Tag: bilawal Bhtto zardari

  • گواہی دیتا ہوں شہباز شریف نیک نیتی سے کام کررہے ہیں، بلاول بھٹو

    گواہی دیتا ہوں شہباز شریف نیک نیتی سے کام کررہے ہیں، بلاول بھٹو

    اسلام آباد : وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف جس نیت سے کام کرتے ہیں میں اس کی گواہی دینے کو تیار ہوں، وہ ن لیگ سے زیادہ شاید پی پی کے وزیراعظم ہیں۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ یاروں کا یار ہے، ہمارے لئے وقت کا سیاسی یار مسلم لیگ نواز ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کے دنوں میں تھوڑا بہت شہباز شریف کو جانتا تھا اب زیادہ جانتا ہوں، شہباز شریف جس نیت سے کام کرتے ہیں میں اس کی گواہی دینے کو تیار ہوں، پاکستان کو مسائل سے نکالنا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف دن رات محنت کررہے ہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کریں۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے ملک میں آئین توڑا گیا لیکن ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹوئیٹر اور فیس بک کچھ بھی بند نہیں کیا،9مئی واقعات کے بعد ہمارےدل میں کوئی نرمی نہیں، اگرعوام سے سچ نہیں بولیں گےتو ان کا اعتماد اٹھ جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ پر مبنی سیاست چیئرمین پی ٹی آئی کررہا تھا اور ہماری کریڈیبلٹی اور سیاست کو نقصان پہنچارہا تھا، انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر کہا کہ امریکا میں بھی ایساہی ایک سیاست دان تھا وہ بھی ایساہی کررہا تھا،جب اس سیاستدان نےاداروں پرحملہ کرناشروع کیا تو سب کیخلاف ایکشن ہوا، پارلیمان پر حملہ آور ہوا تو سابق امریکی صدر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیا گیا تھا ہم امریکا سے بھی زیادہ جمہوری بن گئے ہیں کیونکہ نہ اس کا ٹوئٹر بند کیا نہ ہی فیس بک پیج۔

    بھارت اور امریکا کے مشترکہ اعلامیہ پر انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ اس پر اپنا ردعمل دے گا، پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ دنیاوی سیاست سے دور رہےاور اندرونی حالات پر توجہ دے، پاکستان کو پہلے اندرونی صورتحال درست کرنا ہوگی پھرعالمی معاملات کا مقابلہ کرسکیں گے۔

     

  • جونیئر زرداری بتائے کہ راشن کی تقسیم کا پیسہ کدھر گیا؟ مراد سعید

    جونیئر زرداری بتائے کہ راشن کی تقسیم کا پیسہ کدھر گیا؟ مراد سعید

    اسلام آباد : وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جونیئر زرداری بتائے کہ راشن کی تقسیم کا پیسہ کدھر گیا؟ پرچی پر آنے والے فرزند زرداری پھر پرچی لہرا کر کنفیوژن پھیلانے آگئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کیا، انہوں نے کہا کہ مالی اختیارات صوبوں کے پاس ہونے کے باوجود ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی خاندان وفاق نے دیئے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات،روزگار کے تحفظ، ملازمین کو نہ نکالنے والے کاروباروں کو سہولیات کل 1200 ارب کا پیکج دیا، پرچی پر آنے والے فرزند زرداری پھر پرچی لہرا کر کنفیوژن پھیلانے آگئے۔

    اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اب جونیئر زرداری بتائے کہ راشن کی تقسیم کا پیسہ کدھر گیا؟ خدارا یہ فیک اکاؤنٹس کیلے نہیں بلکہ عوام کے لئے ہیں، سندھ کے صحت کا ساڑھے پانچ ارب اگر فیک اکاونٹس کی زینت نہ بنتا تو آج بہترین سہولیات ہوتیں۔ عوام سڑکوں پر احتجاج اور راشن کے پیسے کا حساب مانگ رہی ہے۔ صرف بیانات نہیں سہولیات دو۔

    انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے متعلق کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم بنتے ہی سڑکوں پر پڑے شہریوں کو ریاست کا مہمان بنایا، بیروزگاروں اور بیوہ خواتین کیلے احساس کفالت کا آغاز کیا۔

    کرونا کی وبا پھیلی تو ترجیح پھر محنت کش طبقہ ٹھہرا۔ عمران خان کا "احساس” پاکستان کی تاریخ کا غربت کے خاتمے کا سب سے بڑا پروگرام بنا۔

  • نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    نواز شریف سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

    لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملنے جا رہا ہوں۔

    ان خیالات انہوں نے لاہور میں پی پی پارلیمانی پارٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی بیماری پر تشویش ہے۔

