لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں آٹھ سے دس گھنٹے تک بجلی کی بندش سے معمولات زندگی شدید متاثر ہونے لگے۔
لاہور میں تیزآندھی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی، صحافی کالونی، ہربنس پورہ اور میڈیکل سوسائٹی کے مکین تاحال بجلی سے محروم ہیں۔
بجلی فراہمی کے ادارے لیسکو کا عملہ بھی علاقوں سے غائب ہے، شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے، گھروں میں پانی کی قلت کے باعث دہرا عذاب مسلط ہوگیا۔
سمن آباد ملت پارک کے علاقے میں ایک بڑا درخت بجلی کی تاروں پر گرگیا جس کے نتیجے میں تار ٹوٹ گئے اور گلبرگ ملت کالونی کےعلاقے میں کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔
کوٹ خواجہ سعید میں بھی تیزآندھی کے باعث 2ٹرانسفارمر گرگئے، جس کے باعث علاقے کو بجلی کی فراہمی بالکل بند ہوچکی ہے۔ پانچ گھنٹےسے زائد گزرنے کے باوجود علاقے کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے ماہ مئی تک لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس عذاب سے نجات تک نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا، سابق حکومت کی پیدا کردہ تکلیف سے شہریوں کو بچانے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ تیل وگیس کا بندوبست ہونے تک عبوری اقدامات کو بہتر بنایا جائے، نوازشریف نے ملک میں اضافی بجلی کی وافرمقدار فراہم کی تھی۔
گزشتہ دور حکومت پر تنقیٓد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران حکومت نے ایک نیا یونٹ شامل نہیں کیا، بروقت ایندھن خریدا گیا نہ کارخانوں کی مرمت کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے سستی اور تیز بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کیے، مہنگی اور کم بجلی بنانے والے کارخانےاستعمال کیے گئے۔
اس ظلم کی قیمت قوم کوہرماہ 100ارب کی شکل میں اداکرناپڑرہی ہے، 6ارب میں ایل این جی کا ایک جہاز مل رہا تھا، اب ایل این جی جہاز قوم کو20ارب میں پڑ رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا یہ ظلم قوم کواس سال 500ارب سے زائد میں پڑے گا، توانائی شعبے کی تباہی کرکے معیشت دیوالیہ کرنے کی سازش کی گئی۔
کراچی : کے الیکٹرک نے حکومت کی ہدایات کے باوجود اس بار3ماہ کے بل ایک ساتھ صارفین کو بھیج دیے، اس پر ستم یہ کہ ساتھ ہی شہر میں لوڈ شیڈنگ کا بھی اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے نے شہریوں کو پریشان کرنے کی اپنی روش برقرار رکھی، کورونا لاک ڈاؤن کے باعث دی جانے والی واضح حکومتی ہدایات کے برعکس کراچی کے شہریوں کو اس بار تین ماہ کا بل ایک ساتھ بھیج دیا حالانکہ حکومت نے بجلی کے بلوں کی وصولی میں عوام کو سہولت دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک نے پہلے تو اضافی بل جاری کیے اور ستم بالائے ستم کے مصداق اب شہر میں لوڈشیڈنگ کا بھی اعلان کردیا ہے۔
اس سلسلے میں کےالیکٹرک انتظامیہ نے اپنے تمام صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے ایس ایم ایس بھیجنا شروع کردیے ہیں، ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی، گلشن معمار، لانڈھی، کورنگی اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
اس کے علاوہ لائنزایریا، لیاری، کیماڑی، پاک کالونی، اورنگی اور سرجانی ٹاؤن میں دن اور رات کے اوقات میں کبھی فالٹ تو کبھی مینٹننس کے بہانے بجلی کا آنا جانا معمول بن گیا ہے۔
کراچی کے دیگر علاقوں بلدیہ، پی ای سی ایچ ایس سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں تین مرتبہ دو سے ڈھائی گھنٹے کے لیے بجلی کی فراہمی منقطع کی جائے گی۔
کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر بادل گرج چمک کے ساتھ برسے، تیزہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہفتے کی رات شروع ہونے والی بارش کے بعد مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئی، کلفٹن، ڈیفنس، کورنگی، ملیر، لانڈھی اوردیگرعلاقوں میں بارش کے بعد بجلی معطل ہوگئی۔
کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہے، اس کے علاوہ کئی علاقوں میں گٹر ابل پڑے، شارع فیصل اور اس کے اطراف بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
اخترکالونی، منظورکالونی، کلفٹن کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے، کورنگی سیکٹر31 اے کورنگی کراسنگ اطراف بجلی بند ہوگئی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا موجودہ سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوا تھا، اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق تیزبارش کاسلسلہ وقفے وقفے سےعلی الصبح تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹے تک جاری رہے گا۔
کراچی/ سکھر : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نےماہ صیام میں عوام کوعذاب میں مبتلاکردیا، میاں صاحب لیپ ٹاپ اپنےپاس رکھیں نوجوانوں کوروزگاردیں۔ بلاول بھٹو نے بھی پھلوں کے تین دن بائیکاٹ کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں افطارڈنر کی تقریب سے خطاب اور سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ وزیر لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو چور کہہ رہےہیں۔
پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو کیا یہ سب بل نہیں دیتے؟ لوڈشیڈنگ نےماہ صیام میں عوام کوعذاب میں مبتلاکردیا، عوام سحراور افطار اندھیرے میں کر رہےہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ اقتدارمیں آکر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرینگے، میاں صاحب مان لیں آپ کی حکومت نااہل ہے، عجب ماجرہ ہے تخت رائیونڈ میں بجلی جاتی نہیں اورسندھ میں آتی نہیں۔ میاں صاحب آپ کی حکومت ہےیاعذاب ہے؟
انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کی تھوڑی سی پوچھ گچھ میں چیخیں نکل رہی ہیں۔ باپ بچوں کی ڈھال بنتا ہے لیکن وزیر اعظم نے خود کو بچانے کیلیے بچوں کو آگے کردیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کابجٹ نہیں لفظوں کی ہیراپھیری ہے، 5کروڑسےزائدلوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہےہیں، میاں صاحب لیپ ٹاپ اپنےپاس رکھیں نوجوانوں کوروزگار دیں، حکومت کی معاشی پالیسیوں نے لوگوں کا جینا عذاب کردیاہے۔
بلاول بھٹو نے جیالوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کارکنان الیکشن کی تیاری کریں،اس بار آراو الیکشن نہیں ہونے دیں گے، آنے والے الیکشن میں ہم ن لیگ کو عبرتناک شکست دینگے، رمضان کے بعد ملک بھر کا دورہ کروں گا۔
علاوہ ازیں بلاول بھٹو بھی پھلوں کی بائیکاٹ مہم میں رنگ گئے، انہوں نےبھی عوام کی آواز سے آواز ملاتے ہوئے افطارڈنر میں پھلوں کا بائیکاٹ کردیا، پیپلزپارٹی سندھ کی میزبانی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں افطارڈنرکا اہتمام کیا گیا تھا۔
بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران حکومت مخالف نعرے بھی لگے بلاول نے خطاب کے بعد اپنے رہنماؤں کے ساتھ روزہ افطار کیا ۔اس موقع پر میزبان سید مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں فیصل سبزواری اورخواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، کے الیکٹرک نےقبلہ درست نہ کیا تو ایم کیوایم بھی مظاہروں میں شامل ہو جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عوام کو بجلی کی عدم فراہمی پر وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور وزیر مملکت عابد شیرعلی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔
خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ عابدشیرعلی صرف منہ سےبجلی بنا رہے ہیں اور شہری بدترین لوڈشیڈنگ سےشہری بلبلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے اپنی آخرت اور شہریوں کی سحری خراب کر ڈالی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی کی وجہ سے شہریوں کیلئے روزہ رکھنا محال ہو گیا ہے۔
رمضان المبارک کے آغاز سے ہی بجلی غائب ہو گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک کو تاروں کی مرمت گرمیوں میں ہی کیوں یاد آتی ہے؟
