اور بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے اسکول کے ہیڈماسٹر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا جب کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ضلعی تعلیمی افسر کو واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا

    بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا

    بہار: بھارتی فوج کی نا تجربہ کاری اور نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی، بھارتی فوجیوں نے مشقوں کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولا دے مارا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے ضلع گیا میں بدھ کے روز ٹریننگ سیشن کے دوران ہدف کی جانب فائر کیا گیا فوج کا ایک مارٹر گولہ فائرنگ رینج سے باہر جا کر قریبی گاؤں میں جا کر ایک گھر پر گرا۔

    حادثے میں 3 افراد ہلاک اور 3 شدید زخمی ہو گئے، ہلاک افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ گیا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آشیش بھارتی کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز صبح سویرے بارچھٹی تھانہ علاقہ کے گلروید گاؤں میں پیش آیا۔

    دھماکے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، جہاں زمین میں ایک بڑا گڑھا پڑ گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    مرنے والوں میں ایک نوجوان جوڑا سورج کمار اور کنچن کماری کے علاوہ ان کا ایک قریبی رشتہ دار گووند مانجھی شامل ہے، کنچن اپنے شوہر کے ساتھ ہولی منانے اپنے بھائی کے گھر آئی تھی۔

    ہلاک خاتون کنچن کی بھابھی منجو دیوی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سب صحن میں پوری مالپووں کی تیاری کر رہے تھے، کہ اچانک کان پھاڑ دھماکا ہوا اور زمین ہل کر رہ گئی، پھر ہم نے دیکھا کہ ہمارے عزیز زمین پر پڑے زخموں سے کراہ رہے تھے۔

  • چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی

    چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی

    بہار: بھارتی ریاست بہار میں چوروں نے انجن چرانے کے لیے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود دی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے چوروں نے ریلوے یارڈ میں سرنگ کھود کر مرمت کے لیے لایا ہوا ڈیزل انجن چوری کر لیا۔

    چوری کی اس عجیب واردات سے متعلق پولیس حکام نے جمعہ کو میڈیا کو بتایا کہ بیگوسرائے ضلع میں ریلوے یارڈ سے ڈیزل انجن کو چوری کیا گیا، چوروں نے یارڈ میں ایک سرنگ کھودی اور انجن کے پرزے پرزے کر کے آخر کار سارا انجن چوری کر لیا۔

    مظفرپور کی ریلوے پروٹیکشن فورس کے انسپیکٹر پی ایس دوبے نے بتایا گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے میں 3 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    ملزمان سے تفتیش کے بعد پولیس نے مظفرپور ضلع کے پربھات نگر علاقے میں ایک اسکریپ گودام کی تلاشی لی تو ٹرین کے پرزوں سے بھری 13 بوریاں برآمد ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق اسکریپ یارڈ کے مالک کی تلاش کی جا رہی ہے، جب کہ برآمد شدہ اشیا میں انجن کے پرزے، ونٹیج ٹرین کے انجنوں کے پہیے اور بھاری لوہے سے بنے ریل روڈ کے پرزے شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق چوروں نے ریل روڈ یارڈ تک ایک سرنگ کھودی تھی، اور اس کے ذریعے وہ انجن کے پرزے اور دیگر اشیا بوریوں میں بھر کر لے جاتے تھے، یہ گروہ اسٹیل کے پلوں کو بھی کھولتا ہے اور ان کے پرزے بھی چراتا ہے۔

  • پانی کے نیچے سے اچانک قدیم مسجد نمودار ہو گئی، لوگوں کی جوق در جوق زیارت

    پانی کے نیچے سے اچانک قدیم مسجد نمودار ہو گئی، لوگوں کی جوق در جوق زیارت

    نوادہ: بھارتی ریاست بہار میں کئی عشروں سے پانی میں ڈوبی ہوئی مسجد اچانک سطح پر نمودار ہو گئی ہے، جس نے مسلمانوں کو خوش گوار حیرت سے دوچار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ضلع نوادہ میں خشک سالی کے باعث ایک مسجد سطح پر ابھر آئی ہے، جو پھولواریہ ڈیم کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھی اور اب 3 دہائیوں تک پانی کے اندر رہنے کے بعد پھر سے نظر آ رہی ہے۔

    نوادہ کے راجولی بلاک میں پھولواریہ ڈیم کے جنوب میں واقع چیریلا گاؤں کی اس مسجد کو پرانے زمانے کے لوگ نوری مسجد کے نام سے یاد کرتے ہیں جو کہ 1985 میں پھلواریہ ڈیم کی تعمیر کے بعد زیر آب آ گئی تھی۔

    لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مسجد 20 ویں صدی کے اوائل میں تعمیر کی گئی تھی اور اس کی عمر تقریباً 120 سال ہو سکتی ہے۔ لوگ مسجد کی زیارت کے جوق در جوق وہاں پہنچ رہے ہیں۔ جب لوگوں نے وہاں پہلی مرتبہ ایک مسجد کو دیکھا تو وہ بہت حیران ہوئے تھے۔