    نواز شریف علیل ہیں،علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہئے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملنے جارہا ہوں، ان سے ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کیلئے بلاول بھٹو کے وفد میں ایک رکن کا اضافہ ہوا ہے، وفد میں پی پی پنجاب پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کو شامل کرلیا گیا، وفد میں قمرزمان کائرہ، مصطفیٰ نوازکھوکھر، جمیل سومرو بھی شامل ہوں گے۔

    دریں اثناء ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی رویہ کے خلاف پیپلز پارٹی نے حکمت عملی ترتیب دیتے ہوئے اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی غور شروع کردیا گیا، امکان ہے کہ بلاول بھٹو کی جیل میں نواز شریف سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہو۔

    بلاول بھٹو پیر کو کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے ملاقات کریں گے

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اجازت مل گئی ہے، بلاول بھٹو پیر کے روز نوازشریف سے ملاقات کریں گے، محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی کو اجازت سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازگل کا کہنا ہے کہ جیل قوانین اور مینول کے مطابق ملنے دیا جاسکتا ہے، پنجاب حکومت کو اس ملاقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے، پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کردی ہے۔

  • نواز شریف کو اندر کا کھوٹ سنگسار کر رہا ہے، بلاول بھٹو

    نواز شریف کو اندر کا کھوٹ سنگسار کر رہا ہے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ان کے اندر کا کھوٹ سنگسار کر رہا ہے، میثاق جمہوریت پر ان کے دل میں کھوٹ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا کے عہدے داروں اور ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان چہرے دو ہیں لیکن سوچ ایک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دل میں کھوٹ نہ ہوتا تو میثاق جمہوریت پر ہمارا ساتھ دیتے۔ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے بارے میں کھلے لفظوں میں اعلان کیا کہ پارٹی کے دروازے ان پر ہمیشہ کے لیے بند ہوگئے ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے خطاب میں کارکنوں سے کہا کہ پارٹی کارکن ہی میری طاقت ہیں، جو شہید بھٹو کے فلسفے پر یقین رکھتے ہیں وہ میرے ساتھ ہیں۔

    بلاول بھٹو نے شہید بے نظیر بھٹو کے جانثاروں کو قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، محنت کشوں، کسانوں اورطالب علموں کی جماعت ہے۔

    نااہل نواز اور ترین کو اپنے اعمال کے نتائج کا سامناکرنا چاہیے،بلاول بھٹو

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو اقتدار میں آکر نوجوانوں کوروزگار دیتی ہے، ہمیں اپنی پارٹی کو مضبوط بنانا ہے، جو پارٹی چھوڑ کر جانا چاہے جائے، ہماری طاقت ہمارے کارکن ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تحریک انصاف اور نواز لیگ ہی تھی جنھوں نے سیاست کو عدلیہ کے زیر اثر کیا، جس کی سزا نوازشریف کو اب بھگتنی پڑ رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستان کو ٹرمپڈ ہونے سے بچایا جائے، بلاول کی عوام سے اپیل

    پاکستان کو ٹرمپڈ ہونے سے بچایا جائے، بلاول کی عوام سے اپیل

    کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹوئٹر پر مبارکباد دی ہے۔ بلاول نے کہا کہ اگر پاکستان کو ٹرمپڈ ہونے سے بچانا ہے تو عوام میرا ساتھ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہا رکیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ میرا نام بلاول بھٹو ہے اور میں مسلمان ہوں، ایک پاکستانی اور دنیا کا شہری ہوں، اسلام مجھے محبت کا درس دیتا ہے۔

    ایک اور ٹوئٹ میں ہلیری کلنٹن کے نام پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ

    ’’زندہ ہے بے نظیر زندہ ہے‘‘  زندہ ہے بے نظیر زندہ ہے‘‘

     آپ نے بہت بہادری سے انتخاب لڑا اور میں امید کرتا ہوں کہ یہ شکست آپ کو مزید مضبوط کرے گی، آپ مستقبل میں جو بھی کریں اس کے لئے میری جانب سے نیک خواہشات ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان دو ہزار اٹھارہ میں خود کوٹرمپڈ ہونے سے بچانا چاہتا ہے تو انہیں سپورٹ کریں اورنئی پی پی پی اوربے نظیرکا پاکستان بنانے میں مدد دیں۔

  • ملک احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا، پانامہ بل پاس کیا جائے، بلاول

    ملک احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا، پانامہ بل پاس کیا جائے، بلاول

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف پانامہ بل کو فوری طور پر پاس کریں، ملک احتساب کے بغیر نہیں چل سکتا۔

    انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو پانامہ شریف کہہ کر مخاطب کرتے ہوئئے کہا کہ ہم جمہوریت اور امن چاہتے ہیں، سب دیکھ رہے ہیں کہ اسلام آباد میں کیاہورہا ہے ؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلفٹن کے علاقے میں قائم شیو مندر میں دیوالی کی تقریبات میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کہا کہ میں ہندو برادری سے ملنے آیا ہوں،کوئٹہ واقعہ کے باعث دیوالی کا پروگرام ملتوی کیا ہے،کوئٹہ واقعے پرہندو برادری نے دیوالی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان کیا، ہم نے پاکستان کی سب سے بڑی دیوالی منانے کا اعلان کیا تھا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پھر کہتا ہوں کہ ہمارے چار مطالبا ت مان لیں۔ سانحہ اے پی سی پر جوڈیشل کمیشن آج تک نہیں بننے دیا گیا سانحہ میں ملوث مجرموں کو پھانسی بھی ہوگئی، ہم جمہوریت اور امن چاہتے ہیں، ہم نے جمہوریت اورعدلیہ کو مضبوط کرنا ہے،بتایا جائے دہشت گرد کیسے کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹرپہنچے؟ نواز شریف اسٹیٹس کو جیسے سیاستدان نے پاکستان کو برا بنادیا۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف امیرالمومنین بننا چاہتے تھے، نواز شریف محترمہ کی حکومت کو گرانے کیلئے اسامہ سے فنڈز لیتے رہے، امریکا میں الیکشن لڑنے والا بھی مودی کے الفاظ بولتا ہے ، مودی ہمارے فوجیوں ،شہریوں کو ماررہا ہے لیکن کوئی چوں بھی نہیں کرتا ،سڑکوں پرپارلیمنٹ میں بھی لڑیں گے،مگردہشت گردوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    سب دیکھ رہے ہیں کہ اسلام آباد میں کیاہورہا ہے؟ کیمرے اور ٹی وی بند کردیئے جائیں تو سب ڈرامہ بند ہوجائے گا،ریٹنگ کیلئے عمران خان کی ہر بات اور کام کو دکھایا جارہا ہے، عمران اب پش اپس کررہا ہے، مسٹربین اب جی ٹی روڈ بند کرارہے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں، بلاول بھٹو

    پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جمہوری عمل کو روکنے کی سختی سے مذمت کرتی ہے ، حکومت کا کام امن قائم کرنا ہے نہ کہ سیاسی پروگرام کو خراب کرنا ہے۔

    تفصیلا ت کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان پر پولیس کے لاٹھی چارج گرفتاریوں اور تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اراکین کو برداشت سے کام لینا ہوگا، تشدد کا عمل صرف حکومت کے خوف زدہ ہونے کی علامت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری عمل روکنے کی سختی سے مذمت کرتی ہے جبکہ پولیس کا کام امن قائم کرنا ہے، سیاسی جماعتوں کے پروگرام کو خراب کرنا جمہوریت کے منافی عمل ہے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد: پی ٹی آئی اور پولیس میں ہاتھا پائی، متعدد کارکنان گرفتار

     یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن پر دھاوا بول کر لاٹھی چارج کیا اور کئی کارکنان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری سے حکومتی عزائم سامنے آگئے، پی پی رہنماء

     اس موقع پر شاہ محمود قریشی اور اسد عمر پولیس کا محاصرہ توڑ کربنی گالہ پہنچ گئے، جہاں عمران خان نے پریس کانفرنس میں گرفتاریوں کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

  • پیپلزپارٹی کی سلام شہداء ریلی کی تیاریاں مکمل، جیالے پرجوش

    پیپلزپارٹی کی سلام شہداء ریلی کی تیاریاں مکمل، جیالے پرجوش

    کراچی : پیپلزپارٹی کی سلام شہداء ریلی کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، جیالوں کا جوش وخروش قابل دید ہے، بلاول بھٹوزرداری نے استقبالیہ کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ پولیس نے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام کل نکالی جانے والی سلام شہداء ریلی کی تیا ں مکمل کر لی گئیں ہیں، اس حوالے سے کارکنان میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری ریلی سے پہلے کارکنوں کا جوش وخروش بڑھانے استقبالیہ کیمپ پہنچ گئے۔ اس موقع پر جیالے اپنے چیئر مین کو اپنے درمیان دیکھ کر پر جوش ہوگئے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عزم ظاہر کیا کہ سلام شہداء ریلی تاریخی ثابت ہوگی۔

    کارکنان اس میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی طاقت ہے، پی پی اپنے شہداء کو سلام پیش کرنے جا رہی ہے۔