لاہور : جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم اور ان کی بجلی فراہمی ٹیم بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم ہر ماہ اپنی ٹیم کو بلا کر لوڈشیڈنگ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں لیکن نتیجہ صفر ہی رہتاہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ لوڈشیڈنگ حکمرانوں کی غفلت، نااہلی اور وزارت پانی و بجلی کی ناتجربہ کاراور کھلنڈری ٹیم کی وجہ سے ہے۔ پورا ملک شدید گرمی میں بدترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بلبلا اٹھاہے۔
انسانی جانیں گولیوں کا نشانہ بنائی جارہی ہیں، حکومت لوڈشیڈنگ کا حل تلاش کرے وگرنہ پانامہ لیکس ، جے آئی ٹی اور لوڈشیڈنگ اقتدار کی کشتی کو ڈبو دیں گے۔
لیاقت بلوچ نے جے آئی ٹی پر حسین نواز کے اعتراضات پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور قومی وسائل کی لوٹ مار، آمدن کے ناجائز ذرائع کی بلاامتیاز اور قانون و ضابطہ کے مطابق مضبوط تحقیقات ناگزیر ہیں۔
حیدرآباد : بجلی کی طویل بندش کے خلاف مشتعل شہریوں نے حیسکو کے دفتر پر دھاوا بول دیا، دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور ریکارڈ روم میں داخل ہوکر اہم فائلیں اور دستاویزات کو پھاڑ ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر9میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف متاثرہ علاقے کے مکین لطیف آباد نمبر5میں واقع حیسکو کی علامہ اقبال سب ڈویڑن پہنچے اور وہاں احتجاج کیا۔
دوران احتجاج مشتعل مظاہرین نے دفترپرحملہ کردیا، مظاہرین دفترمیں داخل ہوگئے، اس دوران حیسکو کی گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے جبکہ دفتر کے مختلف کمروں میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ بھی کی۔
اس کے علاوہ ریکارڈ روم میں بھی داخل ہوکر حیسکو کی اہم فائلیں اور دستاویزات کو پھاڑ ڈالا، مشتعل افراد کے حملے کے دوران حیسکو کا عملہ بھاگ کھڑا ہوا۔
اس سلسلے میں حیسکو کے ترجمان نے سب ڈویڑن پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 100کے قریب افراد حیسکو کے دفتر پہنچے تھے جن میں سے کئی افراد نے دفتر میں حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں کراچی کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بناتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے گورنر محمد زبیر نے کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سختی سے نوٹس لے لیا، گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بندش پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ پر زور اور گرمی کے بڑھنے اور رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر بجلی کی تسلسل سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر لوڈ شیڈنگ یا تیکنیکی وجوہات کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے تو اس سے عوام کو پہلے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک حکام سسٹم درست کرنے پر بھرپور توجہ دیں ، ہیٹ ویو کے خدشہ کے پیش نظر بجلی کی تسلسل سے فراہمی ضروری ہے اس ضمن میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
کراچی: شہر قائد میں اعلانیہ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ کراچی رضوان عامر کے مطابق گرمی میں اضافہ ہوتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں 8 تا 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور بعض علاقوں میں رات بھر بجلی فیل رہتی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ شہر میں صرف چار تا چھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
بجلی کی بندش کے سبب شہر میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے، مختلف علاقوں میں لوگ پانی بھرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، بجلی فیل ہونے سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ سرجانی، اورنگی، لیاری کورنگی اور لانڈھی میں آٹھ تا 10 گھنٹے جب کہ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی ، شاہ فیصل اور ملیر میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