    مسجد کی عمارت مکمل طور پر سلامت ہے، کئی دہائیوں تک زیر آب رہنے کے بعد بھی اس کے ڈھانچے کو معمولی نقصان بھی نہیں پہنچا۔

    پہلے جب پانی کی سطح کم ہو جاتی تھی تو مسجد کے گنبد کا صرف ایک حصہ نظر آتا تھا اور لوگ یہ طے نہیں کر پاتے تھے کہ یہ کیا ہے، تاہم اب جب پانی پوری طرح خشک ہو چکا ہے، مسجد واضح ہو گئی ہے، اس مسجد کی زمین سے بالائی گنبد تک اونچائی تقریباً 30 فٹ ہے۔

    یہ زیر آب مسجد 1979 میں پھلواریہ ڈیم کی تعمیر پر کام شروع ہونے سے پہلے موجود تھی، اس جگہ پر بڑی آبادی رہتی تھی جنھیں ڈیم کی تعمیر کے لیے وہاں سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا، اور پورا علاقہ حکومت نے حاصل کر لیا، ڈیم کی تعمیر کے دوران مسجد کو اسی طرح چھوڑا گیا تھا، اور اسے گرانے کی کوشش نہیں کی گئی۔

  • غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی کس نے ماری؟ سی سی ٹی وی نے بھانڈا پھوڑ دیا

    بھارت میں ایک شخص نے غریب سبزی والے کی بیٹی کو گولی مار دی اور فرار ہوگیا، واقعے کی ویڈیو نے لوگوں کے دل دہلا دیے۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ماسک لگائے سڑک پر ٹہل رہا ہے۔

    تھوڑی دیر بعد ایک لڑکی اس کے قریب سے گزرتی ہے، مذکورہ شخص اس کے پیچھے جاتا ہے اور پھر اچانک فائر کردیتا ہے، لڑکی فوراً زمین پر گر جاتی ہے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوجاتا ہے۔

    ویڈیو میں سڑک پر چہل پہل دکھائی دے رہی ہے اور مختلف گاڑیاں اور راہ گیر بھی وہاں سے گزر رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی اس وقت آئی سی یو میں ہے اور اس کی حالت تشویش ناک ہے، گولی اس کی گردن میں لگی ہے۔

    پولیس کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے اور ممکنہ طور پر دونوں کے درمیان دوستی یا محبت کا تعلق بھی ہے۔

    سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا اور امن و امان کی صورتحال برقرار نہ رکھنے پر ریاستی حکومت کو برا بھلا کہا۔

  • بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    بھارت: رس گلوں کی وجہ سے درجنوں ٹرینیں 40 گھنٹے تاخیر کا شکار

    مٹھائی کے شوقین افراد کو رس گلا بے حد پسند ہوتا ہے، تاہم بھارت میں ان رس گلوں کی وجہ سے 40 گھنٹوں تک متعدد ٹرینیں تاخیر اور معطلی کا شکار ہوگئیں۔

    بھارتی ریاست بہار کے شہر برہیہ میں درجنوں افراد نے ریلوے ٹریکس پر دھرنا دے کر ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی۔ اس دھرنے کی وجہ سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ 100 سے زائد ٹرینوں کا راستہ تبدیل کرنا پڑا۔

    دھرنا دینے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ برہیہ کو ریلوے اسٹاپ قرار دیا جائے اور یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں۔

    برہیہ اپنے لذیذ رس گلوں کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اور اس چھوٹے سے ٹاؤن میں رس گلوں کی 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔

    دھرنے پر بیٹھے مظاہرین میں بڑی تعداد رس گلے بیچنے والوں کی ہی تھی اور ان کا مطالبہ تھا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران ان کے کاروبار کو خاصا نقصان پہنچا ہے لہٰذا اب یہاں پر ٹرینیں روکی جائیں تاکہ لوگ اتر کر رس گلے خریدیں اور ان کے کاروبار کو کچھ سہارا مل سکے۔

    ریلوے حکام نے فی الحال ایک ٹرین کو برہیہ پر روکنے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا بھی یقین دلایا ہے کہ کچھ ماہ کے اندر اس ٹاؤن کو باقاعدہ ریلوے اسٹاپ قرار دے دیا جائے گا جس کے بعد یہاں ٹرینیں رکنے لگیں گی۔

    حکام کی جانب سے یقین دہانی کروائے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور 40 گھنٹوں بعد معمول کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت بحال ہوئی۔

  • اسپائیڈر گرل کے نام سے مشہور اضافی بازوؤں اور ٹانگوں والی بچی کی ویڈیو وائرل

    اسپائیڈر گرل کے نام سے مشہور اضافی بازوؤں اور ٹانگوں والی بچی کی ویڈیو وائرل

    بہار: بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والی اسپائیڈر گرل کے نام سے مشہور عجیب الخلقت بچی کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ڈھائی سالہ بچی بہار کے نیواڈا ضلع میں پیدا ہوئی تھی، لڑکی کو اسپائیڈر گرل کہا جا رہا ہے کیوں کہ اس کی پیدائش پیٹ سے جڑے ہوئے دو اضافی بازوؤں اور دو ٹانگوں کے ساتھ ہوئی تھی۔