    سلام شہداء ریلی سے قبل پانچ بکروں کا صدقہ دیا جائے گا، سندھ پولیس نے بلاول بھٹو اور سلام شہداء ریلی کی سیکیورٹی کے لیے پلان تیار کر لیا ہے۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ بھٹو فیملی پر ماضی میں بھی حملے ہوچکے ہیں اس لیے کسی بھی قسم کا سیکیورٹی رسک نہیں لیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ لیاری میں سیکیورٹی کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے، یاد رہے کہ کل بروز اتوار سولہ اکتوبر کوبلاول بھٹو سلام شہدا ریلی کی قیادت کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کی16 اکتوبرریلی،ٹریفک پولیس کا متبادل راستوں کا اعلان

     ، جیالے پُر جوش ہیں اور جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگےہوئے ہیں، سانحہ کارساز کی یاد میں نکلنے والی ریلی بلاول ہاؤس سے شروع ہوکر کارساز پر اختتام پذیر ہوگی۔

    شہر بھر میں نیا دور،نئے تقاضے، نئی قیادت کے عنوان سے بلاول بھٹو کے بینرز آویزاں ہیں ۔جیالے بھی پُرجوش پیپلز پارٹی کی شہدائے کارساز ریلی میں جواں سال قائد بلال بھٹو چار مقامات پرجیالوں کا لہو گرمائیں گے۔

     

  • سانحہ کارساز: 16 اکتوبر کو سلام شہداء ریلی نکالی جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

    سانحہ کارساز: 16 اکتوبر کو سلام شہداء ریلی نکالی جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر دوہزار سات دنیا کی سیاسی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے، سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سولہ اکتوبرکو سلام شہداء ریلی لے کر کار ساز جاؤں گا۔

    یہ بات انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سولہ اکتوبر کے اس سفر میں آپ میرے ساتھ ہوں گے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی قربانیاں درس دیتی ہیں کہ آپ کم ہوں یا زیادہ ظلم، بربریت اور ناانصافی کے خلاف سانس کی آخری گھڑی تک لڑتے رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ باطل پر فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔ شہداء کربلا کے حوصلے اور جدوجہد دنیا کی تاریخ کا بے مثال باب ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ جہاں جہاں ظلم ہوگا وہاں وہاں کربلا ہوگا ۔ سانحہ کربلا حق اور باطل کے مابین مقابلہ تھا، شہداء کربلا نے معاشرے کی نا انصافیوں کے خلاف جانیں قربان کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باطل قوتوں کے پیروکار قوم کو فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد ظلم کیخلاف اورجمہوریت کےحق میں ہے۔

     

  • انکل الطاف کراچی کی حقیقت ہیں اور رہیں‌ گے، بلاول بھٹو

    انکل الطاف کراچی کی حقیقت ہیں اور رہیں‌ گے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن میرے انکل ہیں میں نے مولانا فضل الرحمٰن سے پاناما لیکس پر حمایت کی درخواست کی ہے،نواز شریف اور انکل الطاف سمیت کسی کو کبھی غدار نہیں کہا۔

    یہ بات انہوں نے جمیعت علماء پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر وفد کی شکل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفد میں فرحت اللہ بابر اور جمیل سومرو بھی شامل تھے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن میرے انکل ہیں، میں جب چھوٹا تھا جب بھی میں ان سے ملاقات کرتا تھا میں نے ان سے پاناما لیکس پر پیش کیے جانے والے بل کی حمایت کی درخواست کی ہے۔

    الطاف حسین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے ساری زندگی متحدہ کے قائد انکل الطاف کو کبھی غدار نہیں کہا، وہ کراچی کی سیاسی حقیقت تھے اور ہیں۔

    نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ میڈیا والے بھی کمال کرتے ہیں، نوازشریف کو کبھی غدار نہیں کہا، وزیراعظم سے خارجہ پالیسی اور بہت سے معاملات پراختلافات ہیں، لیکن انہیں بھی کبھی غدار نہیں کہا، تاہم بیٹی کی شادی پر نریندرمودی بلانا غلط عمل تھا۔

    بلاول زرداری نے واضح طور پر کہا کہ نوازشریف اس ملک کے منتخب وزیر اعظم اور محب وطن سیاست دان ہیں۔

    مائنس ون کے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ مائنس ون فارمولا پاکستان میں ہمیشہ سے رہا ہے، مانئنس ون کا مطالبہ کرنے والے سازشوں پر یقین رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو، میرے ماموں شاہنواز بھٹو، مرتضیٰ علی بھٹو، پھر بی بی شہید کو مائنس کیا گیا، اب کہتے ہیں آصف زرداری کو مائنس کردو، کل کہیں گے بلاول کو بھی نکال دو، میں اب اس معاملے پر کیا کہوں؟

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو مائنس کرنے والی بات عمران خان کےمنہ سے نکلی جس سے بہت غلط پیغام گیا۔