    ایک مقامی نیوز چینل نے ٹویٹر پر لڑکی کی ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہو گئی، ویڈیو میں لڑکی کو عام بچوں کی طرح چلتے پھرتے اور روزمرہ کام کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جب اس لڑکی کی پیدائش ہوئی تھی تو اس غریب خاندان کے لیے یہ ایک صدمہ تھا، اس کے جسم سے جڑے ہوئے اضافی بازو اور ٹانگیں حرکت نہیں کر سکتیں۔

    غربت کی وجہ سے بچی کے والدین اس کی سرجری بھی نہیں کروا سکے تھے، ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ چھوٹی بچی کو پولیمیلیا ہے، یہ ایک پیدائشی نقص ہے جس میں بچے عام اعضا کی تعداد سے زیادہ کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔

    لیکن اس خاندان کی خوش قسمتی سے کرونا وبا کے دوران ملک بھر میں امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے بولی ووڈ اداکار سونو سود اس لڑکی کی سرجری کے سلسلے میں بھی مدد کو آ گئے ہیں، سونو سود نے لڑکی کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی تصویر بھی پوسٹ کی، اور تصویر کے ساتھ انھوں نے لکھا ’ٹینشن نہ لیں، بس دعا کریں‘۔

  • بھارت میں کرونا کے بعد ایک اور قہر نازل، سینکڑوں بچے متاثر

    بھارت میں کرونا کے بعد ایک اور قہر نازل، سینکڑوں بچے متاثر

    بہار: بھارتی ریاست بہار سمیت کئی اضلاع میں تیزی سے پھیلتے وائرل بخار نے بڑے پیمانے پر بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا کے بعد پٹنہ سمیت دیگر اضلاع میں تیزی سے وائرل بخار کا پھیلاؤ دیکھا جارہا ہے، جو بڑی تعداد میں بچوں کو متاثر کررہا ہے۔

    پٹنہ کے سب سے بڑے اسپتال تصور کیے جانے والے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ دس دنوں کے دوران وائرل بخار کے سنگین مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ ہوا، اسپتال او پی ڈی میں ساٹھ فیصد مریض ایسے ہیں جو وائرل بخار سے متاثر ہیں، کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ایمرجنسی وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ اور مظفرپور ضلع میں صرف ہفتے کے روز پچاسی بچوں کو شدید بخار کے باعث داخل کیا گیا جبکہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم دو سو بچے اسی وائرل بخار میں مبتلا ہوکر اسپتال پہنچے۔

    ایس کے ایم سی ایچ کے چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گوپال سہنی کا کہنا ہے کہ وائرل بخار تقریباً ایک ہفتے میں بہت تیزی سے پھیلا، خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہوئے، انہیں کافی تیز بخار کے ساتھ ساتھ سانس پھولنے کی تکلیف بھی دیکھی گئی، انہوں نے کہا کہ یہ وائرل بخار موسم بدلنے کی وجہ سے ہورہا ہے، اسے عام طور پر کولڈ وائرل فیور کہتے ہیں۔

    ڈاکٹر سہنی کا کہنا تھا کہ یہ وائرل بخار بچوں کے ساتھ ساتھ بالغوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے، لیکن بالغوں کے مقابلے بچے اس کی لپیٹ میں تیزی سے آرہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔

    ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چار سے پانچ دن کی دوا لینے کے بعد ان کی صحت میں بہتری ہو رہی ہے۔

  • انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

    نئی دہلی: بھارت کے شہر میرٹھ کی رہائشی عائشہ محبت کی خاطر سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنے محبوب کے گاؤں پہنچی اور عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں کی زندگی بسر کرنے لگی، دونوں کی دوستی انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کی رہائشی عائشہ اور بہار کے صدام کا رابطہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ہوا، پہلے ان دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر جلد ہی یہ دوستی محبت میں بدل گئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

    صرف 5 ماہ قبل محبت کے رشتے میں بندھنے والی عائشہ اپنے شہر میرٹھ سے تن تنہا دہلی اور پھر صدام کے گاؤں ارریہ پہنچ گئی۔

    عائشہ کا تعلق ایک متمول گھرانے سے تھا تاہم محبت کی خاطر اس نے عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر صدام کے لیے گاؤں کی زندگی بسر کرنے کو ترجیح دی۔

    اس واقعے کا علم جیسے ہی مقامی رکن اسمبلی وجے کمار منڈل کو ہوا، انہوں نے اس جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر دونوں کی مرضی معلوم کی، پھر صدام کے اہل خانہ کی رضا مندی اور عائشہ کے بالغ ہونے کے مصدقہ کاغذات دیکھ کر اپنی رہائش گاہ پر ہی دونوں کا نکاح کروا دیا۔

    عائشہ کے اہل خانہ اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن عائشہ نے محبت کی خاطر سب کو چھوڑ دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس ماحول میں عائشہ کی پرورش ہوئی ہے اس کے لیے ایک اجنبی مقام کی زبان اور تہذیب و ثقافت بالکل مختلف ہے لیکن اس نے اپنے شوہر صدام اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